Tag: Napier

  • ورلڈکپ: پاکستان نے یو اے ای کو 129 رنز سے ہرا دیا

    ورلڈکپ: پاکستان نے یو اے ای کو 129 رنز سے ہرا دیا

    نیپئیر:عالمی کرکٹ ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو ایک سو انتیس رنز سے شکست دے کرورلڈ کپ میں دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپئر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچ  میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پاکستان کے تین سو گیارہ رنز کے جواب میں مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر دوسو دس رنز بنا سکی۔

    یو اے ای کی جانب سے شیمن انورنے ایک سو چاربالزپر باسٹھ رنز اسکور کئے،دیگر کھلاڑیوں میں خرم خان نے 43، امجد جاوید چالیس اور پرکاش پٹیل نے 36 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 35 رنز دے کر دووکٹیں اور سہیل خان نے چوّن رنز دے کر دوجبکہ راحت علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔مین آف دی میچ کا اعزاز احمد شہزاد کو دیا گیا، جنہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ تیرانوے رنزاسکور کئے۔

    اس سے قبل گرین شرٹس نے یو اے ای کو تین سو چالیس رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ آفریدی نے ون ڈے میں آٹھ ہزار رنز مکمل کرلئے۔

    نیپئیر میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے آغاز میں ناصر جمشید کی وکٹ گنوائی جس کے بعد احمد شہزاد اور حارث سہیل نے ٹیم کی کمان سنبھالی۔

    دونوں بیٹسمینوں نے نصف سینچریاں اسکور کیں اور ورلڈ کپ میں دوسری وکٹ کے لئے پاکستان کے لئے دوسری بڑی شراکت قائم کی۔

    حارث سہیل نے ستر رنزبنائے۔ احمد شہزاد سات رنز کی کمی سے سینچری مکمل نہ کرسکے۔ کپتان مصباح الحق نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ورلڈ کپ میں تیسری نصف سینچری بنالی۔

    آفریدی نے ون ڈے میں آٹھ ہزار رنزمکمل کئے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں پر تین سو انتالیس رنزبنائے۔ یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا بہترین اسکور ہے۔

  • مصباح الحق کی شاندار کارکردگی، ناصر جمشید بدستور ناکام

    مصباح الحق کی شاندار کارکردگی، ناصر جمشید بدستور ناکام

    نیپیئر : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔انھوں نے چار میچز میں تین نصف سینچریاں بنا ڈالیں۔

    گراونڈز کے چاروں طرف شاندارشارٹس لگانے والے مصباح الحق نے ایک بار پھر کپتان ہونے کا حق ادا کردیا۔ میانوالی سے تعلق رکھنے والے مصباح الحق کی بیٹنگ نرالی ہے۔

    ورلڈکپ میں ہمیشہ بیٹنگ لائن نے دھوکادیا ،چلا توصرف کپتان کا بلا۔ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں کپتان نے عمدہ اننگ کھیلی اور چوہتر رنز بنائے۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف تو قسمت نے ساتھ نہ دیا ۔ لیکن زمبابوے کے خلاف مصباح الحق مرد بحران ثابت ہوئے اور تہتر رنز بناکر پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو کنارے تک پہنچایا۔

    یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے کپتان تو پھر گراونڈ کے چاروں طرف کُھل کر شارٹس کھیلے اور ورلڈ کپ میں تیسری نصف سینچری بناڈالی۔اور مجموعی طور پر پینسٹھ رنز اسکور کئے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے خلاف اگر نہیں چلے تو صرف ناصر جمشید۔ ناصر نے چھوٹی ٹیم کے خلاف بھی نہ چلنے کی اپنی پرانی روایت کو برقرار ہی رکھا۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف صفر۔ زمبابوے کے خلاف صرف ایک رن اوریو اے ای کے خلاف تو کمال ہی ہوگیا۔۔ناصر جمشید نے بدترین پرفارمنس کی ہیٹ ٹرک کرلی۔ ناصر جمیشد کی وکٹ لینا بولرز کے لئے آسان ٹارگٹ ہوگیا ۔

    تین میچز اور صرف پانچ رنز۔ چلے ہوئے کارتوس کو کتنا آزمایا جائے گا۔ناصر پر اتنی مہربانی کیوں ہورہی ہے؟ اسکواڈ میں کیا ان کی جگہ لینے والا کوئی نہیں؟

    چھوٹی ٹیموں کے خلاف ایسی پرفارمنس ہے تو جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف مینجمنٹ کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔

  • ناصرجمشید پرقسمت کی دیوی مہربان، ایک اورچانس کا امکان

    ناصرجمشید پرقسمت کی دیوی مہربان، ایک اورچانس کا امکان

    نیپئیر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے دبے لفظوں میں ناصر جمشید کی پیٹ تھپتھپادی اور غیرتسلی بخش کارکردگی کے باوجود ایک اور چانس ملنے کا امکان نظر آنے لگاہے۔

    مصباح کا کہنا ہے کہ ناصرجمشید صرف دو اننگز میں ناکام ہوئے۔ ان کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ورلڈ کپ میں ناصرجمشید نے دو میچوں میں ٹیم کے لئے کچھ نہیں کیا، لیکن کپتان نہ جانے کیوں ان کے بارے میں فیصلہ نہیں کرپارہے۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسی کیا بات ہے جو رکاوٹ بن رہی ہے۔ ناصر پراتنی مہربانی کیوں کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے آئندہ میچ میں ناصر جمشید کی جگہ سرفراز کو کھلانے کی بات کی تھی، لیکن کپتان تو پھر کپتان ہے۔

    مصباح الحق نے نیپئیر میں نیوز کانفرنس میں سب کہہ بھی دیا اور کچھ کہا بھی نہیں۔ کہتے ہیں ناصرصرف دو اننگز میں ناکام ہوا۔ یو اے ای کے میچ میں ان کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس کا کیا مطلب ہے؟

    کیا ناصر کو ایک اور چانس ملنے والا ہے؟ اور سرفراز پھر ڈریسنگ روم کی زینت بنیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ پول بی اوپن ہے،سب ٹیموں کےپاس کوارٹرفائنل کاچانس ہے۔

    ایک میچ خراب کھیلاتوباہرہوجائیں گے،نیٹ رن ریٹ بھی بہترکرناہوگا۔

  • ورلڈ کپ :پاک یو اے ای مقابلہ بدھ کو نیپیئر میں ہوگا

    ورلڈ کپ :پاک یو اے ای مقابلہ بدھ کو نیپیئر میں ہوگا

    نیپیئر : کرکٹ کے عالمی کپ کے ایونٹ میں  پاکستانی ٹیم کا میچ متحدہ عرب امارت سے چار مارچ بروز بدھ کو نیپیئر میں کھیلا جائےگا۔

    زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل میں اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔ اب ایک اور کمزور حریف یو اے ای سے گرین شرٹس چار مارچ کو صف آرا ہوگی۔

    پاکستان نے زمبابوے کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دیکر ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی تو حاصل کی جو کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے ناکافی ہے۔

    بیٹسمینوں نے ایک مرتبہ پھرغیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور زمبابوے کی کمزور بولنگ کے سامنے ناکام رہے۔ کپتان مصباح الحق بھی خود اعتراف کرتے ہیں کہ بیٹسمین ابھی تک غلطیاں کررہے ہیں۔

    اگلے مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا مقابلہ متحدہ عرب امارت سے چار مارچ کو نیپیئر میں ہوگا،یہ میچ پاکستان باآسانی جیت سکتا ہے ۔

    لیکن ایونٹ میں یواے ای کی پرفارمنس حریف ٹیموں کے خلاف اچھی جارہی ہے جس کو نظر انداز کرنا گرین شرٹس کیلئے بہت بڑی بھول ہوگی۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے یو اے ای کو نو وکٹوں سے با آسانی شکست دی تھی۔اور یو اے ای نے بھارت کو صرف ایک سو تین رنز کا ہدف دیا تھا۔

    جو بھارتی سورماؤں نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 18.5 اوور میں پورا کرلیا۔

  • بلاول بھٹی بد ترین بولنگ ریکارڈ ہولڈر بن گئے

    بلاول بھٹی بد ترین بولنگ ریکارڈ ہولڈر بن گئے

    نیپئر:  نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کی بولنگ لائن کا شیرازہ بکھر گیا۔ پاکستانی بولرز بری طرح ناکام۔ رہے۔کپتان مصباح الحق نے سب کو آزمایا لیکن کوئی بھی ٹیم کے کام نہ آیا،رہی سہی کسربلاول بھٹی نے پوری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے بلاول بھٹی کے لئے ڈراؤنا خواب بن گیا۔ بلاول بھٹی پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے۔

    کرکٹ میں بیٹسمین تو ہوتے ہیں نروس نائنٹیز کا شکار لیکن اب تو بولرز بھی نائنٹیز کی فیگرز میں آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بلاول بھٹی حریفوں کو تو بھٹی میں نہ جھونک سکے لیکن خود رنز کی بھٹی میں جل گئے۔

    بلاول بھٹی نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں بغیر کوئی وکٹ لئے سب سے زیادہ ترانوے رنز دے کر بدترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    کیوی بیٹسمینوں نے نیپئیر میں بلاول بھٹی کو دن میں تارے دکھادیئے۔ بلاول بھٹی سے قبل پاکستان کے وہاب ریاض نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف ترانوے رنز دیئے تھے۔

  • نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو ہرا دیا

    نیپئر: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک سو انیس رنز سے شکست دیدی، تفصیلات کے مطابق نیپیئر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو تین سو انہتّر رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں قومی ٹیم صرف دوسو پچاس رنز بنا سکی۔

    اس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک سو انیس رنز سے ہرا دیا،پاکستانی بیٹسمین کیویز بالرز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم اپنی ناقص کارکردگی کے باعث دو سو پچاس کے اسکور پر پویلین سے باہر چلی گئی۔

    پاکستان دو میچوں کی سیریز دو صفر سے ہار گیا، کیویز کیخلاف پاکستان کا سیریز برابر کرنے کا خواب چکنا چورہوگیا۔نیوزی لینڈنے سیریز اپنے نام کرلی۔

    ورلڈ کپ سے قبل خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ ایک سو انیس رنز سے جیت کر شاہینوں کی میگا ایونٹ کی تیاریوں کا پول کھول دیا۔

    نیوزی لینڈ نے سیریز دو صفر سے جیت لی۔نیوزی لینڈ نے دو میچز کی سیریز میں پاکستان کوآؤٹ کلاس کردیا۔ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں پاکستان کی کارکردگی کا کچھا چٹھا کھل کر سب  کے سامنے آگیا۔

    نیپئیر میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈکی ٹیم رنز کی مشین بن گئی ،ٹاس جیتنے کے بعد کیوی بیٹسمین پاکستانی بولرز پر بری طرح جھپٹے۔ مصباح الحق نے سات بولرز آزمائے۔ ولیمسن اور روز ٹیلر کی سینچری کی بدولت کیویز نے تین سو انہتر رنز کا پہاڑ کھڑاکیا۔

    پاکستان کی ناقص بولنگ اور خراب فیلڈنگ کے باعث کیویز نے پاکستان کے خلاف بہترین مجموعہ بنایا۔ جواب میں پاکستانی اوپنرز نے ایک سو گیارہ رنز کا محتاط آغا زتو فراہم کیا۔لیکن پھر تُو چل میں آیا کی پالیسی اختیار کرلی۔

    حفیظ چھیاسی رنزبناکر نمایاں رہے۔ احمد شہزاد نے پچپن اور مصباح الحق نے پینتالیس رنزبنائے۔ یونس خان، شاہد آفریدی، حارث سہیل اور سرفراز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے۔ کیویز سے سیریز میں شکست نے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کی تیاریوں پر پانی پھیردیا۔

  • کیویز نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،شاہین بے بس

    کیویز نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،شاہین بے بس

    نیپئیر : نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے میں سب سے بڑا ٹوٹل بنالیا۔ نیپئیر میں کیوی بیٹسمینوں نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپئیر میں نیوزی لینڈکی ٹیم رنز کی مشین بن گئی۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کا سونامی پاکستانی بولرز کو بہا لے گیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد کیوی بیٹسمین پاکستانی بولرز پر بری طرح جھپٹے۔ میزبان ٹیم نےخوب لاٹھی چارج  کیا ۔

    میککلم کے آؤٹ ہونے کے بعد بلیک کیپس کو روکنا مشکل ہوگیا۔ ولیمسن اور گپتل نے پاکستانی بولرز کی درگت بنادی۔ ولیمسن نے سینچری بنائی۔ روز ٹیلر بھی فارم میں آگئے۔

    ٹیلر نے ناٹ آؤٹ ایک سو دو رنز کی اننگز کھیلی۔ بلیک کیپس نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں پر تین سو انہتر رنزبنائے۔ جو ان کا پاکستان کے خلاف بہترین اسکور ہے۔

    پاکستان کی خراب فیلڈنگ بھی بڑے اسکور کا سبب بنی۔ مصباح الحق نے میچ میں سات بولرز کو آزمایا۔ محمد عرفان نے باون، بلاول بھٹی نے ترانوے، شاہد آفریدی نے ستاون، احسان عادل نے ارسٹھ اور حارث سہیل نے سینتالیس رنز دیئے۔