Tag: Nairobi

  • ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے نواحی علاقے میں صبح صبح ایک شیر نے پہنچ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیر کا تعلق شہر کے جنوب میں واقع نیشنل پارک سے ہے جو اچانک رہائشی علاقے میں نکل آیا۔ خوفزدہ افراد نے فوری طور پر پولیس اور کینین وائلڈ لائف سروس کو مطلع کیا۔

    شہریوں کی حفاظت کے لیے انتظامی حکام نے فوری طور پر رینجرز کی تعیناتی بھی کر دی جبکہ شیر کے زخمی ہونے کی صورت میں خصوصی ویٹرنری ڈاکٹر کو بھی موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ سروس کے اہلکاروں نے شیر کو دور سے انجیکشن ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔ شیر کو نیشنل پارک منتقل کردیا گیا اور نیشنل پارک کے حکام کے مطابق ہوش اآنے پر شیر کو واپس جنگلاتی علاقے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بچے اسکولوں کی طرف جبکہ دیگر افراد اپنے روزگار و دفاتر کی جانب روانہ ہورہے تھے۔

    نیشنل پارک سے صرف 7 کلو میٹر دوری پر واقع اس علاقے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل پارک کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کسی خوفناک اور ناخوشگوار حادثے سے بچا جاسکے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق دسمبر سنہ 2019 میں بھی ایک شیر نے نیشنل پارک سے باہر نکل کر ایک شخص پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔ مارچ سنہ 2016 میں نیشنل پارک سے نکلنے والے شیر کو اس وقت گولی مار دی گئی جب اس نے ایک شہری کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

  • نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 15 افراد ہلاک

    نیروبی : کینیا کے دارالحکومت میں واقع ایک فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ضلع ویسٹ لینڈ میں واقع ڈوسٹ ڈی 2 نامی پُر تعیش ہوٹل پر منگل کے روز دہشت گردوں نے حملہ کرکے متعدد افراد کو قتل کردیا۔

    نیروبی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ابھی بھی عمارت کے اندر موجود ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے سات منزلہ عمارت کی چھ منزلیں دہشت گردوں سے خالی کروالی لی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام لوگوں کو ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 100 افراد بدھ کی صبح عمارت سے ریسکیو کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری صومالیہ کی دہشت گرد تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔

    کینین حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کا محاصرہ ختم ہوگیا لیکن سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے جبکہ مسلسل دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملے میں 15 افراد لقمہ اجل بنے ہیں لیکن سرکاری ذرائع نے تاحال ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : کینیا کے اسکول میں فائرنگ‘ 6 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک

    مزید پڑھیں : صومالیہ میں کینیا کی فوج کا آپریشن،الشباب کے 52 جنگجو ہلاک

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ داخلہ نے نیروبی ہوٹل حملے میں ایک امریکی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

     

    اس حملے کا آغاز اس وقت ہوا جب 101کمروں کے ہوٹل، ایک ریسٹورنٹ اور متعدد دفاتر پر مشتمل ڈوسٹ ڈی 2 کمپلیکس میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز پانچ کلو میٹر دور تک واضح طور پر سنی گئی۔