Tag: Nandipur project reference

  • نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں،عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف کے مستحق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے نندی پور ریفرنس کے ملزمان راجا پرویز اشرف، شمائلہ  محمود، ریاض کیانی اور مسعود چشتی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نندی پور ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت راجہ پرویز اشرف نے نندی پور ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کی تھی۔

    فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ملزمان ریلیف کے مستحق نہیں۔ نیب نے ملزمان کو نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت بری کرنے کی مخالفت کی تھی۔

    سابق وفاقی وزیر بابر اعوان کی درخواست بریت ترمیمی آرڈی نینس سے قبل منظور کی جاچکی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں بری کر دیا تھا، نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کرپشن ریفرنس  میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھا تھا۔

  • نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس، راجہ پرویزاشرف اور بابراعوان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم

    نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس، راجہ پرویزاشرف اور بابراعوان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد : نندی پور پاور پروجیکٹ میں مبینہ تاخیر پر ریفرنس کی سماعت میں احتساب عدالت نے راجہ پرویزاشرف اور بابراعوان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو اکتوبرتک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج ارشد ملک نے نندی پورپروجیکٹ میں مبینہ تاخیرپرریفرنس کی پہلی سماعت کی، سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اور بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے دونوں ملزمان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کو حاضری یقینی بنانے کیلئے 2لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    بعد ازاں کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے دو اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے احتساب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما بابراعوان اور راجہ پرویز اشرف کو آج طلب کررکھا تھا۔

    ریفرنس میں 2 سابق وفاقی وزرا بابر اعوان کے خلاف گواہ بن گئے،دستاویز کے مطابق نوید قمراور خواجہ آصف نندی پور ریفرنس کے گواہ بنے اور وزارت پانی و بجلی اور وزارت قانون کے افسران بھی 35 گواہوں میں شامل ہیں جبکہ نیب کے 3 تفتیشی افسران نندی پور ریفرنس میں گواہ ہیں۔

    ریفرنس میں بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    خیال رہے وزیر اعظم کے پارلیمانی مشیر بابر اعوان ایڈووکیٹ قومی احتساب بیورو کے ریفرنس میں عائد الزامات پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان کا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان نےمنظور کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں بھی نندی پورپاور پلانٹ میں بد انتظامی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نیب سے تمام زیرالتوا ریفرنسز کی تفصیلات طلب کررکھی ہے۔

    نندی پور منصوبے کی تاخیر سے قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔