Tag: Nab Team raid

  • سراج درانی کی گرفتاری : گارڈز نے نیب ٹیم کو گھر میں داخلے سے روک دیا

    سراج درانی کی گرفتاری : گارڈز نے نیب ٹیم کو گھر میں داخلے سے روک دیا

    کراچی : اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کیلئے نیب کی ٹیم نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب ٹیم نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اب تک کی اطلاعات کے مطابق آغا سراج درانی کی رہائش گاہ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے نیب کی ٹیم کو گھر کے اندر جانے سے روک دیا۔


    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا کہ آغا سراج پارٹی کے سینئر رہنما اور میرے دوست ہیں، آغا سراج درانی سے رابطہ نہیں ہوسکا اس لئے نہیں معلوم وہ اس وقت کہاں ہیں۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ آغا سراج اور خورشید شاہ جیسے لوگوں کےاہل خانہ کو ہراساں کیا جارہا ہے، لازمی ہے کہ آغا سراج درانی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کریں گے

    سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اعلیٰ عدالتوں سے آغا سراج درانی کو ریلیف ملے گا، سیاست میں غلط روایت ڈالی جارہی ہے جو مناسب عمل نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 9 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی، اہلیہ اور بیٹوں سمیت 9 کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

    سندھ ہائیکورٹ کی دو رکنی خصوصی بینچ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے اجراء سے قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا، ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کےخلاف ایک ارب سے زائد کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل اسپیشل بیچ نے فیصلہ جاری کیا۔

  • سکھر کے گوداموں پر نیب کا چھاپہ : گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا برآمد

    سکھر کے گوداموں پر نیب کا چھاپہ : گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا برآمد

    سکھر : کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں میں کارروائی کے بعد نیب ٹیم نے سکھر کے گوداموں پر چھاپے مارے، برآمد ہونے والی گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا نکلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گندم کی مد میں اربوں روپے کرپشن کا انکشاف سامنے آیا ہے، قومی احتساب بیورو سندھ نے محکمہ خوراک سے متعلق کرپشن شکایات پر تحقیقات مکمل کرلی۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ5روز میں مختلف گوداموں اور فلور ملز پر چھاپے مارے گئے، تمام کارروائیاں جوڈیشنل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئیں۔

    نیب ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کے گودام سے بار دانے کی 110359 بوریاں غائب ہیں، خالص گندم کی غائب بوریوں کی تعداد1020764ہے،جبکہ برآمد ہونے والی گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا نکلا ہے۔

    گندم اور باردانے کی خورد برد سے دو ارب25کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، خورد برد میں ملوث عملے کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں: سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا تھا، نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے تھے۔

  • سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

    سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

    سکھر : کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے دس دن پہلے گندم کا بحران پیدا کرنے کی سازش بےنقاب ہوگئی، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب سکھر نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں پر چھاپہ مارا۔

    جس کے بعد معلوم ہوا کہ گوداموں سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی گندم غائب کردی گئی ہے اس کی جگہ جو گندم موجود تھی اس میں بھی مٹی ملائی گئی تھی۔

    نیب ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم گودام سیل کردیئے۔ اس حوالے سے نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غائب کی جانے والی گندم کو مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔