Tag: NADRA

نادرا پاکستان کا ایک خودمختار اور آزاد ادارہ ہے جو حکومت کے اندرونی سیکریٹری کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔ یہ تمام پاکستانی شہریوں کے حساس رجسٹریشن ڈیٹا بیس کو قانونی طور پر منظم کرتی ہے۔

NADRA کا قیام 10 مارچ 2000 کو کیا گیا تھا، جب 1973 کے آئین کے تحت قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف رجسٹریشن پاکستان کو نیشنل ڈیٹا بیس آرگنائزیشن (این ڈی او) کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا۔ این ڈی او حکومت پاکستان کے وزارت داخلہ کے تحت ایک منسلک محکمہ تھا جسے 1998 کی مردم شماری کے لیے بنایا گیا تھا۔

شناختی کارڈ سے متعلق خبریں

NIC, NICOP، FRC, B-Form process information and news in Urdu- Pakistan- NADRA Information in Urdu

  • غیرملکیوں کو پاکستانی شناخت چارلاکھ میں کس نے فروخت کی؟

    غیرملکیوں کو پاکستانی شناخت چارلاکھ میں کس نے فروخت کی؟

    کراچی: قومی دستاویزات پرغیرملکیوں کو پاکستانی بنا کر بیرون ملک بجھوانے کا انکشاف ہوا، پاکستان کی جعلی دستاویزات کے حامل 15 غیر ملکی شہری بحرین میں گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جعلی دستاویزات کے حامل 15 افراد بحرین میں گرفتار کیے گئے تھے ، حقائق جاننے کے لیے ڈی جی نادراسندھ میر عجم خان کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

    ڈی جی نادرا کی جانب سے وزارت داخلہ میں جمع کروائی گئی حتمی رپورٹ کے مطابق زیر حراست افراد ایرانی ثابت ہوئے ، انہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے پنجگور،تربت ،گوادر ،بلیدہ اور لیاری سے تعلق ظاہر کرکے شناختی کارڈ وصول کیے ۔

    مذکورہ افرادکوشناختی کارڈ کراچی میں واقع لیاری ،عوامی مرکز ،شاہراہ فیصل ، ڈی ایچ اے میگا سینٹر اور میمن گوٹھ کے نادرا دفاتر سے جاری کیے گئے ۔ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ سن 2009سے 2018کے درمیان جاری کیے گئے ہیں ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے ایرانی باشندوں کو پاکستانی ضلعی حکومتوں کے دستاویز پر شہریت ملی ،جعلی شناختی کارڈ اور بیرون ملک روانگی میں نادرا،ایف آئی اے اور پروٹیکٹر کا عملہ ملوث ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 15افراد کو ڈی پورٹ کرکے واپس پاکستان بجھوادیا گیا ہے ، اور وہ سب ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں ۔

    ایک فرد کو جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ فراہم کرنے کی مد میں لگ بھگ 4لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں ۔4افراد کو برتھ سرٹیفکیٹ ،3کو میڈیکل برتھ سرٹیفکیٹ ،3کیسز میں تحریری حلف نامے جبکہ باقی کے لیے بلڈ ریلیشن کو استعمال کیا گیا ہے۔

    جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حامل افراد کی شکلیں ظاہر کیے گئے اہل خانہ سے یکسر مختلف تھیں جبکہ پکڑے جانے والے افراد فارسی کے علاوہ کوئی بھی علاقائی زبان نہیں بول سکتے۔جعلی شناختی کارڈ کی اجراء میں ملوث نادرا اور دیگر اداروں کے افسران کی گرفتاری متوقع ہے ۔

  • لانچ ہوتے ہی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم  فارم 2 لاکھ لوگوں نے بیک وقت ڈاؤن لوڈ کیا،ترجمان نادرا

    لانچ ہوتے ہی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم فارم 2 لاکھ لوگوں نے بیک وقت ڈاؤن لوڈ کیا،ترجمان نادرا

    اسلام آباد : ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے افتتاح کے بعد ویب سائٹ پر فارم لانچ کیا گیا تو 2لاکھ لوگوں نے بیک وقت ڈاؤن لوڈ کیا اور پہلے ہی گھنٹےمیں باسٹھ ہزارفارم ڈاؤن لوڈ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح ہوتے ہی مقبولیت بڑھ گئی، ترجمان نادرا نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پائلٹ فیز ہے، پہلے مرحلے میں صرف 7اضلاع کیلئے پائلٹ فیز شروع کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نادرا ویب سائٹ پر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم فارم لانچ کیا گیا تو 2لاکھ لوگوں نے بیک وقت ڈاؤن لوڈ کیا اور 174ملکوں سے لوگوں نے بیک وقت رسائی حاصل کی۔

    نادرا ترجمان نے کہا پروگرام کوایک سیکنڈمیں10ہزارہٹس موصل ہورہی ہیں، ویب سائٹ لوگوں کے رش کی وجہ سے عارضی طور پر معطل ہوئی، لیکن اس وقت نادرا ویب سائٹ معمول کے مطابق فعال ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نادراویب سائٹ سے پہلے ہی گھنٹےمیں62 ہزارفارم ڈاؤن لوڈ ہوئے۔

    گذشتہ روز نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ‘ پروگرام کا رجسٹریشن فارم جاری کیا تھا ، جو خواہش مند شہری 12 اکتوبر سے 21 دسمبر 2018 تک مختص کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام دفاتر میں 250 روپے فیس کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ، رجسٹریشن فارم جاری

    ابتدائی طورپر7 اضلاع میں رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سکھر، کوئٹہ، گلگلت، مظفر آباد، سوات، اسلام آباد اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    رجسٹریشن سے درخواست گزار کی مرضی کی جگہ اور ضرورت کا تعین کیا جائے گا، رجسٹریشن کے ذریعے ماہانہ آمدنی، گھر کے افراد کی تفصیلات، گھرکاسائزہ کیاہوگا؟ تفصیلات کے بعد پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فیصلہ کرے گی۔

    خاندان میں صرف ایک ہی شخص رجسٹریشن کیلئے اہل ہوگا، درخواست گزار کی مرضی کے مطابق منتخب شخص سے ماہانہ قسط لی جائےگی۔

    ماہانہ قسط کیلئے3 پلان درخواست گزارکو پیش کیے جائیں گے، 5 سے 10ہزار، 10 سے 15ہزار، 15 سے 20ہزار ماہانہ کا پلان دیا جائے گا۔

    رجسٹریشن فارم پر کلک کر کے فارم حاصل کریں

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے 5سال میں 50 لاکھ گھرکی مثالی ہاؤسنگ اسکیم لانچ کردی، اسکیم سے کم آمدنی والوں کوباآسانی گھر میسر آسکیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکیم سے 40 صنعتوں سے منسلک 60لاکھ افراد کو روزگار ملےگا اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔

    وزیراعظم نے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے” کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کرآئے گی، اپنا گھراسکیم ان لوگوں کیلئےجوکبھی گھربنانےکاسوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کو پہلے روکا ہوتا توآج قرضہ نہ لینا پڑتا، ڈاکا پڑے تو گھرمشکل وقت سے گذرتا ہے، میں آپ کو مشکل وقت سے نکالوں گا، اصلاحات کےاثرات چھ ماہ بعد آناشروع ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری بہت بڑامسئلہ ہے اسے حل کریں گے، 50لاکھ گھر بنیں گے تو روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے، ایسا موقع ملے گا کہ نوجوان خود کنسٹرکشن سائٹس بنا کردیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا اتھارٹی میں کئی ادارےشامل ہوں گے اور سربراہی خو دکروں گا، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی ون ونڈآپریشن فراہم کرے گی، اتھارٹی بننےتک17ممبران کی ٹاسک فورس بنارہےہیں۔

  • عام انتحابات 2018: پریزائیڈنگ افسران اسمارٹ فونز اور پیکجز نہ ہونے کے سبب آر ٹی ایس استعمال نہ کرسکے

    عام انتحابات 2018: پریزائیڈنگ افسران اسمارٹ فونز اور پیکجز نہ ہونے کے سبب آر ٹی ایس استعمال نہ کرسکے

    اسلام آباد: عام انتحابات 2018 میں آر ٹی ایس فیل ہونے کے معاملے پر نادرا نے اپنی ابتدائی رپورٹ مرتب کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا دی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران اسمارٹ فونز اور پیکجز نہ ہونے کے سبب آر ٹی ایس استعمال نہ کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کی رپورٹ موصول ہونے کی تصدیق کر دی، رپورٹ میں نادرا نے پولنگ کے دن آر ٹی ایس میں آنے والی رکاوٹوں کی وجوہ پر روشنی ڈالی ہے۔

    نادرا رپورٹ کے مطابق آر ٹی ایس 25 جولائی کو ٹھیک کام کر رہا تھا، 25 جولائی 6 بجے سے 27 جولائی شام 4 بجے تک نتائج وصولی جاری رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نادرا نے آر ٹی ایس کے بین الاقوامی معیار کا بیک اپ بھی تیار کیا تھا۔

    رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم میں ڈیٹا فیڈنگ کا اختیار صرف پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کو تھا، ابتدا میں آر ٹی ایس کے ذریعے رزلٹ کی آمد جاری تھی، لیکن پھر انتخابی عملے کو آر ٹی ایس کے استعمال میں مختلف وجوہ رکاوٹ کا باعث بنیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عملے کے پاس تھری جی انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے رزلٹ فارم ترسیل میں روکاٹ پیش آئی، بیش تر پریزائیڈنٹ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کے پاس اسمارٹ فون بھی نہیں تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  آر ٹی ایس سسٹم قانون کا حصّہ ہے اسے مستقبل میں دوبارہ استعمال کیا جائے گا، الیکشن کمیشن


    رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فون سے کم علمی، چارجنگ، ڈیٹا پیکجز نہ ہونے سے بھی نتائج بر وقت نہ بھجوائے جا سکے، بیش تر انتخابی عملہ ٹیکنالوجی کی مہارت نہیں رکھتا تھا۔

    نادرا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ الیکشن کی رات 2 بجے سے قبل غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کا پریشر بھی ناکامی کا سبب بنا، 2 بجے کی ڈیڈ لائن کے لیے الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس کو بائی پاس کرنے کا حکم دیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی ایس کا بالواسطہ یا بلا واسطہ تعلق نہیں تھا کہ وہ کسی حلقے کے نتائج مرتب کرے، نتائج ٹرانسمیشن سسٹم اور رزلٹ مینجمنٹ سسٹم میں کوئی مماثلت نہیں تھی۔

  • افغان شہری نے الیکشن میں حصہ کیسے لیا، الیکشن کمیشن کا وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    افغان شہری نے الیکشن میں حصہ کیسے لیا، الیکشن کمیشن کا وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    کوئٹہ: الیکشن کمیشن میں بلوچستان اسمبلی میں افغان شہری کے رکنِ اسمبلی منتخب ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی، وزارتِ داخلہ اور نادرا کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے حلقہ پی بی 26 سے کامیاب ہونے والے امید وار علی احمد کوہ زاد کا شناختی کارڈ نادرا نے افغان شہری ہونے کے شبے میں بلاک کررکھا ہے ، الیکشن کمیشن نے پہلے کوہ زاد پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی تھی تاہم بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔

    علی احمد کا تعلق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے اور انہوں نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں 5،117 ووٹ حاصل کرکے متحدہ مجلسِ عمل کے ولی محمد کو شکست دی تھی، جنہوں نے 3،342 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    نادرا نے الیکشن سے قبل ان کا شناختی کارڈ بلاک کیا تھا جس کا سبب بتایا گیا تھا کہ علی احمد کو ہ زاد اپنی شناخت کے لیے کوئی بھی قابلِ اعتبا ر دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں اور شبہ ہے کہ وہ افغان شہری ہیں۔ شناختی کارڈ بلاک کرنے اور الیکشن میں حصہ لینے پر روکے جانے پر علی احمد نے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ابتدائی رپورٹ پر ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ ریکارڈبتارہاہےعلی احمد نےپہلےبھی الیکشن میں حصہ لیاہے، انہوں نے استسفار کیا کہ کیا نادرا ان چیزوں کا ذمہ دار نہیں ہے؟۔

    الیکشن کمیشن نے وزارت ِ داخلہ کو اس معاملے پر جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرنے کے ساتھ ساتھ نادرا سے بھی اس معاملے پر رپورٹ کرلی، وزارتِ داخلہ نے جامع رپورٹ پیش کرنے کے لیے دو ہفتے کا وقت طلب کرلیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

    اس موقع پر علی احمد کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28 دن سے ہماری کامیابی کا نوٹی فکیشن روک رکھا ہے جس کے سبب ہمارا موکل حکومت سازی ، وزیر اعلیٰ اور صدر کے انتخاب کے عمل میں حصہ لینے سے محروم ہوگیا ۔

  • نادرا کا شاندار کارنامہ :5دن میں ساڑھے6لاکھ شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری

    نادرا کا شاندار کارنامہ :5دن میں ساڑھے6لاکھ شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری

    اسلام آباد : نادرا نے الیکشن2018کے موقع پر ساڑھے6لاکھ شہریوں کو صرف پانچ دن میں قومی شناختی کارڈ جاری کیے، نادرا دفاتر آج 25 جولائی بروز بدھ کو بھی کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ووٹرز کو ان کا حق رائے دہی استعمال کرنے کا اہل بنا دیا، نے صرف پانچ دنوں میں ساڑھے 6 لاکھ شہریوں کو شناختی کارڈز جاری کر دیئے ہیں تاکہ وہ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔

    ترجمان کے مطابق نادرا نے5دن میں ساڑھے6لاکھ شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کیے، 5دن میں ساڑھے6لاکھ کا رڈز پرنٹ ہوئے ہیں، کوریئر کمپنی نے5لاکھ85ہزار کارڈز سینٹرز پر پہنچادیئے ہیں۔

    ترجمان نادرا کا مزید کہنا ہے کہ 5دن میں3لاکھ شہریوں کو ان کے شناختی کارڈز مل چکے ہیں، تقریباً3لاکھ شناختی کارڈز نادرا سینٹرز پرموجود ہیں، کارڈ پرنٹنگ کا عمل24گھنٹے کی بنیاد پرجاری رہا۔

    نادرا دفاتر رات9بجے تک کارڈز فراہم کرنے کیلئے کھلے رہیں گے، نادرا دفاتر کل25جولائی کو بھی دن دو بجے تک کھلے رہیں گے، شہری نادرا دفترسے شناختی کارڈ حاصل کرکے ووٹ ڈال سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • الیکشن کمیشن  انتخابات 2018 کے نتائج نادرا سے منسلک موبائل سے وصول کرے گا

    الیکشن کمیشن انتخابات 2018 کے نتائج نادرا سے منسلک موبائل سے وصول کرے گا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن انتخابات 2018 کے نتائج نادرا سے منسلک موبائل سے وصول کرے گا، نادرا نے سسٹم منسلک کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن نتائج کے ترسیلی نظام کو نادرا سے منسلک کرنے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ، الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کے نتائج کی ترسیل کیلئے نادرا کا جدید نظام کرے گا۔

    الیکشن کمیشن حکام کے مطابق اس سلسلے میں نادرا ٹیمیں ملک بھر کے اضلاع میں پہنچ گئی، نادرا ٹیمیں ریٹرننگ افسران سے ملاقاتیں کریں گی اور اٹھارہ سے اکیس جولائی تک ٹیمیں نظام کومنسلک کریں گی جبکہ پریذائیڈنگ افسران کوطلب کرکے نظام منسلک کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ فون نہ ہونے پراسسٹنٹ پی او کا موبائل منسلک کیا جائے گا، نادرا تمام ریکارڈ اکیس جولائی کے بعد الیکشن کمیشن کو مہیاکرے گا۔

    الیکشن کمیشن نادرا سے منسلک موبائل سے ہی نتائج وصول کرے گی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نادرا کے دو سابق افسران حساس ریکارڈ چوری کرکے لے گئے، مقدمہ درج

    نادرا کے دو سابق افسران حساس ریکارڈ چوری کرکے لے گئے، مقدمہ درج

    اسلام آباد : نادرا کا حساس ریکارڈ چوری ہو نے کا انکشاف ہوا ہے، دو سابق افسران ملازمت سے فارغ ہونے پر ڈیٹا بھی اپنے ساتھ لے گئے، ریکارڈ کے غلط استعمال کے خدشہ کے باعث مقدمہ درج کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن2018بہت قریب ہیں اور اسی دوران نادرا کا حساس ریکارڈ چوری ہوگیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں دو سابق افسران ملوث ہیں، جن کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے ۔

    ڈیٹا غائب ہونے سے ادارے کو ریکارڈ کے غلط استعمال کا خدشہ ہے، نادرا حکام نے ریٹائر ہونے والے سابق ڈپٹی چیئرمین نادرا سید مظفرعلی شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد کمال کے خلاف مقامی تھا نے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

    ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مظفر شاہ نادرا کی ملازمت سے فارغ کیے جانے پر حساس ریکارڈ اپنے ساتھ لے گئے ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر بھی ادارے کا لیپ ٹاپ ،فلیش ڈرائیو اور ورک اسٹیشن چوری کرکے لے گئے ہیں، ایف آئی آر میں افسروں سے حساس ریکارڈ برآمد کرانے کیلئے کہا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی تحریک انصاف کی جانب سے  خط لکھ کر چیئرمین نادرا کی برطرفی کا مطالبہ کیا  گیاتھا، پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈیٹا چوری کر کے نون لیگ کو دیا گیا ہے جو انتخابات میں استعمال ہوسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس آف کے احکامات، خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بننے کا عمل شروع

    چیف جسٹس آف کے احکامات، خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بننے کا عمل شروع

    لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات پر نادرا نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بنانا شروع کر دیئے، لاہور کے فاونٹین ہاﺅس میں نادرا کی جانب سے موبائل وینز مختص کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے ازخود نوٹس لینے کے بعد نادرا نے خواجہ سراﺅں کے شناخی کارڈ بنانے کا عمل شروع کردیا ہے، خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بنانے کے لئے نادرا کی موبائل وین فاؤنٹین ہاؤس پہنچ گئی۔

    نادرا ٹیم کے مطابق خواجہ سرا موبائل وین سے 30 جون تک شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں، فاؤنٹین ہاؤس میں رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کی تعداد 75 سے زائد ہے۔

    فاؤنٹین ہاؤس انتظامیہ کے مطابق خواجہ سراؤں کو میڈیکل کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگا دیا گیا ہے، جہاں خواجہ سراؤں کو مفت معائنہ اور ادویات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

    فاؤنٹین ہاؤس کی جانب سے رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔


    چیف جسٹس نے خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کی فراہمی کے لیے کمیٹی قائم کردی


    یاد رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے خواجہ سراؤں کو 15 دن میں شناختی کارڈ کی فراہمی کے لیے کمیٹی قائم کی تھی اور کہا تھا کہ خواجہ سراؤں کے لیے ایسا نظام بنائیں گے ان کو حق دہلیز پر ملے۔

    قبل ازیں فاونٹین ہاؤس کے دورے کے دوران خواجہ سراؤں نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی اور بتایا کہ پاکستانی شہری ہونے کے باوجود ان کو بنیادی حقوق حاصل نہیں نادرا انہیں شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہا۔

    جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ نہ بنانے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، متعلقہ افسران اور اخوت فاونڈیشن کے چیئرمین کو طلب کر لیا تھا۔

    واضح رہے کہ انتخابات 2018 کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے علاوہ پہلی بار خواجہ سرا بھی فارم وصول کرنے کے لیے ریٹرننگ آفیسرکے پاس پہنچے تھے ۔ تاہم نامزدگی فارم میں خواجہ سراؤں کے لیے الگ خانہ نہ ہونے سے بھی انہیں شدید مایوسی ہوئی تھی ، کیونکہ قانون کے مطابق اب یہ ان کا حق ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں اور ووٹ کاسٹ کرسکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نادرا سے وضاحت طلب کرلی

    ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نادرا سے وضاحت طلب کرلی

    اسلام آباد : نادرا کی جانب سے ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو خط لکھ کر نادرا سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے نادرا سے وضاحت طلب کرلی۔

    اس حوالے سے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا کو خط لکھ کر فراہم کیے گئے ڈیٹا کےبارے میں تفصیلات طلب کیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کا ڈیٹا لیک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ نادرا حکام نے ووٹرز کی معلومات غیر متعلقہ افراد کو فراہم کرکے الیکشن کمیشن کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی، ووٹرز کا ڈیٹا الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا۔

    دوسری جانب نادرا ذرائع کا کہنا ہے ووٹرز کےحوالے سے کوئی اعداد و شمار فراہم نہیں کیے گئے، مسلم اورغیر مسلم کا صوبے کے حساب سے ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے۔

    نادرا حکا م کا کہنا ہے کہ اخبارمیں چھپنے والے ڈیٹاسے کسی کوفائدہ نہیں پہنچ سکتا اور نہ ہی نادرا نے ووٹرزکاڈیٹا کسی سیاسی جماعت کونہیں دیاہے۔

    علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے الزام عائد کیا تھا کہ نادرا میں کم از کم تین لوگوں نے سیکیورٹی ڈیٹا لیک کیا ہے، عمران خان کی پیشی کےمعاملے پر آئین و قانون کی بات کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امیدواروں کےکاغذات نامزدگی پر فیصلے کل تک ہونے ہیں، نوازشریف کے مقدمے میں فوری طور پر فیصلہ سنایاجائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پی ٹی آئی کا چیئرمین نادرا کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا چیئرمین نادرا کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین نادرا کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی، عمران خان نے بابراعوان کو پٹیشن تیارکرنے کی ہدایت کر دی۔

    پارٹی ذرایع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے یہ پٹیشن الیکشن کمیشن میں دائر کی جائے گی، جس میں الیکشن کمیشن سے چیئرمین نادرا کی برطرفی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

    پٹیشن میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ نادرا نے حساس معلومات لیک کیں، جس کے مدد سے مسلم لیگ ن پری پول ریگنگ کا ارادہ رکھتی ہے.

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین نادرا کو ہٹانے کے لئے پہلے بھی چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو خط لکھ چکی ہے، البتہ اس ضمن میں‌ جب کوئی اقدام نہیں‌ ہوا، تو پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا.

    یاد رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ چیئرمین نادرا نے ن لیگ کو الیکشن جتوانے کے لیے ڈیٹا فراہم کیا ہے.

    ذرایع بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہیں، جس کے پیش نظر پی ٹی آئی چیئرمین نے عمران خان کی بابراعوان کوپٹیشن تیارکرنے کی ہدایت کی ہے.


    دعا کریں آئندہ برس عید نئے پاکستان میں میسرآئے‘ عمران خان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔