Tag: NADRA

نادرا پاکستان کا ایک خودمختار اور آزاد ادارہ ہے جو حکومت کے اندرونی سیکریٹری کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔ یہ تمام پاکستانی شہریوں کے حساس رجسٹریشن ڈیٹا بیس کو قانونی طور پر منظم کرتی ہے۔

NADRA کا قیام 10 مارچ 2000 کو کیا گیا تھا، جب 1973 کے آئین کے تحت قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف رجسٹریشن پاکستان کو نیشنل ڈیٹا بیس آرگنائزیشن (این ڈی او) کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا۔ این ڈی او حکومت پاکستان کے وزارت داخلہ کے تحت ایک منسلک محکمہ تھا جسے 1998 کی مردم شماری کے لیے بنایا گیا تھا۔

شناختی کارڈ سے متعلق خبریں

NIC, NICOP، FRC, B-Form process information and news in Urdu- Pakistan- NADRA Information in Urdu

  • نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری

    نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری

    کراچی: صوبہ سندھ میں نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے، نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے نادرا دفاتر کے سوموار سے نئے اوقات جاری کر دیے گئے، نادرا ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ہیڈ آفسز پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    جمعے کو نادرا کے دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے، میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

    نائیکوپ اور پی او سی (پاکستان اوریجن کارڈ) کے حامل شہری قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔

    نادرا سینٹرز آنے والے سائلین کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے، شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا، سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

    نادرا ملازمین کو دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سینٹرز میں رجسٹریشن کے ہر عمل کے بعد انگلیوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جا رہا ہے۔

    نادرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ستمبر 2019 سے 30 جون 2020 تک کے زائد المعیاد شناختی کارڈز کی مدت رواں سال یکم جولائی تک بڑھائی جا چکی ہے۔

  • نادرا سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    نادرا سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    کراچی: ڈائریکٹر جنرل نادرا نے تمام برانچز کو ہدایت جاری کی ہے کہ سائلین کے وہ مسائل جو برانچز آئے بغیر حل ہو سکتے ہیں، انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی نادرا میر عجم درانی نے شہر کی تمام نادرا برانچز کے کور اسٹاف سے ای کانفرنس کے ذریعے رابطہ کر کے اہم ہدایات جاری کیں۔

    نادرا ای کانفرنس میں صارفین کے مسائل آن لائن حل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، ای کانفرنس میں تمام برانچوں کے ہیڈز، زونل ہیڈز، ریجنل ہیڈ کراچی کے علاوہ دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

    نادرا نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرادی

    ڈی جی نادرا نے لاک ڈاؤن کی صورت حال کے تناظر میں افسران کو مختلف نوعیت کے ٹاسک دیے، انھوں نے ہدایت کی کہ سائلین کے وہ مسائل جو بغیر برانچز آئے حل ہو سکتے ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    خیال رہے کہ کرونا کی وبا سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرا دی تھی جس کی تحت شدید بیمار، انتہائی عمر رسیدہ اور خصوصی افراد گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔

  • نادرا نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرادی

    نادرا نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرادی

    اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کی تحت شدید بیمار، انتہائی عمر رسیدہ اور خصوصی افراد گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی عوام کو بہتر اور مزید سہولیات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے موبائل مین پیک سروس کا آغاز کر دیا۔

    اس حوالے سے ترجمان نادرا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شدید بیمار،نابینا، ذہنی مریض، انتہائی عمر رسیدہ اور معذور افراد شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا کے تمام ریجنل، زونل یا مقامی دفاتر میں درخواست دے سکتے ہیں.

    ترجمان کے مطابق مین پیک ان کے گھر پر جا کر درخواست کی تمام تر کارروائی مکمل کرے گا، شناختی کارڈ مقررہ مدت کے اندر ان کے گھر کے پتہ پرارسال کردیا جائے گا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی جسے عملی جامہ پہناتے ہوئے نادرا نے اب یہ جدت آمیز سہولت متعارف کرا دی ہے۔

  • نمرتا کماری کی موت،  فنگرپرنٹس کی شناخت کے حوالے سے رپورٹ منظرعام پر

    نمرتا کماری کی موت، فنگرپرنٹس کی شناخت کے حوالے سے رپورٹ منظرعام پر

    لاڑکانہ : لاڑکانہ کے میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کی موت سے متعلق فنگرپرنٹس کی شناخت کے حوالے سے نادرا کی رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے، جس میں فنگرپرنٹس کارڈزمیں سےکسی کی شناخت نہیں کی جاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کی موت کی تحقیقات جاری ہے ، نادرا کی فنگرپرنٹس کی شناخت کے حوالے سے رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں پولیس کی جانب سے بھجوائے گئے گیارہ فنگرپرنٹس میں سے کسی کی شناخت نہ ہوسکی۔

    رپورٹ میں نادرا نے شناخت نہ ہونے کی وجہ فنگر پرنٹس کا غیرمعیاری ہونا بتائی گئی ہے اور تمام فنگر پرنٹس کارڈزاور پولیس کا کورنگ لیٹر واپس بھجوادیا ہے۔

    پولیس نے نادرا کو فنگرپرنٹس کارڈز نمرتا کی موت کے ایک ماہ بھجوائے جبکہ وزارت داخلہ کو خط 16اکتوبر کو نمرتا کی موت کے ایک ماہ بعد تحریرکیا۔

    مزید پڑھیں :  نمرتا کیس، محکمہ داخلہ سندھ نے جوڈیشل انکوائری میں ایک ماہ کی توسیع کردی

    یاد رہے محکمہ داخلہ سندھ نے نمرتا کماری کیس کی جوڈیشل انکوائری میں ایک ماہ کی توسیع کی تھی ، جوڈیشل انکوائری میں توسیع سیشن جج لاڑکانہ کی درخواست پر کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ نمرتا کی میڈیکل رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نمرتا کی موت گلا دبنے اور دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نمرتا کماری کے جسم، کپڑوں سے ایک مرد کا ڈی این اے ملنا ثابت ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ 16 ستمبر کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈکل کالج کے ہاسٹل سے کراچی سے تعلق رکھنے والی طالبہ نمرتا کی لاش برآمد ہوئی تھی، کالج انتظامیہ نے واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی مگر مقتولہ کے بھائی ڈاکٹر وشال نے خودکشی کے امکان کو رد کیا تھا۔

  • بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان

    بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے، ٹیکس وصولی کے نظام کو شفاف بنایا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور چیئرمین نادرا سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین ایف بی آر اور چیئرمین نادرا نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ٹیکس نیٹ میں اضافے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے، ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کاحامل ہے، حکومت کی کوشش ہے ٹیکس کے نظام کو مزید شفاف بنایا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ عوام کو بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے، ٹیکس نیٹ میں اضافے سے اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہوگی، ہرمحب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی

    نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی

    اسلام آباد : ترجمان نادرا نے کہا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرالی، حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے، ترجمان نادرا نے کہا حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا، ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا دیہی علاقوں میں ساڑھے 7 ہزار رجسٹریشن کرائی گئیں، 15 جولائی سےاب تک 43 ہزار افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے 15 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ شعبہ پیچھے رہ گیا ہے، غریب طبقہ کم آمدنی کی وجہ سے گھر نہیں بنا سکا، پاکستان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں، کابینہ ہاؤسنگ سے متعلق کل نئے ضوابط منظور کرے گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کے لیے 10 ہزار گھروں کی قرعہ اندازی کریں گے، ان کو ڈیڑھ سال میں گھر بنا کر دیے جائیں گے۔ پہلی بار ایسا ہوگا کہ نچلے طبقے کے لیے لوگ گھر بنانے کے لیے آ رہے ہیں، ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں آتی تھیں، گھروں کی تعمیر سے 40 انڈسٹریز کا پہیا چلنا شروع ہو جائے گا، لوگ رجسٹریشن کرائیں، ڈیٹا سے پتا چلے گا کتنے لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

    گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، جہلم، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رجسٹریشن کا جلد آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی، چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین نادرا نے ای ویزا کے اجرا پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کی سہولت مکمل طور پر تمام مشنز میں آپریشنل ہو چکی ہیں۔ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ 11 سو 52 درخواست کنندگان کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، 560 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے 95 مسترد کی گئیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ای ویزا کا کامیاب اجرا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کے لیے ای ویزا سہولت متعارف کروائی۔

    وزیر خارجہ نے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں حکومت نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 50 ممالک کے سیاحوں کو آن ارائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔

  • نومسلم بہنوں کا تحفظ، عدالتی حکم پر لڑکیاں دارالامان منتقل، وزیر انسانی حقوق سے رپورٹ طلب

    نومسلم بہنوں کا تحفظ، عدالتی حکم پر لڑکیاں دارالامان منتقل، وزیر انسانی حقوق سے رپورٹ طلب

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نومسلم بہنوں کو دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اُن کے شوہروں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں رینا ، روینہ اور لڑکوں کی جانب سے دائر  تحفظ کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں جج نے  لڑکیوں کو گرفتار نہ کر نے اور دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا۔

    نومسلم بہنوں کے خاوندوں نے بھی عدالت سے تحفظ کی استدعا کی درخواست کی تھی جس پر ہائی کورٹ نے اُن کی 12 دن کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ساتھ ہی عدالت نے وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    عدالت نے برکت اور صفدر کی ضمانتیں پچاس پچاس ہزار روپے کے عوض منظور کیں۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد : نو مسلم بہنوں کی عدالت سے تحفظ فراہمی کی درخواست، سماعت کل ہوگی

    دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تصدیق کی ہے کہ اُن کے پاس لڑکیوں کے کسی بھی قسم کا ڈیٹا موجود نہیں ہے۔ حکام کے مطابق ڈہر کی سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کا کسی بھی قسم کا ڈیٹا نادرا میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

    ترجمان نادرا کے مطابق لڑکیوں کےوالد نےڈہرکی میں بائیس مارچ دوہزار انیس کو پانچ بچوں کےاندراج کی درخواست دی جس میں ان کےتین بچوں کی رجسٹریشن پہلےسےموجودتھی۔ نادرا نے فارم بعد از تصدیق فارم”سی”کےساتھ جمع کرانے ہدایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ ہندو مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کرنے والی گھوٹکی کی دو بہنوں نے تحفظ کے لیے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں  مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، جان کو بھی خطرہ ہے لہٰذا حکومت سیکیورٹی فراہم کرے۔

    مزید پڑھیں: گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میڈیا میں غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جس کے سبب دونوں بہنوں اور ان کے شوہروں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

    اسلام قبول کرنے سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ہم دونوں بہنیں کافی عرصے سے اسلامی تعلیمات سے متاثر تھیں اور اہل خانہ کے خوف کے باعث اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تھا۔ درخواست میں دونوں بہنوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اسلام  اپنی مرضی سے قبول کیا ہے لہذا ہمیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدہ

    نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدہ

    اسلام آباد: نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ نادرا کے ساتھ مل کر سروس بہتر بنائیں گے، نادرا سے معاہدے کے بعد ہماری کارکردگی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان فرنچائزڈ افسر کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ پوسٹل سروس بہتر بنا کر کاروبار میں نمایاں اضافہ کریں گے، نادرا کے ساتھ مل کر سروس بہتر بنائیں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس پلس کے ذریعے بیشتر ممالک میں سروس دے رہے ہیں، پاکستان پوسٹ اور نادرا کے درمیان فرنچائزڈ افسر تعینات کیا جائے گا، پاکستان پوسٹ سستی ترین ارجنٹ میل سروس فراہم کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نادرا سے معاہدے کے بعد ہماری کارکردگی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا، حکومت سے کچھ لیے بغیر ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اشیا کی ترسیل کر سکتے ہیں، ماضی میں وزارت کو درپیش خسارے سے نجات حاصل کریں گے۔ رقوم کی فوری منتقلی کی سروس بھی کامیابی سے جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت کے معاملات میں مزید بہتری لانا چاہتے ہیں، پاکستان پوسٹ کی مزید 15 ہزار برانچز قائم کرنے جا رہے ہیں۔ ماضی میں وزارت کو درپیش خسارے سے نجات حاصل کریں گے، بہتری کے لیے اقدامات سے عوام کو فائدہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹ کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں رہا ہے، پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    بعد ازاں پارسل کی بکنگ کے لیے محکمہ ڈاک کی ایپلی کیشن کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔ ’ٹریک اینڈ ٹریس ایپ‘ پارسل کے ڈسپیچ ہونے سے منزل تک پہنچنے تک ساری تفصیلات سے صارف کو آگاہ رکھے گی۔

  • کراچی: نادرا کے لانڈھی آفس میں چوری کی واردات

    کراچی: نادرا کے لانڈھی آفس میں چوری کی واردات

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لانڈھی میں نادرا کے دفتر میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے، ملزم 18 سو شناحتی کارڈ اور اندراج کا رجسٹر اپنے ساتھ لے اڑا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے لانڈھی دفتر میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں بڑی تعداد میں شناختی کارڈ چرا لیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا نے چوری ہونے والے شناختی کارڈز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شناختی کارڈز از سر نو ری پرنٹ کر کے بنوائے جائیں گے، 27 جنوری کو انتخابات سے پہلے چوری شدہ شناختی کارڈز کا دوبارہ اجرا کردیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈز کی چوری کا تعلق ممکنہ طور پر ضمنی انتخابات سے ہوسکتا ہے۔

    واقعے کے بعد نادرا حکام نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی۔

    بعد ازاں پولیس اور رینجرز اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد جمع کرنے کا کام شروع کیا۔ تفتیش میں 2 ملازمین کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کاؤنٹر سے 1800 شناحتی کارڈ اور اندراج کا رجسٹر چوری کیا ہے، چور رات گئے چھت سے داخل ہوا اور اسی راستے سے فرار ہوا۔