Tag: namaz e janaza

  • سانحہ شیخوپورہ : آٹھ افراد کی نماز جنازہ و تدفین، پورا گاؤں سوگوار

    سانحہ شیخوپورہ : آٹھ افراد کی نماز جنازہ و تدفین، پورا گاؤں سوگوار

    شیخوپورہ : خوفناک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت آٹھ افراد کو نمازہ جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ٹینکر اورکار میں تصادم کے المناک حادثے نے پورا علاقہ سوگوار کردیا۔ پانچ بچوں سمیت آٹھ افراد کو ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں محمود پورہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    اٹھارہ سالہ زنیرہ، چھبیس سالہ شگفتہ، تیس سالہ شازیہ، ولید، حمزہ، حسیب، منیب اور فیضان کے جنازے اٹھے تو ہرآنکھ اشکبار تھی۔ نماز جنازہ میں غم سے نڈھال اہل خانہ سمیت پورے گاؤں نے ہی شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد جاں بحق افراد کو سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ ایل پی جی ٹینکرپھٹنے کا حادثہ شیخوپورہ کے نزدیکی علاقے کوٹ وارمیں کاراوردو چنگچی رکشاؤں سے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

    ٹریفک حادثہ  کےسبب تیرہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

  • چھ سالہ پاکیزہ کی نمازجنازہ ادا، میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوگئی

    چھ سالہ پاکیزہ کی نمازجنازہ ادا، میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوگئی

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں چھ سالہ بچی قتل کیس کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ آگئی، تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شادی ہال سے سات روز قبل لاپتہ ہونےوالی بچی سےزیادتی ثابت ہوگئی۔

    لیڈی ایم ایل او کے مطابق لاش سات دن پرانی ہونے سے موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی جسم پر تشدد کے نشانا ت بھی ڈوبنے کی وجہ سے غائب ہوگئے، کیمیائی تجزیے کےبعد موت کی وجہ معلوم ہوسکےگی۔

    علاوہ ازیں چھ سالہ پاکیزہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ننھی پاکیزہ کی میت سرد خانے سے گھر پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔

    چھ سالہ پاکیزہ کی نماز جنازہ ضیاء کالونی میں ادا کی گئی۔ ایس پی اورنگی نے ایک بار پھر سے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد شادی ہال کو سیل کردیا، جبکہ شادی ہال کے اطراف پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔

    دوسری جانب بچی کی لاش ملنے کے بعد ہال مینجرسمیت دس افراد کوحراست میں لے لیاگیا ہے، ایس پی اورنگی کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم اندورن سندھ روانہ ہوگئی ہے اور بہت جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائیگا۔

  • پشاورمیں فائرنگ سے شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ

    پشاورمیں فائرنگ سے شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ

    پشاور : سانحہ چارسدہ یونیورسٹی کے دو دن بعد دہشت گردوں نےایک بار پھرپشاورکو نشانہ بنادیا۔ اس بار پولیس اہلکار ٹارگٹ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق رشید گڑھی میں گھات لگائےدہشت گردوں نے دو پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ دہشت گردوں کی جانب سے تین دن میں تیسری کارروائی کی گئی۔

    سانحہ چارسدہ یونیورسٹی کا غم ابھی تازہ ہی تھا کہ دہشت گردوں نے پشاور میں دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنادیا، کانسٹیبل شاہ زیب اوراحسان شہریوں کوتحفظ دینےکیلئے گھر سے نکلےتوخودہی دہشت گردوں کانشانہ بن گئے۔

    پشاورکےعلاقےرشید گڑھی یکہ توت میں دونوں اہلکار پولیس لائن جانے کیلئےنکلےہی تھےکہ گھات لگائےحملہ آوروں نے ان پر گولیاں برسا دیں۔

    سی سی پی او پشاورکاکہناہے کہ حملہ آورواردات کےبعد فرارہوگئے، واقعےکی اطلاع ملتےہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپشریشن کیا۔

    جاں بحق اہلکاروں کولیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا۔جاں بحق اہلکاروں میں سے ایک کا تعلق مردان اور دوسراپشاورکا ہی رہائشی تھا۔

  • تودہ گرنے سے جاں بحق میاں بیوی اور3 بچوں کی نماز جنازہ ادا

    تودہ گرنے سے جاں بحق میاں بیوی اور3 بچوں کی نماز جنازہ ادا

    رحیم یار خان : مٹی کا تودہ گرنے سے جاں بحق آٹھ افراد کی نماز جنازہ بہاولپور میں ادا کردی گئی، جبکہ میاں بیوی اور تین بچوں کی نماز جنازہ رحیم یارخان میں ادا کی گئی۔

    تفصییلات کے مطابق کراچی گُلستان جوہر میں گزشتہ روزمٹی کا تودہ گرنے سے جنوبی پنجاب کے تیرہ افراد لقمہ اجل بنے جن میں رحیم یار خان کی تحصیل خان پور نواں کوٹ کا بھی بد نصیب خاندان شامل ہے جن کی میتیں آبائی گاؤں پہنچا دی گئی ہیں۔

    ایک ہی گاؤں میں جب آٹھ لاشےپہنچےتوکہرام مچ گیا، ہر طرف آہوں اورسسکیوں کی گونج تھی، پیاروں کی نمازہ جنازہ اداکرنےپوراگاؤں ہی موجود تھا۔

    میاں بیوی اور تین بچوں کی نماز جنازہ رحیم یارخان میں ادا کی گئیں، جس میں 25 سالہ غلام فرید ،22سالہ ریحانہ ،5سالہ مقدس، 3 سالہ صدف ، 1 سالہ احمد شامل ہیں ۔

    گزشتہ روز کراچی گلستان جوہر میں گہری نیند سوئےغریبوں پرمٹی کا تودہ موت بن کےگرا اورتیرہ افراد لقمہ اجل بنے۔

  • سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ کو ان کے آبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، عبدالحفیظ پیرزادہ نے سوگواران میں ایک بیوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ کی میت بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی سے سکھر لائی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

      نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ،سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی ،میر ہزار بجارانی ممتاز بھٹو، نادر لغاری ،سیدناصر شاہ اور سینیٹر اسلام الدین شیخ سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران ججز وکلاء سماجی اور مذہبی رہنماﺅں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    بعد ازاں انہیں ان کےآبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ عبدالحفیظ پیرزادہ یکم ستمبرکو لندن میں پچھترسال کی عمرمیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

    انہوں نے انیس سو تہتر کےآئین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ کا شمار پیپلزپارٹی کے بانی اراکین میں سے تھا، جنہوں نے تیس نومبر انیس سو سڑسٹھ میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔

    وہ ذوالفقار علی بھٹوکے قریبی ساتھی اور قانونی مشیر بھی رہے اور کئی وزارتوں کا قلم دان سنبھالا۔

  • راولپنڈی : حمید گل کی نمازجنازہ ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی

    راولپنڈی : حمید گل کی نمازجنازہ ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی

    راولپنڈی : آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جناہ راولپنڈی ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی ۔

    حمید گل کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ فوجی افسران،مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جناہ میں صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان،وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ ،جے یو آئی س کے سمیع الحق،جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید شریک ہوئے۔نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی تدفین ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

  • تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    کراچی : ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حلقہ این اے 246سے منتخب حق پرست رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

    انہو ں نے کہا کہ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

    کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی آماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے، کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔

    لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی حاجی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے۔

  • پولیس فائرنگ سے جاں بحق 2 شہریوں کی نماز جنازہ ادا، 5 اہلکارمعطل

    پولیس فائرنگ سے جاں بحق 2 شہریوں کی نماز جنازہ ادا، 5 اہلکارمعطل

    کراچی : بہادر آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے مارے جانے والے دونوں شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اعلیٰ پولیس حکام نے نوٹس لیتے ہوئے اپنے پیٹی بھائیوں کو صرف معطل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    نماز جنازہ حسین آباد میں ادا کی گئی جہاں علاقہ مکینوں نے کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا علی کچھ عرصہ قبل ہی ملائیشیا سے پاکستان آیا تھا اور چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    ادھرایس ایس پی پیر محمد شاہ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بہادرآباد کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر وہ نہ رکے تو پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو شہری دانش اور علی جاں بحق ہوگئے۔

    اعلیٰ پولیس افسران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث پولیس پارٹی کے انچارج سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے جن کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اورمقدمہ بھی درج کیا جارہا ہے۔

  • آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہےکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کا آپریشن جاری رہےگا۔

    یہ بات انہوں نے وادی تیراہ میں شہید ہونےوالے کیپٹن قاسم کی تدفین کے موقع پر کہی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےشہید کیپٹن کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کیپٹن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے شہید کیپٹن کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی، اس موقع پر مسلح افوا ج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کیپٹن کو سلامی پیش کی۔

    نماز جنازہ میں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ سمیت اعلی فوجی حکام اور شہید کے عزیزواقارب نے شرکت کی۔

  • جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    کراچی : گذشتہ روزکراچی کے علاقے لیاری میں صوبائی وزیر جاوید ناگوری کے ڈیرے پر دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کو سپرد خاک کردیا گیا۔

    اکبر ناگوری کی نماز جنازہ عید گاہ مسجد شاہ ولی اللہ روڈ میں ادا کی گئی، جس میں مقتول کے بھائی پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید ناگوری، نجمی عالم،وقار مہدی سمیت دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعدا د نے شرکت کی۔

    مقتول اکبر ناگوری کو میراپیر قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے جاوید ناگوری پر حملے اور اکبر ناگوری کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔

    دوسری جانب تفتیشی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جاوید ناگوری کے ڈیرے پر حملے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے کافی شواہد مل چکے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ لیاری میں صوبائی وزیرجاوید ناگوری کے دفتر پر دستی بم حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی وزیر کے بھائی اکبر ناگوری ،سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اکبر ناگوری دم توڑ گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔