Tag: Name

  • ریلیز سے چند دن قبل اکشے کمار کی فلم کا نام تبدیل

    ریلیز سے چند دن قبل اکشے کمار کی فلم کا نام تبدیل

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی نئی فلم پرتھوی راج کا نام تبدیل کردیا گیا، فلم کے نام پر راجپوت برادری نے اعتراضات اٹھائے تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی 3 جون کو ریلیز ہونے والی فلم پرتھوی راج کا نام تبدیل کر کے سمراٹ پرتھوی راج رکھ دیا گیا۔

    یش راج فلمز کی انتظامیہ نے فلم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ شری راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم کی مفاد عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کے بعد کیا ہے۔

    کمپنی نے اس حوالے سے آفیشل لیٹر بھی جاری کردیا جس میں تنظیم کے صدر کو اکشے کمار کی نئی فلم کا ٹائٹل نام سمراٹ پرتھوی راج رکھے جانے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق شری راجپوت کرنی سینا نے اپنے وکیل کے ذریعے پی آئی ایل دائر کی جس میں راجپوت برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔

    اس کے بعد فلمساز کمپنی اور وکیل کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں، 27 مئی کو راجپوت برادری کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے یش راج فلمز نے نام سمراٹ پرتھوی راج کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

    یش راج فلمز نے شری راجپوت کرنی سینا کے صدر کے نام اپنے خط میں کمپنی کی روایت، تخلیقی فلم سازی اور بھارتی سینما سے متعلق خدمات کا تذکرہ کیا، اس خط میں کہا گیا کہ ہم فلم کے ٹائٹل نام کے سلسلے میں آپ کی شکایت سے آگاہ ہوئے، اس حوالے سے آپ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    انہوں نے اپنے خط میں یہ بھی کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں پرتھوی راج چوہان سے متعلق کسی فرد کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

    خط میں کہا گیا کہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر مبنی فلم دراصل ان کی بہادری، کامیابیوں اور قومی تاریخ اجاگر کرنے کے جذبے کے تحت بنائی گئی ہے۔ فلم ساز کمپنی نے خط میں باہمی سمجھوتے کی تعریف کی اور اپنی طرف سے فلم کا نام بدلنے کی یقین دہانی کروائی۔

    واضح رہے کہ اداکار اکشے کمار کی یہ فلم 3 جون کو ریلیز ہورہی ہے جو کہ ہندی، تامل اور تلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی اور اس فلم میں مانشی چلر، سنجے دت اور سونو سود بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔

  • ٹیڈی بیئر کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    ٹیڈی بیئر کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    اسٹف ٹوائے ٹیڈی بیئر دنیا بھر میں بچوں اور بڑوں میں یکساں طور پر مقبول ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس کھلونے کا نام ٹیڈی بیئر کیسے پڑا؟

    اس کھلونے کا نام امریکا کے بیسویں صدر تھیوڈر روزویلٹ کے نک نیم پر رکھا گیا ہے۔

    سنہ 1902 میں امریکی صدر اپنے دوستوں کے ساتھ ریچھ کا شکار کرنے گئے،اتفاق سے اس دن تمام دوستوں کو شکار کرنے کے لیے ریچھ مل گیا لیکن صدر کو کوئی ریچھ نہ ملا۔

    آخر دن ڈھلا اور سب لوگ آرام کرنے چلے گئے تو صدر کے سیکریٹری نے انہیں خوش کرنے کے لیے انوکھی حرکت کی۔ اس نے کہیں سے ایک کالا ریچھ ڈھونڈا اور کسی طرح اس کے دونوں ہاتھ درخت سے باندھ دیے۔

    اگلی صبح صدر روزویلٹ اٹھے تو سیکریٹری نے انہیں اپنا کارنامہ بتایا کہ اور کہا کہ وہ چل کر اس ریچھ کا شکار کریں۔

    پہلے تو صدر روز ویلٹ اس پر بہت خوش ہوئے، وہ اپنی بندوق اٹھا کر اس ریچھ کا شکار کرنے چل پڑے اور وہاں پہنچ کر اپنی بندوق اس کی طرف اٹھائی، لیکن اسی وقت ان کی نظر بے بس بندھے ہوئے ریچھ سے ملی اور اس کی آنکھوں میں انہیں بے بسی نظر آئی۔

    صدر کا دل پگھل گیا اور انہوں نے بندوق نیچے کرتے ہوئے اسے آزاد کرنے کا حکم دے دیا۔

    اس وقت صدر کے ساتھ کئی صحافی بھی موجود تھے۔ اگلے دن کے اخباروں میں ایک کارٹون چھپا جس میں صدر روز ویلٹ کے سامنے ایک ریچھ بندھا ہوا ہے اور وہ اس کی طرف بندوق اٹھائے کھڑے ہیں۔

    جب عام لوگوں کو اس واقعے کے بارے میں علم ہوا تو انہیں صدر کی رحمدلی پر بے حد فخر اور خوشی محسوس ہوئی۔ اس وقت تجارتی کمپنیوں نے فوراً موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معصوم دکھنے والے بھالو بنانے شروع کردیے اور اس کا نام صدر روز ویلٹ کے نام پر ٹیڈیز بیئر رکھ دیا۔

    تب سے اب تک یہ کھلونا دنیا بھر میں نہایت مقبول ہوچکا ہے۔

  • اسرائیل کا گولان آبادکاری کو ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کرنے کا فیصلہ

    اسرائیل کا گولان آبادکاری کو ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کرنے کا فیصلہ

    تل ابیب : اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ گولان ہائیٹس پر اسرائیل کا قبضہ تسلیم کرنے پر وہاں بنائے جانے والی نئی آباد کاری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ان سے منسوب کریں گے۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نئی آباد کاری کو امریکی صدر سے منسوب کرنے لیے ایک قرار داد پیش کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے گولان ہائیٹس پر اسرائیل کا قبضہ تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلے پر تمام اسرائیلی عوام کے جذبات بہت شدید تھے۔

    امریکی صدر کی جانب سے یہ فیصلہ اسرائیل میں قبل از وقت انتخابات سے 2 ہفتے قبل کیا گیا تھا جس کے بعد بنجمن نیتن یاہو کے پانچویں مرتبہ وزیراعظم بننے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی پالیسی کو اسرائیل کے حق میں استعمال کیا ہے جس میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ سب سے اہم ہے۔

    امریکی صدر نے رواں برس 25 مارچ کو 1967 میں 6 روزہ جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے علاقے گولان ہائٹس پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کرکے عالمی برادری کی مخالفت کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں : تاریخ کے مطالعے کے بعد گولان ہائیٹس کا فیصلہ کیا، امریکی صدر

    اسرائیل نے گولان میں لاکھوں یہودی آبادکاروں کو بسانے کا منصوبہ تیار کرلیا

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی جانب سے امریکی صدر کے اس فیصلے کی بھرپور مخالفت بھی کی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دروز فرقے سے تعلق رکھنے والے تقریبا 18 ہزار شامی شہری مقبوضہ گولان میں موجود ہیں، جن کی اکثریت اسرائیلی شہریت حاصل کرنے سے انکار کرتی ہے۔تقریبا 20 ہزار اسرائیلی آباد کار گولان ہائٹس میں 33 آبادکاریوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

  • یورپی یونین کا بدعنوان ممالک کی فہرست میں سعودیہ کا نام شامل کرنے سے انکار

    یورپی یونین کا بدعنوان ممالک کی فہرست میں سعودیہ کا نام شامل کرنے سے انکار

    برسلز : یورپی یونین نے بدعنوان ممالک کی فہرست میں سعودی عرب کا نام شامل کرنے کی یورپین کمیشن کی تجویز مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں جمعے کے روز منعقدہ ایک اجلاس کے دوران یورپی یونین کے رکن ممالک نے یورپین کمیشن کی جانب سے سعودی عرب بد عنوان ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز منسوخ کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے کہا کہ سعودی عرب یورپی اسلحے اور دیگر سازو سامان کا ایک بڑا خریدار ہے اسے ہائی کرپٹ ممالک کی فہرست میں نہیں ہونا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس یورپین کمیشن نے یورپی یونین سعودی عرب سمیت سات ممالک کو دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے میں ناکامی پر بد عنوان ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز دی تھی۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپین کمیشن کی بد عنوان ممالک کی فہرست میں شامل ہونے والے ممالک پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جاتی، لیکن ان ممالک کے اداروں سے تجارت احتیاط سے کرنی ہوتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن کی جانب سے نشانہ بنائے جانے والے نئے ممالک میں پانامہ, سعودی عرب, نائجیریا سمیت سات ممالک شامل ہیں جبکہ پاکستان، ایران، عراق، شمالی کوریا اور ایتھوپیا سمیت 16 ممالک پہلے اس فہرست میں شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : بدعنوان ممالک کی فہرست میں سات ممالک کا اضافہ

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر سات ممالک کے مذکورہ فہرست میں شامل ہونے کے بعد بدعنوان ممالک کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجی کے دردناک قتل کے بعد سعودی حکومت اور یورپی یونین کے مابین کشیدگی کے بعد سامنے آیا تھا۔

  • عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    اسلام آباد : نامزد وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

    کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے نیب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے، اس کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جون میں زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے کہ امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

    وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کوعمرے پر جانے کے لئے چھ دن کا استثنیٰ دیا تھا ۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم


    جس کے بعد نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ زلفی بخاری پر سفری پابندیاں بھی ختم کی جائے ۔

    خیال رہے زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت بھی ہے۔

  • آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا، ذرائع

    آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا، ذرائع

    اسلام آباد : سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورفریال تالپورکےنام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے، منی لانڈرنگ کیس میں دونوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورفریال تالپورکےنام ای سی ایل سےنکال دیا گیا ، نام نکالنے کی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مبینہ جعلی اکاونٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو سفارش کی گئی تھی۔ سفارش میں بتایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

    ایف آئی اے نے بھی منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا تاہم دونوں کی جانب سے وکلا پیش ہوئے تھے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے ایف آئی ا ے سے پیش ہونے کیلئے الیکشن کے ایک ہفتے بعد کا وقت مانگ لیا تھا اور جواب میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے مصروف ہیں، 25جولائی کے بعد تمام سوالوں کے جواب دیں گے۔


    مزید پڑھیں : ایف آئی اے آصف زرداری سمیت کسی سیاستدان کو 30 جولائی تک نہ بلائے، چیف جسٹس


    گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی تھی، سماعت میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور پیش نہیں ہوئے تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہدایت کی تھی کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) آصف زرداری سمیت کسی سیاستدان کو 30 جولائی تک نہ بلائے۔

    دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام اگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا ہم نے نہیں کہا پھر ان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور ملزم نہیں۔ عدالت نے صرف ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہا تھا۔

    عدالت نے ایف آئی اے کو الیکشن تک آصف زرداری اور فریال تالپور کو شامل تفتیش کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ کیس سے متعلق نیا وضاحتی حکم جاری کریں گے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو مطلوب افراد سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی تھی، آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام بھی جعلی اکاونٹس ہولڈرز میں شامل ہے۔

    سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پر ڈیڑھ کروڑ کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع

    کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، ذرائع

    اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا جبکہ وارنٹ جاری ہونے کے بعد گرفتار کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ایوان فیلڈ میں سزا پانے والے نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا، جس کے تحت کیپٹن صفدر ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ وارنٹ جاری ہونے کے بعد انھیں گرفتار کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پیر کو نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر کے وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔

    احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا۔

    اس سے قبل نیب نے سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر کا نام فوری ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا اور ہنگامی بنیادوں پر وزارت داخلہ کو یاد دہانی کاخط لکھ دیا تھا۔


    مزید پڑھیں : کیپٹن صفدر پیر سے پہلے کسی بھی وقت بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں، نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ،نیب


    نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر پیر سے پہلے کسی بھی وقت بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز نیب ذرائع کا کہنا تھا نوازشریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ پر اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے اور دونوں کی گرفتاری میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    نیب کو ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلےکی مصدقہ کاپی مل گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نگراں وزیراعلیٰ پنجاب: پی ٹی آئی نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب: پی ٹی آئی نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا

    لاہور: پنجاب کے اپوزیشن لیڈراورتحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے رہے ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پرعوام کی جانب سے مخالفت کی آوازیں آرہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے اپوزیشن لیڈر و تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کا نام واپس لے رہے ہیں، نئے نام کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا، ناصر کھوسہ کے نام پرپارٹی کی کورکمیٹی نے عوامی تحفظات کا جائزہ لیا ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کے اندر سے بھی اس نام پر آوازیں آرہی تھیں۔

    پنجاب کے اپوزیشن کے لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ نئے نام پر مشاورت کا آغاز جلد کیا جائے گا، کور کمیٹی اجلاس میں  تحفظات کا جائزہ لینے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کا نام واپس لیا گیا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ممکنہ طور پر پنجاب کےنگراں وزیر اعلیٰ کے لے آئندہ 24 گھنٹوں میں نیا نام دے دے، ناصر کھوسہ کے نام پر پنجاب کے عوامی حلقوں میں  مخالفت ہورہی تھی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف نے ناصر سعید کھوسہ کا نام بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تجویز کیا ہے۔

    مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےاس کے جواب میں کہا تھا کہ ناصر سعید کھوسہ شفاف الیکشن کرانے میں تجربہ بروئے کار لائیں گے، امید کرتے ہیں جو بھی الیکشن لڑے گا اور اس کو مساوی مواقع ملیں گے، ناصر سعید کھوسہ اچھی ساکھ کے حامل شخصیت ہیں۔

    واضح رہے کہ ناصر سعید کھوسہ اس سے قبل چیف سیکریٹری بلوچستان، پنجاب اور وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری کے فرائض انجام دے چکے ہیں، دوران ملازمت انہوں نے صوبائی حکومت کے تمام محکموں میں خدمات انجام دی ہیں، جہاں ان کی شہرت ایک ایماندار اور اصول پسند افسر کی رہی۔

    خیال رہے کہ ناصر سعید کھوسہ کے بھائی جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ایک اور بھائی طارق محمود کھوسہ پی ایس پی آفیسر ہیں اور بلوچستان میں تعینات ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • منی لانڈرنگ کیس، ایم کیو ایم کی 13اہم شخصیات  کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تیاری

    منی لانڈرنگ کیس، ایم کیو ایم کی 13اہم شخصیات کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تیاری

    کراچی : منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی تیرہ اہم شخصیات کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی تیاری، منی لانڈرنگ کے زریعے بھارت سے خریدے جانے والے اسلحے کا پتہ بھی چل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، تحقیقاتی اداروں کی جانب سے ایم کیوایم کی 13اہم شخصیات کےنام ای سی ایل میں ڈالنے کی تیاریاں کرلی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم کے ان رہنماؤں میں بابرغوری،ارشد وہرہ،رؤف صدیقی، سہیل منصور،جمال ناصر ،طارق میر،احمدعلی کے نام شامل ہیں جبکہ اس فہرست میں دانش لطیف،ریحان منصور،کونین حیدر، زاہد انوربیگ،عبدالوہاب داؤدی،فرخ روشن کے نام بھی شامل ہیں۔

    منی لانڈرنگ کے زریعے بھارت سےخریدے جانے والے اسلحے کا پتہ بھی چل گیا، بھارت سے خریدا گیا اسلحہ رینجرز اور سی ٹی ڈی کراچی برآمد کرچکے ہیں، تفتیش کاروں نے اسلحہ برآمدگی بھی منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس سے قبل بانی ایم کیو ایم کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں تیرہ جوائنٹ بینک اکاؤنٹس کی مجازاتھارٹی میں بڑےنام سامنے آئے تھے جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی تھی۔


    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس: فاروق ستار اورمصطفیٰ کمال سمیت بڑے ناموں کا انکشاف


    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق منی لانڈرنگ کیلئے13جوائنٹ بینک اکاؤنٹس استعمال ہوئے جو عزیز آباد کے نجی بینکوں کی مختلف برانچوں میں کھولے گئے تھے، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال، ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرا سمیت اعلیٰ قیادت کےنام شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں بانی ایم کیو ایم اور دیگرملزمان کیخلاف تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چار بینکوں کی فراہم کردہ ابتدائی ٹریل کے مطابق 55 کروڑ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کی گئی، منی لانڈرنگ کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے اکاؤنٹس استعمال ہوئے، یہ رقم مختلف بینکوںسے ہوتی ہوئی برطانیہ پہنچی۔

    غیرقانونی ٹرانزیکشن میں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، بابرغوری، خواجہ سہیل منصور، خواجہ ریحان منصور اور سینیٹراحمد علی ملوث ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نیا چئیرمین نیب کون ہوگا؟ اب تک فیصلہ نہ ہوسکا

    نیا چئیرمین نیب کون ہوگا؟ اب تک فیصلہ نہ ہوسکا

    اسلام آباد : نیا چئیرمین نیب کون ہوگا؟ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نئے چئیرمین نیب کیلئے نام تجویز کیے گئے ہیں لیکن حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب قمر الزماں چوہدری کی ریٹائرمنٹ میں کم وقت رہ گیا ہے لیکن اب تک نئے چئیرمین نیب کا انتخاب کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔

    قومی احتساب بیوروکے چئیرمین کیلئے حکومت اور اپوزیشن سرگرم ہے، اگلے چئرمین نیب کیلئے مشاورت جاری ہے، حکومت نے تین نام تجویز کیے ہیں ، جن میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیوروآفتاب سلطان، جسٹس ریٹائرڈرحمت جعفری اورجسٹس ریٹائرڈاعجاز چودھری شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں : چیئرمین نیب کے لیے 6 نام تجویز


    پیپلزپارٹی نےریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال، جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکراورسابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام دیے ہیں۔

    پی ٹی آئی نےسابق وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل ،جسٹس ریٹائرڈ فلک شیر اور سابق سیکریٹری خیبرپختونخوا ارباب شہزاد کے نام بھیجے ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان نے جسٹس ریٹائڑڈ غوث محمد، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد اور جسٹس ریٹائرڈ محمود عالم رضوی کے نام دیے۔

    جماعت اسلامی نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شاہد عزیز اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کے نام تجویز کیے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز خورشید شاہ کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی ، ڈیڑھ گھنٹے تک مشاورت میں کوئی نام فائنل نہ ہوسکا جبکہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی خبروں نے بھی خورشید شاہ زیادہ متحرک کردیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے کیس رکھنے والے کیسے احتساب کرنے والے کو منتخب کر سکتے ہیں، ڈر ہے کہیں قمر زمان جیسا کوئی نہ آجائے قانونی حلقوں سے بھی آوازیں آرہی ہیں کہ وزیر اعظم پر آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کا اطلاق ہوتا ہے تو چیئرمین نیب کے لیے بھی صادق و امین کی شرط رکھی جائے، اب ایسا بندہ کہاں سے ڈھونڈا جائے ۔۔ جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جائے۔

    یاد رہے کہ اس وقت موجودہ چیئرمین نیب قمر الزماں چوہدری ہیں جنہوں نے 10 اکتوبر سنہ 2013 میں اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ رواں مہینے وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔