اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد منظور کر لی.
تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف قرارداد پیش کی گئی، جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی شدت پسندانہ کارروائیوں کی پرزور مذمت کی گئی.
[bs-quote quote=” مقبوضہ کشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کو مسترد کرتے ہیں” style=”style-7″ align=”left” author_name=”قرارداد کا متن”][/bs-quote]
قرارداد وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور نے پیش کی، قرارداد میں مقبوضہ کشمیرمیں ڈھونگ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برداری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرکمیشن قائم کرے.
یاد رہے کہ 27 اکتوبر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کے 71 سال مکمل ہونے پریوم سیاہ منایا گیا، وادی میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور شدید مظاہرے کیے گئے.
یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ تھا 27 اکتوبر مغربی ایشیا کی تاریخ کا المناک ترین دن تھا، بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے برعکس 7 دہائیوں سے کشمیر پر قابض ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے نہیں دبا سکتا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا آصف زرداری نے فراخدلی سے بہت اہم فیصلے کیے، اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے باہرنہ رہنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، اپوزیشن جومثبت بات کرے گی، ہم میں سننے کا حوصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری بڑی جماعت کی نمائندگی کررہے ہیں، انھوں نے فراخدلی سے بہت اہم فیصلے کیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ سے باہرنہ رہنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، خورشید شاہ نے جو گفتگو کی یہ سیاسی عقل مندی کا مظاہرہ ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا اپوزیشن میں پیپلزپارٹی کیساتھ بیٹھے تھے مل کرکام کیا، خورشید شاہ نے مشترکہ اپوزیشن لیڈر کا بھرپور کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں حلیف جماعتوں کا ساتھ دینے کا شکریہ اداکرتےہیں، 176ووٹوں کا حساب لگا کر آئے تھے، الحمداللہ اتنے ہی ووٹ ملے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزب اختلاف کارول تسلیم کرتےہیں، اپوزیشن جومثبت بات کرےگی ہم میں سننے کا حوصلہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ میں اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں ،پاکستان کے معاشی چیلنجز بے پناہ ہیں دعاگو ہوں آپ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے، اسدقیصرکوایک سو چھیترووٹ پڑے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے خورشیدشاہ ایک سو چھیالیس ووٹ حاصل کرسکے۔
اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کیلئے کام کریں گے، عمران خان جہاں ذمہ داری دیں گے نبھاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج شام لال حویلی میں جشن ہوگا، فضل الرحمان بھی آکر دیکھیں، آج شام کو عمران خان نے اتحادیوں کومدعو کیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غریب اور عام آدمی کاپاکستان بنائیں گے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اکٹھی نہیں چل سکتیں، جمہوریت کوآگے لیکر چلیں گے، تمام جماعتوں کےسامنے دوستی کا ہاتھ بنائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ عمران خان جہاں ذمہ داری دیں گے نبھاؤں گا، آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کے لئے کام کریں گے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں آمد کے موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کاندھوں پر بھاری ذمے داری ہے ،عوام کو بہت توقعات ہیں ، مل کر چلیں گے تو مسائل حل ہوجائیں گے۔
یاد رہے ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ارکان کی جانب سے باری باری رجسٹرمیں دستخط کیے جا رہے ہیں۔
خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہےجب کہ مسلم لیگ (ن) بیاسی نشستوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی ترپین نشستوں کے ساتھ تیسر ے نمبر پر ہے۔
متحدہ مجلس عمل پندرہ نشستوں کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ سات نشستوں کے ساتھ پانچویں، مسلم لیگ (ق) پانچ نشستوں کے ساتھ چھٹے، بلوچستان عوامی پارٹی پانچ نشستوں کے ساتھ ساتویں اور بلوچستان نیشنل پارٹی چار نشستوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔
جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں کل تین نشستیں حاصل کیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے
اسلام آباد : وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کے اربوں ڈالربھارت بھیجنے کے الزام پر نیب چیئرمین کو طلب کرنے اور اسپیشل کمیٹی بنا کر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کردیا جبکہ نیب کی پریس ریلیز کو قبل ازانتخابات دھاندلی قراردے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، جس طرح نواز شریف پر نیب عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں، پیشیاں ہورہی ہیں مجھے امیدنہیں کہ انہیں نیب سے کوئی انصاف ملےگا، ہفتےمیں چھ چھ،تین تین پیشیوں کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب نے حالیہ ایک نوٹس لیا ہے، اس قسم کے نوٹس ہمارےلیے رسوائی کا باعث بن رہے ہیں، نوٹس لیاگیا ہے، نواز شریف نے4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجے، ادارے کا سربراہ اس قسم کی باتیں کرے تو پھر تشویش ہوتی ہے، ایسی باتیں کی جائیں تو دیکھ لیں باقی معاملات کیا ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کے اربوں ڈالربھارت بھیجنے سے متعلق الزام پر نیب چیئرمین کو طلب کرنے اور اسپیشل کمیٹی بنا کر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نیب کی جانب سے لگایا گیا حالیہ الزام نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ ملک کی بے عزتی کا باعث بنا ہے۔
وزیر اعظم نے نیب کی پریس ریلیز کو قبل ازانتخابات دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کا اقدام پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتاہے، جاوید اقبال کا نام بطور چیئرمین نیب تجویز کرنے پر شرمندگی ہے۔
وزیراعظم کے مطالبے کے بعد پیپلزپارٹی نے چیئرمین نیب کو بلانے کے معاملے پرمشاورت کیلئے وقت طلب کرلیا جبکہ تحریک انصاف نے مخالفت کردی۔
یاد رہے گذشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے سابق نواز شریف اور دیگر کے خلاف4.9بلین ڈالر بھارت بھجوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔
نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پررقم منی لانڈرنگ کےذریعےبھارت بھجوانے کا الزام ہے، ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ رمیٹنس بک 2016 میں ذکرموجود ہے، رقم بھجوانےسے بھارت کے غیرملکی ذخائربڑھے۔
ترجمان نے مزید کہا تھا کہ منی لانڈرنگ سے رقم بھجوانے پر پاکستان کونقصان اٹھانا پڑا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آج قومی اسمبلی میں جو پیش کیا گیا وہ بجٹ نہیں بلکہ جمع تفریق کی مشق ہے، موجودہ حکومت اس سال بھی نوٹ چھاپ کر اخراجات پورے کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، نعیم الحق کا کہنا تھا کہ بجٹ میں حقائق صحیح طریقے سے بیان نہیں کیے گئے، وفاقی بجٹ میں 2 ہزار ارب روپے کا خسارہ رکھا گیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ حکومت اس سال بھی نوٹ چھاپ کر اخراجات پورے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی شرح نمو کو بڑھانے کے لیے کوئی بھی خاص اقدامات نہیں کیے گئے، بجٹ میں 30 جون تک کا تخمینہ لگایا جاتا ہے، اور ہمیشہ بجٹ کے پیچھے اقتصادی پالیسیاں ہی اصل چیز ہوتی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کالے دھن کو سفید بنانے کی قانونی کوشش کررہی ہے، وزیر خزانہ کو نظر انداز کر کے کراچی کے بزنس مین سے بجٹ پیش کروایا گیا، اگر پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو بجٹ پر نظرثانی کر کے اسے تبدلی کریں گے۔
خیال رہے کہ آج مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنا آخری بجٹ پیش کردیا، بجٹ کا حجم 59 کھرب 32 ارب جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4435 ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، دفاع کے لیے 1100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)صفدر کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں ہار گئے لیکن جنگ ہم ہارنے والوں میں سے نہیں، ہم 22کروڑ عوام کی عزت کےلئے لڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)صفدر نے اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ ہارنے والے نہیں ، ہم نے بنگلا دیش سے سبق نہیں سیکھا۔
کیپٹن(ر)صفدرکا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں بلوچستان کے عدم اعتماد پر ناراض نہیں ،جمہوری حق تھا وزیر اعظم بھی بلوچستان سے ہو،ہمیں اعتراض نہیں ، آفریدی بھائی قانون بنائے میں آپ کے ساتھ ہوں۔
نواز شریف کے داماد نے کہا کہ 1973 کے آئین میں ا ٓٓرٹیکل 6 پرفیصلہ کرانے میں ساتھ دیں، میرجعفراورصادق جیسے غدار وں کو خدا اب تک سزا دے رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم 22کروڑ عوام کی عزت کےلئے لڑ رہے ہیں ، اگرذوالفقار بھٹو پھانسی پر چڑھے تو ہمیں بھی چڑھناچاہئے، تختہ دار پر چڑ ھنا پڑا تو سب سے پہلے میں چڑ ھوں گا، آپ کی عزت ہے تو ہماری بھی عزت ہے
کیپٹن(ر)صفدر نے کہا نواز شریف جہاں جاتا ہے وہاں لاکھوں لوگ آجاتے ہیں ،سینیٹ کا الیکشن تو ہم ہار گئے لیکن مستقبل کا الیکشن ہم جیتیں گے کیونکہ عوام نے عدالتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ایک شخص جس کی نسلیں پاکستان کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں ،ہم آئندہ نسلوں کے لیے کونسا پاکستان دے رہے ہیں ۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مسائل شور شرابے اور گولی سے نہیں بات کرنے سے حل ہوں گے، ، آج تک ایسا نہیں ہوا کہ بلایجنڈے سے نکالا گیا ہو۔بل کو ایجنڈا سے نکالنا حکومت کی ناکامی ہے۔
اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کےلوگ اپنی بات کرتے ہیں جس کا نقصان پارلیمنٹ کو ہوتا ہے ایک ایسا سسٹم ہونا چاہئے جہاں ہم اپنا مؤقف پیش کرسکیں ، شور شرابے سے مسائل حل نہیں کئے جاتے۔
فاٹا اصلاحات بل پر خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے فاٹااصلاحات کو تکنیکی بنیاد پر ایجنڈے سے نکالا ہے تو بتائے ، فاٹااصلاحات کا بل ایجنڈے سے نکالنے پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا، آج تک ایسا نہیں ہوا کہ بل ایجنڈے سے نکالا گیا ہو، بل کو ایجنڈا سے نکالنا حکومت کی ناکامی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی توہین برداشت نہیں کرسکتے اس کا احترام چاہتے ہیں، پارلیمنٹ کی توہین کیخلاف آج واک آؤٹ کررہےہیں، آج تقریر میں جوش اور مکے نہیں دکھانا چاہتے ، وزیراعظم شام کو ترکی جارہے ہیں،ابھی آجاتے تو اچھاہوتا، حکومت مسائل کے حل سے بھاگےگی تو اور الجھتی جائیگی، باہر کےدورےزیادہ ہیں مگراہم معاملات کونظراندازکیا جارہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹرمپ کےاعلان کے بعد مسلم امہ اس وقت مشکل میں ہے، مسلم امہ کے اہم مسئلے پر بات کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا دین خطرے میں ہے یہودی اسلام کیخلاف سازش کررہےہیں، حکومت غیر سنجیدہ ہے ،یہاں خاموشی نظر آرہی ہے ، وزیراعظم کو تمام جماعتوں کو بلاکر صورتحال پر بات کرنی چاہئے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ مسلمانوں کا ملک اور ایٹمی طاقت ہے ، ہم نے اندرونی طورپرخود کو کمزور کیا ہے، ہمیں آخر کون سمجھائےگا، سیاست ملک کو بہتر کرنے کا نام ہے اس لئے پارلیمنٹ کو کرداراداکرنا ہوگا، الیکشن میں جانے سے پہلے ہم لوگوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نےکہاہے7ارب روپےاسٹیٹ بینک میں جمع کرائیں گے ، لڑائی اوربندوق سے نہیں بلکہ ڈائیلاگ سے مسائل کاحل چاہتےہیں، مسائل گولی سے نہیں بات کرنے سے حل ہوں گے۔
انھوں نے مزید کہا بدقسمتی سے پارلیمنٹ کو ایسے دن دیکھنے پڑ رہے ہیں، پارلیمنٹ کے لئے ہم نے جیلیں کاٹی، کوڑے کھائے، جس پارلیمنٹ کیلئے کوڑے کھائے اس کا فائدہ مخالفین کو ہورہاہے، آج پارلیمنٹ کا جو حال ہے، لوگ اس سے فائدہ اٹھارہے ہیں، حکومت لڑائی،جھگڑا، پیار،محبت کسی طریقے سے نہیں سمجھ رہی۔
خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو ناراضگی ہے تو بتادیں اپوزیشن کو ، حکومت پیار ،محبت اور نہ ہی جھگڑے سے سمجھنے کو تیار ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بکوال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : قومی اسمبلی میں نااہل شخص کو سیاسی پارٹی کاسربراہ بننے سے روکنے کیلئےترمیمی بل آج پیش ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومت کا آج کڑا امتحان ہوگا، اپوزیشن نوازشریف کو ن لیگ کی صدارت سے ہٹانے کیلئے سرگرم ہیں ، قومی اسمبلی میں نااہل شخص کوسیاسی پارٹی سربراہ بننے سے روکنے کیلئے ترمیمی بل آج پیش ہوگا۔
اپوزیشن نےاپنےاراکین کوحاضری یقینی بنانےکی ہدایت کردی ہیں، جس کے بعد حکومت کو اکثریت ثابت کرنے کیلئے مشکلات کاسامنا ہے، اس کے بیشتر ارکان گزشتہ روز بھی اسمبلی کے اجلاس سے غائب تھے۔
اگر آج بھی حاضری پوری نہ ہوئی تو اپوزیشن کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے، جس کے ساتھ ہی نواز شریف پارٹی صدارت سےہاتھ دھوبیٹھیں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے ہوگا ، وزیراعظم خاقان عباسی نے اجلاس ارکان کی حاضری یقیقنی بنانے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیا جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی زیر صدارت پی پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا۔
یاد رہے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹیلی فونک رابطہ کیا اور نااہل شخص کی پارٹی سربراہی سے متعلق بل مسترد کروانے کیلئے بھرپور کوششوں کی ہدایت کی تھی۔
اد رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے انتخابی اصلاحات بل 2017ء کی منظوری اور صدارتی انتخاب اور پارٹی آئین میں ترمیم کے بعد مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کرلیا تھا۔
بل کی شق 203 میں کہا گیا کہ ہر پاکستانی شہری کسی بھی سیاسی جماعت کی رکنیت اور عہدہ حاصل کرسکتا ہے بلکہ اس کا صدر بھی بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ نوازشریف کی جگہ نئے پارٹی سربراہ کا انتخاب کرے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیسبک وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جواب دیا جائے کہ ڈیزل 44 روپے لیٹر مل رہا ہے تو 84 روپے میں کیوں فروخت کیا جارہا ہے؟ قیمتیں کم ہوئیں تو ریلیف کیوں نہیں دیا گیا؟
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے، ڈیزل 44 روپے لیٹر مل رہا ہے جبکہ 84 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق کوئی جواب دینے کے لیے تیار نہیں، اجلاس بعد میں چلائیں پہلے مجھے جواب چاہیے کہ جب قیمتیں کم ہوئیں تو ریلیف کیوں نہیں دیاگیا؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم نرخ بھارت،بنگلا دیش کی نسبت زیادہ ہیں، تمام ٹیکسز کو اکٹھا کرکے 31 فیصد سیلز ٹیکس لیا جارہا ہے،عوام سے ان ڈائریکٹ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، جب تک جواب نہیں ملے گا کھڑا رہوں گا۔
دریں اثنا زرعی،تجارتی اور صنعتی قرضوں کا ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے حامدا لحق کو ڈانٹ پڑ گئی
اس دوران ڈپٹی اسپیکر نے پی ٹی آئی کے حامدا لحق کو موبائل سے ویڈیو بنانے پر ڈانٹ دیا اور کہا کہ آپ کا موبائل فون ضبط ہوسکتا ہے۔
اجلاس کے دوران جمشید دستی نے قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کم ہونے کی نشاندہی کردی، بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہےکہ کاغذات نامزدگی فارم اصل حالت میں بحال ہوچکا ہے، ختم نبوت ﷺ کے معاملے میں کوئی سمجھوتا یا قانون میں ردوبدل کا سوچ بھی نہیں سکتے، انتخابی ترمیم کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کچھ لوگ ختم نبوت ﷺ کے قانون کو بنیاد بناکر ملک میں شرپسندی اور فساد پیدا کرنا چاہتےہیں، نفرت کا بیچ بونے والے عناصر ملک میں افرا تفری کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام فیصلے ریاست کو کرنے ہیں نہ ہی انہیں سڑکوں پر کیا جائے، جہاد کا فیصلہ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے، مساجد سے کفر کے فتوے اور واجب القتل کے فتوی جاری نہیں ہونے چاہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ریاست ہر چیز کا فیصلہ آئین کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے، کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا ہے کہ دوسرے کو کافر ، مرتد ، جنت یا جہنم کا فتویٰ دے، جنت اور جہنم کا فیصلہ صرف اللہ کے اختیار میں ہے۔
احسن اقبال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر مسلم لیگ اور ملک کی آزادی سے متعلق شروع ہونے والے پروپیگنڈے کو نظر انداز کریں اور شرپسند عناصر سے بچ کررہیں کیونکہ کئی لوگ سیاست میں اندھے ہوچکے ہیں اور وہ اپنے اہداف اس طرح حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر فتوے جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، احسن اقبال
قبل ازیں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے سوشل میڈیا پر ٖفتوے دینے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو حق حاصل نہیں وہ جہاد کا فتوٰی جاری کرے، یہ صرف ریاست کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے فتوؤں کے خلاف حکومت عملی کارروائی کرے گی تاکہ ملک کو انتشار سے بچایا جاسکے، احسن اقبال نے کہا تھا کہ دشمن چاہتا ہے کہ مسلمان آپس میں لڑیں، آپس میں یکجہتی کا راستہ نہیں اپنایا تو دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی، سوشل میڈیا پر جس کا دل چاہتا ہے کسی کے بھی خلاف فتویٰ دے دیتا ہے، حکومت اس چیز کی اجازت نہیں دے گی کارروائی کرے گی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ محلے کے کسی مولوی کو مسلم اور غیر مسلم قرار دینے کا حق نہیں، مذہبی قیادت آگے بڑھے اور منفی رجحانات کیخلاف کردار ادا کرے ، ایمان ہر انسان کے وجود کی بنیاد ہے ، بے جا فتویٰ دینے والوں کیخلاف سائبرکرائم کے تحت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، آپریشن کےذریعے دہشت گردی پرقابو پایا ہے، بیرونی دشمن بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے، الیکشن بل میں کوئی بدنیتی نہیں تھی۔
انھوں نے کہا کہ جھل مگسی واقعےکی مذمت کرتے ہیں، ہمیں متحد ہونا ہوگا، داخلی سلامتی کےتحفظ کیلئے منفی رجحانات کی بیخ کنی کرنا ہوگی، مذہبی منافرت پر مبنی سیاست گھناﺅنا جرم ہے، ہم نے اتحاد کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دینی ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔