Tag: NAB Action

  • نیب نے عثمان بزدار کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

    نیب نے عثمان بزدار کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کیخلاف قومی احتساب بیورو نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کے اعلان کے باوجود گھیرا مزید تنگ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے عثمان بزدار کے دور حکومت میں پنجاب میں ہونے والی تقرری و تبادلوں کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سیکرٹری سروسز پنجاب سے تقرری و تبادلوں سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری مواصلات کو5 جون کو ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی،
    تاہم سیکرٹری مواصلات نے تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عثمان بزدار دور میں افسران کے تقرری و تبادلوں پر کروڑوں روپے رشوت کا الزام ہے، تبادلوں میں فرحت شہزادی عرف فرح گوگی، سابق پرنسپل سیکرٹری طاہرخورشید بھی ملوث ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔

    سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 3 سال 7 ماہ صوبے کے عوام کی خدمت کی اور اس حوالے سے میرا ضمیر مطمئن ہے۔ 14 ماہ سے اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔

  • موٹروے کرپشن کیس : نیب نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    موٹروے کرپشن کیس : نیب نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    مٹیاری : موٹروے نوشہرو فیروز اور مٹیاری سیکشن میں ہونے والی پونے6ارب کرپشن کے مقدمے میں قومی احتساب بیورو نے ملزمان کیخلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔

    اس سلسلے میں نیب کراچی کی ٹیم نے حیدرآباد اور سانگھڑ میں کارروائی کرکے مزید دو نامزد ملزمان ذیشان سہتو اور اخلاق شاہ کو گرفتار کرلیا۔

    نیب حکام کے مطابق اخلاق شاہ اور ذیشان سہتو پر130ملین روپے وصول کرنے کا الزام ہے، ملزمان سے کرپشن کی رقم سے خریدی گئی نئے ماڈل کی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔

    نیب ذرائع کے مابق دونوں ملزمان کو پہلے سے گرفتار ملزم اسلم پیرزادہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا یہ ملزمان کرپشن کی رقم ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں ملوث ہیں۔

    اس کے علاوہ کرپشن کیس میں ایک اور ملزم کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، وزیر ریونیو سندھ محبوب زمان کے قریبی مسرت جعفری کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا، کرپشن کیس میں اب تک ڈھائی ارب روپے سے زائد رقم برآمد کی جاچکی ہے۔

  • نیب کارروائی : مونس الہٰی اور اہلیہ کی جائیداد کا ریکارڈ طلب

    نیب کارروائی : مونس الہٰی اور اہلیہ کی جائیداد کا ریکارڈ طلب

    لاہور : مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہٰی اور ان کی اہلیہ نیب لاہور کے ریڈار پر آگئے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الہٰی اور ان کی اہلیہ کی جائیداد کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے الحیات کمپنی کے سیکرٹری سے جائیدادوں کا ریکارڈ اور مونس الہیٰ اور ان کے خاندان کو ملنے والے منافع اور قرض کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق چوہدری مونس الہٰی اور ان کی فیملی کی جائیدادوں کے ریکارڈ کی طلبی کے باوجود تاحال جمع نہیں کرایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ ہفتے مونس الٰہی کی بیرون ملک جائیدادوں پر ٹیکس کیس کا تحریری حکم جاری کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھیج دی۔

    مزید پڑھیں : عدالت نے مونس الٰہی سمیت دیگر کیخلاف چالان داخل دفتر کردیا

    تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ جسٹس عاصم حفیظ کے پاس درخواست پہلے بھی زیرسماعت ہے، درخواست جسٹس عاصم حفیظ کی عدالت میں سماعت کیلئے مقرر کی جائے، درخواست میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

  • برطانیہ میں فراڈ کرنے والے پاکستانیوں کے گرد نیب نے شکنجہ کس دیا

    برطانیہ میں فراڈ کرنے والے پاکستانیوں کے گرد نیب نے شکنجہ کس دیا

    اسلام آباد : برطانیہ میں فراڈ کرکے آنے والے ملزمان کی50ارب کی جائیداد منجمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، احتساب عدالت کے جج نے نیب کی جانب سے منجمد کیے گئے اثاثوں کی توثیق کردی۔

    احتساب عدالت کے جج نے ملزمان نثار افضل اور صغیر افضل کے تمام اہل خانہ اور رشتہ داروں کے اثاثے منجمد کرنے کی منظوری دی۔

    احتساب عدالت کے مطابق مذکورہ ملزمان کا اثاثے فروخت کرنے کا قوی امکان ہے، اس حواکے سے فوری طور پر تمام اداروں کو آگاہ کردیا جائے، نیب کے مطابق ٹھوس شواہد ہیں کہ ملزمان نے ناجائز اثاثے بنائے۔

    عدالت میں نیب کے تفتیشی افسر ملک عزیر ریحان نے اپنا بیان قلمبند کرادیا، انہوں نے ملزمان کے اربوں روپے کے اثاثوں کی تصدیق کی۔

    قومی احتساب بیورو کے مطابق ملزمان کے اسلام آباد کے پوش علاقے ایف سیکٹر میں 11 بنگلے منجمد کردیے گئے ہیں اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں ترنول، بھڈانہ، تمیر میں 650 کنال اراضی کو بھی منجمد کردیا گیا۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی اٹک، فتح جنگ اور رنگ روڈ کے اطراف 10 ہزار کنال اراضی منجمد کی گئی ہے، ملزم نثار افضل اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنانے کا کوئی ثبوت فراہم نہ کرسکا۔

  • مخدوم امین فہیم کا بیٹا مخدوم جلیل الزماں نیب کے ہاتھوں گرفتار

    مخدوم امین فہیم کا بیٹا مخدوم جلیل الزماں نیب کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : پیپلز پارٹی کے سابق رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزمان کو قومی احتساب بیورو نے گرفتار کرلیا، ان پر نوٹس کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پی پی کے سابق رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کو حراست میں لے لیا۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم جلیل الزماں کو سپرہائی وے کے قریب ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا، ان پر کرپشن کا الزام ہے۔

    نیب حکام کے مطابق مخدوم حبیب اللہ نےسابقہ ٹریژری افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ملی بھگت کرکے کروڑوں کی مبینہ کرپشن کی، مشتاق شیخ نے دوران تفتیش مخدوم حبیب اللہ کا نام لیاتھا۔

    نیب ذرائع کے مطابق مخدوم جلیل الزمان کو نیب نے اگست میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، نیب کے نوٹس کے باوجود مخدوم جلیل الزمان پیش نہیں ہوئے تھے، گرفتاری نیب کی جانب سے نوٹس پر پیش نہ ہونے پر عمل میں لائی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم  جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللہ تعلقہ ہالا کے ناظم رہ چکے ہیں۔

  • نیب کی کارروائی : زمینوں کی جعل سازی میں ملوث چار گرفتار ملزمان کراچی منتقل

    نیب کی کارروائی : زمینوں کی جعل سازی میں ملوث چار گرفتار ملزمان کراچی منتقل

    کراچی : قومی احتساب بیورو نے زمینوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث سرکاری افسران کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا، گرفتار ملزمان کا تعلق واٹربورڈ اور کے ڈی اے سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زمینوں کی جعل سازی کے مقدمات میں ملوث چار گرفتار سرکاری افسران اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیے گئے۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں واٹربورڈ کےدو اور کےڈی اے کے دو افسران شامل ہیں، ملزمان کے خلاف ریفرنس درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان نے اربوں روپے مالیت کی زمینیں جعل سازی سے الاٹ کیں، گرفتار واٹر بورڈ افسران نے جعلی کاغذات بنا کر زمینیں لینڈ مافیا کو فروخت کیں۔

    گرفتار ملزمان میں ایکس سی این واٹر بورڈ سید اعجاز اور شاہ یوسف امام شامل ہیں، نیب ذرائع کے مطابق کے ڈی اے افسران میں محمد انور فاروقی اور ایگزیکٹیو انجینیئر عبدالجلیل شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے فیروزآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • آمدنی سے زائد اثاثے: نیب کا امیرمقام و دیگرکیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    آمدنی سے زائد اثاثے: نیب کا امیرمقام و دیگرکیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد :  قومی احتساب بیورو نے آمدنی سے زائد اثاثوں اور کرپشن کی شکایات پر اہم لیگی رہنما امیر مقام سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی ممبران کیخلاف جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کا اجلاس چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز  میں منعقد ہوا، اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اور نواز لیگ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کیخلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کی شکایت پرجانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا،۔

    چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو امیر مقام کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا، اس کے علاوہ اجلاس میں ایم این اے مولوی امیرزمان کے خلاف سرکاری ترقیاتی فنڈز میں خورد برد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام پر بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    امیر زمان پر فنڈز میں خوربرد اور آمدنی سے زائد اثاثوں کا الزام ہے، اجلاس میں ایم پی اےعبدالمالک کاکڑ کےخلاف شکایت کی بھی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی، عبدالمالک کاکڑ کےخلاف بھی سرکاری فنڈز میں خوربرد کا الزام ہے۔

    مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے، اسحاق ڈارکی درخواست خارج، احتساب عدالت کا حکم برقرار

    اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ناظم پشاور محمد عاصم خان کے خلاف سرکاری فنڈز کے غیرقانونی استعمال اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ملازمین میں اعزاز یہ تقسیم کرنے کے الزام پر بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔