Tag: NAPRA

  • الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بڑا قدم، چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 22 روپے فی یونٹ تک زبردست کمی

    الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بڑا قدم، چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 22 روپے فی یونٹ تک زبردست کمی

    اسلام آباد: الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کر لی گئی، نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔

    نیپرا فیصلے کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا بنیادی ٹیرف 23.57 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے، بنیادی ٹیرف 45.55 روپے سے کم کر کے 23.57 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔

    گاڑیوں کے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 21.98 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر 24.44 روپے کیپڈ مارجن ہٹانے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

    حکومتی درخواست کے مطابق مارجن کا تعین مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی۔


    حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ


    دوسری طرف وفاقی حکومت نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اگلے 15 دن تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے، جس کا اطلاق 16 اپریل 2025 سے ہوگا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 30 اپریل تک برقرار رہیں گی۔

    تاہم، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہے، پیٹرول پر لیوی 8 روپے 72 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے، پیٹرول پر لیوی 70 روپے تھی، جو اب 78 روپے 72 پیسے ہو گئی ہے۔

    ڈیزل پر لیوی 7 روپے ایک پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، ڈیزل پر لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 77 روپے ایک پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، پیٹرولیم لیوی میں اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا ہے۔

  • آئی پی پیز کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت

    آئی پی پیز کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت

    اسلام آباد: آئی پی پیز کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے، 7 آئی پی پیز اور سی پی پی اے نے ٹیرف نظرثانی کے لیے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

    درخواست 2002 کی پاور پالیسی کے تحت لگنے والے آئی پی پیز نے دائر کی ہے، جن میں نشاط چونیاں پاور، نشاط پاور نارووال انرجی لمٹیڈ، لبرٹی پاور ٹیک لمٹیڈ، اینگرو پاورجن قادرپور لمٹیڈ، سیفائر الیکٹرک پاور لمٹیڈ اور سیف پاور لمٹیڈ شامل ہیں۔

    نیپرا اتھارٹی آئی پی پیز کی درخواست پر 24 مارچ کو سماعت کرے گی، جس میں روپے اور ڈالر کی قدر کے فرق کے طریقہ کار پر نظرثانی کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    سماعت میں ٹیک اینڈ پے سسٹم کے تحت ادائیگیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اور ای پی سی لاگت کے 0.90 فی صد انشورنس کیپ پر نظرثانی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔


    مزید آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ، 300 ارب کی بچت


    واضح رہے کہ پاکستان کے شہری دنیا کی مہنگی ترین بجلی استعمال کر رہے ہیں جن میں بڑا کردار آئی پی پیز کا ہے، جنھیں گزشتہ سال بھی کئی سو ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ وہ آئی پی پیز ہیں، جن سے ماضی کی حکومتوں میں کیے جانے والے معاہدے آج قوم کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں اور انھیں ہر سال اس بجلی کی قیمت بھی اربوں روپے میں ادا کی جاتی ہے جو کہ اس نے بنائی ہی نہیں، پاور ڈویژن کے مطابق 2023 میں آئی پی پیز کو 979 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

    یہ شرمناک معاملہ میڈیا میں اچھلنے کے بعد حکومت بھی قدم اٹھانے پر مجبور ہو گئی، اور آئی پی پیز سے مذاکرات کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی، پہلے مرحلے میں گزشتہ سال اکتوبر میں 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے گئے، اور پھر دسمبر میں مزید 6 آئی پی پیز کے ساتھ مہنگی بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • بھاری بجلی بلوں کی قسط وار ادائیگی، صارفین کے لیے بری خبر

    بھاری بجلی بلوں کی قسط وار ادائیگی، صارفین کے لیے بری خبر

    اسلام آباد: بھاری بجلی بل ادا کرنے والے صارفین قسط وار ادائیگی کے ریلیف سے محروم ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی صارفین کے لیے بلوں کی قسط کرانے کی سہولت محدود کر دی، بجلی صارفین اب سال میں صرف ایک ہی بار بجلی بل کی قسط کرا سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا نے کنزیومر سروس مینوئل میں ترمیم کر دی ہے، نیپرا کی جانب سے اس سلسلے میں تمام بجلی کمپنیوں کو احکامات بھی جاری کر دیے گئے، نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ قسط کرانے کی صورت میں نیا کمپیوٹرائزڈ بل ہی جاری کیا جائے۔

    نیپرا نے آخری دن سرکاری چھٹی کی صورت میں مقررہ تاریخ میں توسیع نہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے، اور کہا ہے کہ سرکاری چھٹی کے باعث بل کی عدم ادائیگی پر لیٹ پیمنٹ سرچارج لیا جائے۔

  • بجلی صارفین کیلئے بری خبر، قیمت میں اضافے کی تیاری

    بجلی صارفین کیلئے بری خبر، قیمت میں اضافے کی تیاری

    اسلام آباد : عوام پر پھر سے بجلی بم گرانے کی تیاری کی جارہی ہے، نیپرا سے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کیلئے بری خبر آگئی، قیمت میں 5 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا ہے، سی پی پی اے نے پیمرا سے اضافے کی درخواست کردی۔

    حکومت نے بجلی صارفین پر310ارب روپے کا مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کرلیں۔

    سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے آئندہ مالی سال کیلئے پاور پرچیز پرائس کے تعین کی درخواست کردی جس کے بعد بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5روپے فی یونٹ تک اضافے کا قوی امکان ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر23مئی کو سماعت کرے گا، سی پی پی اے نے اپنی درخواست میں پاور پرچیز پرائس کے 7منظر نامے پیش کئے ہیں۔

    پاور پرچیز پرائس25روپے3 پیسے سے27 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، منظوری کے بعد پاور پرچیز پرائس کا بوجھ 3.58 ٹریلین روپے تک پہنچ جائے گا۔

  • بجلی صارفین کے لیے بری خبر

    بجلی صارفین کے لیے بری خبر

    اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر ہے، بجلی کمپنیوں نے صارفین سے 17 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کرنے کی اجازت مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کمپنیوں نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس پر نیپرا اتھارٹی 22 فروری کو سماعت کرے گی۔

    درخواست میں لیسکو نے 6 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ ، گیپکو نے 6 ارب 56 کروڑ 60 لاکھ وصولی کی اجازت مانگی، فیسکو نے صارفین سے 4 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ روپے وصولی کی درخواست دائر کی ہے۔

    نیپکو کی 2 ارب 40 کروڑ 70 لاکھ اور آئیسکو نے 1 ارب 32 کروڑ 20 لاکھ وصولی کی درخواست کی ہے۔ ان درخواستوں پر نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔

  • بجلی صارفین کو ایک بار پھر زوردار کرنٹ لگانے کی تیاری

    بجلی صارفین کو ایک بار پھر زوردار کرنٹ لگانے کی تیاری

    اسلام آباد : آئی ایم ایف کی شرط پر ایک بار پھر بجلی کی قیمت میں اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مزید95 پیسے تک فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی صارفین کو ایک بار پھر زور کا کرنٹ لگانے کا پلان بنالیا، وزارت توانائی نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا کو کی گئی درخواست میں ماہانہ200یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کی بجلی مہنگی نہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق باقی سب سلیبز کیلئے فی یونٹ بجلی8پیسے سے95پیسے تک مہنگی کرنے کی تجویز ہے اس کے علاوہ 100یونٹ استعمال تک فی یونٹ8پیسےاضافے کی تجویز ہے۔

    نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ 100سے200یونٹ کے استعمال تک فی یونٹ18پیسے اضافے اور201سے300یونٹ تک استعمال پر فی یونٹ48پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    301سے700یونٹ تک فی یونٹ 95پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے، بنیادی ٹیرف میں اضافے سے سالانہ20ارب روپے کی سبسڈی ختم کی جائے گی۔

    مجموعی طور پر 20 ارب روپے کی سبسڈی ختم کرنے کی تجویز ہے، نیپرا سے کی گئی درخواست میں ایک سلیب کا فائدہ ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    نیپرا کے مطابق درخواست کی24جنوری کوسماعت کی جائے گی،  سماعت کے بعد قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا

    نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا

    اسلام آباد: نیپرا نے حیسکو (حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جولائی 2019 سے اکتوبر 2020 تک کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر نیپرا نے حیسکو پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران کرنٹ لگنے سے شہر میں 15 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔

    اتھارٹی نے اس سلسلے میں تحقیقات کے لیے 3 ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 15 میں سے 12 اموات میں حیسکو قصوروار پایا گیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ ان 12 اموات میں 5 خود حیسکو ہی کے ملازمین تھے، جب کہ 7 عام لوگ تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور سماعت کا موقع بھی دیا۔

    رپورٹ کے مطابق حیسکو حفاظتی معیار برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، حیسکو نے نیپرا کے معیارات کے مطابق اتھارٹی کو اموات کی اطلاع بھی نہیں دی۔

    نیپرا نے حیسکو کو دیگر سوگوار خاندانوں کو ادارے کے ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس معاوضہ دینے کی ہدایت جاری کی ہے، حیسکو معاوضے کی تفصیلات بھی اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرے گی۔

  • کرنٹ لگنے سے اموات، سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    کرنٹ لگنے سے اموات، سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیپکو (سکھر) میں جولائی 2019 سے نومبر 2020 تک کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر نیپرا نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران بجلی سے 20 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، جس پر اتھارٹی نے تحقیقات کے لیے 3 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 20 میں سے 11 اموات میں سیپکو کو قصور وار قرار دیا گیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ 11 اموات میں 4 سیپکو کے ملازمین جب کہ 7 عام لوگ تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت سیپکو کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا، اور سماعت کا موقع دیا۔

    نیپرا کے مطابق سیپکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا، سیپکو نیپرا کے طے کردہ معیارات کے مطابق اتھارٹی کو اموات کی اطلاع دینے میں بھی ناکام رہا۔

    اتھارٹی نے سیپکو کو سوگوار خاندانوں کو سیپکو ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

  • فیول ایڈجسٹمنٹ، صارفین کے لیے بجلی کس ماہ کتنی مہنگی؟ ہوش رُبا تفصیلات

    فیول ایڈجسٹمنٹ، صارفین کے لیے بجلی کس ماہ کتنی مہنگی؟ ہوش رُبا تفصیلات

    کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی 11 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جولائی 2019 کے لیے کے الیکٹرک صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 1.21 روپے مہنگی کی گئی ہے، جب کہ اگست 2019 کے لیے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 75 پیسے مہنگی کی گئی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ستمبر 2019 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 30 پیسے مہنگی کی گئی، اکتوبر 2019 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 10 پیسے مہنگی کی گئی۔

    نومبر 2019 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 2 روپے 12 پیسے سستی کی گئی، دسمبر 2019 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپے 75 پیسے سستی کی گئی ہے۔

    غریب عوام پر بجلی بم گرا دیا گیا

    جنوری 2020 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 94 پیسے مہنگی کی گئی، فروری 2020 کے لیے فی یونٹ بجلی 50 پیسے مہنگی کی گئی ہے۔

    مارچ 2020 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی کی قیمت معمولی کم کی گئی ہے، اپریل کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 78 پیسے کمی کی گئی، مئی 2020 کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 35 پیسے سستی کی گئی۔

    جولائی 2019 اور مئی 2020 کی ایڈجسٹمنٹ اضافہ اور کمی مارچ کے بلوں میں ہوگی، جب کہ اگست ستمبر 2019 اور فروری اپریل 2020 کا اضافہ اور کمی اپریل کے بلوں میں ہوگی۔

    اکتوبر دسمبر 2019 اور جنوری مارچ 2020 کا اضافہ اور کمی مئی کے بلوں میں ہوگی۔

  • ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تقسیم کار کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں 78 ارب کے بقایا جات کی وصولی میں ناکام رہیں، کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور کمپنیاں نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔

    رپورٹ میں مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک سال میں پیسکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی۔ مرمتی کاموں کے دوران 152 خطرناک حادثات رپورٹ ہوئے۔

    نیپرا کے مطابق نئے کنکشن کی فراہمی میں پیسکو، لیسکو، فیسکو، کیسکو اور کےالیکٹرک کی کارکردگی بہتر رہی، بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات کم ترین سطح 20.4 فیصد پر آگئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پیسکو، کیسکو اور کے الیکٹرک کا فالٹ ریٹ سب سے بہتر رہا۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے۔