لاہور : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بیس میں ضمنی انتخاب پر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی کیپٹن محمد صفدر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کیپٹن صفدر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور تین روز کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
شوکاز نوٹس این اے ایک سو بیس کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کیا گیا، نوٹس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو خبر دار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب نہ دیا تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں : این اے 120انتخابی مہم ، الیکشن کمیشن کا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نوٹس جاری
اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن کیپٹن صفدر کو شوکاز نوٹس جاری کر چکا ہے، شوکاز نوٹس میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے متعلق بھی بتایا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم، وفاقی و صوبائی وزراء ، رکن قومی و صوبائی اسمبلی حلقے میں شیڈول جاری ہونے کے بعد دورہ نہیں کر سکتے اور نا ہی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر الیکشن17ستمبر کو ہوگا ،سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں۔