Tag: nankana sahib

  • لاہور : ذاتی رنجش پر جلایا جانے والا نوجوان دم توڑ گیا

    لاہور : ذاتی رنجش پر جلایا جانے والا نوجوان دم توڑ گیا

    لاہور کے علاقے ننکانہ صاحب میں گزشتہ ہفتے ذاتی رنجش پر نوجوان کو جلانے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نوجوان کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ محسن نامی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول محسن 7 روز سے ننکانہ صاحب اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج تھا، محسن کو حالت تشویشناک ہونے پر ننکانہ صاحب سے جناح اسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔

    مقتول محسن مانا والہ شیخوپورہ کارہائشی تھا، ننکانہ صاحب دوا لینے گیا تھا، ملزم ثمامہ فاروق مقتول کو اپنے گھر پر  لے کر گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول محسن کو ذٓتی رنجش کی بنا پر ثمامہ فاروق اور دیگر 2 نامعلوم ملزمان نے جان سے مارنے کیلیے آگ لگائی تھی۔

    نوجوان کو آگ لگا کر قتل کرنے کی واردات ثمامہ فاروق کے گھر پر ہوئی، لاہور پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ننکانہ صاحب پولیس کے حوالے کردی ہے۔

    عدالتی حدود میں پیٹرول کیسے پہنچا؟ ڈی ایس پی معطل

    لاہور ہائی کورٹ میں ایک شہری کی جانب سے آگ لگا کر خود سوزی کرنے کی کوشش کے واقعہ کا چیف جسٹس نے سختی سے نوٹس لے لیا۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے دریافت کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کی حدود میں پیٹرول کیسے پہنچا؟
    آئی جی پنجاب نے ڈی ایس پی سیکیورٹی ہائی کورٹ ملک خالد کو معطل کردیا۔

    اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہری آصف جاوید نے ہائی کورٹ کی حدود میں پیٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی تھی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی نے ہائی کورٹ کی سیکیورٹی میں غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا، غیرذمہ دارانہ رویہ رکھنے پر ڈی ایس پی کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اقدام خود سوزی کرنے والے شہری آصف جاوید کا تعلق ضلع خانیوال سے ہے جو تشویشناک حالت میں میواسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک

    مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک

    ننکانہ صاحب: شہری سے واردات کرکے فرار ہونیوالے دو نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں شہری نے 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ 4 نامعلوم ملزمان اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل اور نقدی وغیرہ چھین کر فرار ہوگئے ہیں، 15 کی کال پر تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ میں نائٹ گشت پر موجود پولیس ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری طور پر ناکہ بندی کی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے تعاقب کرنے پر تختو والا دس مربع روڈ کے قریب مبینہ طور پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران دو نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضہ سے دوران واردات چھینا گیا موٹر سائیکل نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ساتھ ہی ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-organized-crime-unveild/

  • ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد گرفتار

    ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد گرفتار

    لاہور: پولیس نے ننکانہ صاحب واقعے میں ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب واقعے میں زیر حراست ملزم وارث علی کے ہجومی قتل کے کیس میں پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے 12 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم وارث علی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، اور پولیس حکام کو رپورٹ کا انتظار ہے، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے تمام پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

    آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز نے میڈیا کو بتایا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں مشتعل ہجوم نے قرآن کی بے حرمتی کے الزام میں ایک شخص وارث علی کو تھانے پر حملہ کر کے باہر نکال کر جان سے مار دیا تھا۔

    ننکانہ صاحب میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ : انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    ننکانہ صاحب میں پیش آئے اس انسانیت سوز واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس میں دیکھا گیا کہ ہجوم نے ایک شخص کو مار مار کر ہلاک کر دیا اور بعد ازاں پول سے باندھ کر جلانے کی کوشش کی۔

    وارث کو ہجوم میں بچانے کی کوشش بھی کی گئی تھی، لیکن اسے بچایا نہیں جا سکا، ڈی سی ننکانہ احسن رفیق نے بتایا تھا کہ صبح تھانے میں نفری کم تھی، اور مشتعل ہجوم نے تھانے پر حملہ کر دیا تھا، مشتعل ہجوم لاش کو جلانا چاہ رہا تھا لیکن پولیس نے لاش قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کی۔

  • صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    ننکانہ صاحب: صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پناہ گاہ کا افتتاح کردیا گیا، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا، 2 منزلہ شیلٹر ہوم میں 100 افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔

    اس موقع پر اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں پناہ گاہ صدقہ جاریہ ہے، مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنائیں گے، بھرپور صفائی مہم چلائی جائے گی۔ غلہ اورسبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ اور محرم الحرام میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، محرم الحرام میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔

    کچھ عرصے قبل وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن کو ٹاسک سونپا تھا۔

    فوکل پرسن نسیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ڈیٹ ابیس سے پتہ چل سکے گا کہ کن اضلاع میں غربت کی شرح زیادہ ہے، پہلی بار ریاست غریب طبقے کی ذمہ داری لے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ سال مزید 1 ہزار پناہ گاہیں بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے، پاکستان کو انصاف پسند اور فلاحی ریاست بنانا وزیر اعظم کا وژن ہے۔

  • ننکانہ صاحب گوردوارہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششیں غلط ہیں،دفتر خارجہ

    ننکانہ صاحب گوردوارہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششیں غلط ہیں،دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب گوردوارہ میں آج دو مسلم گروپوں میں ہاتھا پائی ہوئی، جس کے بعد ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا، واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششیں غلط ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب گوردوارہ میں دو مسلم گروپوں میں تکرار کے معاملے پر دفترخارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ آج ننکانہ صاحب گوردوارہ میں دو مسلم گروپوں میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔

    تنازع معمولی واقعے پر ایک چائے کی دکان پر ہوا، جھگڑے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے اطلاع دی۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتارکر لیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششیں غلط ہیں، اہم بات یہ ہے کہ گوردوارہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا، انتشاراور مقدس مقام کی بے حرمتی کے دعوے جھوٹے اور شرارت پر مبنی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، کرتار پور راہداری کا افتتاح قائد اعظم کے اقلیتوں سے متعلق ویژن کا ایک مظہر ہے۔

  • بھارت کا ننکانہ صاحب واقعے کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے، اعجاز شاہ

    بھارت کا ننکانہ صاحب واقعے کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے، اعجاز شاہ

    اسلام آباد : وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ امن کو خراب کرنے والی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بھارت کا گوردوارہ ننکانہ صاحب واقعے کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب میں معمولات زندگی معمول کے مطابق ہیں، ننکانہ صاحب مذہبی ہم آہنگی کا مرکز ہے، امن اور مذہبی ہم آہنگی کی اس سے بہتر مثال نہیں ملتی۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امن کو خراب کرنے والی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، گوردوارہ ننکانہ صاحب میں ایک مقامی مسئلے کو غلط رنگ دیا گیا، چند مقامی لوگوں نے گرفتار افراد کی رہائی کیلئے پولیس کیخلاف احتجاج کیا تھا۔

    اعجاز شاہ نے کہا کہ واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، معاملات حل ہو چکے ہیں، بھارت کا واقعے کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے، گرو گوبن سنگھ کے جنم دن کی تقریبات معمول کے مطابق جاری ہیں۔

  • بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے جبکہ پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں, بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف کی بالا دستی قائم ہو نے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ افسوس ہم قیام پاکستان کا مقصد بھول گئے ہیں، ہم سب کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

  • وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے رائیونڈ محل کی چار دیواری گرانے کا اعلان کردیا

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے رائیونڈ محل کی چار دیواری گرانے کا اعلان کردیا

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ رائیونڈ محل کی دیوار پر خرچ ہونے والے قومی خزانے کے پیسے واپس نہ ہوئے تو دیوار گرا دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب کے شہر منڈی فیض آباد میں ڈگری کالج برائے خواتین کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی، نوازشریف اور آ صف زرداری نے قومی خزانے کے اربوں روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ کیے۔

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نواز شریف کے گھر رائیونڈ محل کی چار دیواری پر آنے والے اخراجات کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کی صورت میں اسے گرانے کا اعلان کردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ محل کی دیوار 28کروڑ روپے قومی خزانے سے خرچ کرکے تعمیر کی گئی رائیونڈ کےگرد تعمیر دیوار پر خرچ کیے جانے والے قومی خزانے کے پیسے واپس نہ ہوئے تو دیوار گرا دیں گے۔

    نواز شریف کے گھر کی چار دیوراری پرقومی خزانے سے 28 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب83 کروڑ50 لاکھ روپے جبکہ آصف زرداری نے 134دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

  • ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلہ‘ 4 ڈاکو ہلاک

    ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلہ‘ 4 ڈاکو ہلاک

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے علاقے سیدوالہ میں پولیس اور ڈاکوؤں میں ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ اس دوران 4 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر2 شہری بھی جان کی بازی ہارگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو قاسم عرف کاشی اور عمران کئی وارداتوں میں مطلوب تھے، کارروائی کے دوران دو ڈاکو فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

    فائرنگ کے تبادلے میں دو بے گناہ شہری بھی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

    فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق

    یاد رہے کہ 9 اگست کو صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔

    فیصل آباد میں پولیس مقابلہ‘ پولیس اہلکارشہید‘ 2 ڈاکو ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال 24 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہرفیصل آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید اورایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو مارے گئے تھے۔

  • عمران خان نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ دیا ہے: شہباز شریف

    عمران خان نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ دیا ہے: شہباز شریف

    ننکانہ صاحب: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والوں نے خیبرپختونخواہ میں کچھ نہیں کیا، عمران خان نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ دیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں‌نے کہا کہ دھرنے دینے والوں نے ملک و قوم کا وقت برباد کیا. سول نافرمانی کرنے والوں نے قوم کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کی.

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دھرنے دینے والوں نے کوئی کام نہیں کئے، افراتفری پھیلانے والوں کو ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب آئیں.

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دوبارہ موقع ملا، تو جان لڑائیں گے اور قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے، کراچی کو کچرا کردیا گیا، کے پی کے کا جنازہ نکال دیا گیا، جھوٹ بولا گیا، ترقی کے دعوے کیے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ان سے ایک ایک پیسے کا حساب لیں گے، عوام آئندہ الیکشن میں بدعنوانی پھیلانے والوں کا محاسبہ کریں گے، آئندہ حکومت کاموقع ملا توملک میں ترقی کاانقلاب لائیں گے.

    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پنجاب کےاسپتالوں کی بدلتی صورت حال کسی معجزے سے کم نہیں، ننکانہ صاحب ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈینٹل سرجری کا جدید نظام ہے، ننکانہ صاحب ڈی ایچ کیواسپتال میں سی ٹی اسکین مشین جلدنصب ہوگی، لیہ، رحیم یارخان اور اٹک تک یہ پنجاب کے اسپتالوں میں انقلاب ہے.


    جھوٹ بولنا،غلط بیان اور گمراہ کرنا عمران خان کامعمول ہے، شہباز شریف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔