Tag: NAB

  • کےایم سی کے پچاس بد عنوان افسران کی فہرست نیب کو ارسال

    کےایم سی کے پچاس بد عنوان افسران کی فہرست نیب کو ارسال

    کراچی : کے ایم سی میں لینڈڈیپارٹمنٹ کے بدعنوان افسران کے خلاف نیب نے گھیرا تنگ کر دیا. نیب کے طلب کرنے پرکے ایم سی نے پچاس بد عنوان افسران کی فہرست ریکارڈ کے ساتھ نیب کو ارسال کردی۔جس کی کاپی اے آروائی نیوزکومل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمینوں پر قبضے، جعلی الاٹمنٹ اور مہنگی زمینوں کی کوڑیوں کے مول فروخت میں ملوث بدعنوان افسران کیخلاف کارروائی شروع ہوگئی ۔

    نیب کے طلب کرنے پرکے ایم سی نے لینڈڈیپارٹمنٹ کے 50 بد عنوان افسران کی فہرست ریکارڈ کے ساتھ ارسال کردی. جس کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی.

    کے ایم سی نے لینڈڈیپارٹمنٹ کا 18 سال کا تمام ریکارڈ بھی حوالے کیا ہے ، 50 بد عنوان افسران پر کلفٹن.گلستان جوہر. اور لانڈھی میں کروڑوں کی اراضی کوڑیوں کے دام فروخت کرنے. چائنا کٹنگ اور جعلی لیز و الاٹمنٹ کے ساتھ زمینوں پر قبضہ کا الزام ہے۔

    بدعنوان افسران کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق کئی افسران گرفتاری کے خوف سے بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔

  • جسمانی ریمانڈ کے بعد ڈاکٹر عاصم کو نیب کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    جسمانی ریمانڈ کے بعد ڈاکٹر عاصم کو نیب کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    کراچی : رینجرز کی زیر حراست سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین و دیگر ملزمان کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں نیب کے حوالے کر دیا جا ئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب سابق سینیٹر ڈاکٹر عاصم حسین پر رینجرز کے جسما نی ریما نڈ کے ختم ہو نے کے بعد شکنجہ کسنے کو تیار ہے، ڈاکٹر عاصم کیخلاف منی لانڈرنگ ،دہشتگردوں کی مالی معاونت اور کرپشن کے ثبوت مل گئے ۔

    مزید پیشرفت کیلئے رینجرز اور نیب کی مشترکہ ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے،ذرائع کے مطا بق رینجرز کی زیر حراست ڈاکٹرعاصم حسین و دیگر ملزمان کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں نیب کے حوالے کر دیا جا ئے گا۔ اس با ت کے امکا نات ہیں کہ نیب ملزمان کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کریگا

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے نیب اور رینجرز پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جو اختیارات کے ناجائز استعمال ، کرپشن، خرد برد ،لینڈ گریبنگ،چائنا کٹنگ ،غیرقانونی ٹھیکوں ، سی این جی سٹیشنز کے غیر قانونی لائسنس جاری کرنے ،پی ایم ڈی سی میں ذریعے بھاری رشوت کے ذریعے میڈیکل کالجوں کی رجسٹریشن،کے ڈی اے اور کے ایم سی سے اربوں روپے مالیت کے متعدد پلاٹ غیر قانونی طور پر حاصل کرنے ، ایس ایس جی سے ، پی ایس او ، اوگرا ، پی پی ایل ، اور وفاقی و سند ھ حکومت اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے کے ای ایس سی سے بھی بھاری رشوت لی اور اسے ناجائز رعایتیں دیکر خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ساتھ ہی نیب اور رینجرز حکام نے ڈاکٹر عاصم حسین اور انکے ساتھیوں کے ملکی وغیر ملکی اثاثوں کی چھان بین شروع کردی ہے۔

    شعیب وارثی ،ذوہیر صدیقی،کامران احسان ناجی کے بنک اکاﺅنٹس کی تفصیلات بھی لی گئی ہیں، نیب نے ڈاکٹر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اس ضمن میں رینجرز اور نیب کی مشترکہ ٹیم کی تشکیل کے ساتھ ساتھ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں تحویل میں لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

  • اسٹاک مارکیٹ کے نادہندہ بروکروں کے خلاف تحقیقات شروع

    اسٹاک مارکیٹ کے نادہندہ بروکروں کے خلاف تحقیقات شروع

    کراچی: اسٹاک مارکیٹ کے نادہندہ بروکرزکے خلاف کیسزکھل گئے، سیکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن اورنیب کی مشترکہ ٹیم تحقیقات کرے گی۔

    ایس ای سی پی کے اعلیٰ حکام کے مطابق عوام کے پیسے ریکورکرنے اورنادہندہ بروکرزکی گرفتاری کیلئےنیب اورایس ای سی پی کےحکام پرمشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق ایس ای سی پی نےنادہندہ بروکرزکے کیسزنیب کو بھیج دیئے ہیں اورسرمایہ کاروں کوکنگال کرنےوالوں کےگرد گھیرا تنگ کیاجارہا ہے۔

    ذرائع کےمطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نےکام کا آغازکردیا ہے اورٹیم کی سربراہی عابد حسین نامی آفیسرکوسونپی گئی ہےجس پرشئیرمارکیٹ کےسینئیرممبرعقیل کریم ڈھیڈھی نےاعتراض اُٹھایا ہے۔

    عقیل کریم ڈھیڈھی کےمطابق عابد حسین مارکیٹ کےایک بڑےبروکرجہانگیرصدیقی کےملازم رہ چکےہیں۔

  • نیب نے صوبائی وزیرِتعلیم رانا مشہود کے خلاف شواہد جمع کرنا شروع کردیے

    نیب نے صوبائی وزیرِتعلیم رانا مشہود کے خلاف شواہد جمع کرنا شروع کردیے

    لاہور: نیب پنجاب نے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا مشہود کے خلاف اے آر وائی نیوز پر چلنے والی ویڈیو میں انسانی اسمگلر سے رقم لینے اور پنجاب یوتھ گیمز میں مالی بدعنوانیوں پر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے۔

    صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف مالی بدعنوانیوں اور اے آر وائی نیوز کے پروگرام کھرا سچ میں بدنام انسانی اسمگلر سے رشوت لینے کی ویڈیو فلم پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پنجاب یوتھ گیمز میں مالی بدعنوانیوں کے حوالے سے بھی رانا مشہود کے خلاف نیب کو شکایات موصول ہوئی ہیں، نیب نے دونوں معاملات میں رانا مشہود کے خلاف شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

    آئندہ چند روز میں صوبائی وزیر تعلیم سے باقاعدہ تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اگر رانا مشہود کے خلاف مالی بدعنوانیوں اور ویڈیواسکینڈل میں تحقیقات شروع ہوتی ہیں تو ان سے استعفی لیے جانے کا بھی امکان ہے، نیب کی جانب سے رانا مشہود کے خلاف شروع کی جانے والی تحقیقات کو سیاسی حلقے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنماء قاسم ضیاء اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور راجا پرویز اشرف کے بعد ایک بڑی کارروائی قرار دے رہےہیں۔

  • نیب سندھ کا محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے دفتر پر چھاپہ

    نیب سندھ کا محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے دفتر پر چھاپہ

     کراچی: نیب سندھ کا محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے دفتر پر چھاپہ، سابق سیکریٹری اطلاعات ذوالفقار شہلوانی اور ڈائریکٹر منصور راجپوت کے خلاف ثبوت اور دستاویزات حاصل کیے۔

     ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ذوالفقار شاہ سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ اطلاعات کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے متعلقہ افسران سے ریکارڈ طلب کیا۔

     نیب ذرائع کے مطابق محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی تین مختلف انکوائریاں نیب کے پاس ہیں، جس میں ٹی وی چینلز، اخبارات اور دیگر نشریاتی اداروں کے بجٹ میں غبن کیا گیا ہے اور یہ پیسے مارکیٹنگ کمپنی کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے ۔

     نیب ذرائع کے مطابق انوائرمنٹ کے حوالے سے ایک کمپیئن کے لئے 174 ملین روپے مختص کیے گئے یہ اشتہارات ٹی وی چینلز اور اخبارات کو نہیں دیے گئے ، ایک مارکیٹنگ کمپنی کے ذریعے یہ رقم ہڑپ کرلی گئی۔

     ایسی مختلف تین کمپلین نیب کے پاس ہیں جن کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اس وقت کے سیکریٹری ذوالفقار شہلوانی سمیت دیگر افسران کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور جلد گرفتاری متوقع ہے ۔

  • لاہور: نیب نے لینڈ کرائم میں ملوث 7 اہم ملزمان دھرلئے

    لاہور: نیب نے لینڈ کرائم میں ملوث 7 اہم ملزمان دھرلئے

    لاہور: قومی احتساب بیورولاہورنے گجرانوالہ میں کروڑوں روپے مالیت کی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی ہزاروں ایکڑاراضی کے اسکینڈل میں ملوث لینڈ مافیا کے سات ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتارملزمان میں محکمہ کوآپریٹو گجرانوالہ کے افسران اور کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے ملازمین شامل ہیں۔

    نیب نے اسٹنٹ رجسٹرارکوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ چوہدری فخرالزمان، سابق صدر سوسائٹی یعقوب لونا، سابق فنانس سیکرٹری ذکاء اللہ بھٹی، سابق ممبرلینڈ طارق اشرف خان، سوسائٹی کے سیکرٹری میاں غلام علی، نوید شوکت اوراحمد صادق کو گرفتار کیا ہے۔

    ملزمان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سوسائٹی کیلئے مہنگے داموں زمین خریدی اوربھاری کک بیکس وصول کرنے کے علاوہ سوسائٹی کے فنڈزمیں خرد برد کیا۔

    ملزمان کو جسمانی ریماند حاصل کرنے کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • ایف آئی اے اور نیب کی انکوائریز پر سخت کارروائی کی جائے، قائم علی شاہ

    ایف آئی اے اور نیب کی انکوائریز پر سخت کارروائی کی جائے، قائم علی شاہ

    کراچی : نیب اور ایف آئی اے نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو صوبے میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کی چالیس سے زائد انکوائریاں بھیجی ہیں ان کیسز کی انکوائری کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے محکمہ اینٹی کرپشن کو بھیجی جانیوالی انکوائریوں پر بلا تعطل سخت کاروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں کرپشن کیسز کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین اینٹی کرپشن ممتاز علی شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 72 کرپشن کی ایف آئی آر درج کی ہیں جبکہ 209 انکوائریوں کو بھی کھولا گیا ہے جس کے باعث 72 مختلف محکموں کے افسران کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    ممتاز علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کاروائیاں 2 ماہ کے دوران کی گئی ہے جب کہ مزید تحقیقات کا دائری وسیع کیا جارہا ہے۔

    انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ نیب اورآیف آئی اے اینٹی کرپشن سندھ کو کرپشن کی انکوائری بھیجنا شروع کردی ہیں جس پر اینٹی کرپشن نے کیسز کی انکوائریوں کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔

    بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے بھیجی جانیوالی انکوائریوں میں کرپشن بدعنوانی زمینوں پر گھپلے کے مختلف کیسز شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اینٹی محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے محکمہ تعلیم، صحت ،بلدیات، آبپاشی سمیت ریونیو کے محکموں میں تحقیقات کی جارہی ہیں جن میں بوگس الاٹمنٹ اور کھاتوں کی تبدیلی کے کیسز شامل ہیں۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ یہ خوش آئند عمل ہے کہ وفاقی تحقیقاتی اداروں نے محکمہ اینٹی کرپشن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے بھیجی جانیوالی انکوائریوں پر بلا تعطل سخت کاروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کیا جائے اور موصول ہونیوالی شکایات پر فوری مقدمات درج کئے جائیں ۔

  • ایم سی بی نجکاری کیس : نیب میاں منشاء کیخلاف کارروائی نہیں کررہا، سعید غنی

    ایم سی بی نجکاری کیس : نیب میاں منشاء کیخلاف کارروائی نہیں کررہا، سعید غنی

    لاہور : پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ میاں منشاء ایم سی بی نجکاری کیس میں ملوث ہیں مگر نیب کارروائی نہیں کررہا، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو نمبر بنانے کے لئے گرفتار کیا گیا۔

    لاہور پریس کلب میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ قاسم ضیاء اور شوکت اللہ بنگش جیسے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو سپریم کورٹ کےسامنے اپنے نمبر بنانے کےلئے گرفتار کیا گیا۔ مگر میاں منشاء جیسے لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ ایم سی بی کی نجکاری میں ہونے والی کرپشن پر نیب نے دو سال تک تحقیقات کیں، میاں منشاء نے دس سال تک اسٹیٹ بینک میں کرپشن کی رپورٹ کو دبائے رکھا، جو انہوں نے سینیٹ کمیٹی میں طلب کی۔

    سعید غنی نے کہا کہ میاں منشاء منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں، انہوں نے لندن میں سرجمیز ہوٹل خریدا ہے جس کی ادائیگی میں 75 سے 97 ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کی گئی، یہ کیس اب سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس زیر سماعت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں افتخار چوہدری جیسا چیف جسٹس ملا نہ ہی بلیک میل کرنے والا میڈیا گروپ، عمران خان سیاست میں سنجیدگی دکھائیں۔

  • نیب کی کارکردگی جانچنے کیلئے لوکل کمیشن کے قیام کا حکم جاری

    نیب کی کارکردگی جانچنے کیلئے لوکل کمیشن کے قیام کا حکم جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نیب کی کارکردگی جانچنے کے لئے لوکل کمیشن کے قیام کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔ چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ کمیشن کی سربراہی ایڈیشنل اٹارنی جنرل خواجہ محمدحسین کریں گے۔

    کمیشن تحقیقات کرے گا کہ کیا نیب ایف آئی اے اور پولیس نے توقیر صادق کے فرار میں مدد فراہم کی؟ اور توقیر صادق کو پاکستان لانے کے لئے وصول کی گئی رقم معقول تھی یا اس میں غبن کیا گیا؟

    کمیشن اس بات کابھی تعین کرے گا کہ نیب نے بڑی مالی بد عنوانی کے مقدمات کی تحقیقات اپنے منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچائیں۔

    کمیشن تحقیات میں غفلت برتنے والے افراد یا افسران کا تعین بھی کرے گا اور ان کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی کی سفارش بھی کرے گا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں نیب آرڈیننس کا بھی حوالہ دیاہے جس کے مطابق نیب کے قیام کا مقصد کرپشن کا خاتمہ تھا، عدالت نے قرار دیا کہ نیب اپنے اس مقصد میں مکمل طور پر ناکام د کھائی دیتی ہے۔

    یہ ہی وجہ ہے کہ اربوں کی کرپشن کے بڑے اسکینڈل تا حال حل طلب ہیں اور ان کی تحقیقات مکمل نہ ہونے کی کوئی معقول وجہ بیان کرنے سے بھی قاصر ہے۔

  • بے گناہ ہوں جرم ثابت ہوجائے تو پھانسی دے دی جائے، قاسم ضیاء

    بے گناہ ہوں جرم ثابت ہوجائے تو پھانسی دے دی جائے، قاسم ضیاء

    لاہور: احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنماء قاسم ضیاء کے جسمانی ریمانڈ میں چھ روز کی توسیع کردی، قاسم ضیاء کا کہنا ہے کہ بے گناہ ہوں جرم ثابت ہوجائے تو پھانسی دے دی جائے۔

    احتساب عدالت کے جج خاقان بابر کی عدالت میں قاسم ضیاء کو پیش کیا گیا اور دس روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس کی قاسم ضیاء کے وکلاء نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قاسم ضیاء کا مذکورہ اسٹاک ایکسچینج اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں وہ علی عثمان بروکرز کمپنی کے صرف آٹھ ماہ تک ڈائریکڑ رہے اور مشکوک سرگرمیوں پر انھوں نے اس سے علیحدگی اختیار کرلی۔

    وکلاء کا مؤقف تھا کہ نیب ابھی تک کوئی ریکارڈ پیش نہیں کرسکی، جس سے قاسم ضیاء کا مذکورہ فراڈ سے تعلق ثابت ہوتا ہو، وکلاء نے کہا کہ فراڈ کے ذمہ دار مذکورہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں، قاسم ضیاء صرف شیئرہولڈر تھے۔

    اس موقع پر قاسم ضیاء نے کہا کہ وہ ساڑھے تین کروڑ روپے لوگوں کی ادائیگیوں کے لیے دے چکے ہیں، نیب ان پر بارگین کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی مہم پر ہے۔