Tag: nadeem nusrat

  • کراچی کے ساتھ متعصبانہ سلوک بند کیا جائے، ندیم نصرت

    کراچی کے ساتھ متعصبانہ سلوک بند کیا جائے، ندیم نصرت

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے کہاہے کہ رینجرز کوصرف کراچی میں آپریشن کے لئے اختیارات دیناکراچی کے شہریوں کے ساتھ جاری متعصبانہ سلوک کاتسلسل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرزکے اختیارات کے معاملے پر اپنے ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ ’’پورا ملک جانتاہے کہ اندرون سندھ کے بیشترعلاقوں میں ہمیشہ سے ڈاکووٴں اور پتھارےداروں کاراج رہاہے جس کی وجہ سے شام کواندرون سندھ کے کسی بھی علاقے یاشاہراہ پر لوگوں کانکلنا ناممکن ہے۔

    ندیم نصرت نے مزید کہا کہ ’’اندرون سندھ میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رینجرز کی زیادہ ضرورت اندرون سندھ میں ہے لیکن وہاں سندھ حکومت پولیس سے کام لے رہی ہے۔ اگرآج بھی حکومت سندھ یہ سمجھتی ہے کہ وہ پورے سندھ میں دہشت گردوں، ڈاکووٴں، پتھاریداروں، اغوابرائے تاوان کی وارداتیں کرنے والوں اورجرائم پیشہ عناصر پر پولیس کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے تو پھر صرف کراچی میں رینجرز کو آپریشن کا اختیار کیوں دیا جارہا ہے؟‘‘۔

    پڑھیں : رینجرز اختیارات پر وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی، وزیر اعلیٰ سندھ

    انہوں نے کہا کہ ’’اگر اندرون سندھ میں صرف پولیس ہی امن و امان کی صورتحال دیکھ رہی ہے تو پھر کراچی میں پولیس سے ہی کام کیوں نہیں لیا جارہا؟‘‘، رینجرز کو صرف کراچی میں کارروائیوں کی اجازت اور اختیارات دینا کراچی کے شہریوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کا تسلسل ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں : سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع، اندرون سندھ کارروائی نہیں‌ کرسکے گی

    کنوینر ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’کراچی کے لیے اس طرز کے مسلسل یکطرفہ اور متعصبانہ فیصلے کے ذریعے حکومت سندھ خود اس بات کو تسلیم کررہی ہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ تصور کرتی ہے۔ حکمران کراچی کے بارے میں اس طرح کے متعصبانہ فیصلے اور پالیسیوں کا نافذ کر کے عوام کو علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرنے کی جانب دھکیل رہے ہیں‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں : وفاق نے رینجرزکوسندھ میں اختیارات دے دیئے، دو نوٹیفکیشن جاری

    ندیم نصرت نے کہاکہ’’ آج کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کاہرفرد یہ سمجھنے پر مجبورہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت دونوں ہی کراچی کے عوام کے ساتھ متعصبانہ سلوک کررہے ہیں اور انہیں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے ساتھ نفرت اور تعصب کا سلوک بند کیا جائے‘‘۔

  • جامعہ حقانیہ کے لئے فنڈ مختص کرنا قابل افسوس ہے، ندیم نصرت

    جامعہ حقانیہ کے لئے فنڈ مختص کرنا قابل افسوس ہے، ندیم نصرت

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینرندیم نصرت نے تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ میں 30 کروڑ روپے جامعہ حقانیہ کے لئے مختص کرنے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم پربنتا ہے۔

    عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام کی فلاح وبہبود اورتعمیر وترقی پر خرچ ہوناچاہئیے لیکن خیبرپختونخوا کی حکومت نے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم میں سے 30کروڑ روپے جامعہ حقانیہ کے لئے مختص کئے ہیں۔

    جامعہ حقانیہ کے بارے میں یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ اس مدرسہ سے طالبان نے جنم لیا جو آج پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں اورجن کی وجہ سے آج پوری دنیا کی انگلیاں پاکستان پر اٹھ رہی ہیں۔

    ندیم نصرت نے کہا کہ اگرایک صوبائی حکومت ہی کسی ایسے مدرسے کی مالی مدد کرے گی تو ملک میں دہشت گردی کس طرح ختم ہوسکتی ہے۔

    انہوں نے ایک کہاکہ جامعہ حقانیہ کو 30کروڑ ر وپے فراہم کرکے عمران خان کی تحریک انصاف نے ایک بارپھرطالبان سے اپنے گہرے اوردیرینہ تعلقات کاعملی ثبوت فراہم کیاہے۔

    ندیم نصرت نے کہا کہ عمران خان اپنے فلاحی ادارے کے لئے تو دنیا بھر میں جا کر فنڈ جمع کرتے ہیں لیکن اپنی صوبائی حکومت سے ایک متنازعہ مدرسے کو30 کروڑ روپے فراہم کرتے ہیں جوانتہائی افسوسناک ہے۔

     

  • امین الحق کے خلاف مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے، ندیم نصرت

    امین الحق کے خلاف مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ امین الحق کے خلاف مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے، یہ بات انہوں نے لندن سے جاری ایک بیان میں کہی۔

    ندیم نصرت نے کہا کہ سوشل میڈیا پرچلنے والی جس وڈیو کو جواز بنا کر رینجرز کی جانب سے امین الحق پرمقدمہ قائم کیا گیا ہے اس سے امین الحق کا کوئی تعلق نہیں۔

    اپنے بیان میں ندیم نصرت کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم ایک ذمہ دارسیاسی جماعت ہے ، وہ اس طرح کے غیرذمہ دارانہ عمل پر یقین نہیں رکھتی۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر کسی کے غلط اقدام کو غلط کہتی ہے تو کھل کر کہتی ہے، اسے اس طرح کی ویڈیو اور نغمے بنانے کی ضرورت نہیں، ندیم نصرت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے کسی مواد کی بنیاد پر بغیرتحقیق کے رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق کے خلاف مقدمہ قائم کرنا مضحکہ خیز اوربدنیتی پر مبنی ہے۔

    ندیم نصرت کا کہنا ہے کہ امین الحق کے خلاف مقدمہ فوری طورپر واپس کرکے رہنماؤں کیخلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : کراچی:ایم کیوایم کے رہنما امین الحق کیخلاف مقدمہ درج

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ رینجرز 73ونگ کے ڈی ایس آر کی جانب سے عزیز آباد تھانے میں متحدہ قومی موومنٹ کے میڈیا کو آرڈی نیٹر امین الحق کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

    مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔

     

  • غیر منصفانہ آپریشن پر پاکستان کو عالمی میڈیا کی تنقید کا سامنا ہے، ندیم نصرت

    غیر منصفانہ آپریشن پر پاکستان کو عالمی میڈیا کی تنقید کا سامنا ہے، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ندیم نصرت نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم کے خلاف کیا جارہا ہے، اگر ایم کیو ایم کی جگہ دوسری جماعت ہوتی تو اب تک ٹوٹ چکی ہوتی۔

    لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک بات کرتے ہوئے ندیم نصرت نے کہا کہ جمہوری ادوار میں ووٹ کی طاقت کو تسلیم کیا جاتا ہے، عوام نے ہمیشہ ایم کیو ایم پر اعتماد کا اظہار کیا مگر کچھ لوگ مہاجروں کو ملک دشمن بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مسلسل ایم کیو ایم کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، کارکنان کو گرفتار کر کے جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کررہے ہیں ہمیں مسلسل غیر جمہوری طریقوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سندھ کے مختلف علاقوں کو ایم کیو ایم کے کارکنان کے لیے نوگو ایریا بنایا جارہا ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے کنونیر نے کہا کہ غیر منصفانہ آپریشن کے باعث پاکستان کو انٹرنیشنل میڈیا میں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان اپنے دوست ممالک سے محروم ہوتا جارہا ہے اور عالمی میڈیا میں یہ باتیں کی جارہی ہیں کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی واضح مثال پاکستان اور انڈیا کے وزرائے اعظم کے استقبال کی ہے، دوسری جانب عرب ممالک کا جھکاؤ بھی انڈیا کی طرف ہورہا ہے۔

    ندیم نصرت نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کا اس عمل میں پاکستان کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، پاکستان کے استحکام کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو اپنی آنکھیں کھولنی ہوں گی۔

  • سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ندیم نصرت

    سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے ضمیرفروشوں کی پارٹی جوائن کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کودی جانے والی دھمکیوں اوران پر دباوٴ کے ہتھکنڈوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ بعض طاقتور عناصر کی جانب سے اہم اداروں کے سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ وہ ضمیرفروشوں کی پارٹی کوجوائن کرلیں، اس مقصد کیلئے سرکاری اداروں کو سرکاری افسران اور ملازمین کی فہرست فراہم کرکے ان کی تنخواہیں روک لی گئی ہیں اور دباوٴ ڈالاجارہا ہے کہ اگر وہ ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے تو ان کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔

    انہوں نے کہاکہ حق پرست عوام پر مصنوعی قیادت مسلط کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ ایک جانب سرکاری ملازمین کو گرفتارکرکے ان کی گرفتاری کی خبریں جاری کی جارہی ہیں اوردوسری جانب ان پر دباوٴ ڈال کرضمیرفروشوں کی پارٹی میں شامل کرایاجارہا ہے جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ غیرقانونی چھاپوں اورگرفتاریوں کا مقصد کراچی میں امن وامان کا قیام نہیں بلکہ جبروتشدد کے ہتھکنڈے استعمال کرکے ضمیرفروش عناصر کو سیاسی حیثیت دلانا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ گزشتہ دنوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایم کیوایم شاہ فیصل کالونی ٹاوٴن کے دو عہدیداروں کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارکرانکے بھائیوں کو گرفتارکرلیا ۔گرفتارشدگان کے اہل خانہ کو پیغام دیا گیا کہ اگرایم کیوایم کے مذکورہ ذمہ داران نے ضمیرفروشوں کی پارٹی میں شمولیت اختیارنہ کی تو پھر وہ زندگی بھر اپنے بھائیوں کی شکل دیکھنے کو ترس جائیں گے جس کی وجہ سے انہیں مجبوراً ضمیرفروش عناصر کی پارٹی میں شمولیت اختیارکرنی پڑی ۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ ایک طرف دھونس ، دھمکیوں اوردباوٴ ڈال کر سرکاری ملازمین کو ضمیرفروشوں کی جماعت میں شمولیت اختیارکرنے پر مجبورکیاجارہا ہے جبکہ دوسری طرف شہرکے بلڈرز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ ضمیرفروشوں کو فنڈز دیئے جائیں اور ان کے ساتھ بھرپورمالی تعاون کریں ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ایم کیوایم ایک جمہوری جماعت ہے جسے عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے۔

    سندھ کے شہری علاقے بالخصوص کراچی کے عوام ہرانتخابات میں ووٹ دیکر ایم کیوایم کو اپنی نمائندگی کا حق دیتے چلے آرہے ہیں اور ایم کیوایم جیسی عوامی جماعت کو ریاستی ہتھکنڈوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا۔

    اس قسم کے ہتھکنڈوں سے حق پرست عوام کے دلوں سے ایم کیوایم کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ایم کیوایم کوختم کیاجاسکتا ہے ۔

    ندیم نصرت نے ارباب اختیار اور اقتدار سے مطالبہ کیاکہ ضمیرفروشوں کی جماعت میں شمولیت کیلئے سرکاری ملازمین اور ایم کیوایم کے ذمہ داران کو دی جانے والی دھمکیوں کا فوری نوٹس لیاجائے اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

     

  • وفاداریاں تبدیل کرانے کیلئے دباؤ ڈالاجارہا ہے، ثبوت موجود ہیں، ندیم نصرت

    وفاداریاں تبدیل کرانے کیلئے دباؤ ڈالاجارہا ہے، ثبوت موجود ہیں، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینئر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ منفی سیاست کو مسترد کیا جائے۔ خفیہ اداروں کے بعض لوگ وفاداریاں تبدیل کرانے کے لئے ایم کیو ایم رہنماﺅں پر دباﺅ ڈال رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن سے براہ راست ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ندیم نصرت نے کہا کہ جن پر متحدہ کے قائد نے احسان کیا وہی شر انگیزی کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں کسی ادارے پر الزام نہیں لگا رہا لیکن خفیہ اداروں کے بعض لوگ بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ وہ اپنے عہدوں کو استعمال کر کے وفا داریاں تبدیل کرائیں ،یہ ایسی حقیقت ہے جس کے ثبوت موجود ہیں۔

    جنرل راحیل شریف سے سے اپیل ہے کہ اس کام کو بند کرائیں، انہوں نے کہا کہ اگر جنرل راحیل شریف ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کریں تو ان کو وفاداریاں تبدیل کرانے کے لئے دباؤ ڈالنے کے شواہد پیش کئے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست کے کچھ لوگ دباﺅڈالنے کی کوشش کریں تو اس کا نقصان انہیں نہیں بلکہ ملک کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج اشفاق منگی سے پریس کانفرنس کروائی گئی جب وہ ایم کیو ایم میں تھے تو دہشت گرد ، بھتہ خور اور اب نہیں رہے۔ آج احساس محرومی ختم کرنے کے بجائے متحدہ پر الزام لگائے جا رہے ہیں۔

    ندیم نصرت نے کہا کہ وہ محب وطن عوام آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا مہاجروں کوانصاف دلوائیں، انہوں نے کہا ماضی میں بھی ایم کیو ایم پر الزامات لگائے گئے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ عوام ایم کیو ایم کو بار بار ووٹ کیوں دیتے ہیں۔ ایم کیو ایم کو پروپگنڈے کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا،

    انہوں نے کہا کہ حقائق کو مسخ نہ کیا جائے, 2013 سے لیکر اب تک 6 ہزار کارکن گرفتار، ہزاروں کے گھر چھاپے مارے گئے۔ کیا چھاپوں کے دوران کوئی پولیس مقابلہ ہوا۔ یہ کیسے ’’ را‘‘ کے ایجنٹ تھے کوئی مقابلہ نہیں ہوا؟۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے اور طالبان کو شہید کہتے ہیں ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں ہوتا۔ طاقت کے زور پر وفاداریاں تبدیل کرائی جا رہی ہیں یہ سب کون ہیں ثبوت موجود ہیں اور خیابان سحر سے کارکنوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ تمام تر اشتعال انگیزی کے باوجود صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔

    ندیم نصرت نے کہا ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے تمام الزامات رد کرتا ہوں اس زیادتی کو بند کرنا پڑے گا اور لوگوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا متحدہ قائد کی تقاریر پر پابندی ختم کی جائے۔

     

  • ایم کیوایم انصاف وقانون کی بالا دستی چاہتی ہے۔ندیم نصرت

    ایم کیوایم انصاف وقانون کی بالا دستی چاہتی ہے۔ندیم نصرت

    لندن /کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ ایم کیوایم صرف سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس کامقصد ملک میں جاری اسٹیٹس کو کو توڑنا ہے۔

    ایم کیوایم کی صفوں میں ایک عام کارکن سے لیکرتحریک کے قائد تک کوئی بھی جاگیرداریاوڈیرانہیں انہوں نے یہ بات آج نائن زیروپر ایم کیوایم پنجاب کی نومنتخب صوبائی کمیٹی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے ایم کیوایم پنجاب کے صدرسینیٹرمیاں عتیق اوردیگرتمام صوبائی عہدیداروں کونئی ذمہ داریوں پر مبارکبادپیش کی۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان میں انصاف وقانون کاایسانظام قائم کرناچاہتی ہے جہاں کوئی بھی قانون سے بالاترنہ ہواورسب قانون کے سامنے جوابدہ ہوں۔

    اس موقع پر پنجاب کے نومنتخب صوبائی عہدیداروں نے انہیں یقین دلایاکہ وہ نئے عزم کے ساتھ تحریک کے پیغام کوپنجاب کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے محنت وجانفشانی سے کام کریں گے۔

  • ایم کیوایم کے رہنما سیف الدین خالد قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    ایم کیوایم کے رہنما سیف الدین خالد قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروزجمعہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کے ممبرسیف الدین خالد پر شہرِقائد کے علاقے نارتھ کراچی میں قاتلانہ حملہ ہوا۔

    ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹیریٹ لندن سے تعلق رکھنے والے رہنما ندیم نصرت کے ٹویٹ کے مطابق تین مسلحہ موٹر سائیکل سوارافراد نے سیف الدین پران کی رہائش گاہ کے نزدیک فائرنگ کردی۔

    سیف الدین خالد اس قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ، آپ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 94 سے ممبر منتخب ہوئے تھے۔

    سیف الدین خالد صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعاون اور بلدیات کے رکن بھی ہیں۔

  • جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، شعیب سڈ ل

    جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، شعیب سڈ ل

    کراچی : سابق آئی جی سندھ شعیب سڈ ل کادعویٰ ہےکہ انہوں نے جناح پور کا نقشہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے،ندیم نصرت کہتے ہیں شعیب سڈل جنگی مجرم ہیں،عدالتی کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آئی جی سندھ شعیب سڈل کا کہنا تھا کہ انہوں نے جناح پور کی فائلیں اپنی آنکھوں سے دیکھی ہیں ۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایم کیو ایم کے پاس را کے تربیت یافتہ دہشت گرد ہیں۔

    شعیب سڈل کے انکشافات پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ جناح پور کالزام لگانے والے میڈیا پر اس کی تردید کر چکے ہیں۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ شعیب سڈل جنگی مجرم ہیں ان کی سربراہی میں ہزاروں نوجوانوں کا قتل عام کیا گیا۔

    ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ایک نہیں دو دو وفاقی حکومتوں کوکراچی میں قتل و غارت گری کے الزام میں برطرف کیا گیا۔اگر یہ الزمات درست تھے تو پھر ایم کیو ایم کو نشانہ کیوں بنایا جا تا ہے۔

  • محمد انور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش

    محمد انور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش

    لندن: متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے محمد انور کو رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش کردیا۔

    ایم کیو ایم کے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینئر رکن محمد انور کو خرابی صحت اور مسلسل علالت کے سبب رابطہ کمیٹی کی رکنیت سمیت تمام تر تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اب تنظیمی امور پر محمد انور سے رابطہ نہ کریں۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ محمد انور علالت کی وجہ سے صحیح طور پر کام نہیں کرسکتے۔ متعدد امراض کے باعث انہیں طبی معائنے کے لئے آئے دن ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ محمد انور کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے، محمد انور ان دنوں منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر ہیں۔