Tag: NAB Karachi

  • اختیارات کا ناجائز استعمال،  نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    اختیارات کا ناجائز استعمال، نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    کراچی : قومی احتساب بیورو کراچی چیپٹر نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبد اللہ یوسف اور دیگر کے خلاف اختیارات کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ریجنل بورڈ کی 2 ریفرنسز اور2شکایات انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ منظور شدہ مقدمات میں قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایاگیا ، ایل یو، بورڈ آف ریوینیو سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی شکایت کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق ملزم غلام مصطفی پھل،سابق ممبر ایل یو اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں جبکہ ڈی سی آصف میمن ،ای ڈی اواور دیگر بھی ملوث نکلے، ملزمان نے قیمتی سرکاری زمین کی کوڑیوں کے نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔

    نیب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈآف ریونیوافسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سفارش کردی ہے ، ملزمان میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق چئیرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 اعشاریہ 125 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

    بورڈ نے ڈی سی غربی فیاض سولنگی کے خلاف انکوائری کی اجازت دے دی، ملزم فیاض سولنگی کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے میگا کرپشن کیسز میں کامیاب تفتیش پر مشترکہ کمیٹیوں کو سراہا۔

  • چیئرمین اور ڈی جی نیب کے نام پر لوٹ مار، 50 سے زائد سرکاری افسران و تاجروں شامل تفتیش

    چیئرمین اور ڈی جی نیب کے نام پر لوٹ مار، 50 سے زائد سرکاری افسران و تاجروں شامل تفتیش

    کراچی : نیب کراچی نے چیئرمین،ڈی جی نیب کے نام پر لوٹ مار کے معاملے کی تحقیقات میں سرکاری افسران و تاجروں کو شامل تفتیش کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چئیر مین اور ڈی جی نیب کے نام پر لوٹ مار کے معاملے پر نیب کراچی نے تحقیقات میں پچاس سے زائد سرکاری افسران اور تاجروں کو شامل تفتیش کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب کے نام پر جعلساز خالد سولنگی کو رقم دینے والوں میں ایڈیشنل ہوم سیکرٹری عامر خورشید بھی شامل ہیں ، نیب کی طلبی پر عامر خورشید جواب دینے کے بجائے رخصت پر امریکہ چلے گئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جعلساز خالد سولنگی اور اس کے بیٹے عامر حسین کو ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر بدین منور میرانی نے بھی رقم دی، اسپیشل ہوم سیکرٹری نے مقدمات سے بچنے کے لئے اسی لاکھ روپے جعلساز کو ادا کئے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ عامر خورشید پر لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے نیب میں تحقیقات جاری ہیں جبکہ فوڈ آفیسر منور میرانی نے پچاس لاکھ ادا کیے مزید تیس لاکھ ادا کرنے تھے۔

    ذرائع کے مطابق تاجر رفیق قریشی نے بھی جعلساز گروہ کے سرغنہ خالد سولنگی کے گرفتار بیٹے عامر کو کروڑوں کی ادائیگی کی، خالد سولنگی اور اسکے بیٹے کے زیر استعمال چار سو سے زائد سم بھی نیب حکام نے برآمد کرلی ہیں۔

    جعلساز خالد سولنگی کے بیٹے عامر کو گزشتہ ماہ لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا ، خالد سولنگی اور اسکا گروپ نیب افسران بن کر سرکاری افسران اور بزنس مینوں کو بلیک میل کرکے رقم لیتے تھے۔

  • نیب  کی اسٹیٹ بینک سے  سندھ پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

    نیب کی اسٹیٹ بینک سے سندھ پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

    کراچی : قومی احتساب بیورر ( نیب ) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے سندھ پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلی ، جس میں 150 ایس ایچ اوزاور دیگر افسران شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورر ( نیب ) کراچی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھا ، جس میں سندھ پولیس افسران کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہے، نیب نے150 ایس ایچ اوزاوردیگرپولیس افسران کی تفصیلات مانگی۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام بینکوں میں مذکورہ افسران کے شناختی کارڈنمبربھیجےجائیں، شناختی کارڈکےذریعےتمام بینکوں سے ڈیٹا حاصل کیا جائے۔

    نیب نے کہا ہے کہ اکاؤنٹ کب سے چلایا جارہا ہے، لاکر، ڈپازٹ کی تفصیلات دی جائیں اور 1985سے لے کر موجودہ تاریخ تک کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بینک کےذریعےایکس چینج کمپنیوں سےغیرملکی کرنسی کی ترسیلات کی تفصیل دی جائے اور تمام ترتفصیلات باقاعدہ طریقہ کارکےتحت فراہم کی جائیں جبکہ اگر کسی تیسرے شخص کے ذریعے بھی اکاؤنٹ کھولا گیا ہو تو تفصیل فراہم کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لسٹ کے مطابق پولیس افسران میں دھنی بخش مری ، راؤ ذاکر، ولایت شاہ، رانا لطیف کا ارشد لغاری، سجاد حیدر، جاوید سکندر ، جعفر بلوچ ، مٹھل شر،پیرناصر، فتح محمد شیخ، فاروق ستی اور امجد کیانی ، فیصل خان ، میر محمد لاشاری، نواز گوندل ، اقبال تنیو،معراج انور ، خالد محمود، صائمہ سعید، گلزار تنیو، احسان اللہ مروت، راؤد لشاد ، فراست شاہ، اے ڈی چوہدری اور ملک فیصل لطیف کا نام شامل ہیں۔

  • کراچی میں سرکاری پلاٹوں پرغیرقانونی الاٹمنٹ کا انکشاف

    کراچی میں سرکاری پلاٹوں پرغیرقانونی الاٹمنٹ کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں سرکاری پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 30 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے، نیب نے کے ایم سی افسران ودیگر کے خلاف ریفرنس کی منظوری دے دی۔

    نیب کراچی نے مرحوم کے ایم سی ڈائریکٹر اشفاق انصاری کے خلاف بھی ریفرنس تیار کرلیا، ریفرنس میں تین پرائیویٹ افراد کے نام بھی شامل ہیں۔

    نیب کے مطابق اشفاق انصاری ودیگر ملزمان نے کلفٹن میں 2 پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی، کے ایم سی افسران نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا۔

    مزید پڑھیں: ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات نیب کے مساوی کرنے کی منظوری

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی ملکیت دونوں پلاٹوں کو ملی بھگت سے الاٹ کیا گیا، ملزمان نے سرکاری پلاٹوں کی جعلی اور غیرقانونی دستاویزات بنائیں۔

    الاٹمنٹ کے بعد غیرقانونی طور پر دونوں پلاٹوں کو لیز بھی کیا، ملزمان نے بدعنوانی سے سرکاری خزانے کو 30 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر بھی پلاٹوں پر قبضہ کیا گیا تھا جسے اب سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کارروائی کرکے واگزار کرایا جارہا ہے۔

  • کے ڈی اے میں غیرقانونی الاٹمنٹ : سابق ڈائریکٹر لینڈ سیف عباس گرفتار

    کے ڈی اے میں غیرقانونی الاٹمنٹ : سابق ڈائریکٹر لینڈ سیف عباس گرفتار

    کراچی : قومی احتساب بیورو (نیب ) کراچی نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما سیف عباس کو کے ڈی اے میں غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، سیف عباس کو گرفتاری کے بعد نیب دفتر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کی ٹیم نے سابق ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے سیف عباس کو کے ڈی اے میں غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزام میں اپنی حراست میں لیا اور بعد ازاں اسی الزام کے تحت ان کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سیف عباس کو گرفتاری کے بعد نیب دفتر منتقل کردیا گیا جہاں سیف عباس سے کے ڈی اے میں غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق سیف عباس ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی کے رہنما ہیں، سیف عباس کے ڈی اے اراضی کی غیرقانونی فروخت اور الاٹمنٹ میں نیب کو مطلوب تھے۔

    ان پر300پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کاالزام ہے، ترجمان نیب کا مزید کہنا ہے کہ سیف عباس نے بطور ڈائریکٹر لینڈ اپنے اختیارات کا ناجائزاور غیر قانونی استعمال کیا۔

    مزید پڑھیں: سابق ڈی جی کے ڈی اے کو ہتھکڑیاں لگا کر ان کے دفترمیں پھرایا گیا

    اس سے قبل اسی کیس میں شعیب میمن کو3مئی کو گرفتارکیا گیا تھا، سیف عباس کا ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائیگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ڈی جی نیب کراچی 11 مئی کوحیدر آباد میں کُھلی کچہری کریں گے

    ڈی جی نیب کراچی 11 مئی کوحیدر آباد میں کُھلی کچہری کریں گے

    کراچی: قومی احتساب بیورو کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محمد الطاف باوانی 11 مئی کوحیدرآباد میں کُھلی کچہری کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حیدر آباد میں چیئرمین نیب کی ہدایات پر ایک کھلی کچہری قائم کی جارہی ہے۔

    کھلی کچہری میں ڈی جی نیب کراچی و دیگر افسران کرپشن پرعوامی شکایات وصول کریں گے، ترجمان نیب نے کہا ہے کہ کھلی کچہری میں عوام اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق کھلی کچہری سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں صبح 10 سے دوپہر 12 بجے تک منعقد ہوگی، عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کرپشن جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

    نیب اعلامیے کے مطابق عوام ذاتی شکایات جمع کرانے سے گریز کریں اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے اہل کاروں اور افسران کی نشان دہی کریں۔

    نوازشریف کے خلاف میڈیا رپورٹس پر تحقیقات کررہے ہیں، انتقامی کارروائی پر یقین نہیں‌ رکھتے: نیب

    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں سرکاری منصوبوں اور کاموں میں خورد برد کی شکایات جمع کرائی جاسکتی ہیں، درج ہونے والی درست شکایات پر نیب قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔