Tag: NA 246

  • اپریل ۱۹کو جلسہ ہوگا، رابطہ کمیٹی کا شکریہ، عمران خان

    اپریل ۱۹کو جلسہ ہوگا، رابطہ کمیٹی کا شکریہ، عمران خان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کریم آباد میں الیکشن کیمپ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 19 اپریل کو جلسہ ہوگا اور عوام کی اتنی بڑی تعداد ہوگی کہ جناح گراوٗنڈ چھوٹا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں الیکشن ریلی عزیز آباد کے علاقے جناح گراوٗنڈ پہنچی تھی جہاں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا تھا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کی ریلی کی جناح گراوٗنڈ آمد کے موقع پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں بد نظمی اورتصادم کی فضا پیدا ہوگئی اور ایک دوسرے کے خلاف ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

    تصادم ہوتے ہی تحریکِ انصاف کے رہنماء عمران خان جناح گراوٗنڈ سے چلے گئے اورکریم آباد پرواقع الیکشن کیمپ پر پہنچ گئے جہاں انہوں نےکارکنوں سے خطاب کیا۔

    انہوں اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے تحریک ِ انصاف کے کارکن کسی سے لڑیں گے نہیں۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنان کو ریلی کے انعقاد پر مبارک باد بھی دی۔

    عمران خان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے شکوہ کیا کہ یہ کیسا استقبال تھا ایک جانب استقبال کرتے ہیں دوسری جانب ڈنڈے برساتے ہیں۔

    انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کا جناح گراوٗنڈ پہنچنے پر استقبال کرنے کے لئےشکریہ بھی ادا کیا۔

    انہوں نے این اے 246 کے عوام کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ لوگوں نے ڈرنا نہیں ہے ہم کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے یہاں عالمی سرمایہ کاری ہوگی۔

    عمران خان نے 19 اپریل کو جلسے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 246 میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسمعیل کو مخاطب کرکے کہا کہ کسی بڑی جگہ کا انتخاب کریں عوام کی کثرت کے باعث جگہ کم پڑنے والی ہے۔

  • این اے 246:جناح گراوٗنڈ میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم

    این اے 246:جناح گراوٗنڈ میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم

    کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کی ریلی کی جناح گراوٗنڈ آمد کے موقع پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں بد نظمی اور تصادم کی فضا پیدا ہوگئی۔

    کارکنوں کی جانب سے ایک دوسروں پر ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور کارکنان ایک دوسرے سے گھتم گھتا دکھائی دیئے۔

     عمران خان اور ریحام خان جناح گراؤنڈ میں داخل ہورہے تھے کہ یکایک انہوں نے واپس جانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ان کی گاڑی جناح گراؤنڈ باہر چلی گئی جس سے کارکنان میں افراتفری پھیلی جو ایم کیو ایم کے کارکنان سے تصادم کا سبب بنی۔

     پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم  والے پہلے ہاتھ ملاتے ہیں اورپھر ڈنڈے برساتے ہیں۔

     اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماء خوفزدہ ہوکر کارکنان کو بغیر کچھ بتائے نکل گئے جس بد مزگی ہوئی۔ فاروق ستار نےکہا کہ ایم کیوایم پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا اور عوام کو اصل صورتحال سے مطلع کرے گی۔

    پولیس کی جانب سے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو قابو کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    تصادم سے پہلے

     پی ٹی آئی کی ریلی کی جناح گراوٗنڈ آمد کے موقع پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے ریلی کااستقبال کیا، ایم کیوایم  کے رہنما فاروق ستار، کنور نوید اور خالد مقبول صدیقی نے عمران خان سے ان کی گاڑی پر جاکر ملاقات کی۔

     اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنمااسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہاکہ کراچی پاکستان کا دل ہے اور کراچی کے دل عزیز آباد میں آکر بہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔

    ریلی کی جناح گراؤنڈ آمد

     پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں الیکشن ریلی عزیز آباد کے علاقے جناح گراوٗنڈ پہنچ چکی ہے، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا۔

    تحریک انصاف کے کارکنوں کی آمد کے موقع پر ایم کیو ایم کے کارکنان نے راستے میں ان پر پھول برسائے اور اپنی پارٹی کے پرچموں کےساتھ ان کی ریلی میں شمولیت اختیار کی۔

    اس موقع پر عمران خان کی شریکِ حیات ریحام خان بھی تحریک انصاف کے قائد کے ہمراہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جتنا کراچی میں موسم گرم ہے اس زیادہ گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا گیا ہے۔

    ریلی کا آغاز

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کراچی میں این اے 246 میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے ضمن میں ریلی کی قیادت کررہے ہیں۔

    ریلی کا آغاز سوک سینٹر گلشن ِ اقبال سے ہوا ہے ریلی غریب آباد، کریم آباد اورعزیز آباد کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی عزیزآباد کے قلب میں واقع جناح گراؤنڈ پہنچے گی جہاں تحریک انصاف کے سربراہ ایم کیوایم کے شہداء کی یادگار پرفاتحہ خوانی کریں گے۔

    کارکنان کی جانب سے ریلی کے راستے میں بینرزاور پارٹی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ عمران خان کے استقبال کے لئے کارکنوں کا جوش وخروش بھی دیدنی ہے۔

    ریلی کے انعقاد کے موقع پر حلقے میں سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ جناح گراوٗنڈ میں بھی کسی ممکنہ تصادم کے پیش ِ نظر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جبکہ ریلی کے روٹ پر بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ریلی کے راستے کی دوکانیں بھی بند کرادیں گئی ہیں۔ ریلیکے راستے کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔


    این اے 246: ریلی کی تیاری مکمل، قیادت عمران خان کریں گے


    اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا بیان امن کے لئے خوش آئند ہے۔

    عمران خان کی شریکِ حیات ریحام خان بھی اس ریلی میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر تشریف لائی ہیں

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لئے عمران خان کوجناح گراوٗنڈ میں پیشگی خوش آمدید کہا تھا ساتھ میں ریحام خان کو بھی آنے کی دعوت دی تھی۔

  • این اے 246: ریلی کی تیاری مکمل، قیادت عمران خان کریں گے

    این اے 246: ریلی کی تیاری مکمل، قیادت عمران خان کریں گے

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج دوپہر کراچی میں این اے 246 میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے ضمن میں ریلی کی قیادت کریں گے۔

    کارکنان کی جانب سے ریلی کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں راستے میں بینرز اور پارٹی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ عمران خان کے استقبال کے لئے کارکنوں کا جوش وخروش بھی دیدنی ہے۔

    ریلی کا آغاز سوک سینٹر گلشن ِ اقبال سے ہوگا ، ریلی سہراب گوٹھ ،گلبرگ، کریم آباد اورعزیز آباد کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی عزیزآباد کے قلب میں واقع جناح گراؤنڈ پہنچے گی جہاں تحریک انصاف کے سربراہ ایم کیوایم کے شہداء کی یادگار پرفاتحہ خوانی کریں گے۔

    ریلی کے انعقاد کے موقع پر حلقے میں سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ جناح گراوٗنڈ میں بھی کسی ممکنہ تصادم کے پیش ِ نظر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جبکہ ریلی کے روٹ پر بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ریلی کے راستے کی دوکانیں بھی بند کرادیں گئی ہیں۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں خوف کی فضا ہے جسے ختم کرنے کے لئے یہاں آیا ہوں۔


    جناح گراونڈ میں انڈے اور ٹما ٹروں سے استقبال کیلئے تیار ہوں، عمران خان


    پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؑ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ این اے 246 کوئی معمولی حلقہ نہیں بلکہ پورے پاکستان میں سب سے اہم حلقہ ہے۔

    عمران ِ خان کی شریک حیات ریحام خان بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کے لئے کراچی میں موجود ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لئے عمران خان کوجناح گراوٗنڈ میں پیشگی خوش آمدید کہا تھا ساتھ میں ریحام خان کو بھی آنے کی دعوت دی تھی۔


    عمران خان بھابھی کو بھی جناح گراوٗنڈ لے کرآئیں، الطاف حسین


  • کراچی: این اے246، عمران خان آج انتخابی مہم  کا آغاز کریں گے

    کراچی: این اے246، عمران خان آج انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

     کراچی: حلقہ این اے دوچھیالیس کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کپتان کراچی پہنچ گئے، عمران خان آج کریم آباد سے عمران اسماعیل کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور کریم آباد کیمپ آفس میں بیٹھیں گے جبکہ ریحام خان کپتان کے ہمراہ جناح گراونڈ جائیں گی۔

    تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وہ آج عمران خان کے ہمراہ جناح گراونڈ کا دورہ کریں گے اور یادگار شہد پر فاتحہ خوانی کریں گے۔

    تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کہنا تھا کہ جناح گراؤنڈ آرہا ہوں، کوئی پھول پھینکے یا انڈے اور ٹماٹروں سے استقبال کرے دونوں کے لیے تیارہوں، ایم کیوایم کےشہداء کی یادگار پر بھی جاؤں گا۔

     تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کراچی آمد پر کہنا تھا کہ پورا نہ سہی آدھا مہاجر ہوں، انڈے اور ٹماٹروں سے خوفزدہ نہیں،  ضمنی انتخاب شفاف ہوا اور تحریک انصاف کو شکست ہوگئی تو کھلے دل سے تسلیم کرینگے۔

    کپتان نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ جماعت اسلامی عمران اسماعیل کی حمایت کرے۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے ضمنی انتخاب میں خوف کے خاتمے کیلئے الیکشن کمیشن سے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔

  • ایم کیو ایم کو چیلنج کرنے پر نبیل گبول کی عمران خان کو مبارکباد

    ایم کیو ایم کو چیلنج کرنے پر نبیل گبول کی عمران خان کو مبارکباد

    کراچی: نبیل گبول نے عمران خان کی جانب سے ایم کیو ایم کو چیلنج کرنے پر مبارکباد دیدی.

    تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 246 سے مستعفی ہونے والے سابق ممبر قومی اسمبلی نبیل گبول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کو حلقہ این اے 246 میں ایم کیو ایم کو چیلنج کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حلقہ این اے 246 پر اپنا امیدوار کھڑا کر کے ایم کیو ایم کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کوپاکستان تحریک انصاف نے  اس حلقے سے پہلی بار اپنے ووٹرز کیلئے سوچنے پرمجبور کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے سابق حق پرست ایم این اے نبیل گبول کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی حلقہ این اے 246کی نشست پر ضمنی الیکشن تیئس اپریل کو ہوگا۔

  • حلقہ این اے 246: ایم کیو ایم کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر

    حلقہ این اے 246: ایم کیو ایم کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر

    کراچی : این اے دو سو چھیالیس کی نشست پرتئیس اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار کنو رنوید جمیل ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔

    انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز حلقہ انتخاب کے علاقوں میں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جن میں حق پرست سینیٹر ز، رکن صوبائی و قومی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ شرکت کی اور انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کیا ۔

    دریں اثناء حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں فیڈرل بی ایریا میں واقع عباس ہوٹل پر الیکشن آفس کا افتتاح کیا گیا۔

    ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل ، ایلڈرزونگ اور شعبہ خواتین کی اراکین نے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جاکر نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے حق پرست امید وار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

  • عمران اسماعیل کےساتھ جرائم پیشہ افراد ہیں، کنور نوید جمیل

    عمران اسماعیل کےساتھ جرائم پیشہ افراد ہیں، کنور نوید جمیل

    کراچی : حلقہ این اے 246 میں ایم کیوایم کےامیدوارکنورنوید جمیل نےالزام لگایا ہےکہ پی ٹی آئی کےامیدوارکےساتھ جرائم پیشہ افراد گھومتے ہیں، پی پی آئی کے جرائم پیشہ افراد پی ٹی آئی میں رہنمابن گئے۔

    ان خیالات کا اظہار کنور نوید جمیل نےاپنےبیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سکہ بند جرائم پیشہ افراد کی اس طرح تحریک انصاف کے امیدوار اور عہدیداروں کے ساتھ ساتھ موجود گی سے اصل عزائم اور اصل چہرہ سامنے آگیا۔

    انہوں نے کہا کہ کٹی پہاڑی سے جرائم پیشہ افراد کو تحفظ بھی پی ٹی آئی کی صفوں سے ہی ملتا ہے۔ کنور نوید کا کہنا تھا کہ سندھ انتظامیہ کو ایم کیوایم کی آنکھ کا تنکا تو نظر آجاتا ہے لیکن پی ٹی آئی کی آنکھوں کا بانس دکھائی نہیں دیتا۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ اسّی کی دہائی کی لسانی جماعت پنجابی پختون اتحاد سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد کو بڑی تعداد پی ٹی آئی میں لیڈر بننے کا موقع فراہم کیا گیا۔

    کنورنوید جمیل نے کہاکہ پی ٹی آئی کو حلقے میں کارکن نہیں مل رہے، ان کو پولنگ ایجنٹ دستیاب نہیں،  وہ صرف ٹکراؤ اور تصادم سے انتخابی مہم کو میڈیا کی زینت بنا رہی ہے۔

  • خوف کی فضا کو ختم کرنے کراچی جارہاہوں، عمران خان

    خوف کی فضا کو ختم کرنے کراچی جارہاہوں، عمران خان

     

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوف کی فضا کو ختم کرنے کراچی جارہاہوں۔

    تحریک انصاف کے سربراہ اپنی رہائش گاہ بنی گالہ سے حیدرآباد کے لئے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں میٹنگ میں شرکت کرکے آج رات کراچی پہنچوں گا کل کا سارا دن حلقہ این اے246 میں گزاروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں خوف کی فضا ہے جو کہ ووٹر اور امیدوار کو ڈراتی ہے اسی فضا کو ختم کرنے جارہا ہوں انتخابی سرگرمی میرا حق ہے۔

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ’’سنا ہے میرے استقبال کے لئے انڈے اور ٹماٹر جمع کرلیے گئے ہیں‘‘۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم ہمارا حق ہے اگر ہمارا ایک بھی کارکن زخمی ہوا تو لندن میں الطاف حسین کے خلاف برطانوی قانون کےتحت مقدمہ درج کرائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرخطروں کا سامنا نہیں کیا تو کراچی میں نوگو ایریا بنے رہیں گے لہذا ان کا کراچی جانا ضروری ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ این اے 246 میں جماعت اسلامی سے انتخابی مفاہمت پر بات چل رہی ہے امید ہے کہ بات بن جائے۔

    جوڈیشل کمیشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قانون حکومت بناتی ہے اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو دھاندلی کی تحقیقات کیسے ہوتیں اور یہ کیسے طے ہوتا کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوگی۔

    انہوں ایک بار پھر اپنا موقف دہرایا کہ موجودہ اسمبلیاں آئین کے مطابق جعلی ہیں کیونکہ آئین کہتا ہے کہ انتخابات شفاف نہ ہوں تو اسمبلیاں حقیقی نہیں ہوتیں۔

    یمن کے مسئلے پر عمران خان کا کہنا تھا وہاں خانہ جنگی ہے لہذا پاکستان کواس معاملے سے دور رہنا چاہیئے ہم پہلے ہی امریکہ کی جنگ کے نقصانات بھگت رہے ہیں، وہاں کا معاملہ فرقہ وارانہ رنگ اختیار کرے گا اور پاکستان کو پہلے ہی فرقہ واریت سے کافی نقصان پہنچ چکا ہے۔

  • حکومت تحریک انصاف کو ووٹرز بھی فراہم کرے،  حیدرعباس رضوی

    حکومت تحریک انصاف کو ووٹرز بھی فراہم کرے، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کےرہنماءحیدرعباس رضوی کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف جوزبان استعمال کی گئی اس پرعدالت جائیں گے، این اے 246سے ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کے الزامات کے جواب میں ایم کیو ایم کی جانب سے این اے 246 کے امید وار کنور نوید جمیل اور فیصل سبزواری کے ہمراہ سینئر رہنماء حیدر عباس رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نے کہا کہ مخالفین الیکشن سے فرار کی راہ تلاش کر رہے ہیں۔

    حیدر عباس رضوی نے کہا کہ پی ٹی آئی میدان سے کو بھاگنےنہیں دیں گے انہوں نے فیصل واوڈا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی جماعت کو برساتی مینڈک قراردے دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو حلقے سے پولنگ ایجنٹ بھی نہیں مل رہے ووٹر کہاں سے لائے گی حکومت پی ٹی آئی کو سیکورٹی کے ساتھ ووٹربھی فراہم کرے۔

    حلقہ این اے 246 کے حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف منفی پروپیگنڈا کرکے انتخابات سے راہ فرار چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ ہتک عزت کے دعوے پربھی غورکررہے ہیں۔

    اس موقع پر فیصل سبزواری نے کہا کہ گالیاں دینا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، بینک ڈیفالٹرگاڑیوں میں بیٹھ کرتبدیلی کانعرہ لگایا جارہا ہے۔

    ایم کیوایم کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کوبھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    پارٹی کی جانب سے پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کریم آباد حملے میں ایم کیوایم کے ملوث ہونے کے الزامات کو بھی بے بنیاد قراردےدیا۔

  • ضمنی الیکشن پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں ہوگا،  قائم علی شاہ

    ضمنی الیکشن پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں ہوگا، قائم علی شاہ

    کراچی : ضمنی الیکشن کے موقع پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرے، ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی الیکشن پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں  منعقد ہوں گے۔

    ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے حلقہ این اے 246 کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

    انہوں نے رینجرز اور پولیس کو شفاف، آزادانہ اور منصفافانہ انتخابات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس نے کراچی میں امن قائم کیا ہے۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی سیاست میں برداشت کا مظاہرہ کریں۔