Tag: NAB

  • کروڑوں روپے فراڈ کا الزام، سابق وزیرِاعلی خیبرپختونخوا کے مشیر سید معصوم شاہ گرفتار

    کروڑوں روپے فراڈ کا الزام، سابق وزیرِاعلی خیبرپختونخوا کے مشیر سید معصوم شاہ گرفتار

    اسلام آباد : نیب نے کرپشن کے الزام میں سابق وزیرِاعلی خیبرپختونخوامیر حیدر خان ہوتی کے مشیرسید معصوم علی شاہ اور لاہور سے آٹھ کروڑ روپے فراڈ کے مرکزی ملزم علی عثمان چوہدری کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

    پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوامیں نیب کرپٹ اور بدعنوانیوں میں ملوث افراد کے خلاف سرگرم ہے، نیب نے سابق وزیرِاعلی خیبرپختونخوا کے مشیر سید معصوم شاہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا، ان پر کروڑوں روپے کے غیر قانونی اثاثہ جات کا الزام ہے، سید معصوم شاہ کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے۔

    نیب نے ایک اور کارروائی میں ا سٹاک ایکسچینج میں آٹھ کروڑ روپے فراڈ کے مرکزی کردار علی عثمان چودھری کو لاہور سے گرفتار کرلیا، علی عثمان سکیورٹیز پر کھاتہ داروں کےآٹھ کروڑ روپے کے شیئرز غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

    اس کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنماء قاسم ضیاء پہلے ہی گرفتار ہیں۔

  • این ایل سی اسکینڈل کیس میں نیب کی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار

    این ایل سی اسکینڈل کیس میں نیب کی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں این ایل سی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے نیب کی کارکردگی غیرتسلی بخش قرار دے دی۔

    سپریم کورٹ میں این ایل سی اسکینڈل کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خوا جہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کررہا ہے۔ سماعت کے دوران نیب نے اس کیس میں ملزمان کو فوج کی جانب سے سنائی گئی سزا کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

    سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ جرائم کی تفتیش کے حوا لے سے نیب کی کارگردگی غیر تسلی بخش ہے۔

    نیب نے اس کیس کی تفتیش پانچ سال تک کیوں زیر التوا رکھی، جس پر پراسیکیوٹرجنرل نیب نے کہا کہ کیس کا تمام ریکارڈ جی ایچ کیو میں تھا۔

    جسٹس جواد نے کہاکہ معلوم کر کے بتایا جائے کہ نیب نے کیس کی تفتیش کے لئے جی ایچ کیو کو پہلا خط کب لکھا۔

     واضح رہے کہ دو روز قبل نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانیوالی رپورٹ میں این ایل سی معاملہ جلد نمٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

    سینئرصحافی اسد کھرل کی درخواست پر سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو سے این ایل سی اسکینڈل میں ہونے والی اب تک کی کارروائی پر رپورٹ طلب کی تھی ۔

  • پی پی سینیٹر کا بیٹا کروڑوں روپے کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار

    پی پی سینیٹر کا بیٹا کروڑوں روپے کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار

    لاہور : قومی احتساب بیورو نے قاسم ضیاء کے بعد ایک اور پی پی رہنماء کے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے سوا 5 کروڑ روپے کی بدعنوانی کے الزام میں پیپلز پارٹی کے سنیٹر سیف اللہ بنگش کے صاحبزادے شوکت اللہ بنگش کو گرفتار کر لیا۔

    نیب حکام کے مطابق شوکت اللہ بنگش پر لاہور میں قصر ذوق شادی ہال کی غیر قانونی فروخت کا الزام ہے۔ قصر ذوق شادی ہال فروخت کر کے شوکت اللہ بنگش نے سوا 5 کروڑ روپے کا غبن کیا، جس پر نیب نے ان کو گرفتار کیا۔

    ملزم کو ریمانڈ کیلئے پیر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کو بھی نیب نے گزشتہ روز کروڑوں روپے فراڈ کے الزام میں  گرفتار کیا تھا۔

    نیب پنجاب کے مطابق قاسم ضیاء کی کمپنی علی عثمان سکیورٹیز پر عوام سے کروڑوں روپے فراڈ کا الزام تھا۔

  • این ایل سی اسکینڈل: نیب نے دیگر ملزمان کیخلاف کارروائی تیز کردی

    این ایل سی اسکینڈل: نیب نے دیگر ملزمان کیخلاف کارروائی تیز کردی

    اسلام آباد : این ایل سی اسکینڈل میں ریٹائرڈ فوجی افسروں کو سزاؤں کے بعد نیب نے بھی سویلین ملزمان کیخلاف کارروائی تیز کردی ہے۔

    نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانیوالی رپورٹ میں این ایل سی معاملہ جلد نمٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی اسد کھرل کی درخواست پر سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو سے این ایل سی اسکینڈل میں ہونے والی اب تک کی کارروائی پر رپورٹ طلب کی تھی جو نیب نے جمع کروادی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہائی پروفائل ملزمان کو فریش نوٹس ایشو کئے جاچکے ہیں اور این ایل سی سے اوریجنل ریکارڈ ملنے پر یہ معاملہ بہت تھوڑے عرصے میں نمٹا لیا جائے گا۔

  • کروڑوں روپے فراڈ کا الزام، پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء گرفتار

    کروڑوں روپے فراڈ کا الزام، پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء گرفتار

    لاہور: نیب پنجاب نے کروڑوں روپے فراڈ کے الزام میں پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کو گرفتار کرلیا ہے۔

    نیب پنجاب کے مطابق قاسم ضیاء کی کمپنی علی عثمان سکیورٹیز پر عوام سے کروڑوں روپے فراڈ کا الزام تھا، جس پر انھیں گزشتہ رات ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، نیب پنجاب نے قاسم ضیاء کو احتساب عدالت میں پیش کرکے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا جبکہ ان سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    قاسم ضیاء ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

  • چائنا کٹنگ کے الزام، لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی گرفتار

    چائنا کٹنگ کے الزام، لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی گرفتار

    کراچی: نیب نے لائنزایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر فرید یوسفانی کو چائنا کٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ فرید احمد یوسفانی بلڈرز اور قبضہ مافیا کیلئے سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہے ، فرید یوسفانی نے گلستان جوہر اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں کی زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے کئی سابق ایڈمنسٹریٹرز، کے ڈی اے اور ریونیو افسران کے غیرقانونی قبضے میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے اور قبضوں کی فروخت کے ذریعے حاصل پیسے سے دہشت گردوں کی فنڈنگ کی جاتی تھی۔

    کرپشن اور لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے نیب کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ایکسپریس وے پروجیکٹ، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بے نظیرلوکاسٹ ہاؤسنگ اسکیم کے متعدد افسران کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس لاسکتے ہیں، ایاز صادق

    چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس لاسکتے ہیں، ایاز صادق

    لاہور : اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس لاسکتے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نیب کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی قومی اسمبلی کے اختیارات کو چیلنج کرنے کا نہ سوچے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے متعلق الیکشن ٹربیونل کا کیا فیصلہ آنا ہے، مجھے سب معلوم ہے۔ میرے ماتھے پر کوئی شکن نہیں میں چاہوں تو اپنے حلقے کا ابھی فیصلہ سنا دوں مگر نہیں سناؤں گا،۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس لا سکتے ہیں، نیب کے خلاف قومی اسمبلی میں بحث اور پوری اسمبلی کو کمیٹی بنا سکتے ہیں۔

    سردار ایاز صادق کا کہنا تھاکہ نیب کا خود احتساب ہونے والا ہے ، نیب کے اوپر بھی ایک نیب ہونی چاہئیے، نیب میں کرپٹ افسران کی بھرمار ہے۔

  • امن کو ترقی سے اورترقی کوامن سےمنسلک کرنا ہوگا، نواز شریف

    امن کو ترقی سے اورترقی کوامن سےمنسلک کرنا ہوگا، نواز شریف

    اوفا: وزیر اعظم نواز شریف نے اوفا میں برکس سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ خطے کیلئے ہے، چین کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری بنا رہے ہیں۔

     وزیر اعظم نواز شریف روس کے شہر اوفا میں ہونیوالے برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے اُن کا استقبال کیا، اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر ملکوں کے سربراہان شریک تھے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے کہا پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جو پورے خطے کیلئے ہے،وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا چین کےساتھ اقتصادی راہداری بنا رہے ہیں دو ہزار پچیس تک پاکستان کومستحکم مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان برکس کے ممالک سے تعاون کررہا ہے،وزیراعظم نواز شریف نے کہا خطےمیں ترقی کےلیےسب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔

  • نیب نے150بڑے مالیاتی اسکینڈلز کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرادی

    نیب نے150بڑے مالیاتی اسکینڈلز کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرادی

    اسلام آباد: نیب نے بڑے مالیاتی اسکینڈل میںم ملوث 150 اعلیٰ سیاسی اور سرکاری شخصیات کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین ججوں پر مبنی بنچ نے چیئرمین نیب منظور احمد غوری اور دیگر افسران کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔

    نیب رپورٹ میں وزیراعظم نوازشریف،شہبازشریف،اسحاق ڈار، آصف زرداری ،یوسف رضاگیلانی،راجہ پرویزاشرف،آفتاب شیرپاؤ،اسلم رئیسانی اورہمایوں برادران سمیت کئی بڑے سیاست دانوں اوربیورکریٹس کےمبینہ کرپشن کی داستانیں موجود ہیں

    نیب رپورٹ میں وزیراعظم کےمعاون خصوصی ہارون اخترپر ستر کروڑ کی مشکوک ٹرانسیکشن،نواب اسلم رئیسانی کےدس کروڑ کے ناجائز اثاثہ جات،سابق وزیرداخلہ آفتاب احمدشیرپاؤ کیخلاف ایک ملین ڈالر کے ناجائزاثاثہ جات کی انکوائری بھی شامل ہے۔

    بڑے بیوروکریٹس میں این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز نیازی پر چارارب کی غیرقانونی سرمایہ کاری، سابق سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کے پی پرچودہ کروڑ کے ناجائز اثاثہ جات، ماڈل کسٹم سیکٹریٹ لاہورپراناسی کروڑ پان اسمگلنگ، سیکریٹری بلدیات سندھ احمد لُنڈ پرپچیس کروڑ کے ناجائز اثاثہ جات، سابق سیکریٹری ہاؤسنگ ذکی اللہ پر انتالیس کروڑ کے ناجائز اثاثہ جات اور یونیورسٹی آف پشاورکےوائس چانسلر پردس کروڑ روپے کی خوردبرد کےکیسزہیں۔

    نجی گروپس میں ایم سی بی نجکاری کرپشن کےعلاوہ ناصرایچ شون کے خلاف سوا ارب قرضہ نادھندگی، یونس حبیب کے خلاف تین ارب کی نادھندگی، جہانگیرصدیقی کےخلاف دو ارب کے فراڈ، الحمرا ہلز اور ایڈن بلڈرزپر ایک ارب نوے کروڑ فراڈ کاکیس بھی رپورٹ میں شامل ہے۔

    عدالت عظمیٰ نے نیب کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب کو اس رپورٹ میں مزید دوکالم شامل کرنے چاہئیے جن میں یہ بتایا جائے کہ کب کس ملزم کے خلاف درخواست درج ہوئی اور کب اس کی تصدیق ہوئی۔

  • محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    کراچی:  نیب کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، ٹیم نے ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب بیورو سندھ نے محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ کے کراچی دفتر پر چھاپہ مارکر اہم دستاویزات قبضےمیں لے لیں۔

    چھاپے کے وقت آر ایس یو کی پروجیکٹ ڈائریکٹر صبا محمود دفتر میں موجود نہیں تھیں، ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے ریفارم سپورٹ یونٹ سے دستاویزات تحویل میں لیں، اس دوران افسران کے فون بند کرادیئے گئےتھے۔

    محکمہ تعلیم کے ماتحت ادارے ریفارم سپورٹ یونٹ کو عالمی بینک سے فنڈنگ فراہم کی جاتی ہے جس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

    محکمہ تعلیم کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق چھاپہ نہیں لگا تھا البتہ کچھ ریکارڈ تحویل میں لیا گیا ہے۔