Tag: NADRA

نادرا پاکستان کا ایک خودمختار اور آزاد ادارہ ہے جو حکومت کے اندرونی سیکریٹری کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔ یہ تمام پاکستانی شہریوں کے حساس رجسٹریشن ڈیٹا بیس کو قانونی طور پر منظم کرتی ہے۔

NADRA کا قیام 10 مارچ 2000 کو کیا گیا تھا، جب 1973 کے آئین کے تحت قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف رجسٹریشن پاکستان کو نیشنل ڈیٹا بیس آرگنائزیشن (این ڈی او) کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا۔ این ڈی او حکومت پاکستان کے وزارت داخلہ کے تحت ایک منسلک محکمہ تھا جسے 1998 کی مردم شماری کے لیے بنایا گیا تھا۔

شناختی کارڈ سے متعلق خبریں

NIC, NICOP، FRC, B-Form process information and news in Urdu- Pakistan- NADRA Information in Urdu

  • ب فارم میں والدہ کا نام درست کروانے کا طریقہ

    ب فارم میں والدہ کا نام درست کروانے کا طریقہ

    اسلام آباد (30 اگست 2025): اگر آپ کی والدہ کے ب فارم پر ان کا نام غلط درج ہے تو اسے درست کروانا کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔

    نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر معلوماتی ویڈیوز شائع کی جاتی ہیں جن کا مقصد شہریوں کے سوالات کا جواب دینا اور انہیں آسان و مرحلہ وار طریقے سے گائیڈ کرنا ہے۔

    ایک شہری نے سوال کیا کہ ان کی والدہ کے ب فارم (جسے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا سی آر سی بھی کہا جاتا ہے) پر نام غلط درست کیا جا چکا ہے، اسے ٹھیک کروانے کا طریقہ کیا ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: نادرا سے بچے کا ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ

    نادرا حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ اگر سی آر سی پر والدہ کا نام غلط درج کیا جا چکا ہے تو اس میں پریشان ہونے والی کوئی بات نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ والد اور والدہ قریبی نادرا مرکز تشریف لے جائیں اور وہاں والد ب فارم میں نام درست کروانے کیلیے درخواست دیں گے جس کی والدہ تصدیق کریں گی، اس کے بعد انہیں نیا سی آر سی جاری کر دیا جائے گا جس پر وہی نام درج ہوگا جو خاتون کے قومی شناختی کارڈ پر ہے۔

  • مختلف علاقوں میں نادرا مراکز کی عارضی بندش کا اعلان

    مختلف علاقوں میں نادرا مراکز کی عارضی بندش کا اعلان

    اسلام آباد (29 اگست 2025): نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک کے مختلف علاقوں میں مراکز کی عارضی بندش کا اعلان کر دیا۔

    پنجاب کے مختلف علاقے طوفانی بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہے۔ ایسے میں نادرا نے بھی شہریوں کے تحفظ کیلیے اہم اقدام اٹھا لیا۔

    یہ بھی پڑھیں: گھر بیٹھے پیدائش اور وفات کے آن لائن اندراج کا آغاز

    نادرا نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کے باعث مراکز کی عارضی بندش کا فیصلہ کیا ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث اس کے درج ذیل مراکز عارضی طور پر بند کیے گئے ہیں:

    وانیکے تارڑ، حافظ آباد

    جلالپور بھٹیاں، حافظ آباد

    18 ہزاری، جھنگ

    احمد نگر، چنیوٹ

    مڈھ رانجھا، سرگودھا

    کری شریف، گجرات

    کوٹلی لوہاراں، سیالکوٹ

    سید پور، سیالکوٹ

    خدمت مرکز، سیالکوٹ

    دیپالپور، اوکاڑہ

    اتھارٹی نے کہا کہ ان تمام علاقوں کے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ خدمات کے سلسلے میں دیگر قریبی مراکز پر تشریف لائیں جہاں اضافی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے موبائل رجسٹریشن وین تعینات کی گئی ہیں۔

  • نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

    نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی

    نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی۔

    نادرا نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم کے ذریعے اپنے مسائل کا ازالہ کرواسکتے ہیں۔

    نائیکوپ کی تجدید کروانی ہو یا پھر آپ کا کارڈ گم ہوگیا ہے یا پھر نائیکوپ کو کینسل کروانا ہے آپ نادرا کی ٹیم برطانیہ میں درج ذیل علاقوں میں موجود ہوگی۔

    یہ پڑھیں: کوئی اجنبی آپ کے نادرا خاندانی ریکارڈ میں شامل تو نہیں ہوگیا؟ اسے کیسے روکیں

    مانچسٹر میں علاقے بلیک برن میں 30 اگست بروز ہفتے کو  صبح 10 سے شام 4 بجے تک موبائل رجسٹریشن وین پہنچے گی۔

    بریڈ فورڈ کے علاقے شیفیلڈ میں بھی 30 اگست بروز ہفتے کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک موبائل رجسٹریشن ٹیم موجود ہوگی۔

  • خونی رشتوں سے محروم خاتون کی تصدیق کے لیے عدالت کا نادرا کو سخت حکم

    خونی رشتوں سے محروم خاتون کی تصدیق کے لیے عدالت کا نادرا کو سخت حکم

    کراچی (26 اگست 2025): خونی رشتوں سے محروم خاتون زرینہ کے شناختی کارڈ کے لیے نادرا سے تصدیق نہ ہونے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور کل ہی اس سلسلے میں تصدیق کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خونی رشتے دار نہ ہونے کے سبب زرینہ نامی خاتون کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ میں نادرا حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی گئی۔

    عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت نادرا حکام پر برہم ہوئی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا نادرا حکام کا عوام کے ساتھ رویہ بالکل بھی ٹھیک نہیں، انھوں نے استفسارکیا کہ نادرا میں کسی کی ویری فکیشن اور جانچ کا کیا نظام ہے؟ کیا نادرا کے پاس شہریوں کو ٹوکن جاری کرنے کا سسٹم موجود نہیں؟

    نادرا سے مسائل کا ازالہ کروانے کا سنہری موقع

    نادرا کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ٹوکن نظام موجود ہے، نادرا شہریوں کو ان کی باری کے لیے ٹوکن جاری کرتا ہے، عدالت نے کہا بندہ کام کاج چھوڑ کر نادرا آفس جاتا ہے اور وہاں سے کہا جاتا ہے ابھی ہم کھانا کھا رہے ہیں، اس طرح شہریوں کو پریشان مت کریں، ہم بھی نادرا والوں کو بلا کر عدالت میں بٹھا دیں پھر کہیں گے کل آنا۔

    جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا ہم نے نادرا کے زونل بورڈ کو درخواست گزار کی ویری فکیشن کا حکم دیا تھا، لیکن وہ صرف یہ کام بھی نہیں کر سکا، نادرا کل ہی زونل بورڈ کا اجلاس بلا کر درخواست گزار کی تصدیق کرے۔

    عدالت نے 15 روز میں نادرا سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی، وکیل درخواست کے مطابق عدالت نے نادرا کو زرینہ نامی خاتون کی تصدیق کا حکم مارچ 2025 میں دیا تھا، درخواست گزار کا خونی رشتے میں کوئی بھی نہیں ہے، درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ شوہر کے ساتھ ان کا قومی شناختی کارڈ بنانے کا حکم دیا جائے۔

  • نادرا سے مسائل کا ازالہ کروانے کا سنہری موقع

    نادرا سے مسائل کا ازالہ کروانے کا سنہری موقع

    نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) شہریوں کے مسائل کے ازالے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کرے گا۔

    نادرا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق شہریوں کے مسائل کے ازالے کے لیے کھلی کچہری 29 اگست کو سیمنس چورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں منعقد کی جائے گی۔

    سیمنس چورنگی میں میگا سینٹر سائٹ انڈسٹریل ایریا میں صبح 11 سے 12 بجے منعقد کی جائے گی۔

    میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، پلاٹ نمبر ڈی 1-15 بلاک ایل ڈسٹری وسطی کراچی میں صبح 10 سے 11 بجے تک کھلی کچہری ہوگی۔

    نادرا کا کہنا ہے کہ اپنے علاقے کے شیڈول کے مطابق کھلی کچہری میں تشریف لائیں اور متعلق مسائل کا موقع پر ازالہ کروائیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے ورژن میں پہلے سے زیادہ سہولت متعارف کرواتے ہوئے کم عمر بچوں کے والدین کےلیے اہم اعلان کیا گیا تھا۔

    یہ پڑھیں: پاک آئی ڈی موبائل ایپ، نادرا نے والدین کےلیے بڑا اعلان کردیا

    اب والدین 3 سال سے کم عمر بچوں کا ب فارم یا شناختی کارڈ بنوانے کےلیے موبائل گیلری سے تصویر اپ لوڈ کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ اپنی دی ہوئی تصویر شناختی دستاویز پر پرنٹ کرانے، خاندان کے رہ جانے والے افراد کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرانے کےلیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    فنگرپرنٹ یا چہرے کی تصدیق کے بغیر درخواست دینے کی سہولیات اور اردو میں زیادہ وضاحت کے ساتھ معلومات فراہم کرنے کا آپشن بھی نئے ورثن میں موجود ہے۔

    نادارا کی جانب سے صارفین کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ پاک آئی ڈی کے نئے ورژن کو ابھی اپ ڈیٹ یا ڈاؤن لوڈ کرکے بھرپور سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

  • بیرون ملک مقیم پاکستانی نادرا جانشینی سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کریں؟

    بیرون ملک مقیم پاکستانی نادرا جانشینی سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کریں؟

    کراچی (24 اگست 2025): بیرون ملک مقیم قانونی ورثا جانشینی سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کر سکتے ہیں نادرا نے اس کا مکمل طریقہ کار بتا دیا ہے۔

    کسی بھی شخص کے انتقال کے بعد اس کی جائیداد اور املاک اس کے قانونی ورثا کو منتقل ہوتی ہے۔ تاہم اس کے لیے قانونی طور پر وراثتی سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے اور نیشنل ایڈوانسڈ ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) یہ وراثتی سرٹیفکیٹ بنا کر دیتا ہے۔

    پاکستان میں مقیم افراد کو با آسانی کسی بھی نادرا سینٹر پر اس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ مگر بہت سارے ایسے پاکستانی بھی ہیں جن کی پاکستان میں جائیداد ہے، لیکن وہ بیرون ملک مقیم ہیں۔ تو ایسے اوور سیز پاکستانی کس طرح جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

    نادرا پوڈکاسٹ میں اس سوال کا جواب پراجیکٹ ڈائریکٹر جانشینی سرٹیفکیٹ محمد واصف جہانگیر نے دیتے ہوئے اس کا آسان طریقہ کار بتا دیا۔

    محمد واصف جہانگیر نے کہا کہ پاکستان میں موجود کسی بھی جائیداد کے اگر بیرون ملک مقیم کئی افراد قانونی وارث ہیں، تو ان میں سے ایک قانونی وارث پاکستان آ کر جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے اپلائی کر سکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے کوئی بھی ایک قانونی وارث پاکستان آ کر ہمارے کسی بھی نادرا سینٹر پر جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست جمع کرائے۔ درخواست جمع ہونے کے بعد درخواست گزار کو ایک یونیک پیٹرن آئی ڈی جاری ہوگا۔ اسی آئی ڈی پر باقی ورثا کی بائیومیٹرک کی جائے گی۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل نادرا نے ملک بھر کے عوام کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا حصول آسان بناتے ہوئے ملک بھر میں کسی بھی نادرا سینٹر پر درخواست دینے کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔

    نادرا کی طرف سے جاری کیے گئے ایک نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب وراثتی جائیداد پاکستان کے کسی بھی صوبے میں ہو، قانونی ورثا اس کا جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی درخواست اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں (پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا) اور گلگت بلتستان میں نادرا دفاتر اور دیگر مقامات پر قائم 186 جانشینی سہولت مراکز یا سکسیشن فیسلیٹیشن یونٹس پر جمع کرا سکتے ہیں۔

    اسی طرح قانونی ورثا کی بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی مزید بہتر بنا دی گئی ہے اور اب یہ کارروائی کسی بھی مقررہ قریبی مرکز میں جا کر مکمل کی جا سکتی ہے یا قانونی ورثا اس مقصد کیلیے نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

    سابقہ طریقہ کار کے تحت جانشینی سرٹیفکیٹ کی درخواست صرف اسی صوبے میں جمع کرانا لازم تھا جہاں وراثتی جائیداد موجود ہو جس کی وجہ سے دیگر شہروں میں مقیم شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

    نادرا نے پہلے مرحلے میں بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر متعارف کرائی تاہم درخواست جمع کرانے کیلیے متعلقہ صوبے کی شرط اب بھی موجود تھی۔

    نادرا کی اس نئی سہولت کی بدولت شہریوں کیلیے جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے اور وہ کسی بھی صوبے کے متعلقہ نادرا دفتر – جہاں جانشینی سہولت مرکز قائم ہو – میں اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

    بائیو میٹرک تصدیق کیلیے قانونی ورثا نہ صرف نادرا کے کسی بھی مرکز پر آ سکتے ہیں بلکہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    ترجمان نادرا کے مطابق اس سلسلے میں نادرا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام متعلقہ دفاتر کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور شہری اب اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

  • نادرا نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    نادرا نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    اسلام آباد(23 اگست 2025): نادرا نے درخواست کا اسٹیٹس آن لائن معلوم کرنے کی سہولت متعارف کرادی، موبائل ایپ سے گھر بیٹھے اسٹیٹس چیک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق شہری نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اب آپ کو ملے گی ٹریکنگ آئی ڈی کا اسٹیٹس جاننے کی سہولت جس کی بدولت آپ آن لائن درخواست پر ہونے والی کارروائی سے ہر وقت باخبر رہ سکتے ہیں۔

     نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ب فارم، شناختی کارڈ، ایف آر سی سے متعلق تمام سہولتیں پاک آئی ڈی پر دستیاب ہیں، نادرا کی تمام خدمات، ہولتہیں پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر دستیاب ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے موبائل ایپ انتہائی مفید ہے۔

    ایپ پر بس اپنی ٹریکنگ آئی ڈی استعمال کریں اور اپنی درخواست کا اسٹیٹس کہیں بھی، کبھی بھی چیک کریں، ویڈیو دیکھیں، آسان ہدایات پر عمل کریں، اور ہر مرحلے پر اپنی درخواست کی پیش رفت سے باخبر رہیں۔

    واضح رہے کہ نادرا پاکستانی عوام کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سمیت پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر شناختی دستاویزات فراہم کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔

    نادرا صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے عدالت کا بڑا حکم

    سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے نادرا حکام کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس وصولی کی مشروط اجازت دیدی گئی۔

    عدالت نے کہا کہ وراثت کیلئے قانونی ورثا نادرا سمیت مختلف اداروں سے رجوع کرتے ہیں، نادرا کی کمیٹی 10 لاکھ روپے مالیت کی وراثت پر پینل فیس نہ عائد کرے۔

    سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ تک کی وراثت کیلئے 2 ہزار روپے سے زائد فیس وصول نہ کی جائے، 10 لاکھ سے زائد کی وراثت پر مختلف کیٹیگریز بنائی جاسکتی ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ ایک لاکھ روپے تک کی وراثت پر فیس صرف ایک ہزار روپے وصول کی جائے، کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات کا عمل دو ماہ میں مکمل کیا جائے۔

  • نادرا کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلیے خصوصی سہولت کا اعلان

    نادرا کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلیے خصوصی سہولت کا اعلان

    اسلام آباد (21 اگست 2025): نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلیے خصوصی سہولت کا اعلان کر دیا۔

    ترجمان نادرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ اتھارٹی کی موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب میں پاکستانیوں کو خصوصی سہولت فراہم کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: گھر بیٹھے نادرا میں پیدائش اور وفات کے آن لائن اندراج کا آغاز

    پاکستانی شہری شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائیوں سے استفادہ کر سکیں گے۔

    شیڈول:

    نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب کے شہر الخبر میں 22 اور 23 اگست 2025 بروز جمعہ و ہفتہ کو موجود ہوگی جبکہ وقت صبح 8 کے تا سہ پہر 3 بجے (مقامی وقت کے مطابق) ہے۔

    موبائل رجسٹریشن ٹیم تمیمی نیو کیمپ، ظهران ایسٹرن پراونس میں موجود ہوگی۔

    فراہم کی جانے والی خدمات:

    • نیا اسمارٹ نائکوپ
    • اسمارٹ نائکوپ ری پرنٹ
    • نائکوپ/اسمارٹ نائکوپ کی تجدید
    • ڈی یو پی کلیئرنس
    • نائکوپ/اسمارٹ نائکوپ میں تبدیلی
    • نائکوپ/اسمارٹ نائکوپ کی منسوخی
    • ایف آر سی
  • نادرا درخواست کا اسٹیٹس گھر بیٹھے چیک کریں

    نادرا درخواست کا اسٹیٹس گھر بیٹھے چیک کریں

    نادرا میں اپنی درخواست کا اسٹیٹس پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے گھر بیٹھے چیک کریں۔

    پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اب آپ کو ملے گی ٹریکنگ آئی ڈی کا سٹیٹس جاننے کی سہولت جس کی بدولت آپ آن لائن درخواست پر ہونے والی کارروائی سے ہر وقت باخبر رہ سکتے ہیں۔

    بس اپنی ٹریکنگ آئی ڈی استعمال کریں اور اپنی درخواست کا اسٹیٹس کہیں بھی، کبھی بھی چیک کریں۔

    ویڈیو دیکھیں، آسان ہدایات پر عمل کریں، اور ہر مرحلے پر اپنی درخواست کی پیش رفت سے باخبر رہیں۔

    اس سے قبل ترجمان نادرا نے کہا تھا کہ وراثتی جائیداد پر درخواست ملک بھر میں نادرا مراکز پر جمع کرائی جا سکتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق نادرا کے 186 جانشینی سہولت مرکز ہر صوبے کی درخواستیں وصول کریں گے یہ مراکز اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کےپی، گلگت بلتستان میں قائم ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ مراکز کو نئے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

  • شناختی کارڈ میں ترمیم کروانے کا آسان طریقہ

    شناختی کارڈ میں ترمیم کروانے کا آسان طریقہ

    پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ میں ترمیم باآسانی کروائی جاسکتی ہے۔

    شناختی کارڈ میں ترمیم کروانے کے لیے اپنے موبائل میں پاک آئی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اکاؤنٹ رجسٹر کریں اور درخواست موبائل سے جمع کروائیں۔

    بائیو میٹرک تصدیق، دستاویزات اپ لوڈ اور فیس کی ادائیگی کے آسان مراحل مکمل کریں اور اپنا نیا شناختی کارڈ منتخب کردہ پتے پر حاصل کریں۔

    طریقہ کار

    اسکرین پر اپ ڈیٹ کارڈ کے آپشن پر کلک کریں اس کے بعد ایپلیکیشن تفصیلات کی اسکرین ظاہر ہوگی اس میں ویریفائی فنگرپرنٹس پر کلک کریں، اگر اپنے لیے اپلائی کررہے ہیں تو اپنی انگلیوں یا انگوٹھے کی تصدیق کریں۔

    نیکسٹ پر کلک کریں، اگلی اسکرین پر کارڈ ڈیلیوری کے خانے میں موجودہ یا مستقل پتا منتخب کریں جہاں کارڈ وصول کرنا چاہتے ہیں۔

    یہ پڑھیں: وراثتی جائیداد، نادرا نے بڑی سہولت فراہم کر دی

    پراسیسنگ کیٹگری کا انتخاب کریں، ترمیم کے لیے نئی اسکرین پر نیلے رنگ کے ’پلس‘ بٹن پر کلک کریں، موڈیفکیشن فیلڈ میں سے مطلوبہ ترمیم منتخب کرکے جاری پر کلک کریں، فوٹو گراف کی اسکرین کھلنے پر کیپچر سے اپنی تصویر لیں، اس کے بعد ڈرا سگنیچر پر کلک کرکے موبائل کی اسکرین پر سائن کریں یا پھر موبائل سے دستخط کی تصویر اپ لوڈ کریں اور نیکسٹ کا بٹن دبائیں۔

    اس کے بعد پرسنل تفصیلات میں تمام معلومات مکمل کرکے کنٹینیو کردیں۔

    اگر آپ ازدواجی حیثیت میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں تو تمام مطلوبہ معلومات فراہم کرکے سیو پر کلک کریں اور پھر کنٹینیو کا بٹن دبائیں۔ اگلی اسکرین پر ریلیٹیو تفصیلات میں اہلخانہ کا ریکارڈ جمع کرواسکتے ہیں، مزید اپ ڈیٹ کے لیے مکمل ویڈیو دیکھیں۔