Tag: NAB

  • نیب نے سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کیخلاف کڈنی ہلز تحقیقات میں اہم کامیابی حاصل کرلی

    نیب نے سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کیخلاف کڈنی ہلز تحقیقات میں اہم کامیابی حاصل کرلی

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کیخلاف کڈنی ہلز کیس میں ایک کروڑ 62 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی کو سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کیخلاف کڈنی ہلز تحقیقات میں اہم کامیابی حاصل ہوگئی ، نیب نے کڈنی ہلز کیس میں ایک کروڑ 62 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی۔

    نیب نے بتایا کہ اظہر حسین مغل نامی ملزم نے اعتراف جرم کر کے اپنے حصے کے ایک کروڑ 62 لاکھ واپس کر دیئے ، شامل تفتیش کئے جانے پر اظہر حسین نے حوالہ ہنڈی سے اعجاز ہارون کیلئے منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا۔

    نیب کے مطابق اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز کے پلاٹس فروخت سے حاصل رقوم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کر رکھی تھیں، انھوں نے رشتہ داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے یہ رقوم منتقل کی تھیں جبکہ ایک کروڑ 62 لاکھ روپے کی رقم اظہر حسین مغل کے ملازم شکیل کے اکاونٹ میں گئی تھی۔

    چئیرمین نیب کی جانب سے پلی بارگین منظور کرلی گئی ، جس کے بعد توثیق کیلئے نیب احتساب عدالت سے رجوع کرے گا۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں سلیم مانڈوی والا کو ملزم نامزد کیا گیا تھا، دیگر ملزمان میں اعجاز ہارون، ندیم حکیم مانڈوی والا، عبدالقادر شیوانی، عبدالقیوم، عبدالغنی مجید اور مبینہ بے نامی طارق محمود شامل ہیں۔

    جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں نیب کے ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ اعجاز ہارون کو الاٹمنٹس کے بدلے بھاری رقوم جعلی اکاؤنٹس سےملیں، اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز فلک نما میں پلاٹس کی بیک ڈیٹ فائلیں تیار کیں، سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس عبدالغنی مجید کو بیچنے میں اعجاز ہارون کی معاونت کی، انھوں نے پہلے ایک بے نامی کے نام پر پلاٹ خریدا، بعد میں پلاٹ بیچ کر دوسرے فرنٹ مین کے نام پر بے نامی شئیر خریدے، کڈنی ہلز پلاٹس کی فروخت کے بدلے میں رقم آئی ہی جعلی اکاؤنٹس سے تھی۔

  • سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے اربوں روپے کے  فراڈ کیس میں اہم پیشرفت

    سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے اربوں روپے کے فراڈ کیس میں اہم پیشرفت

    اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی کیخلاف 1ارب 8کروڑ کا ریفرنس دائر کردیا ، جس میں کہا ہے کہ جعلی کمپنی کےذریعےعوام کو غیر حقیقی منافع کا لالچ دے کر لوٹا۔

    تفصیلات کے مطابق سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے فراڈ کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ، نیب نے آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی کیخلاف 1ارب 8کروڑ کا ریفرنس دائر کردیا ، ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔

    نیب کی جانب سے ریفرنس میں کمپنی مالک آدم امین چوہدری کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ ریفرنس میں ملزمان فیصل ایوب،جواد اللہ،حسن پاشا اور محمد امین بھی نامزد ہیں۔

    ریفرنس میں ملزمان پرایک ارب 8کروڑ کی ذمہ داری عائد کی گئی اور کہا گیا ہے کہ جعلی کمپنی کےذریعےعوام کو غیر حقیقی منافع کا لالچ دےکر لوٹا اور پرکشش منافع دکھاکر سادہ لوح شہریوں سےاربوں لوٹے گئے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ کمپنی سرمایہ کاری کے لئے رجسٹرڈ ہی نہیں تھی، عوام آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی میں سرمایہ کاری سےبازرہیں۔

    خیال رہے نیب راولپنڈی نے آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی کے مالک آدم امین چوہدری کو اپریل میں گرفتار کیا تھا۔

  • نیب  کی آصف زرداری  کو کل تک نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت

    نیب کی آصف زرداری کو کل تک نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق صدرآصف زرداری کو کل تک نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کے نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق نیب تحقیقات جاری ہے، اس حوالے سے نیب راولپنڈی نے سابق صدر آصف زرداری کو خط لکھا۔

    خط بلاول ہاؤس اسلام آباد اور بلاول ہاؤس کراچی بھجوائے گئے ہیں ، خط میں آصف زرداری کو سوالنامے کا تحریری جواب دینے اور نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آصف زرداری 16جولائی تک ریکارڈنیب راولپنڈی کی ٹیم کوجمع کرائیں۔

    یاد رہے نیب نیویارک اپارٹمنٹ سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ موصول ہوگیا تھا ، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ نیویارک فلیٹ کسی اور کو منتقل کرنے پر ایم ایل اے لکھا جائے گا ، الیکشن کمیشن میں آصف زرداری نے نیویارک پراپرٹی ظاہرنہیں کی جبکہ نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویزات نیب کے پاس موجود ہے ، جس کے مطابق نیویارک میں جائیداد ملکیت آصف زرداری کی ہی تھی۔

    نیب دستاویز میں کہا گیا تھا کہ 20جون2007 کو5لاکھ 30ہزار ڈالرمیں اپارٹمنٹ خریدا گیا اور 7جون 2007کوآصف زرداری نےمیری این نامی خاتون کو پاورآف اٹارنی دیا۔

    خیال رہے آصف زرداری نےکیس میں 28جولائی تک عبوری ضمانت لے رکھی ہے جبکہ آصف زرداری نے نیب سوالنامے کاجواب اور متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی تھی۔

  • نیب نے شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا

    نیب نے شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر خزانہ شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین کے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

    شوکت ترین نے نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کے کام نہ کرنے سے متعلق بیان دیا تھا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے 1300 ارب کے 1273 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جب کہ ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں، اس کے باوجود تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

    اعلامیے میں نیب نے کہا ہے کہ اس سب کا مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جب کہ نیب بیوروکریسی کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ ان کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے، بیوروکریسی کسی بھی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال نے نیب کو ایک متحرک ادارہ بنا دیا ہے، بیوروکریسی اگر آئین اور قانون کے مطابق کام کرتی ہے تو اسے نیب سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

    اعلامیے میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے وزیر خزانہ کو مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ نیب آرڈیننس کا مکمل جائزہ لیں۔

  • آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کی  تحقیقات میں اہم پیشرفت

    آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

    اسلام آباد : تفتیشی ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کی  تحقیقات کیلئے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کرلیا ، نیویارک فلیٹ کسی اور کو منتقل کرنے پر ایم ایل اے لکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کو الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ موصول ہوگئے ہیں ، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے امریکا سے مزید معلومات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک فلیٹ کسی اور کو منتقل کرنے پر ایم ایل اے لکھا جائے گا ، الیکشن کمیشن میں آصف زرداری نے نیویارک پراپرٹی ظاہرنہیں کی جبکہ نیویارک پراپرٹی رجسٹرار کی پرانی دستاویزات نیب کے پاس موجود ہے ، جس کے مطابق نیویارک میں جائیداد ملکیت آصف زرداری کی ہی تھی۔

    نیب دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 20جون2007 کو5لاکھ 30ہزار ڈالرمیں اپارٹمنٹ خریدا گیا اور 7جون 2007کوآصف زرداری نےمیری این نامی خاتون کو پاورآف اٹارنی دیا۔

    خیال رہے آصف زرداری نےکیس میں 28جولائی تک عبوری ضمانت لے رکھی ہے جبکہ آصف زرداری نے نیب سوالنامے کاجواب دینے کیلئے ایک ماہ کی مہلت طلب کی تھی۔

  • ایل این جی ریفرنس، نیب کچھ نہ بتا سکا، عدالتی فیصلہ جاری

    ایل این جی ریفرنس، نیب کچھ نہ بتا سکا، عدالتی فیصلہ جاری

    اسلام آباد: ایل این جی ریفرنس میں ہائی کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کی ضمانت پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایل این جی ریفرنس میں تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ یہ نیب کا کیس ہی نہیں بنتا کہ شاہد خاقان نے کوئی مالی فوائد لیے۔

    ہائی کورٹ نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل میں کسی غیر شفافیت کا تنازع ہی نہیں ہے، اس کی منظوری مجاز فورمز نے دی تھی، اور ایل این جی کنسلٹنٹ کو فیس امریکی امدادی ادارے نے دی۔

    عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ اگر شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی گئی تھی تو اس کا نیب نے ریکارڈ نہیں دیا، جب کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان خط و کتابت کے نتیجے میں کنسلٹنٹ کی تعیناتی ہوئی تھی۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق نیب یہ نہیں بتا سکا کہ شاہد خاقان کنسلٹنٹ کی تعیناتی میں اثر انداز کیسے ہو سکتے ہیں، شاہد خاقان کے خلاف واحد مواد سابق سیکریٹری پٹرولیم کا بطور گواہ بیان ہے، ہم وعدہ معاف گواہ کے بیان کی حیثیت پر کوئی آبزرویشن نہیں دے رہے، تاہم ایل این جی ٹرمینل عوامی مفاد میں تھا، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

    عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب نہیں بتا سکا کہ شاہد خاقان کو مزید گرفتار رکھنا کیوں ضروری ہے۔

  • سابق وزیراعظم  نے چیئرمین نیب سے بڑا مطالبہ کردیا

    سابق وزیراعظم نے چیئرمین نیب سے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر نیب کو نشانے پر رکھ لیا ، کہتے ہیں کہ ملک کو نیب کےحوالےکردیں کہ وہ بہتر چلالےگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما شاہدخاقان عباسی نے انکشاف کیا کہ حکومتی حکومتی شخصیات نے کہہ دیا ہےآپ نیب کو چلالیں یا حکومت چلالیں، جتنا نقصان نیب نے ملک کو پہنچایا کسی اور ادارےنےنہیں پہنچایا۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج بیس ہزار ارب سے زائد کےاسکینڈل ہیں، نیب خاموش بیٹھا ہے،مجھےپر کیس ہے کہ ایل این جی ٹرمینل نہیں لگناچاہئے یہاں توچھ دن ایل این جی بند رہی تو ملک بیٹھ گیا، اگر انہیں قانون کی الف ب بھی آتی ہےتو کیسز کوملاحظہ کریں۔

    شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب تک نیب ہوگا ہمارا ملک نہیں چل سکےگا، نیب کاموں میں مداخلت کرتا ہےنیب کےہوتے ترقی نہیں ہوسکتی، چیئرمین نیب سےکہتا ہوں کہ کیسز ختم کریں۔

    سابق وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن ہے پوری دنیا کی نظر اس پرہے، میری نزدیک آزاد کشمیر میں بھی الیکشن چوری کی کوشش کےشواہد موجود ہیں۔

  • نیب راولپنڈی کو جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے بڑے مبینہ فرنٹ مین کی تلاش

    نیب راولپنڈی کو جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے بڑے مبینہ فرنٹ مین کی تلاش

    راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے بڑے مبینہ فرنٹ مین یونس قدوائی کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا، انٹرپول سمیت تمام ذرائع سے یونس قدوائی کی گرفتاری کی کوشش ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی کو جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے بڑے مبینہ فرنٹ مین کی تلاش ہیں ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈا فرار ہونے والا مرکزی کرداریونس قدوائی ہی یونس میمن کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 5ریفرنسزمیں اشتہاری یونس قدوائی کے اسکینڈل میں مکمل کردار سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی ہے، سندھ بینک کو ہزارملین کا ٹیکہ لگانے اور فلاحی پلاٹوں کے غبن سب میں یونس قدوائی کا ہاتھ ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ یونس قدوائی آصف زرداری کا اثرورسوخ استعمال کرکے زمینیں ایکوائر اور کک بیکس لیتاتھا جبکہ آصف زرداری کی جگہ رشوت اور رقوم کنسٹرکشن کام میں سرمایہ کاری کے نام پرلانڈرکرتا تھا۔

    رپورٹ کےمطابق منی لانڈرنگ میں استعمال2جعلی اکاؤنٹس کی مہریں یونس قدوائی کےدفترسےملیں ، یونس قدوائی نے فرنٹ مین ندیم احمدکواستعمال کر کے 2فلاحی پلاٹس نام کرائے، فرنٹ میں ندیم احمد وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ پارک لین فراڈمیں زرداری کانام نہ آئےاسلئےاکاؤنٹس یونس قدوائی سنبھالتےرہے ، 5ریفرنسزمیں اشتہاری یونس قدوائی کیخلاف ایک انویسٹی گیشن اور 3انکوائری بھی جاری ہے۔

    یونس قدوائی کی گرفتاری کیلئے نیب راولپنڈی نے تمام وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرپول سمیت تمام ذرائع سےیونس قدوائی کی گرفتاری کی کوشش ہوگی۔

    خیال رہے گزشتہ دنوں چیف جسٹس نےبھی یونس میمن کےکردارپرسوالات اٹھائےتھے ، نیب اب تک جعلی اکاؤنٹس میں 33ارب کی ریکوری کرچکا ہے۔

  • نیب کا وزیر تعلیم سندھ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    نیب کا وزیر تعلیم سندھ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    کراچی: قومی احتساب بیورو نے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے سعید غنی کے ادارے کے حوالے سے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے، سعید غنی کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔

    نیب نے وزیر تعلیم سندھ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر کے خلاف کراچی میں تحقیقات جاری ہیں، سعید غنی کے بیان کے جواب میں حلیم عادل شیخ سے متعلق بھی نیب نے کہا کہ ان کے خلاف بھی نیب کراچی میں انکوائری جاری ہے۔

    قبل ازیں، آج سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو میں نیب اور چیئرمین کے خلاف دھواں دار بیان دیا، انھوں نے نیب کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز سے متعلق تمسخر کا انداز اختیار کرتے ہوئے ’میں ڈر گیا ہوں‘، انھوں نے کہا ’مجھے رات بھر نیند نہیں آئی۔‘

    سعید غنی نے کہا کہ اس پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوا ہوں، میرے بیان کا 31 اے کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے، نیب اسی طرح اس ملک کے معزز لوگوں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، ظلم کرو، لوگوں کا مستقبل برباد کرو، اور اس پر ہم بات نہ کریں، ایسا نہیں ہو سکتا۔

    وزیر تعلیم نے واضح دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے للکارا ’جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا، آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، میں کہتا ہوں پہلی پیشی پر پورے سال کا ریمانڈ لے لو میرا، مجھے نوٹس بھیجیں اور بلائیں، میں ضمانت بھی نہیں کراؤں گا۔‘

    انھوں نے حلیم عادل شیخ سے متعلق کہا انھوں نے غلط طریقے سے لوگوں کو زمینیں بیچی ہیں، نیب کو حلیم عادل کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے، خود نیب نے کہا حلیم عادل پر زمین پر قبضے کے الزامات درست ہیں، لیکن توقع نہیں تھی کہ میرے حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب کے پیٹ میں درد ہوگا، میرا یہ کہنا گناہ ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کرو۔

    سعید غنی نے چیئرمین نیب کی عمر کا بھی حوالہ دیا، اور کہا کہ نیب کا قانون ظالمانہ ہے، چیئرمین نیب 80 سال کے ہوں گے، وہ اگر بلیک میل ہو رہے ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں، میں ان کو جانتا ہوں جن کے گھر نیب کارروائیوں کی وجہ سے تباہ ہوگئے ہیں۔

  • سیاسی آشیرباد یا کچھ اور، پولیس کا اعلیٰ افسر نیب کے مفرور ملزم کے قدموں میں بیٹھ گیا

    سیاسی آشیرباد یا کچھ اور، پولیس کا اعلیٰ افسر نیب کے مفرور ملزم کے قدموں میں بیٹھ گیا

    جیکب آباد: پولیس نیب کی جانب سے نامزد بااثر ملزمان کے سامنے بے بس ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی جیکب آباد نیب کےمفرور ملزم کے قدموں میں بیٹھ گیا، اے آر وائی نیوز نےافسر کی قدموں میں بیٹھنےکی تصویر حاصل کرلی ہے، ایس ایس پی شمائل ریاض مشیر جیل خانہ جات کے قدموں میں بھی نظر آئے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی جیکب آباد نیب کےمفرور ملزم کا آلہ کار بناہوا ہے، ایس ایس پی ملزم کے قدموں میں بیٹھ کر قانون کی بالا دستی کیسےکرسکتےہیں؟۔

    نیب نے ایس ایس پی جیکب آباد کو ملزم کا سہولت کار قرار دیا ہے اور ایس ایس پی جیکب آباد شمائل ریاض کو فوری ہٹانےکا مطالبہ کیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سےایس ایس پی کیخلاف رجوع کرینگے

    یہ بھی پڑھیں: سکھر نیب ٹیم حملہ: مقدمے کے اندراج پر پولیس اور نیب آمنے سامنے

    دوسری جانب سابق صوبائی وزیر اعجاز جاکھرانی کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے نیب اور مقامی پولیس میں سخت تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔

    نیب کی جانب سے دو روز سے مقدمہ درج کرانے کی کوشش جاری تھی مگر جیکب آباد سول لائن پولیس نے نیب کی درخواست کو رد کرتے ہوئے سرکار کی مدعیت میں مقدمے کا اندراج کیا، سرکاری مدعیت میں دائر مقدمے میں تین نامزد اور ڈھائی سو نامعلوم افراد کےخلاف پرچہ کاٹا گیاہے، نیب نے مقدمہ درج کرانے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے