مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مودی نے بھارتی میڈیا سے مل کر اپنے لوگوں کو بیوقوف بنایا ہے، بی جے پی پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے وہ خطے کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر پہنچے۔ وزیر اعظم نے فتح پور تھکیالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایل او سی پر فائرنگ سے خاتون شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے، ایل او سی آنے کا مقصد مقامی لوگوں کو سلام پیش کرنا ہے۔ مودی نے پلوامہ واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں انتہا پسندی کو فروغ دیا۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مودی نے بھارتی میڈیا سے مل کر اپنے لوگوں کو بیوقوف بنایا، بی جے پی پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے وہ خطے کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، پاکستان مودی اور اس کے حمایتی کے راستے کی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے عزم آزادی نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے، آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پر اسنائپر گن سے بچوں کو نشانہ بناتی ہے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن بہت پست ذہنیت کا حامل اور بزدل ہے، ہماری حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آزادی کے قافلے کا ادنیٰ سپاہی ہوں، وقت آیا تو پہلی صف میں لڑوں گا۔