کراچی: ایم کیو ایم چھوڑنے والے نبیل گبول کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، دوسری جانب شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کراچی کے حلقے این اے 246سے مستعفی ہونے والے نبیل گبول ایم کیو ایم چھوڑ کر کس جماعت میں شامل ہونے جا رہے ہیں، اس بارے میں کئی قیاس آرائیاں موجود تھیں، اکثر مبصرین کا کہنا تھا کہ نبیل گبول تحریک انصاف میں شامل ہونے جا رہے ہیں لیکن اب خبریں ہیں کہ نبیل گبول کی پیپلز پارٹی میں واپسی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
تاہم سندھ کے وزیرِ اطلاعات و بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نبیل گبول نے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کے حوالے سے متعدد رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیاہے۔
دوسری جانب نبیل گبول کا کہنا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطے میں ہیں، شرجیل میمن جونیئر ہیں، انہیں اعلیٰ سطح پر ہونے والے رابطوں کے بارے میں علم نہیں ہے۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ تحفظات دور ہونے کے بعد پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔