Tag: namaz e janaza

  • مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    کراچی: جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن المعروف یاسر رضوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کی نماز جنازہ  فیڈرل بی ایریا میں ادا کرنے کے بعد یاسین آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، جامعہ کراچی کے علاوہ دیگر جامعات کے اساتذہ اور طلبہ ،صحافیوں اور سیاسی سماجی تنظیموں کے کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ پروفیسر وحید الرحمان صحافت کے پیشے سے بھی وابستہ رہے ۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم نے کراچی میں پروفیسروحیدالرحمان کےقتل  پر اظہار افسوس کیا اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    انہوں نے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کراچی سےجرائم پیشہ عناصرکےخاتمےکی کوشش کررہی ہے،کراچی میں امن وامان کی صورتحال جلدبہترہوجائےگی۔

    صدر ممنون حسین نے بھی پروفیسر وحید کے قتل کی مذمت کی ہے صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کے استاد اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمٰن عرف یاسر رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم بانٹنے والوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں ہو سکتے ، انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

  • نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی

    نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی

    کوئٹہ : مرحوم نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی ہے، نوابزادہ طلال اکبر بگٹی گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے بعد انتقال کرگئے تھے جن کی نماز جنازہ بگٹی ہاؤس میں ادا کردی گئی ۔

    نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد نوابزادہ طلال بگٹی کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈیرہ بگٹی روانہ کردی گئی ، ہیلی کاپٹر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے فراہم کیا ۔

    نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کی تدفین اُن کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔انہیں ڈیرہ بگٹی میں نواب اکبر بگٹی کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ اکبر بگٹی کی وفات کے بعد جمہوری وطن پارٹی کی قیادت سنبھالنے والے نوابزادہ طلال اکبر بگٹی گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد کوئٹہ میں انتقال کر گئے تھے۔

    جے ڈبلیو پی نے ان کے انتقال پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

  • سانحہ تربت کے شہداء کی نماز جنازہ، کوئی حکومتی عہدیدارشریک نہ ہوا

    سانحہ تربت کے شہداء کی نماز جنازہ، کوئی حکومتی عہدیدارشریک نہ ہوا

    رحیم یار خان : تربت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے تمام بیس مزدوروں کی نمازِجنازہ اُن کے آبائی علاقوں میں اداکردی گئی۔

    مقتولین کو آہوں اورسسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا ۔اس موقع پرہرآنکھ اشکباراور ہردل غم سے نڈھال تھا۔ تربت میں گزشتہ روزقتل تیرہ مزدوروں کی میتیں جب رحیم یارخان پہنچیں تو گاؤں میں کہرام مچ گیا۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ  ہمارے پیارے تو چلے گئے حکومت سے اب کیامطالبہ کریں۔  رحیم یارخان کے تیرہ مزدورں کی نمازِجنازہ اُن کےآبائی علاقے میں ادا کی گئی ۔ بدین کے دوچچازادبھائیوں کی نمازِجنازہ اُن کےآبائی گاؤں سلیمان منگوانہ میں اداکردی گئی۔

    جبکہ پانچ تھری مزدوروں کی نمازِجنازہ مٹھی کے نواحی علاقےاسلام کوٹ میں ادا کی گئی۔ نمازِجنازہ میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی بعد میں مقتولین کو آہوں اورسسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں رحیم یارخان کے غریب مزدوروں کی نمازِجنازہ اور تدفین میں کوئی عوامی نمائندہ شریک نہ ہوا ۔ علاقے سے منتخب ایم این اے اورایم پی اے نے بھی شرکت کرنے کی زحمت نہ کی ۔

    امیرِشہرنےغریبِ شہرکے جنازےکوکاندھادینابھی ضروری نہ سمجھا۔ ایم این اے اورایم پی اے توصرف الیکشن کے زمانے میں ہی گاؤں کارُخ کرتے ہیں۔ ضلع تُربت میں قتل بارہ مزدوروں کی نمازِجنازہ میں رحیم یارخان کے دوردرازکے علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔

      حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے ممبرقومی اسمبلی ارشدلغاری اورپیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبرصوبائی اسمبلی رئیس ابراہیم نے ان غریبوں کی نمازِجنازہ میں شرکت کرنے کی بھی زحمت نہ کی۔

    لواحقین نے دادرسی نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کااعلان کیاہے۔ گاؤں والوں کاکہنا ہےعوامی نمائندوں کی شرکت سے ان کے پیارے تو واپس نہ آتے لیکن ان کی ڈھارس ضرور بندھ جاتی۔

  • ایم کیو ایم کے کارکن کی نماز جنازہ، رہنماؤں کی شرکت

    ایم کیو ایم کے کارکن کی نماز جنازہ، رہنماؤں کی شرکت

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے ایم کیو ایم کے کارکن دانش کلیم کی نماز جنازہ اورنگی ٹاون چشتی نگر میں ادا کر دی گئی ۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاون میں مسلسل ایم کیو ایم کے کارکنان کو چن چن کر ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ نماز جنازہ میں اراکین رابطہ کمیٹی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

    عباسی شہید اسپتال کا ملازم اور میڈیکل ایڈ کمیٹی کے کا رکن دانش کلیم کو گذشتہ روز دہشت گردو ں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

    نماز جنازہ کے موقع پر علاقے میں کاروباری سرگرمیاں اورٹریفک معطل جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

    اس موقع پر اراکین رابطی کمیٹی کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کا گڑھ بن چکا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کارکنان کے قتل میں ملوث کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کرسکے ہیں۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما قمر منصور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک ہم اپنے پیاروں کی نعشیں اُٹھاتے رہیں گے۔

    انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعظم میں نواز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ کارکنان کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

  • شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

    شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

    شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

    شکار پور کی امام بارگاہ میں شہید افراد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، لواحقین کاندھوں پر زندگی بھر کےغم کا بوجھ اٹھائے جنازہ گاہ پہنچے، اجتماعی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

    نمازِ جنازہ میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے لوگ بھی شریک ہوئے، رہنماؤں نے اپنے  خطاب میں دہشتگردوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

    اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لواحقین غم سے نڈھال اپنے پیاروں کی یاد میں روتے رہے اور سینہ کوبی بھی کرتے رہے۔

    اس سے قبل سانحہ شکارپور میں جاں بحق دو افراد کی نماز جنازہ اسٹیشن روڈ پر اد کردی گئی۔

    شکار پور کے امام بارگاہ حملے میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے دو افراد ڈاکٹر جاوید شاہ اور علی رضا شاہ کی نماز جنازہ اسٹیشن روڈ پر ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں رشتہ داروں سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔

    نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مشتعل افراد نے احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز شکار پور میں مسجد و امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے اکسٹھ افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی، دھماکے میں کئی افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • وزیراعظم نمازہ جنازہ میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ

    وزیراعظم نمازہ جنازہ میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ، نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف خادم حرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کےلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے جو جمعہ کو علی الصبح انتقال کرگئے تھے۔

    ان کی نماز جنازہ بعد نمازعصر ریاض میں مسجد پرنس ترکی بن عبدالعزیزمیں ادا کی جائے گی ۔وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کے انتقال پر پاکستان میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خادم حرمین الشریفین کی حیثیت سے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا ہر پاکستانی کے دل میں ایک خصوصی مقام تھا ۔

    وزیراعظم نے شاہی خاندان اور سعودی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکیا اورکہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم غم کی اس گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

    وزیراعظم محمد نواز شریف نے سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔ قبل ازیں اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ خادم حرمین الشریفین کی حیثیت سے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا ہر پاکستانی کے دل میں ایک خصوصی مقام تھا ۔

    وزیراعظم نے شاہی خاندان اور سعودی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکیا اورکہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم غم کی اس گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

  • شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    لاہور: شاد باغ میں شادی ہال کی چھت گرنے سے مایوں بیٹھی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شاد باغ کے شادی ہال کی چھت گرنے کے باعث دلہن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں سے کراچی سے تعلق رکھنے والی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے علی عامر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی  ہے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر اور ڈی سی او لاہور سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جب مایوں بیٹھی دلہن اور اس کے بھتیجے کا جنازہ اٹھا تو گھر میں ہر آنکھ اشک بار تھی ۔

    اس موقع پر ڈی سی او لاہور کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمیٹی بنادی گئی ہے، شادی ہال میں مہندی کی تقریب بھی رات دیر تک جاری رہی، جس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعے کا مقدمہ شادی ہال مالکان کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل گزشتہ شب پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت چار افراد کو ھراست میں لے لیا تھا۔

  • پاک فوج کے حوالدارمسعود شہید کی نمازِجنازہ وتدفین

    پاک فوج کے حوالدارمسعود شہید کی نمازِجنازہ وتدفین

    ٹیکسلا : شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدارمسعودشہید کی نمازِجنازہ اداکردی گئی۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران اب تک کئی فوجی جوان ملک کے بقا کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔

    ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے حوالدارمسعودبھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہوئے۔ حوالدارمسعودشہید کی نمازِجنازہ اُن کے آبائی گاؤں ٹیکسلا میں اداکی گئی۔

    نمازِجنازہ میں فوج کے اعلیٰ افسران سمیت کئی افرادنے شرکت کی۔۔ شہید کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اُسے اپنے والد کی شہادت پرفخرہے۔ شہید کے بھائی نے بھی حوالدارمسعودکی شہادت کو قابلِ فخرقراردیا۔حوالدارمسعودشہید کو فوجی اعزازکے ساتھ سُپردِ خاک کردیا گیاہے۔

  • پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدراحسن رشید کی نمازِجنازہ و تدفین

    پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدراحسن رشید کی نمازِجنازہ و تدفین

    لاہور: تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر احسن رشید کو لاہور میں سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر احسن رشید کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے وہ گزشتہ شب قضائے الہی سے انتقال کر گئے۔

    مرحوم کی نمازجنازہ میں عمران خان ، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین ،اعجاز چودھری، خورشید قصوری ،میاں محمود الرشید اور فرید پراچہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ احسن رشید تحریک انصاف کے فاؤنڈر ممبر تھے انکا انتقال پارٹی کے لیے بڑا نقصان ہے، مرحوم مستقل مزاج تھے اور کڑے وقت میں انکے ساتھ کھڑے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ احسن رشید کا شوکت خانم اسپتال کے قائم رہنے میں بڑا کردار ہے جب مسلم لیگ ن نے فنڈز روکے تو احسن رشید نے اسپتال کو چلانے کے لیے خدمات انجام دیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ تیس نومبر کو لازمی اسلام آباد جائیں گے پکڑ دھکڑ اور اوچھے ہتھکنڈے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔

    عمران خان نے کہا کہ محمد زبیر پرائیوٹائزیشن کمشین کے چئیرمین ہیں انہیں زیب نہیں دیتا کہ وہ دوسروں پر جھوٹے الزامات لگائیں، محمد زبیر خاندانی آدمی ہیں کسی پر بے بنیاد الزامات لگانے سے پہلے انہیں سوچنا چاہئے۔

  • علامہ علی اکبرکی نمازجنازہ شاہ خراساں میں ادا کردی گئی

    علامہ علی اکبرکی نمازجنازہ شاہ خراساں میں ادا کردی گئی

      کراچی: جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے علامہ علی اکبرکی نماز جنازہ نماز ظہرین کے بعد شاہ خراسان نمائش پر ادا کردی گئی۔ اس موقع پر ایم اے جناح روڈکو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، نماز جنازہ میں متحدہ قومی موو منٹ کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔،

    نماز جنازہ کے بعد علامہ علی اکبر کا جسدِ خاکی تدفین کیلئے علی باغ قبرستان لیاری لے جایا گیا،اس موقع پرپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود تھی، علاوہ ازیں جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے علامہ علی اکبر کے قتل کیخلاف جعفریہ الائنس اور وحدت المسلمین کی جانب سے تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

    کراچی کے کئی علاقوں میں کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔ ایم کیوایم نے بھی جعفریہ الائنس کے یوم سوگ کی حمایت کی ہے۔ الطاف حسین نے علامہ عباس کمیلی سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کراچی میں علمائے کرام ، ڈاکٹروں ، پروفیسرز، تاجروں اور دیگر شخصیات کو چن چن کر نشانہ بنا رہے ہیں۔ لیکن دہشت گردوں کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے بیٹے علی اکبرکمیلی کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔علی اکبر کمیلی نے پسماندگان میں دو بیٹے اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔