Tag: Naqeeb ullah case

  • سازش کے تحت جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، راؤ انوار

    سازش کے تحت جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، راؤ انوار

    کراچی : نقیب اللہ محسود قتل کیس میں عدالت سے بری ہونے والے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مجھے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار نے کہا کہ ایک سال کی سروس کلیم کروں گا اگر موقع دیا گیا تو دوبارہ ملک و قوم کی خدمت کیلئے حاضر ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو ثابت نہیں کیا جاسکا، بلیک میلرز کو جھوٹے الزامات لگا کر میڈیا کی توجہ حاصل کرنا تھی۔

    راؤ انوار نے کہا کہ من گھڑت پریس کانفرنسز اور مظاہروں سے کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی،
    بلیک میلرز کے پاس اگر کوئی ثبوت ہوتا تو وہ عدالت میں پیش کرتے، ایک بلیک میلر گروپ اپنے ذاتی مفادات کیلئے لوگوں کو بلیک میل کرتا ہے۔

    قبل ازیں نقیب اللہ محسود قتل کیس میں بری ہونے کے بعد عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار کا کہنا تھا کہ آج ایک جھوٹے کیس کا انجام ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس مقابلے میں جس کو گولی لگی وہ ایک اشتہاری ملزم تھا، مقتول کا نام نسیم اللہ تھا لیکن اس کا غلط فوٹو میڈیا پر چلوایا گیا۔

    مزید پڑھیں : نقیب اللہ قتل کیس میں مرکزی ملزم راؤ انوار سمیت تمام ملزمان بری

    ان کا کہنا تھا اس جھوٹے کیس میں 25 لوگوں کو نامزد کیا گیا، میرے ساتھ اور کراچی شہر کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی لیکن آج اللہ نے اور جج نے میرے ساتھ انصاف کیا۔

  • قبائلی جرگے کی وزیراعظم سے ملاقات، نقیب اللہ کے نام سے کالج کی تعمیرکا اعلان

    قبائلی جرگے کی وزیراعظم سے ملاقات، نقیب اللہ کے نام سے کالج کی تعمیرکا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیاں سراہتے ہیں، نقیب اللہ محسود کے نام پر وزیرستان میں کالج تعمیر کیا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے محسود اور وزیر قبائل کے جرگہ رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی، وزیر اعظم ہاؤس میں محسود اور وزیر قبائل کے جرگے نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر گورنر کےپی کے، وزیرمملکت کیڈ، انجینئر امیرمقام بھی موجود تھے، اراکین نے نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ نقیب اللہ کے کیس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ نقیب اللہ محسود کے نام پروزیرستان میں کالج تعمیر کیا جائے گا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیاں سراہتے ہیں، پوری قوم قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کو قدر سے دیکھتی ہے۔

    ملاقات میں جرگے نے وزیراعظم کو وزیرستان میں قبائل کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، جس پر وزیر اعظم نے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے علاوہ نقیب اللہ قتل میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔

    جرگے کے اراکین نے مسائل کےحل کی یقین دہانی اور ملاقات کرنے پر وزیراعظم سےاظہارتشکر کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔