Tag: NAB

  • حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعویدار عائشہ احد کی 3مئی کونیب میں طلبی، نوٹس موصول

    حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعویدار عائشہ احد کی 3مئی کونیب میں طلبی، نوٹس موصول

    لاہور : حمزہ شہباز کی منکوحہ ہونے کی دعویدار عائشہ احد کو نیب طلبی کا نوٹس موصول ہوگیا، عائشہ احد کو 3مئی کو حمزہ شہباز کے خلاف اثاثہ جات کیس میں معاونت کے لئے طلب کیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عائشہ احد کو نیب کی طلبی کا نوٹس موصول ہوگیا ، گلبرگ میں عائشہ احدکی رہائشگاہ پر ان کے ملازمین نے نوٹس وصول کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے عائشہ احد کو پہلے 30 اپریل کو دوپہر 12 بجے پیش ہونے کا کہاگیا تھا تاہم 30اپریل کوحمزہ شہبازکی پیشی کےباعث عائشہ احد کو 3 مئی کو12 بجے طلب کیا گیا ہے۔

    عائشہ احد کو حمزہ شہبازکےخلاف اثاثہ جات کیس میں معاونت کےلئے طلب کیاگیاہے، عائشہ احد حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعویدار رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : اثاثوں میں اضافہ، نیب نے حمزہ شہباز سے جواب مانگ لیا

    یاد رہے نیب نےحمزہ شہبازکوتیس اپریل کوطلب کرتے ہوئے سوالنامہ بھجوادیا تھا، نیب نے آئندہ پیشی کے لیے سوالنامےمیں حمزہ شہباز سے دو ہزار پانچ سے اب تک تمام کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا ریکارڈ طلب کیا جبکہ کمپنیوں پرقرض،سلمان اورنصرت شہبازکیساتھ شراکت داری کی تفصیلات بھی پوچھی ہیں۔

    خیال رہےمنی لانڈرنگ اور آمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف تحقیقات مختلف زاویوں سےجاری ہیں ، شریف خاندان پر الزام ہے کہ 1999 میں اُن کے اثاثہ جات کی مالیت پانچ کروڑ چھتیس لاکھ تھی جبکہ 2019 تک اُن میں سوا تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

  • نیب  کا  آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کی بھر پور مخالفت کا فیصلہ

    نیب کا آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کی بھر پور مخالفت کا فیصلہ

    اسلام آباد : نیب نے سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کی بھر پور مخالفت کا فیصلہ کرلیا اور جواب میں کہا آصف زرداری کےخلاف ٹھوس شواہد ہیں، وہ ضمانت کےحق دار نہیں، ضمانت ختم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت سے متعلق نیب نے جواب جمع کرادیا ، جس میں کہا آصف زرداری نےنیب کے3 کال آف نوٹس پرآج تک عبوری ضمانت لےرکھی ہے ، زرداری کی ایک اوردرخواست نیب کی تفتیش کی تفصیلات کے حوالےسے ہے۔

    جواب میں کہا گیا آصف زرداری کو ہم نئےکیسزکی تفصیلات نہیں بتائیں گے، انھوں نے ہائی کورٹ کے ذریعے تفصیلات طلب کر رکھی ہیں، نیب آرڈینس کے مطابق کیس کی تفصیلات کی پیشگی اطلاع نہیں دیتے۔

    آصف زرداری کی ضمانت پر نیب نے بھر پور مخالفت کا فیصلہ کرلیا اور کہا آصف زرداری ضمانت کےحق دار نہیں، درخواست مسترد کی جائے، ان کےخلاف ٹھوس شواہد ہیں، ضمانت ختم کی جائے۔

    خیال رہے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت کی مدت آج ختم ہورہی ہے اور ضمانت میں توسیع کے لئے سابق صدر آج عدالت میں پیش ہوں گے۔

    مزید پڑھیں :  جعلی اکاؤنٹس کیس : ایک اور ملزم شیر محمد بھی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار

    دوسری جانب آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کیلئےنیب 5رکنی ٹیم ہائیکورٹ پہنچ گئی ہیں، عبوری ضمانت میں توسیع نہ ہونےپرآصف زرداری کوگرفتارکریں گے۔

    نیب حکام کا کہنا ہے گرفتاری کےلئےنیب نےآفیشل دستاویزات بھی مکمل کرلیے ہیں، آصف زرداری کو3کال اپ نوٹس ہیں مدت آج ختم ہورہی ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے، دوران سماعت ایک اور ملزم شیرمحمد وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگیا۔

  • حمزہ شہباز کی 30 اپریل  کو نیب میں طلبی ،  سوال نامہ بھجوادیا گیا

    حمزہ شہباز کی 30 اپریل کو نیب میں طلبی ، سوال نامہ بھجوادیا گیا

    لاہور : نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو 30 اپریل کو طلب کرلیا ہے اور اسی سلسلے میں سوال نامہ بھجوا دیا ہے ، جس میں حمزہ  شہباز سے نوٹسسز میں درج مختلف سوالات کے جوابات مانگے گئے ہیں۔

    تٍفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو تیس اپریل کو دوپہر 3 بجے طلب کرلیا ہے اور سوال نامہ بھجوا دیا ہے، انہیں آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ کیس میں بلایا گیا ہے۔

    سوال نامے میں میں حمزہ شہباز کو جاری گزشتہ برس اور رواں برس جاری ہونے والے تمام طلبی کے نوٹسسز میں درج مختلف سوالات کے جوابات مانگے گئے ہیں۔

    حمزہ شہاز کو 2005 سے لے کر اب تک کی تمام کمپنیوں کی سرمایہ کاری، کمپنیوں پر قرض، سلمان شہباز اور نصرت شہباز کے ساتھ شراکت داری کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حمزہ شہباز کو 2006 سے 2008 کی ٹیکس ریٹنرز اورویلتھ سٹیٹمنٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    نوٹس کے متن کے مطابق حمزہ شہباز نے تین برسوں کی ٹیکس ریٹرنز انکم ٹیکس میں جمع نہیں کرائیں، 2005 سے 2017 کے دوران بڑھنے والے اثاثوں کے تفصیلی جوابات دیئے جائیں، شریف فیملی پر لگائے گئے الزامات کے مطابق 1999 میں انکے اثاثہ جات 5 کروڑ 36 تھے، دس سالوں میں انکی دولت 68 کروڑ 33 لاکھ ہوگئی جو اب سوا 3 ارب کے قریب ہے اس پر وضاحت دی جائے۔

    مزید پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    نیب کے حاصل کردہ شواہد کے مطابق حمزہ شہباز فضل داد عباسی ،قاسم قیوم اور مشتاق چینی سے ملنے والے پیسوں کے مستند جوابات بھی فراہم کریں، حمزہ شہباز کو اب تک موصول ہونے والے تحائف اور وصول کی جانے والی تنخواہوں کی بھی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے حمزہ شہباز 12اور 16 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ میں نیب لاہور میں پیش ہو چکے ہیں تاہم 10 اپریل کو انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کی تھی، حمزہ شہباز نے تفتیشی ٹیم کو نامکمل ریکارڈ اور سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی نہیں دیئے تھے۔

    خیال رہے منی لانڈرنگ اورآمدن سےزائد اثاثوں پر شریف فیملی کےخلاف مختلف زاویوں سےتحقیقات جاری ہے ، الزامات کےمطابق شریف فیملی کے انیس  سو ننانوےمیں اثاثہ جات پانچ کروڑچھتیس لاکھ تھے،اب ان کی دولت سواتین ارب کیسےہوگئی؟

    یاد رہے کہ  لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کر دی تھی۔

    واضح رہے کہ  6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔

  • کاروباری افراد کو گرفتارکرنے سے تاجر طبقہ پریشان ہے: سعید غنی

    کاروباری افراد کو گرفتارکرنے سے تاجر طبقہ پریشان ہے: سعید غنی

    کراچی: رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ کاروباری افراد کو گرفتارکرنے سے تاجر برادری پریشان ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کل ایک کاروباری فرد ڈنشا انکل سریا کو گرفتارکیا گیا.

    صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ڈنشا کراچی کی قدیمی کاروباری خاندان اور پارسی برادری سے تعلق رکھتے ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقہ پریشان ہے، میاں منشا کو بلانے پر حکومت کی چیخیں نکل جاتی ہیں،نیب کا دہرا معیار ہے.

    رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نیب کے16 ،17 گریڈ کے ملازمین عزت دارلوگوں کی تذلیل کرتے ہیں، نیب کی وجہ سے اسد منیر نے خود کشی کرلی.

    واضح رہے کہ بریگیڈیئر (ر) اسد منیر نے 14 مارچ کو خودکشی کر لی تھی، خاندانی ذرائع نے دعویٰ‌ کیا تھا کہ اسد منیر نیب کی تفتیش کی وجہ سے پریشان تھے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کا بریگیڈیئر (ر )اسد منیر کی خود کشی کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کا آغاز

    بریگیڈیئر اسد منیر کا پوسٹ مارٹم نہ ہونے کی وجہ سے قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی اہل خانہ نے کوئی مقدمہ درج کرایا۔

    بعد ازاں بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کا خط سپریم کورٹ کو موصول ہوا، جس میں نیب کے رویے پر تنقید کی گئی تھی، چیف جسٹس آف پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب سے جواب طلب کیا تھا۔

  • شہباز شریف، حمزہ اور سلمان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ کیس میں اہم پیش رفت

    شہباز شریف، حمزہ اور سلمان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ کیس میں اہم پیش رفت

    لاہور: شہبازشریف اور ان کے صاحب زادوں حمزہ اور سلمان شہباز کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کیا گیا، ملزم پر شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے.

    نیب لاہور کے مطابق آفتاب محمود کو زیر حراست ملزم شاہد شفیق کے انکشافات پر گرفتار کیا گیا، گرفتار دونوں ملزمان آفتاب محمود اورشاہد شفیق کزن ہیں.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے، ملزم شاہد شفیق کو دو روز قبل گرفتار کیا گیا، جس سے اہم شواہد ملے.

    نیب کے مطابق ملزم آفتاب "عثمان انٹرنیشنل” نامی فارن کرنسی ایکسچینج لندن اوربرمنگھم سےآپریٹ کرتا رہا، آفتاب محمود حمزہ، سلمان شہباز کے اکاؤنٹس میں ٹی ٹی بھیجتا رہا.

    مزید پڑھیں: شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ :شریف خاندان کے فرنٹ مین نے اہم راز اگل دئیے

    نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف فیملی کے خلاف 3 ارب کی مبینہ منی لانڈرنگ کے شواہد ملے ہیں، گرفتار ملزم آفتاب محمود کو کل احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا، ملزم آفتاب کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کے حصول کی استدعا کی جائے گی.

    خیال رہے کہ شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق عرف چینی نے شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں دوران تفتیش اہم رازاگل دئیے ہیں، رمضان شوگرملز کے  منیجر نے اعتراف کیا کہ ہانگ کانگ اور دبئی سے رقوم اس کےاکاؤنٹ میں آتی تھیں، پھر رقوم شہباز فیملی کےاکاؤنٹ میں منتقل ہوتیں۔

  • نیب لاہور میں پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ

    نیب لاہور میں پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور : نیب لاہور میں کام کا دباؤ بڑھنے کے باعث پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، ماسٹرٹرنیرز کی تربیت کا عمل آج سے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان اور سہولت کاروں سمیت بڑی مچھلیوں کے گرد گھیراتنگ ہونے لگا، نیب لاہور میں پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آبادنے تربیت کے لیےماسٹر ٹرینرزکی تربیت کا آغاز کردیا ہے، نیب ہیڈ کوارٹرز نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور آصف وحید کو انچارج ٹریننگ سیل کم ماسٹر ٹرینر تعینات کیا ہے۔

    نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق نیب لاہور سے انچارج ٹریننگ سیل آصف وحید اور سپیشل پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ 4 روزہ تربیت میں حصہ لے رہے ہیں

    ماسٹرٹرنیرز کی تربیت کا عمل آج سے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں شروع ہوا ہے، ماسٹرز ٹرینرز 4 روزہ تربیت مکمل کرنے کے بعد دیگر افسران اور پراسیکیوٹرز کو تربیت دیں گے۔

    خیال رہے نیب لاہور شریف خاندان کے خلاف مختلف کیسز کی تحقیقات کررہا ہے۔

    یاد رہے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کرپشن تمام برائیوں کی ماں ہے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنا نیب کی ترجیحات ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • سیاست کوچھوڑکرنیب کیس کے میرٹس دیکھے، جسٹس احمد علی شیخ

    سیاست کوچھوڑکرنیب کیس کے میرٹس دیکھے، جسٹس احمد علی شیخ

    کراچی: سابق وفاقی وزیرظفرعلی لغاری کے خلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیوں نیب والے اپنے قومی ادارے کے پیچھے پڑےہیں؟۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیرظفرعلی لغاری کے خلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ ظفرعلی لغاری کے خلاف کس کی شکایت پرتحقیقات شروع کی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ملزم کے خلاف پی ٹی آئی ورکرکی شکایت پرتحقیقات شروع کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا پی ٹی آئی کا کارکن ہونا انکوائریوں کا پیمانہ ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ نیب کا یہ معیارہوگیا کسی ورکرکی شکایت پرتحقیقات کرے، عدالت نے ڈائریکٹرنیب کوبھی روسٹرم پرطلب کیا۔

    جسٹس احمدعلی شیخ نے استفسار کیا کہ کیا نیب ایسے لوگوں کی پگڑیاں اچھالے گا؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیوں نیب والے اپنے قومی ادارے کے پیچھے پڑے ہیں؟ ۔

    نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ظفرلغاری1992میں بے نظیربھٹوکے دورمیں وفاقی وزیرتھے، سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ شکایت کرنے والے کا سورس آف انکم کیا ہے، نیب نے معلوم کیا؟۔

    نیب تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ شکایت کنندہ عام شہری ہے، جسٹس احمدعلی شیخ نے ریمارکس دیے کہ سیاست کوچھوڑکرنیب کیس کے میرٹس دیکھے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی وزیرظفرلغاری کوپیشی پرآنے سے روک دیا اور نیب کوشکایت کنندہ کے خلاف تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے 2 ہفتےمیں رپورٹ طلب کرلی۔

  • نیب  نے حمزہ شہباز کی ضمانت خارج کرانے کی تیاری کرلی

    نیب نے حمزہ شہباز کی ضمانت خارج کرانے کی تیاری کرلی

    لاہور : نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکےخلاف چارج شیٹ تیار کرلی ہے ، پراسیکیوشن حمزہ شہبازسےتحقیقات سےمتعلق عدالت کو آگاہ کرے گی، حمزہ شہباز ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی ضمانت خارج کرانےکی تیاری کرلی اور حمزہ شہبازکےخلاف چارج شیٹ تیار کرلی ہے۔

    پراسیکیوشن حمزہ شہبازسےتحقیقات سےمتعلق عدالت کو آگاہ کر ے گی اور ان پر تحقیقات میں عدم تعاون کاالزام لگایاجائےگا۔

    ہائی کورٹ سےضمانت حاصل کرنے کے بعد حمزہ شہباز کی نیب میں پیشوں کی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے ، جس میں بتایا گیا نیب نے حمزہ شہباز کو 12اپریل کواثاثہ جات،منی لانڈرنگ میں طلب کیا ، انھیں دن 11 بجے طلب کیاگیامگر ڈیڑھ بجے پیش ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا دوران تفتیش حمزہ شہباز سےآمدن کےسولات کیےگئےتاہم مناسب جواب نہ دےسکے اور مشکوک ٹرانزیکشن سےمتعلق بھی حمزہ شہبازسورس آف انکم نہ بتاسکے جبکہ وہ حاصل گفٹس سےمتعلق بھی جواب نہیں دے سکے۔

    مزید پڑھیں : حمزہ شہباز ضمانت میں توسیع کیلئے آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے

    رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز کو 15اپریل کو چنیوٹ میں نالہ بنانے کے الزام میں طلب کیا گیا، حمزہ شہباز نے نالے سے متعلق بھی جعلی سروے کرایا اور نالےکی سرکاری فنڈ سے تعمیر کا مناسب جواب نہ دیا۔

    حمزہ شہبازکودوبارہ اثاثہ جات،مبینہ منی لانڈرنگ میں 16 اپریل کوطلب کیا، رپورٹ میں بتایا گیا حمزہ شہباز کو دن 2 بجے کیامگرنیب آفس بند ہونے سے 15منٹ پہلے پیش ہوئے، ان سے مکمل ریکارڈ طلب کیاگیا، جو انہوں نے نامکمل فراہم کیا۔

    خیال رہے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی رمضان شوگرملز اور صاف پانی کیس میں عبوری ضمانت کا آخری روز ہے ، ضمانت میں توسیع کیلئے حمزہ شہباز آج لاہورہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

    واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔

    بعد ازاں لاہور ہائی کوٹ نے حمزہ شہباز کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور اور نیب سےتفصیلی جواب طلب کرلیا تھا۔

    حمزہ شہباز نے گرفتاری کے ڈر سےرمضان شوگرملزاورصاف پانی کیس میں بھی لاہورہائی کورٹ سے سترہ اپریل تک عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس، فریال تالپورکی کل نیب میں طلبی ، عبوری ضمانت حاصل کرلی

    جعلی اکاؤنٹس کیس، فریال تالپورکی کل نیب میں طلبی ، عبوری ضمانت حاصل کرلی

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے فریال تالپور کو کل طلب کرلیا تاہم انھوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو کل طلبی کا سمن جاری کردیا ، سمن میں کہا گیا فریال تالپور کل نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز پیش ہوں، فریال تالپور کو جوائنٹ وینچر کی تحقیقات سےمتعلق طلب کیاگیاہے۔

    نیب طلبی کے بعد فریال تالپور نے نیب میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، دائر درخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ نیب راولپنڈی نے 17 اپریل کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے جو بدنیتی پر مشتمل ہے۔

    درخواست میں کہاگیا کہ نیب کی جانب سے جاری کیا گیا کال اپ نوٹس بدنیتی پر مشتمل ہے، درخواست گزار کو سیاسی اور ٹارگٹڈ انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گرفتار ی کا اندیشہ ہے، عبوری ضمانت منظور کی جائے ، درخواست میں چیرمین نیب اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب فریق بنائے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری اور فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس میں آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 29اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ کیا یہ کوئی مختلف انکوائری ہے؟ اس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ جی یہ الگ معاملہ ہے۔

    واضح رہے کہ فریال تالپور نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں 29 اپریل تک عبوری ضمانت کررکھی ہے۔

  • نیب کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، چیئرمین نیب

    نیب کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، چیئرمین نیب

    لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب میرٹ پر کام کرنے کا خواہاں ہے، نیب کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بیوروکریسی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرے گا۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، نیب میرٹ پر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

    جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ افسران بلا جھجک پوری دلجمعی سے کام کریں، ایماندار افسران سرمایہ ہیں۔

    میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر گامزن ہے، بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بلاتفریق عمل پیرا ہیں۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا نیب خیبرپختونخواہ کی کارکردگی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں کلیدی کردار ہے، نیب نے بدعنوان عناصر سے 303 ارب قومی خزانے میں جمع کرائے۔