Tag: nancy Pelosi

  • نینسی پلوسی نے ایران سے تشدد ترک کرنے کا مطالبہ کر دیا

    نینسی پلوسی نے ایران سے تشدد ترک کرنے کا مطالبہ کر دیا

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ایران سے تشدد ترک کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر امریکی ایوان نمایندگان نے ٹویٹ کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تشدد کا سلسلہ روک دے، امریکا اور دنیا جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

    نینسی پلوسی نے ٹرمپ کی جنگ پر مبنی پالیسی پر بھی تنقید کی، انھوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی غیر ضروری اشتعال انگیزی کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا، ہمیں امریکی اہل کاروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے۔

    اسپیکر کا کہنا تھا کہ عراق میں امریکی فوجیوں کو ہدف بنا کر بم باری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، ایسے میں اپنے اہل کاروں کا تحفظ ضروری ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ بے مقصد اشتعال انگیزی کر رہی ہے، جسے روکنا بھی ضروری ہے۔

    یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کی : جواد ظریف

    دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں متناسب اقدام اٹھایا گیا ہے، ایران نے یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے، اس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں سے ایران کے سینئر حکام پر حملہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا ہے، گزشتہ رات عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو بڑے حملے کیے گئے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کر دی، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    ایرانی پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا کہ انھوں نے درجنوں بیلسٹک میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مغربی عراق میں عین الاسد میں واقع فوجی اڈے پر 9 راکٹ گرے، پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    ایرانی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ ایران نے عراق میں امریکی اہداف پر ایک کے بعد دوسرا حملہ کیا، بغداد کے شمال میں واقع التاجی امریکی فوجی اڈے پر 5 راکٹ گرے۔ خیال رہے کہ عین الاسد ایئر بیس عراق میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈا ہے۔

  • اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان  کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کا اعلان

    اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کا اعلان

    واشنگٹن : امریکہ کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کاروائی کا اعلان کردیا، صدر ٹرمپ نے اس اقدام کو ہراساں کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے صدرٹرمپ کے مواخذےکی کارروائی کااعلان کردیا، اقوام متحدہ میں میڈیا سے گفتگو میں نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ صدرآئینی اقدارکی خلاف ورزی کررہے ہیں، صدر کو لازمی طورپر جواب دہ ہونا چاہیے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

    امریکی حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی مخالفت کردی، امریکی ایوان نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کےقائد میک کارتھی کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ عوام کو سیاست سے پہلے رکھا جائے۔

    مواخذے کے اعلان کے بعد امریکی صدر ٹرمپ سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا مواخذےکی کارروائی کاعلان صدرکوہراساں کرنے کے مترادف ہے۔

    یاد رہے 13 سمتبر کو امریکی ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے صدرٹرمپ کے مواخذے سےمتعلق تحقیقات تیز کرنے کی منظوری دی تھی اور کہا تھا کہ تحقیقات کی روشنی میں قانون ساز فیصلہ کرسکیں گے کہ صدرٹرمپ کے مواخذے کی سفارش کی جائے یا نہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج

    خیال رہے ایوان نمائندگان کے ایک سو پینتیس ڈیموکریٹ ارکان صدرٹرمپ کے مواخذے کے حامی ہیں، مواخذے کو کامیاب بنانےکے لیے دوسو اٹھارہ ووٹوں کی ضرورت ہے۔