Tag: NAB office Lahore

  • نیب آفس کے باہر پتھراؤ، 5 ن لیگی کارکنان نے ضمانت کروالی

    نیب آفس کے باہر پتھراؤ، 5 ن لیگی کارکنان نے ضمانت کروالی

    لاہور: نیب دفتر کے باہر ہونے والے ہنگامے کے مقدمے میں ملوث ن لیگی کارکنان نے یڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے 5 لیگی کارکنان نے ضمانت قبل از گرفتاری کروالی۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی قومی احتساب بیورو میں پیشی کے موقع پر نیب آفس کے باہر ہونے والی ہنگامہ آرائی، پتھراؤ اورجھگڑے کے مقدمے میں ملوث ن لیگی کارکنان نے ضمانت کروالی۔

    ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ملک سیف الملوک،فیصل کھوکھر، شفیع کھوکھر سمیت 5 افراد نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے ملزمان کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت27اگست تک منظور کی، لاہور کی عدالت نے ملزمان کو50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں عدالت نے تھانہ چوہنگ سے ہنگامہ آرائی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ چوہنگ تھانے میں مریم نواز سمیت دیگر قائدین اور 300 کارکنان کے خلاف درج کرایا تھا۔

    ایف آئی آر میں زخمی پولیس اہلکاروں کا ذکر بھی کیا گیا جبکہ مقدمے میں نیب دفتر پر حملے، توڑ پھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، مریم نواز اور 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    بعد ازاں اس معاملے پر عدالت میں58 ن لیگی کارکنوں کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ملزمان پر ہنگامہ آرائی کا الزام غلط ہے، ملزمان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا، عدالت ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔

  • شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    لاہور : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوئے اور سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، نیب ٹیم حمزہ شہبازکی جانب سے فراہم کی گئیں دستاویزات کا جائزہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوگئے، نیب کی دورکنی تحقیقاتی ٹیم نے حمزہ شہباز سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

    حمزہ شہباز نے نیب ٹیم کی جانب سے دیئے گئے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، انھیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

    نیب ٹیم حمزہ شہباز کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات اور سوالوں کے جوابات کا جائزہ لے گی اور اگر مطمئن نہ ہوئی تو دونوں بھائیوں کو دوبارہ طلب کرے گی۔

    نیب نے سلمان شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

    خیال رہے نیب اس سے قبل دونوں بھائیوں کو دو مرتبہ طلب کر چکا ہے، سلمان شہباز ایک مرتبہ پیش ہو چکے ہیں جبکہ حمزہ شہباز آج پہلی مرتبہ اس کیس میں پیش ہوئے۔

    مزید  پڑھیں:  آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس:‌ حمزہ شہباز نیب میں پیش نہیں ہوئے

    نیب نے گزشتہ ہفتے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا لیکن سیکورٹی خدشات پر وہ پیش نہیں ہو سکے تھے، عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کا مؤقف تھا کہ وہ شہر کے حالات کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوئے، جس پر نیب کی جانب سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں‌ کو 30 اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا، مگر وہ نیب ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے، حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انھیں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔