Tag: na-73

  • این اے 73 ، تحریک انصاف نے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کر دی

    این اے 73 ، تحریک انصاف نے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کر دی

    لاہور : این اے 73 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے مسلم لیگ نون کے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کر دی اور کہا خواجہ آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں این اے 73 سے مسلم لیگ نون کے خواجہ محمد آصف کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کردی۔

    دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ غیر تصدیق شدہ بیان حلفی جمع کروایا، خواجہ آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ الیکشن ایکٹ پر عملدرآمد میں ناکام رہا، 53 پولنگ اسٹیشنز کے پولنگ بیگز الیکشن کے اگلے روز جمع کروائے گئے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی 1406 ووٹوں کے فرق کی وجہ سے دوبارہ کا حکم دیا جائے اور این اے 73 سے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

    عثمان ڈار نے الیکشن ٹریبونل سے حلقہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دینے کی استدعا بھی کی ہے۔

    خیال رہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں  این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار دوسرے نمبر پر تھے۔

    مزید پڑھیں :  این اے 73 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی‘ خواجہ آصف کی جیت برقرار

    جس کے بعد تحریک انصاف کےامیدوارعثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی ، تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔

    بعد ازاں 8 اگست کو لاہورہائی کورٹ نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی این اے 73 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کردی تھی ۔

    واضح رہے کہ 2013 کے الیکشن میں بھی خواجہ آصف نے عثمان ڈار کو شکست دی تھی۔

  • پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی این اے 73 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کردی ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس مامون الرشید شیخ نے این اے 73 سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی ۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے سیالکوٹ این اے 73 سے انتخاب لڑا اور دوسرے نمبر پر رہا تاہم گنتی کے عمل میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں اور پریزائیڈنگ افسران نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا ۔

    درخواست میں کہا گیا خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی جبکہ حلقے میں 7 ہزار 346 ووٹ مسترد ہوئے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ریٹرننگ افسر، کو حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جسے مسترد کردیا گیا لہذا عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دے اور گنتی تک خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم دے۔

    جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے این اے 73 میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    واضح رہے کہ این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر 1406 کی لیڈ سے جیتے تھے۔