Tag: NAB

  • سندھ حکومت نے الیکشن 2018 میں کیمرے کرائے پر کیوں لیے؟ تحقیقات شروع

    سندھ حکومت نے الیکشن 2018 میں کیمرے کرائے پر کیوں لیے؟ تحقیقات شروع

    کراچی: صوبہ سندھ میں مبینہ بد انتظامی کے ایک اور اسکینڈل کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے، اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ سندھ حکومت نے عام انتخابات کے لیے کیمرے کرائے پر کیوں لیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے عام انتخابات 2018 میں حکومتِ سندھ کی سیکورٹی کیمروں کے حوالے سے بد انتظامی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    [bs-quote quote=”کئی روز پہلے بھی متعلقہ افسران کو ریکارڈ کے لیے لکھا مگر جواب نہیں ملا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”نیب کا شکوہ”][/bs-quote]

    نیب الیکشن 2018 میں کیمروں کی تنصیب میں مالی بے ضابطگی کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    نیب نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھ کر کرائے پر حاصل کیے جانے والے کیمروں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ نیب نے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ 24 دسمبر تک مطلوبہ دستاویز فراہم کی جائے۔

    نیب نے استفسار کیا ہے کہ سندھ حکومت نے خریدنے کی بجائے سی سی ٹی وی کیمرے کرائے پر کیوں لیے۔ دریں اثنا نیب نے چیف سیکریٹری سندھ سے دستاویز کے ساتھ 7 سوالات کے جوابات کی درخواست کی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کے منظور نظر افسران کے گرد نیب کا گھیرا تنگ


    نیب نے کنٹریکٹ میں مبینہ بد انتظامی پر افسران کے عدم تعاون کا بھی شکوہ کیا، نیب کی جانب سے کہا گیا کہ کئی روز پہلے بھی متعلقہ افسران کو ریکارڈ کے لیے لکھا مگر جواب نہیں ملا۔

    واضح رہے کہ الیکشن 2018 میں پوسٹل بیلٹ کا غلط استعمال روکنے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مخصوص طریقہ کار کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی گئی، اور الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشنز پر کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی۔

  • نیب کا یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار کے گھر چھاپہ، کروڑوں روپے برآمد

    نیب کا یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار کے گھر چھاپہ، کروڑوں روپے برآمد

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے ایک گھر سے چھاپے کے دوران کروڑوں روپے برآمد کرلیے، ذرائع کے مطابق چھاپہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار ثقلین گیلانی کے گھر پر مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اسلام آباد میں این آئی ایچ میں واقع سرکاری افسر کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار ثقلین گیلانی کے گھر پر مارا گیا۔ نیب راولپنڈی نے ملزم کے گھر سے ایک کروڑ 88 لاکھ کی رقم برآمد کی ہے۔

    کروڑوں روپے کی برآمدگی کے بعد ملزم ثقلین گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور ثقلین گیلانی کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کردی ہیں۔ ثقلین گیلانی کے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزم کی تعیناتی بھی غیر قانونی طریقے سے کی گئی تھی۔

  • نیب کی راولپنڈی میں‌ بڑی کارروائی، خطیر رقم کی منی لانڈرنگ ناکام بنا دی

    نیب کی راولپنڈی میں‌ بڑی کارروائی، خطیر رقم کی منی لانڈرنگ ناکام بنا دی

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو ، راولپنڈی نے خطیر رقم منی لانڈرنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی.

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے آج اہم کارروائی کی ہے، جس میں‌ ای پی آئی کے عہدے دار کے گھرچھاپا مارا، جس میں‌تقریباً 2 کروڑ مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی.

    نیب ذرائع کے مطابق برآمد رقم میں 9 ہزار ڈالر، 10 ہزار پاؤنڈ اور دیگرغیرملکی کرنسی شامل ہیں.

    نیب نے یہ اہم کارروائی بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں کرپشن  کی شکایت پر کی، جس میں‌ خطیر رقم برآمد ہوئی، ملزم کو فی الحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے، نیب ذرائع کی جانب سے ملزم کا نام بھی ظاہر  نہیں کیا گیا۔

    بچوں کا حفاظتی بچاؤ کے ٹیکوں کا یہ پروگرام اقوام متحدہ کی معاونت سے چل رہا ہے، جس میں‌ گھپلوں‌ کی اطلاعات تھیں.


    مزید پڑھیں: دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف پاک ترک باہمی تعاون کا عزم


    نیب ذرائع کے مطابق پیسےمنی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائے جانے تھے،ای پی آئی کے عہدے دار کے گھرچھاپے میں برآمد ہونے والی رقم ایک فارماسیوٹیکل کمپنی سے کمیشن کے طور پر لی گئی تھی.

    یاد رہے کہ گذشتہ دونوں‌ وزیر اعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے خلاف قانون سازی کرتے ہوئے سخت اقدامات کا عندیہ دیا تھا.

  • چیئرمین نیب نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے رضامندی ظاہر کر دی

    چیئرمین نیب نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے رضامندی ظاہر کر دی

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے سربراہ نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے رضامندی ظاہر کر دی.

     ترجمان نیب کے مطابق ادارے کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال سیاسی شخصیات سے ملاقات کے لیے تیار ہیں.

    ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب اراکین پارلیمنٹ کا بےحد احترام کرتے ہیں، جسٹس (ر) جاوید اقبال کی دورہ لاہورکے بعدارکان پارلیمنٹ سے ملاقات متوقع ہے.

    واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی،اختر مینگل، نویدقمر، احسن اقبال اور اسدمحمود کی جانب سے ایک خط لکھا گیا تھا، جس میں‌چیئرمین نیب سے ملاقات کی درخواست کی گئی تھی.

    ترجمان نیب کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال ملاقات کے لیے رضامند ہیں، یہ اہم ملاقات لاہور میں متوقع ہے.


    مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز میں فیصلے کی گھڑی قریب


    یاد رہے کہ اس وقت کئی سیاسی دانوں‌ کو نیب کیسز کا سامنا ہے، جب کہ مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نیب کے زیر حراست ہیں.

    خیال رہے کہ ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے چیئرمین نیب سمیت ادارے کے سینئر افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا. البتہ چیئرمین نیب کی جانب سے اس تنقید کا براہ راست جواب نہیں دیا گیا.

  • نیب نے مجھے کلین چٹ دے  دی ہے، وزیراعلیٰ پختونخواہ کا دعویٰ

    نیب نے مجھے کلین چٹ دے دی ہے، وزیراعلیٰ پختونخواہ کا دعویٰ

    پشاور : وزیراعلیٰ پختونخواہ محمودخان نے دعویٰ کیا ہے کہ نیب نےانہیں کلین چٹ دے دی ہے،  انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالم جبہ کیس میں سمری پرمیرےدستخط ہی نہیں ہے،کیس سےکوئی تعلق نہیں بنتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پختونخواہ محمود خان آج مالم جبہ اراضی لیزکیس میں نیب آفس  پیش ہوئے اور انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

    میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں کااحترام ہےاسی لیےنیب آفس میں پیش ہوا، نیب نے مجھے کلین اینڈ کلیئر چٹ دے دی ہے، کوئی سوال نامہ نہیں دیا گیا، مالم جبہ اراضی لیز کامجھےمعلوم نہیں تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مالم جبہ کیس میں سوال جواب ہوئے، سمری پرمیرےدستخط ہی نہیں ہے،کیس سےکوئی تعلق نہیں، انہیں علم نہیں کہ جب لیزہوئی تومیں منسٹرٹور ازم تھا بھی یانہیں۔ مجھےاس لیےبلاگیاکہ میں وزیرسیاحت تھا۔

    خیال رہے نیب میں سوات مالم جبہ اراضی کیس میں 275 ایکڑ اراضی لیز پر دینے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ مالم جبہ میں 2014 میں ریزورٹس کے لیے سرکاری اراضی لیز پر دی گئی تھی، جس میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کی شکایات سامنے آنے پر نیب خیبر پختونخواہ نے تحقیقات شروع کی تھی ۔

  • نیب نےسعدرفیق کےخلاف مہنگےٹرین انجن خریدنے پرتحقیقات شروع کردیں

    نیب نےسعدرفیق کےخلاف مہنگےٹرین انجن خریدنے پرتحقیقات شروع کردیں

    لاہور: نیب نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف مہنگے داموں ریلوے انجن خریدنے پر بھی تحقیقات شروع کر دیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے جو انجن25 کروڑ میں خریدے، وہی سعدرفیق نے 40کروڑمیں خریدے۔

    تفصیلاے مطابق لاہور نیب میں گرفتار خواجہ برادران کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب نے پیراگون سکینڈل کے بعد نیب نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف مہنگے داموں ریلوے انجن خریدنے پر بھی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے وہی انجن 25 کروڑ جبکہ خواجہ سعد رفیق نے 40 کروڑ روپے میں خریدے جبکہ خواجہ سلمان رفیق کے خلاف بھی محکمہ صحت میں مہنگے داموں ادویات اور مشینری کی خریداری پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    یاد رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نیب نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کیلئے لاہور آفس میں منتقل کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : خواجہ برادران 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    بعد ازاں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا ،پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ اربوں کی ٹرانزیکشن اور کمپنی ریکارڈ کی جانچ کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    عدالت نے استفسار کیا تھا کہ کیا خواجہ سعد رفیق انکوائری میں پیش ہوتے رہے ہیں جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ خواجہ برادران پیش ہوتے رہے ہیں، کیس کا ایک اور ملزم ندیم ضیا مفرور اور قیصر امین بٹ گرفتار ہے۔

    نیب کی جانب سے ملزمان کے 15 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی گئی تاہم عدالت نے صرف 10 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 22 دسمبر تک خواجہ برادران کو نیب کے حوالے کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

  • مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما رانا مبشر اقبال بھی نیب کے ریڈار پر

    مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما رانا مبشر اقبال بھی نیب کے ریڈار پر

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں زمین پر قبضے کی شکایت درج کروادی گئی، نیب درخواست کا جائزہ لے کر کارروائی کا آغاز کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے بعد مسلم لیگ ن کے ایک اور رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریڈار پر آگئے۔ رانا مبشر کے خلاف ایک بیوہ خاتون نے نیب میں شکایت درج کروائی ہے۔

    خاتون نے اپنی زمین پر مبینہ قبضے درخواست نیب میں درج کروائی ہے۔

    درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ خیابان امین ہاؤسنگ سے مل کر رانا مبشر اور ان کے ساتھیوں نے ان کی زمین پر قبضہ کیا ہے۔ رانا مبشر نے ملی بھگت سے ریکارڈ میں بھی جعلسازی کی ہے۔

    نیب لاہور نے بیوہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے رانا مبشر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ نیب کو سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی کروڑوں روپے کی بے ضابطگی کی شکایت موصول ہوئی ہے۔ رانا ثنا اللہ پر فیصل آباد میں انڈر پاس کا نقشہ تبدیل کروانے کا الزام ہے۔

    شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کا روٹ تبدیل کر کے من پسند افراد کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔

    ذرائع کے مطابق نیب سابق صوبائی وزیر کے خلاف درخواست کا جائزہ لے رہی ہے جس کی تصدیق کے بعد کاروائی شروع کردی جائے گی۔

    اس سے قبل سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف بھی 8 الزامات پر تحقیقات شروع کی جاچکی ہیں۔ ان الزامات میں ریاستی اداروں کے فنڈز، سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال، اثاثے خریدنے اور پی ٹی وی میں لیگی ورکرز کی بھرتیاں شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی سلمان رفیق اور رکن اسمبلی قمر الاسلام بھی مختلف کرپشن مقدمات میں نیب کی زیر حراست ہیں۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے سزا یافتہ ہیں اور فی الحال ضمانت پر رہا ہیں۔

  • نیب کی نثار کھوڑو، شرجیل میمن سمیت اہم شخصیات کے خلاف انکوائری کی منظوری

    نیب کی نثار کھوڑو، شرجیل میمن سمیت اہم شخصیات کے خلاف انکوائری کی منظوری

    اسلام آباد: آج چیئرمین نیب جاوید ا قبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں‌ اہم انکوائریوں کی منظوری دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں 16 انکوائریوں کی منظوری دی گئی، جس میں‌ نثار کھوڑو، محکمہ خوراک سکھر کے افسران کے خلاف انکوائری بھی شامل ہے.

    [bs-quote quote=” اجلاس میں مجموعی طور پر 16 انکوائریوں کی منظوری دی گئی” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    نیب اعلامیہ کے مطابق سابق ایم این اے پیر صابر شاہ، محکمہ محصولات ڈی آئی خان کے افسران، اہل کاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی .

    نیب نے ایم ڈی نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن وقار  زاہد میر، قائم مقام ایم ڈی اوگرا، او جی ڈی سی ایل انتظامیہ، ایم پی اے عبدالکریم سومرو، شرجیل میمن، قیصر عباس کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی ہے.

    مزید پڑھیں: نیب کی مریم اورنگزیب کیخلاف 8الزامات کے تحت تحقیقات

    نیب نے محکمہ محصولات چوبارہ لیہ کے اہل کاروں، محکمہ خوراک سکھر کے افسران، اہل کاروں، نیشنل پاور پارک مینجمنٹ کمپنی، گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی.

    ڈی جی نیب شہزاد سلیم

    ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے کہا ہے کہ نیب کسی دباؤ کے بغیر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے. ان خیالات کا اظہار انھوں‌نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    واضح رہے کہ  آج نیب لاہور کی جانب سے صحافیوں کو نیب کے دفتر کا دورہ کرایا گیا، نیب حکام نے صحافیوں کو قیدیوں کو فراہم سہولتوں پربریفنگ دی.

    اس موقع پر ڈی جی نیب نے کہا کہ نیب عدم تشدد کی پالیسی پریقین رکھتا ہے، ادارے دباؤ کے بغیر تحقیقات جاری رکھے گا.

  • نیب کی مریم اورنگزیب کیخلاف 8الزامات کے تحت تحقیقات

    نیب کی مریم اورنگزیب کیخلاف 8الزامات کے تحت تحقیقات

    اسلام آباد : نیب کی مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کیخلاف 8 الزامات پر تحقیقات جاری ہے ، جن میں  ریاستی اداروں کےفنڈز اور سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال جبکہ اثاثے خریدنے اور  پی ٹی وی میں لیگی ورکرز کی بھرتیوں کے الزامات شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطانق نیب کی مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کیخلاف الزامات اور سرکاری فنڈز سے پارٹی مہم چلانےسےمتعلق تحقیقات جاری ہے۔

     سرکاری رقم سےمسلم لیگ ن کی مہم چلانا


    دستاویز میں کہا گیا ہے ن لیگ دور میں سائنٹفک طریقےسےمیڈیامہم سوشل میڈیاکودی گئی، سرکاری رقم سےمسلم لیگ ن کی مہم چلائی گئی، مریم اورنگزیب اور مریم نواز کے زبانی احکامات پرکمپنیوں کومہم جاری کی گئی، رپورٹس ہیں مریم اورنگزیب اشتہاری کمپنیوں سے مالی مفادحاصل کرتی رہیں۔

    ریاستی اداروں کےفنڈزکےغلط استعمال


    مریم اورنگزیب ریاستی اداروں کےفنڈزکےغلط استعمال میں ملوث رہیں، دستاویز  کے مطابق مریم اورنگزیب پرسرکاری رہائشگاہ کی غیرضروری تزئین وآرائش کابھی الزام ہے ، بنگلہ نمبر32 کی تزئین وآرائش پر 40 لاکھ روپےخرچ کیےگئے، اخراجات کی وزارت خزانہ سےغیرقانونی منظوری لی گئی۔

    غیرضروری لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈکےانعقادکابھی الزام


    مریم اورنگزیب پر غیرضروری لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈکےانعقادکابھی الزام ہے ،  دستاویز میں کہا گیا ہے مریم اورنگزیب اورجمال شاہ نےملکرایوارڈ منعقدکرایا، تقریب کاٹھیکہ ایک غیر تجربہ کارکمپنی کو60ملین میں دیاگیا، ماڈلزاداکاروں اورگلوکاروں کےسفری،رہائشی اخراجات پر20 ملین خرچ ہوئے، مالی مفادات، کک بیکس کی خاطران اخراجات کااضافی تخمینہ لگایاگیا۔

    اثاثے خریدنے کا الزام


    مریم اورنگزیب پر چوتھا الزام اثاثے خریدنا ہے، دستاویز میں کہا گیا مریم اورنگزیب نےسیکٹرای11اورایف7میں 2مکانات خریدے، مکانات کی تزئین وآرائش پی آئی ڈی فنڈزدیگرکمپنیوں کی ملی بھگت سےہوئی۔

    پی ٹی وی میں لیگی ورکرز کی بھرتیوں کا الزام


    مریم اورنگزیب پر پانچواں الزام پی ٹی وی میں لیگی ورکرز کی بھرتیاں ہیں، دستاویز  کے مطابق  مریم اورنگزیب دورمیں پی ٹی وی کےمالی معاملات ابتری کا شکار ہوئے، ن لیگ سوشل میڈیاورکرزکونوازنےکیلئے کی جانےوالی بھرتیاں تھیں، مریم اورنگزیب نےظہوربرلاس کوڈی ایم ڈی پی ٹی وی لگایا جبکہ ظہور برلاس پی آئی ڈی کے ملازم تھے، ظہور برلاس نے بھی لیگی ورکرز کو پی ٹی وی میں نوکریاں دیں اور مریم اورنگزیب کی ہدایت پرپی ٹی وی میں خوردبرد کی۔

    سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال


    مریم اورنگزیب پرچھٹاالزام سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال ہے ،دستاویز   میں بتایا گی ہے کہ مریم اورنگزیب نےکئی سرکاری گاڑیاں اپنےخاندان کو دلوائیں ، 2 ہنڈاسوک اورایک پراڈواپنی والدہ،خالہ اوربھائی کودلوائیں۔

    سرکاری فنڈزسے پارٹی ترانےکی تیاری


    مریم اورنگزیب پر ساتواں الزام سرکاری فنڈز سے پارٹی ترانے کی تیاری ہے، مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فنڈز سے پارٹی ترانہ تیار کرایا۔

    پی ٹی وی کے350 ملازمین کی پنشن،مراعات روکنا


    آٹھواں الزام پی ٹی وی کے350 ملازمین کی پنشن،مراعات روکناہے، مریم اورنگزیب نےپی ٹی وی ملازمین کوبقایا جات ادانہیں کیے۔

    مزید پڑھیں : آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ، مریم اورنگزیب کے خلاف نیب انکوائری شروع

    یاد رہے  3  روز قبل مسلم لیگ ن رہنما مریم اورنگزیب کے گرد  گھیرا تنگ کرتے ہوئے  قومی احتساب بیورو (نیب ) نے مریم اورنگزیب کے خلاف انکوائری کا باقاعدہ آغاز  کیا تھا۔

    واضح رہے رواں سال جولائی میں سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کو درخواست جمع کروائی گئی تھی، درخواست میں اختیارات کے غلط استعمال اور اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

  • نیب افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

    نیب افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

    لاہور : چیئرمین نیب نے نیب افسران کےموبائل فون کے استعمال اور سرکاری اوقات میں پرائیویٹ مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارے کی بہتری کے لئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے نیب افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی جبکہ نیب میں گریڈ 18 کے افسران کو یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا۔

    چیئرمین نیب جاویداقبال نے احکامات جاری کرتے ہوئے حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام رائج کرنے کا حکم بھی دیا۔

    اسی طرح سرکاری اوقات میں پرائیویٹ مہمانوں کی آمد اور ملاقات پر بھی پابندی ہو گی، مہمانوں کی نیب افسران سے صرف سرکاری کام کے سلسلے میں ملاقات ہو سکے گی۔

    یاد رہے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب افسران کی اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    اس سے قبل ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے میڈیا کو انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا پر انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی تھی۔

    خیال رہے چند روز قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب سزاؤں کے لیے قانون سازی نہیں کرتی یہ پارلیمنٹ کا کام ہے، اگر کرپشن پر سزائے موت کا قانون آیا تو ملک کی آبادی کم ہوجائے گی، ملک میں ادارے مضبوط ہیں، اپنا کام کر رہے ہیں، اچھاکام کرنیوالے ادارے کو سیاست میں ملوث کرنا ٹھیک نہیں۔