Tag: NADRA

نادرا پاکستان کا ایک خودمختار اور آزاد ادارہ ہے جو حکومت کے اندرونی سیکریٹری کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔ یہ تمام پاکستانی شہریوں کے حساس رجسٹریشن ڈیٹا بیس کو قانونی طور پر منظم کرتی ہے۔

NADRA کا قیام 10 مارچ 2000 کو کیا گیا تھا، جب 1973 کے آئین کے تحت قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف رجسٹریشن پاکستان کو نیشنل ڈیٹا بیس آرگنائزیشن (این ڈی او) کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا۔ این ڈی او حکومت پاکستان کے وزارت داخلہ کے تحت ایک منسلک محکمہ تھا جسے 1998 کی مردم شماری کے لیے بنایا گیا تھا۔

شناختی کارڈ سے متعلق خبریں

NIC, NICOP، FRC, B-Form process information and news in Urdu- Pakistan- NADRA Information in Urdu

  • نادرا نے 5 کروڑ 9 لاکھ بچوں کو رجسٹر کر لیا

    نادرا نے 5 کروڑ 9 لاکھ بچوں کو رجسٹر کر لیا

    ‏کراچی: نادرا نے 5 کروڑ سے زائد بچوں کو رجسٹر کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک کے 5 کروڑ 9 لاکھ 52 ہزار 898 بچوں کو رجسٹر کر لیا ہے۔

    ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ بچوں کو رجسٹر کرنے کے لیے نادرا نے 48 موبائل رجسٹریشن وین تعینات کی ہیں، اب تک 2 ہزار 524 یتیم بچوں کو بھی رجسٹر کیا جا چکا ہے۔

    نادرا ترجمان نے بتایا کہ 160 یتیم بچے جن کے والدین کا معلوم نہیں، ان کو بھی حال ہی میں رجسٹر کر لیا گیا ہے۔ نادرا قدم بہ قدم شمولیتی رجسٹریشن کی طرف بڑھ رہا ہے، اور یہ اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔

    واضح رہے کہ نادرانے ملک میں یتیم بچوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا گیا تھا جہاں موجود بچوں کی رجسٹریشن کی گئی اور 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کو شناختی کارڈ جاری کیا گیا۔

    نادرا حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال یتیم خانوں میں رہائش پذیر تمام بچوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی جائے گی، یہ قدم یتیم بچوں یا ان لوگوں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے جن کے والدین علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔

  • کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن  کا حکم

    کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    کراچی: چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہر قائد میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے آج کراچی میں میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنز چورنگی، عوامی مرکز لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    چیئرمین نادرا نے شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

    انھوں نے نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لیے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کیے، اور کراچی میں عملے کی شکایت دور کرنے کے لیے ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کو 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھرتی کی ہدایت کی۔

    چیئرمین نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی، نیز کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انھوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کیے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

  • نادرا کا دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار

    نادرا کا دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار

    اسلام آباد : نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن  کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا دفاتر کو ویکسین کے عمل سے استثنیٰ دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ کے معاملے پر مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نادرا کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ ویکسین نہ لگوانیوالوں کوسہولتیں فراہم نہ کی جائیں۔

    نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئےویکسی نیشن شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا، ڈپٹی کمشنرز کے خط کے جواب میں کہا کہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے بھی نادرا کا شناختی کارڈ چاہئے، روازنہ 2لاکھ سے زائد شہری نادرا دفاتر میں آتے ہیں۔

    نادرا نے اپنے دفاتر کو کوڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    یاد رہے 9 جولائی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 18 سال سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لئے 31 اگست تک ویکسن لگوانا لازمی قرار دی جبکہ یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

  • نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    کراچی: فیڈرل انویسٹگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے عمر کوٹ کے نادرا انچارچ نور محمد بھنبھرو کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے ذریعے القاعدہ دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈ بنانے کے کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے عمر کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے نادرا انچارچ کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق نور محمد پر کراچی میں تعیناتی کے دوران جعلی شناختی کارڈ بنانے کا الزام ہے، گرفتار نادرا انچارج عمر کوٹ کےگاؤں چھور کا رہائشی ہے، اس کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت کئی ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ایف آئی اے نے انکشاف کیا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کہا کہ نادرا سے ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بھی بنایا گیا تھا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    کراچی: ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ نادرا سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے لیے شناختی کارڈز بنوائے گئے ہیں۔

    عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ نادرا سے القاعدہ کے دہشت گردوں کو بھی کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بنایا گیا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق نادرا سے متعدد دہشت گردوں کے شناختی کارڈ بنوائے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کراچی: اگر آپ نے کرونا ویکسینیشن کروالی ہے، یعنی آپ کو دونوں ڈوز لگ چکے ہیں، تو آپ نہایت آسانی سے نادرا سے اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوئی بھی ویکسین لگوانے کے بعد نادرا کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے، اس کی اہمیت یوں ہے کہ اسے آپ کو مختلف جگہوں پر پیش کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کرونا ویکسینیشن کروانے والے افراد نادرا کا یہ سرٹیفکیٹ نہایت آسانی سے آن لائن حاصل کر سکتے ہیں، اس کے لیے آپ کو نادرا کے دفتر بھی جانا نہیں پڑتا۔

    اس کے لیے آپ کو امیونائزیشن کے لیے بنائی گئی نادرا کی خصوصی ویب سائٹ پر جانا پڑے گا، جہاں آپ سے قومی شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ کا اجرا اور موبائل نمبر مانگا جائے گا، جسے پُر کر کے آپ اپنا امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دیکھ سکیں گے۔

    سب سے پہلے آپ مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر جائیں:

    https://nims.nadra.gov.pk/nims/registration

    یہاں فارم پر درکار معلومات درج کرنے کے بعد آپ کا سرٹیفکیٹ بن جائے گا، جسے نہ صرف آپ ویب سائٹ پر چیک کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں بلکہ اس کا پرنٹ آؤٹ بھی لے سکتے ہیں۔

    اس امیونائزیشن سرٹیفکیٹ میں آپ کی تاریخ پیدائش، قومی شناختی کارڈ نمبر اور قومیت لکھی ہوگی، اسی طرح آپ کو دونوں ڈوزز کس اسپتال یا ویکسینیشن سینٹر میں لگی ہیں، اس کی معلومات بھی درج ہوگی۔

    نیشنل امیونائزیشن منجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) اور نادرا کے اشتراک سے کرونا ویکسینیشن کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد اپنا ڈیٹا اوپر دیے گئے لنک سے چیک کر سکتے ہیں۔

    امیونائزیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے، جو افراد آن لائن فیس جمع نہیں کرا سکتے وہ نادرا دفاتر سے جا کر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

  • خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والے ملازم معراج الدین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، معراج پہلے ہی ہراسگی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع نادرا میگا سینٹر کے ملازم معراج الدین کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادرا نے مذکورہ ملازم کو برطرف کردیا ہے۔

    ڈی جی نادرا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے ملازمتی لیٹر کے مطابق معراج الدین ڈیلی ویجز پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، ملازم خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

    ڈی جی کے مطابق معراج الدین کو نادرا کے کلاز نمبر 4 کے تحت برطرف کیا گیا ہے اور اسے ایچ آر برانچ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    معراج کو گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مار کر ہراسگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری ملازم خواتین کے نمبرز نکلوا کر ان سے رابطے کرتا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بھیجتا تھا، نادرا ملازم کے خلاف ایک شہری نے تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس کے مطابق اس کے پاس کئی نمبرز تھے جن سے وہ خواتین کو ناشائستہ میسج بھیج کر ہراساں کیا کرتا، ملزم کے خلاف تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم معراج کی گرفتاری ڈرامائی انداز میں عمل میں آئی، ملزم کو متاثرہ خاتون کے شوہر نے ملنے کے لیے بلا کر اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، متاثرہ خاندان نے واٹس ایپ پر بھیجا گیا غیراخلاقی مواد بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

  • نادرا میں یتیم بچوں کی رجسٹریشن، ب فارم کیسے بنتا ہے؟

    نادرا میں یتیم بچوں کی رجسٹریشن، ب فارم کیسے بنتا ہے؟

    کسی بھی ملک میں شہری کو اٹھارہ سال کی عمر کے بعد شناختی کا حصول لازمی امر ہے، اس سلسلے میں مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے جس میں سب سے پہلے ان دستاویزات کا حصول ہے جس میں والدین کی مکمل تفصیلات درج ہوں۔

    اس حوالے سے پاکستان میں وہ بچے جن کے والدین حیات نہیں انہیں ب فارم کی لازمی ضرورت ہے اور اس کے حصول کیلئے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب نادرا حکام نے اس مسئلے کا آسان حل بتادیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ترجمان نادرا فائق علی نے بتایا کہ اگر کسی یتیم بچے کا شاختی کارڈ نہیں ہے تو اس کا کوئی کوئی رشتہ دار اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے سے ان کا شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کے ب فارم سے متعلق نادرا آرڈیننس کے سیکشن نو کے تحت پالیسی وضع کی گئی ہے۔

    اس پالیسی کے تحت اس بچے کے سرپرست کا تعین عدالت کرتی ہے، اس سرٹیفکیٹ کے اجراء کے بعد درخواست گزار نادرا سے رابطہ کرتا ہے جس کے بعد اس بچے کا ب فارم جاری کردیا جاتا ہے۔

  • 80 سالہ خاتون سے والدین کے شناختی کارڈ طلب، خاتون کی عدالت میں دہائی

    80 سالہ خاتون سے والدین کے شناختی کارڈ طلب، خاتون کی عدالت میں دہائی

    کراچی: ڈیٹا بیس اتھارٹی نادرا نے 80 سالہ خاتون کو اپنے والدین کے شناختی کارڈ فراہم نہ کرسکنے پر ان کا کارڈ بلاک کردیا، متاثرہ خاتون دہائی دیتی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے خلاف 80 سالہ خاتون سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ بلاک کردیا ہے جس سے وہ سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میرے شوہر ریلوے کے ملازم تھے، ان کی پنشن بھی لیتی تھی، تاہم نادرا نے سنہ 2012 میں کارڈ بلاک کردیا اور تاحال بحال نہیں کیا گیا۔

    ان کے مطابق کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے پنشن بھی بند کردی گئی، میری زندگی کے آخری دن ہیں اور نادرا نے تکلیفوں میں اضافہ کردیا ہے۔ مذکورہ خاتون کے مطابق وہ ہیپاٹائٹس کا شکار بھی ہیں۔

    عدالت نے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کرلیا، جسٹس محمد علی مظہر نے نادرا کے وکیل سے استفسار کیا کہ خاتون کا کارڈ کیوں بلاک کیا گیا ہے۔

    وکیل نے بتایا کہ کاغذات مکمل نہ ہونے اور ان کے والد و والدہ کا شناختی کارڈ نہ ہونے پر کارڈ بلاک کردیا گیا۔

    جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ خاتون کے بیٹوں کا کارڈ کیسے بنا دیا گیا؟ بیٹوں کا کارڈ بن گیا لیکن ماں کا کارڈ بلاک کردیا، 80 سال کی خاتون اپنے والد و الدہ کا شناختی کارڈ اب کہاں سے لائے۔

    عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا ٹیم متحرک

    دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا ٹیم متحرک

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا کی ٹیم سول اسپتال کراچی پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ای پر آج صبح جدید اسلحے کے ساتھ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادراکی ٹیم اسپتال پہنچ گئی، نادرا کی ٹیم دہشت گردوں کے فنگر پرنٹ لے کر اسلام آباد ہیڈ آفس بھیجے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نادرا اسلام آباد فنگر پرنٹس سے دہشت گردوں کی شناخت کرے گا۔

    حملہ آوروں کی گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ جعلی نکلی

    ادھر ذرایع نے دہشت گردوں کے بارے میں بتایا ہے کہ ان کے زیر استعمال جو گاڑی تھی اس کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹ اور انجن نمبر الگ الگ ہیں، گاڑی کو انجن نمبر سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔

    ذرایع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

    اسٹاک ایکسچینج کی سیکورٹی سخت یا کمزور؟

    واضح رہے کہ آج صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک، سب انسپکٹر سمیت 6 شہید

    واقعے میں سب انسپکٹر شاہد اور 4 سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 3 اہل کار زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔