Tag: NAB Notice

  • توشہ خانہ کیس : نیب کی ٹیم عمران خان کے گھر پہنچ گئی

    توشہ خانہ کیس : نیب کی ٹیم عمران خان کے گھر پہنچ گئی

    لاہور : توشہ خانہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ نیب ٹیم پہنچ گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طلبی کے نوٹس پر دستخط کرانے کے لیے آئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور میں زمان پارک کی رہائش گاہ پر عمران خان کے وکیل نے نیب کا نوٹس وصول کرلیا ہے، واضح رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو9مارچ کو نیب اسلام آباد نےطلب کر رکھا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور پرویز خٹک کو سمن جاری کر دیا۔ انہیں 9 مارچ جبکہ پرویز خٹک کو 8 مارچ کے روز طلب کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے توشہ خانہ کیس کی مزید تحقیقات کے لیے ٹیم متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو جلد ہی روانہ ہوگی۔

    توشہ خانہ کیس : عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت 5 رہنما طلب

    عمران خان کو بھیجے گئے نوٹس میں 6 قیمتی گھڑیوں، قطر کے چیف آف آرمڈ اسٹاف کا دیا آئی فون، کف لنکس، انگوٹھی، ڈائمنڈ کی گراف کمپنی کا قلم اور سعودی عرب کے بادشاہ کی جانب سے دیے گئے کپڑے تحقیقات میں شامل ہیں۔

     

  • طلبی کا نوٹس : فرح خان نے نیب کو جواب بھجوادیا

    طلبی کا نوٹس : فرح خان نے نیب کو جواب بھجوادیا

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان کو20 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

    نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کو 20 جولائی کو طلبی کے نوٹس جاری کیے جس کے جواب میں فرح خان کی جانب سے جواب دے دیا گیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے فرح خان کو طلبی کے نوٹس پر کارروائی روکنے کے لیے نیب کو نوٹس بھجوادیا گیا ہے۔

    فرح خان کی جانب سے نوٹس اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے بھجوایا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کو ایک پرائیویٹ شخص کے خلاف انکوائری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

    مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ طلبی نوٹس میں کرپشن کا کوئی ثبوت نیب کی جانب سے پیش نہیں کیا گیا اور نیب قائم مقام چیئرمین اس قسم کی کارروائی کا اختیار نہیں رکھتا۔

    مراسلہ کے مطابق نیب میں کی گئی حالیہ ترامیم کے بعد یہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہی نہیں لہٰذا ، نیب کے نوٹسز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

    نیب کا فرح خان کو نوٹس، ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت

    فرح خان کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرنیب میں طلبی کا نوٹس فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تواعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔

  • بے نامی اکاؤنٹس : نیب نوٹس ملنے پر غریب ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

    بے نامی اکاؤنٹس : نیب نوٹس ملنے پر غریب ٹیچر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

    ٹھٹھہ : بے نامی اکاؤنٹس کے سلسلے میں تفتیش کیلئے غریب اسکول ٹیچر نیب کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا، متوفی کے بھائی کا کہنا ہے ہمارا ان بینک اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں، بلاوجہ گھسیٹا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس کے الزام میں نیب کی تحقیقات کے بعد اسکول ٹیچر دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ ٹھٹھہ کے رہائشی غریب اسکول ٹیچر فہیم احمد کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے نوٹس موصول ہوا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ کے خاندان کے دادو میں بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی تھی، جس پر نیب حکام حرکت میں آگئے۔

    اس سلسلے میں متوفی فہیم احمد کے بھائی شیراز کھیڑو نے میڈیا کو بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں، میں پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ ہوں بھائی ٹیچر تھا، ہم بلاوجہ پیشیاں بھگت رہے ہیں، شیراز کھیڑو کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ اکاؤنٹ کس نے اور کیوں کھولے، ہمیں دفاتر میں نہ گھسیٹا جائے۔

  • اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کل نیب میں طلب، نوٹس رہائش گاہ پر موصول

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کل نیب میں طلب، نوٹس رہائش گاہ پر موصول

    لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو قومی ادارہ احتساب (نیب) نے نو اپریل کو طلب کرلیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ پر دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں کل بروز منگل مورخہ نو اپریل کو طلب کرلیا۔ نیب نے انہیں دیے گئے سوالات کے جواب کے لیے طلب کیا ہے۔

    نیب کی تحقیقاتی ٹیم آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی۔ نیب نے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ96ایچ ماڈل ٹاؤن پر دیا جہاں شہبازشریف کےملازمین نے نوٹس وصول کیا۔

    اس سے قبل نیب نے20نومبر2018 اور3دسمبر کو شہباز شریف کو سوالات دیے تھے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپنے والد میاں شریف کی جانب سے حصے میں ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

    اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف سے غیرملکی بینک اکاؤنٹس اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تحفہ میں ملی گاڑیوں کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی  ہے۔

    واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ شہباز شریف کی دو بیگمات کے اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی تھیں، نصرت شہباز 69 لاکھ 56 ہزار پانچ سو شیئرز کی مالک اور تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں چار کنال کے پلاٹ اور ایک ایکڑ بیش قیمت زمین کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں، جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ 81 ہزار 384 روپے ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے تہمینہ درانی کو ڈیفینس سمیت 8 قیمتی پراپرٹیز تحفے میں دے رکھی ہیں، تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں چار کنال کا پلاٹ اور ایک ایکڑ بیش قیمت زمین بھی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 56 لاکھ 35 ہزار 970 جبکہ تہمینہ دروانی 57 لاکھ 65 ہزار کی مالک ہیں، نصرت شہباز کے پاس قصور اور فیروز والا میں 810 کنال کی زرعی زمین بھی ہے، جس کی مالیت صرف 26 لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔

  • منی لانڈرنگ : معروف صنعت کار میاں منشا کو بیٹے سمیت نیب میں طلبی کا نوٹس جاری

    منی لانڈرنگ : معروف صنعت کار میاں منشا کو بیٹے سمیت نیب میں طلبی کا نوٹس جاری

    لاہور : معروف صنعت کار میاں محمد منشا اور ان کے بیٹے کو نیب کی جانب سے ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے، لندن میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب کی خریداری سے متعلق فنڈز کی منتقلی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو لاہور نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں معروف صنعت کار میاں منشا اور ان کے بیٹے حسن منشا کو اٹھائیس فروری کو طلب کرلیا۔

    میاں منشا نے سال دو ہزار دس میں سینٹ جییمز ہوٹل اینڈ کلب کو خطیر رقم کےعوض خریدا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو مذکورہ ہوٹل خرید نے سے متعلق فنڈز انگلینڈ منتقلی کے ذرائع پر تحقیقات کررہا ہے۔

    نیب نوٹس میں میاں منشاء اور ان کے بیٹے حسن منشا کو سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب کی خریداری کے تمام دستاویزی ثبوت ساتھ لے کر آنے کا کہا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پچانوے ملین ڈالرکی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ، میاں منشا 17 اگست کو طلب

    نیب نے میاں منشا اور ان کے بیٹے کو بیان کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ نیب سترہ اگست دوہ زار اٹھارہ کو میاں منشاکو طلب کرچکا ہے تاہم کو وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے تھے۔

  • عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پرنیب کا نوٹس

    عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پرنیب کا نوٹس

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پر نیب کے سربراہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کوانکوائری کاحکم دے دیا، ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرایک منٹ کیلیے بھی ذاتی استعمال میں نہیں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ چیئرمین عمران خان نے74گھنٹےسرکاری ہیلی کاپٹرغیرسرکاری دوروں کیلئےاستعمال کیا، نیب اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےاختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے ایم آئی17 ہیلی کاپٹر بائیس گھنٹے استعمال کیا جبکہ ایکیوریئل ہیلی کاپٹر باوون گھنٹےاستعمال کیا گیا، ڈی جی نیب خیبرپختونخوا معاملہ کی انکوائری کرائیں۔

    چیئرمین نیب کی ہدایت پرعمران خان کوسرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کیخلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

    نیب کے نوٹس پر پی ٹی آئی کا خیر مقدم، ہیلی کاپٹر کے ذاتی استعمال کی تردید 

    دوسری جانب بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کور گروپ کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں ہیلی کاپٹرکے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، اجلاس میں اراکین نے عمران خان کے خلاف نیب کے نوٹس کا خیر مقدم کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک منٹ کے لیے بھی ہیلی کاپٹر کا ذاتی استعمال نہیں کیا، اس کا سب سے زیادہ استعمال گورنر پختونخوا نے کیا، اراکین نے مطالبہ کیا کہ دیگر صوبوں کے ہیلی کاپٹرز اور جہازوں کے استعمال کی تحقیقات بھی کی جائیں۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں ٹرائل کورٹ میں نواز شریف کے خلاف مقدمات کی نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے جنگ اور جیو گروپ کی بدعنوانیوں پر بھی غورکیا گیا۔

    اس موقع پر عمران خان نے جنگ جیو گروپ کے خلاف نیب میں جانے کا فیصلہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کو خیبرپختونخوا حکومت کا ترجمان مقررکرنے کا فییصلہ کیا گیاہے۔