Tag: Nafees Zakaria

  • ترک پولیس کی تحویل میں آئے 6پاکستانی رہا

    ترک پولیس کی تحویل میں آئے 6پاکستانی رہا

    استبول: پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق گذشتہ روز ترک پولیس کی تحویل میں آئے چھ پاکستانیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ترک پولیس نے چھ پاکستانیوں کو کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا ہے، اشفاق اور فضل امین استنبول میں پاکستانی قونصل خانے پہنچ گئے ہیں جبکہ باقی چار کل پاکستانی سفارتخانے آئیں گے۔

    دوسری جانب ترکی میں مزید تین پاکستانیوں کے اغواکاروں کی قید میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے اغوا کے بارے میں ترک پولیس کوآگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو ترک سرحد سے اغوا کیا گیا ، زاہدنامی ایجنٹ نے نوجوانوں کو افغان ایجنٹ کو فروخت کیا، دو نوجوانوں کا تعلق سرائے عالمگیر، ایک کا منڈی بہاؤالدین سے ہے، اغوا کاروں نے نوجوانوں پرتشدد کی ویڈیوز اہل خانہ کو بھیجی ہے۔

    مزید پڑھیں : استنبول: 6 مغوی پاکستانی بازیاب،4 انسانی اسمگلرز گرفتار

    اس سے قبل بھی رواں ماہ ترکی کے ذریعے یورپ جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے اغوا کی درد ناک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس کے بعد ترک پولیس نے حکومت پاکستان کی درخوست پر رہائی کے لیے مختلف جگہ چھاپے مارے تھے اور متعدد افراد کو بازیاب کرالیا تھا ، جس کی تصدیق پاکستانی دفترخارجہ اور سفارت خانے نے بھی کی تھی۔

     

     

  • پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، نفیس زکریا

    پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، نفیس زکریا

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، افغانستان میں داعش کے پھیلاؤ اور طالبان کی سرگرمیوں کےبارے میں آگاہ ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نےستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، افغانستان میں داعش کے پھیلاو اور طالبان کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ ہیں۔

    نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے افغانستان کے چیف ایگزیکیٹوکو دورہ پاکستان کی دعوت دی، باہمی مشاورت سے تاریخ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ این ایس جی کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کی رکنیت کے حصول کی سنجیدہ کوشیشوں کو دیگر ممالک نے سراہا، این ایس جی کی ایٹمی عدم پھیلاو کے ایجنڈے کے حوالے سے عملی کوششیں کیں۔


    مزید پڑھیں : عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، نفیس ذکریا


    مقبوضہ کشمیر کے حولے سے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھاتا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیری حریت رہنماؤں یاسین ملک، سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری قوم ابھی تک ڈٹی ہوئی ہے، موجودہ جدوجہد ہماری تحریک کو آگے لے گئی ہے، اللہ کی مدد سے فتح ہماری ہو گی، پاکستان کشمیری قوم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

    ترک صدر کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ برادر اسلامی ملک ترکی کے صدر رچپ طیب اردغان نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا، ترک صدر نے پارلیمان سے اپنے خطاب میں مسلہ کشمیر کا بھی ذکر کیا۔

  • بھارتی سفارتی اہلکارملک دشمن کاروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان

    بھارتی سفارتی اہلکارملک دشمن کاروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی سفارتی اہلکار سفارتی آداب کے منافی اورملک دشمن سرگرمیوں اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

    اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے چھ اور آئی بی کے دو اہلکار سفارتکاروں کے بھیس میں پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، بھارتی سفارت خانے کے اہلکاروں کے تحریک طالبان پاکستان سے بھی تعلقات تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے سفارتی اہلکاروں کو واپس بھیج کرسفارتی آداب کی خلاف ورزی کی ، میڈیا پرسفارتی اہلکاروں کے نام دے ان کی اوران کے اہل خانہ کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔

    نفیس زکریا نے بتایا کلبھوشن کیس میں تحقیقات جاری ہیں، بھارت نے آٹھ سال گزرنے کے باوجود ممبئی حملہ کیس میں ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کئے۔

    مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے حوالے سے نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں گزشہ چند ماہ سے بھارتی بربریت عروج پر ہے، بھارت سیزفائرکی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہا ہے، بھارت نے سفارتی آداب،ویانا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہے۔


    مزید پڑھیں : بھارتی سفارت کار پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں ملوث


    یاد رہے گذشتہ روز کلبھوشن یادیو کے بعد پاکستان میں بھارت کا ایک اور بڑا جاسوس نیٹ ورک پکڑا گیا تھا، جس میں دو بھارتی سفارتکار بلبیر سنگھ اور راجیش کمار دہشت گردی میں ملوث نکلے، بھارتی سفارتکاروں کے دہشت گرد نیٹ ورک میں ملوث ہونے کے انکشاف پر انھیں فوری پاکستان سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کا افسر بلبیر سنگھ فرسٹ سیکریٹری پریس انفارمیشن کے لبادے میں تعینات تھا، بلبیر سنگھ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا، راجیش کماراگنی ہوتری بھی دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا اور یہ کمرشل قونصلر کے طور پرتعینات تھا۔

    اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے سفارت کار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا اور انہیں اہل خانہ سمیت 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔


    مزید پڑھیں : بھارتی سفارتکار ناپسندیدہ شخصیت قرار، ملک چھوڑنے کا حکم


    اس سے قبل بلوچستان سے دہشت گرد نیٹ ورک چلانے والا را کا اہم افسر اور اس کا پورا نیٹ ورک بھی گرفت میں آچکا ہے۔ جس نے دوران تفتیش دہشت گردی کے سنسنی خیز انکشافات کئے تھے۔

  • بھارت اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، بھارتی ایجنسیاں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

    اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی ایجنیساں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان اور بنگلہ دیش کے حوالے سے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔

    ترجمان دفترِخارجہ نے کہا کہ سارک سربراہ کانفرنس آٹھ مرتبہ ملتوی ہوئی، پانچ مرتبہ بھارت نے ملتوی کرائی، بھارت کی جانب سے بین الاقوامی فورمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، امریکا پاکستان اوربھارت کے درمیان تنازعات حل کرانے میں کردار ادا کرے۔

    نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید افراد کی تعداد ستر ہزار ہوگئی ہے۔


    مزید پڑھیں : عالمی برادری کشمیرمیں بھارتی مظالم رکوائے، ترجمان دفترخارجہ


    یاد رہے اس سے قبل ایک بیان میں نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد 150کشمیری شہید کیے گئے ہیں، بھارتی ظلم وبربریت سے اب تک15ہزارسے زائد کشمیری زخمی ہوچکے ہیں، بھارتی فورسز کشمیر میں نسل کشی کررہی ہیں، قابض بھارتی افواج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پاکستان کے عوام اورحکومت کے لئے باعث تشویش ہے، مقبوضہ کشمیرمیں حقائق جاننے کے لیے مشن بھیجا جائے۔

  • بھارت جانیوالی افغانی مصنوعات کیلئے سرحدوں کو بند نہیں کیا، پاکستان

    بھارت جانیوالی افغانی مصنوعات کیلئے سرحدوں کو بند نہیں کیا، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے واہگہ باڈر کے ذریعے انڈیا برآمد کی جانے والی افغانستان کی مصنوعات کے لیے اپنی بندرگاہوں اور سرحدوں کو بند نہیں کیا ہے۔

    ترجمان نفیس زکریا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہم افغان عوام کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے تجارتی راہداری میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ معاہدے کے تحت انڈیا کی مصنوعات پاکستان کے راستے افغانستان برآمد نہیں کی جا سکتی ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان کی وزارتِ تجارت کے ترجمان محمد اشرف کا کہنا ہے کہ افغان مصنوعات کے لیے واہگہ باڈر بند نہیں ہوا ہے۔

    محمد اشرف نے بتایا کہ افغان پاکستان تجارتی راہداری کے منصوبے کے تحت افغانستان کی برآمدی مصنوعات پاکستان کے واہگہ باڈر کے ذریعے انڈیا جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر سے افغان اشیاء لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پابندی کے بعد افغانستان بھی پاکستانی مال بردار گاڑیوں کے افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک جانے پر پابندی عائد کر دے گا۔

    افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی ایشیائی ریاستوں میں جانے والی پاکستانی مال گاڑیوں کو ملک سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے یہ اعلان پاکستان کی جانب سے افغانستان کی مصنوعات خاص طور پر میوہ جات واہگہ بارڈر سے انڈیا برآمد پر پابندی کے ردِ عمل میں کیا ہے۔

    افغانستان کے صدارتی محل کے ایک ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے چمن بارڈر کو اس وقت بند کیا جب میوہ جات برآمد کرنے کا وقت تھا۔ انہوں نے کہا کہ چمن باڈر بند ہونے کے سبب افغانستان کے تاجروں کو بہت نقصان ہوا تھا۔

     

  • مسئلہ کشمیر پرتمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں، ترجمان دفترخارجہ

    مسئلہ کشمیر پرتمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر تمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں۔ آثاربتا رہے ہیں کشمیر کی تحریک کو شکست نہیں دی جا سکتی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کشمیرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں ہرایک کی زبان پر کشمیر کی صورت حال کا تذکرہ ہے۔

    کشمیر پر کبھی مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کشمیر پر قبضہ کرنا کیوں چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو مؤثر طریقے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی فورمز پر بھی وفود بھجوائے جائیں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ برہان وانی سمیت ایک لاکھ سے زائد شہید کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیرکی تحریک اپنی ہے۔ اتنی بڑی تحریک باہر سے بیٹھ کر نہیں چلائی جا سکتی۔

    دوسری جانب بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنرعبدالباسط نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کومسئلہ کشمیر پر بات چیت کی دعوت دی تھی تاہم اس پرپیشرفت نہ ہوسکی۔

    انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان نے مذاکرات کے لئے ایک قدم آگے بڑھایا لیکن وہ کارگرنہ ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیرکا مسئلہ حل کرنے کے لئے مذاکرات کی ضرورت ہے اور یہی اس کا واحد حل ہے۔

     

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے تمام اقدامات کررہے ہیں، دفتر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے تمام اقدامات کررہے ہیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کےحوالے سے تمام اقدامات کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے ہفتےوار بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی دہشتگردی میں اسی سے زائد شہید ہوگئے جبکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں ابتک سات ہزار کے قریب کشمیری زخمی ہوچکے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق تاحال پانچ سو کمشیریوں کی آنکھیں پلیٹ گن سے شدید متاثرہوئیں، معاون خصوصی طارق فاطمی نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو کشمیر کی صورتحال پر اعتماد میں لیا ہے۔


     مزید پڑھیں :  نریندر مودی نے کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بلوچستان پر بیان دیا، دفترخارجہ


    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے سلسلے کی کڑی ہے تاہم مودی کے بیان کا پورے بلوچستان نے مظاہروں کی شکل میں جواب دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کی منسوخی کے حوالے سے کسی بیان سے آگاہ نہیں، جان کیری نے گزشتہ ماہ دورہ پاکستان کی خواہش ظاہر کی تھی، دورے کی تاریخ تاحال موصول نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خاتمے اور انکی مذمت میں تمام اہم فورمز پربات کررہا ہے، ہم مسئلہ کشمیر پر اپنی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

  • نریندر مودی نے کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بلوچستان پر بیان دیا، دفترخارجہ

    نریندر مودی نے کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بلوچستان پر بیان دیا، دفترخارجہ

    اسلام آباد : پاکستان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے دنیا کی توجہ کشمیرسے ہٹانے کے لئے بلوچستان سے متعلق بیان دیا، کلبھوشن نیٹ ورک کراچی اوربلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا۔

    ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بلوچستان سے متعلق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا بیان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ریاستی ظلم وجبر پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، پاکستان کے عوام بھارتی انٹیلیجنس کی تخریبی کارروائیوں کا شکار ہیں۔

    نفیس زکریا نے کہا کہ کل بھوشن یادیو اور اس کا نیٹ ورک بھی بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی و تخریب کاری میں مصروف تھا، کشمیرکا معاملہ گذشتہ چھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈا پرہے۔بھارتی وزیراعظم کا بیان قراردادوں کے منافی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ کودورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، کشمیرسے متعلق بھارت سے مذاکرات چاہتے ہیں۔

  • مسئلہ کشمیرایک حقیقت ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، دفتر خارجہ

    مسئلہ کشمیرایک حقیقت ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پربھارت کے ظلم وستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرایک حقیقت ہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم وستم کا بازارگرم کردیا ہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کردی۔

    دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل نہیں ہوا، مسئلہ کشمیرایک حقیقت ہے، جسے دنیا بھر میں اجاگرکررہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کونسل کے ارکان کے سامنے مسئلہ کشمیراٹھایا ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی بھارتی جارحیت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

  • پاکستانی عوام کو اپنی فوج پر فخر ہے، دفترخارجہ

    پاکستانی عوام کو اپنی فوج پر فخر ہے، دفترخارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے میڈیا بریفنگ میں واضع کیا ہے کہ سول اورملٹری قیادت میں ہم آہنگی ہے، پاکستانی عوام کواپنی فوج پرفخر ہے، بھارت سے ممبئی حملوں کے مزید ثبوت مانگے ہیں۔

    پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سول اور ملٹری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے، پاکستانی عوام کو اپنی فوج پر فخر ہے، مسلح افواج جمہوری عمل کی حامی ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت سے ممبئی حملوں کے مزید ثبوت بھی مانگ لئے ہیں، کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، بھارت کو خط لکھ دیا ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔

    ایف سولہ طیاروں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات کو صرف ایف سولہ کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئیے، امریکی سینیٹر جان میکین جلد پاکستان آئیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نیوکلئیر سپلائرز کی رکنیت کی صلاحیت رکھتا ہے، این ایس جی اجلاس میں ہمارے مؤقف کی توثیق کی گئی، افغان مہاجرین کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈلائن میں تیس دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے بیان پر ردِعمل میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لئے بھارت سے مذاکرات کا خواہشمند ہےلیکن بھارت مذاکرات سے گریز کررہا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے لئے جامع طریقہ کارموجود ہے، جو عوامی رابطوں، ماہی گیروں کے مسائل، تجارت، معاشی تعاون، کشمیر، سیاچن اور سر کریک پر مشتمل ہے، سیاچن پر گذشتہ مذاکرات میں معاہدہ طے پاگیا تھا، جسے بھارتی فوج نے مسترد کردیا تھا۔