Tag: narendar moodi

  • پاک بھارت جنگ بندی کے بعد اب کیا ہونے جارہا ہے؟ اہم خبر

    پاک بھارت جنگ بندی کے بعد اب کیا ہونے جارہا ہے؟ اہم خبر

    بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کافی حد تک کمی آگئی ہے لیکن کیا آنے والے وقت میں نریندر مودی پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے؟

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر عادل نجم  نے بتایا کہ جنگ بندی  کے باوجود بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کبھی بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ بیرون ملک دورے پر جارہے ہیں انہوں نے مودی کو واضح سگنل دیا ہوگا، پاکستان کی گفتگو مودی سے نہیں گارنٹی دینے والے امریکا اور دیگر ممالک سے ہے۔

    عادل نجم نے کہا کہ مودی نے پہلے تو انکار کیا لیکن پھر ٹرمپ نے کہا کہ سیز فائر کرکے گفتگو کرو، مارکو روبیو کی ٹوئٹ دیکھیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ نیوٹرل مقام میں پاک بھارت متنازع معاملات پر گفتگو ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دنیا کے جو خیالات بھارت سے متعلق تھے وہ اب یکسر تبدیل ہوچکے ہیں، بھارت خود کو خطے کا تھانیدار سمجھ رہا تھا جبکہ عالمی سطح پر اس کی تذلیل ہوگئی۔

    دوسری جانب پاکستان سے متعلق عالمی سطح پر رائے تبدیل ہوئی ہے اسے مثبت لیا جارہا ہے، یہی موقع ہے پاکستانی دفتر خارجہ امریکا سے پوچھے کہ کون سے مقام پر گفتگو شروع کرنی ہے۔

    ماہر بین الاقوامی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن پر کردار ادا کررہا ہے،
    پاکستان مقبوضہ کشمیر، بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردی پر بات کرے گا۔

    پاکستان جعفر ایکسپریس جیسے کئی دہشت گردی کے واقعات پر بات کرے گا، ایک ہفتے کے دوران بہت سی حیران کن چیزیں دیکھی ہیں، ہمیں بھارتی رویے، بھارتی فوج کے کردار نے حیران کیا۔

    ڈاکٹرعادل نجم نے کہا کہ ایک چیز جسے ہم نے سب سے زیادہ حیران کیا وہ پاکستان میں عوامی اتحاد دیکھا، تمام سیاسی جماعتیں، سوسائٹی کا ہر فرد ہم نے ایک پلیٹ فارم پر متحد دیکھا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہم نے پاکستان میں پاکستانیت دیکھی، قوم مفاد اور سیکیورٹی کی بات ہوتی ہے تو ہم نے پاکستان میں اتحاد دیکھا ہے، اب اصل جنگ سفارتی سطح پر ہے اور سفارت کاروں کا کردار اہم ہے۔

  • مودی کی پھر زبان پھسل گئی، سوشل میڈیا صارفین نے کلاس لے لی

    مودی کی پھر زبان پھسل گئی، سوشل میڈیا صارفین نے کلاس لے لی

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایک بار پھر زبان پھسل گئی اور سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کی اچھی طرح کلاس لے لی۔

    نریندر مودی نے ٹیلی پراؤنٹر کی گڑبڑ کے بعد اب امریکا میں ایک اور گڑبڑ گھوٹالا کردیا وہ کہنا کچھ چاہتے تھے اور کہہ کچھ اور دیا، انگریزی کی ٹانگ توڑنے پر سوشل میڈیا پر ان کا اچھا خاصا مذاق بن گیا۔

    انویسٹنگ اِن اے چائلڈ گرل ول لفٹ اَپ دا اَنٹائر فیملی پر یقین رکھنے والے مودی انوسٹنگ کی جگہ انویسٹیگیٹنگ یعنی تفتیش کہہ گئے۔

    اب اس کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایک بار پھر زبان پھسلنا کہہ لیجیے یا پھر تعلیم کی کمی۔ خیر جو بھی ہے سوشل میڈیا پر ان کی ٹھیک ٹھاک کلاس لے لی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر صارفین مزے مزے کے تبصرے کررہے ہیں، بھارتی وزیر اعظم دورہ امریکہ پر کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

    کسی نے کہا کہ یہی ہوتا ہے انگلش کی کلاسز نہ لینے سے، تو کوئی بولا مودی نے بولا ہے تو کچھ سوچ کر ہی بولا ہوگا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک ان کی زبان پھسل گئی۔

    اپنی تقریر میں وہ ’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘‘ مہم پر بات کر رہے تھے کہ ان کی زبان پھسل گئی اور بیٹی پڑھاؤ کے بجائے ’’بیٹی پٹاؤ‘‘ کہہ بیٹھے۔

  • مسلم نوجوان کا قتل : اسد الدین اویسی نے مودی حکومت کو بے نقاب کردیا

    مسلم نوجوان کا قتل : اسد الدین اویسی نے مودی حکومت کو بے نقاب کردیا

    بھارتی مسلمان رہنما اور ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ اترپردیش کے مسلمانوں کو جاگنا ہوگا، اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان متحد ہوجائیں۔

    ضلع علی گڑھ میں بہت بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکیاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اترپردیش کے مسلمانوں اب سوچنے سمجھنے اور سیاسی قیادت بنانے کا وقت آگیا ہے۔

    ایم آئی ایم صدر نے اپنے خطاب میں تمام سیاسی جماعتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں میں تمام سیاسی جماعتیں ملک کے مسلمانوں کے ووٹ کا استعمال کرتی آئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی صورتحال یہ ہے کہ ہماری مسجدیں تک محفوظ نہیں ہیں، نہ ہماری خواتین محفوظ ہیں، نہ ہی ہمارا کوئی مستقبل ہے، کوئی ہماری آواز نہیں بنتا، صرف انتخابات سے قبل ہماری یاد آتی ہے اور ہمارے ووٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    اسد الدین اویسی نے اپنے خطاب میں بی جے پی کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تم ملک کو ہندو راشٹر بنانا چاہتے ہو، ملک میں ایک مذہب نافذ کرنا چاہتے ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست اتر پردیش میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں، مسلمانوں پر ظلم و زیاتی کی جارہی ہے، مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، میرے دوستوں اور بزرگوں اس کا ایک ہی جواب ملتا ہے کہ آپ کے پاس کوئی سیاسی قیادت نہیں ہے۔

    اویسی نے اپنے خطاب میں ملک اور خاص طور پر اترپردیش میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی کے واقعے میں الطاف نامی شخص کے قتل پر کہا کہ پولیس والوں کو معطل کر دینا کافی نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیہس حواست میں ہونے والے الطاف کے قاتلوں پر دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے ان کو گرفتار کرنا چاہیے مگر ایسا نہیں ہوگا کیونکہ مرنے والے کا نام الطاف ہے۔

    اگر مرنے والے کا نام الطاف نہ ہوکر گپتا ہوتا یا اعلی ذات کا ہوتا تو پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کیا جاتا،گرفتار بھی عمل میں لائی جاتی، وزیر اعلیٰ جود گھر پہنچ جاتے، مگر مرنے والے کا نام الطاف ہے تو خالی معطل اور تبادلے پر بات ٹال دی گئی۔

  • مودی سرکار پر "بڑی ڈکیتی” کا الزام لگ گیا، وجہ سامنے آگئی

    مودی سرکار پر "بڑی ڈکیتی” کا الزام لگ گیا، وجہ سامنے آگئی

    نئی دہلی : بھارت میں مودی حکومت کو پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    بھارت میں اپوزیشن کی بڑی جماعت کانگریس مہنگائی سے متعلق مسلسل مودی حکومت پر حملہ کر رہی ہے اور آج  راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں نے ایل پی جی گیس سلنڈر کی بڑھتی قیمتوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    کانگریس رہنماؤں نے اس مہنگائی پر مودی حکومت کو "دی گریٹ رابری” (بڑی ڈکیتی) کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    اس حوالے سے کانگریس کے ترجمان جے ویر شیرگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مہنگائی کے اس اقدام کو "دی گریٹ رابری” قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہےکہ عوام کو مہنگائی کے ایک اور "انجکشن کی خوراک” بی جے پی سے ملی ہے۔

    سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 2 مہینے میں یہ لگاتار چھٹی بار اضافہ ہوا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ گیس، ڈیزل، پٹرول (جی ڈی پی) کی بڑھتی قیمتوں کو اب ’دی گریٹ رابری‘کہا جاسکتا ہے۔

    راہل گاندھی نے بھی ایل پی جی گیس سلنڈر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے بعد جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں مودی حکومت پر حملہ آور انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت پھر بڑھ گئی۔ عوام کے لیے مودی حکومت کے اختیارات ، کاروبار بند کرو،  چولہا پھونکو۔

  • بھارت : مودی دور حکومت میں خود کشی کے واقعات میں اضافہ

    بھارت : مودی دور حکومت میں خود کشی کے واقعات میں اضافہ

    نئی دہلی : بھارت میں مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں اور روزگار کی عدم فراہمی کے باعث فاقہ کشی پر مجبور لوگ موت کو گلے لگانے پر مجبور ہوگئے۔

    ریاست مہاراشٹر کے صنعتی شہر مالیگاؤں میں مسلسل چوتھی بار خود کشی کے واقعات پیش آئے ہیں، اسلام پورہ میں36 سالہ خالد احمد ولد شکیل احمد نامی نوجوان نے اپنے گھر کی چھت سے پھانسی کا پھندا لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

    اس ضمن میں پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ مالیگاؤں میں جاری ہفتہ میں خودکشی کا یہ چوتھا واقعہ سامنے آیا ہے. لوگ مختلف وجوہات کے سبب اپنی زندگی کا خاتمہ کررہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کے دن شہر کے تمام پاورلومز بند ہوتے ہیں، چھٹی ہونے کی وجہ سے خالد احمد بھی گھر کے اوپری حصے میں آرام کررہے تھے۔

    بعدازاں رات کے کھانے پر بلانے کیلئے چھوٹے بھائی کو جب کمرے کا دروازہ بند ملا تو انہوں نے کھڑکی کے ذریعے اندر جھانک کر دیکھا تو سامنےخالد احمد کی لاش جھولے کی رسی سے لٹکی ہوئی نظر آئی۔

    اہل خانہ نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر اہل محلہ اور پولیس کو دی اطلاع ملتے ہی عائشہ نگر پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کردیا۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ رواں ہفتہ میں خودکشی کا یہ چوتھا واقعہ ہے اس سے قبل تین واقعہ شہری علاقے میں جب کہ ایک واقعہ مالیگاؤں کے مضافات میں پیش آیا۔

    اس سلسلے میں قانونی کارروائی کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ خودکشی کرنے کی وجہ تنگدستی اور کئی دوسری وجوہات ہیں۔

  • کسان تحریک : پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی مودی کو خبر دار کردیا

    کسان تحریک : پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی مودی کو خبر دار کردیا

    چندی گڑھ : بھارت میں کسان تحریک زور و شور سے جاری ہے، زرعی قوانین کا نفاذ مودی سرکار کیلئے درد سر بن گئی، حکومتی عہدیداران نے وزیر اعظم مودی کو بھی حالات کی سنگینی سے آگاہ کردیا۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ روز راجدھانی چنڈی گڑھ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں جاکر کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے مذاکرات کیے۔

    کسانوں کے دھرنے کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد امریندر سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا اور اپنے دورے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مودی حکومت سے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کی اپیل کی۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے مودی حکومت کو متنبہ کیا کہ کسانوں کی تحریک کو ہلکا نہ لیں۔ انہوں نے لکھا کہ تمام عمر کے افراد ان کسان مخالف قوانین کے خلاف پورے ہندوستان میں احتجاج کررہے ہیں۔

    آج شام پنجاب کی راجدھانی چنڈی گڑھ کے مٹکا چوک پر کچھ شہریوں کے ساتھ میں اس میں شامل ہوا، ان کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ مرکز سے درخواست کرتا ہوں کہ حکومت اس احتجاج کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور میں حکومت سے ان قوانین کو منسوخ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں کسان کئی ماہ سے تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکال رہے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں ریاست کے ہزاروں کسانوں نے دہلی تک مارچ کیا تھا۔

    پنجاب کے علاوہ دیگر ریاستوں کے کسانوں خصوصاً اترپردیش اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے کسان بھی اس تحریک سے وابستہ ہیں انہوں نے ڈھائی ماہ سے دہلی کی تینوں سرحدوں سنگھو، ٹیکری اور غازی آباد بارڈر پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

    ملک بھر کے کسانوں کی چالیس تنظیموں پر مشتمل تحریک میں کسان مرکزی حکومت سے تینوں نئے قوانین کو واپس لینے اور ایم ایس پی کو قانونی طور پر لاگو کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    کسانوں کو خوف ہے کہ نئے زرعی قوانین کی مدد سے کارپوریٹ ہاؤس ان کا استحصال کریں گے اور ایم ایس پی سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب کسان تحریک کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

  • ٹریکٹر ریلی : ’’مودی سرکار نے ایک اور کسان کی جان لے لی‘‘

    ٹریکٹر ریلی : ’’مودی سرکار نے ایک اور کسان کی جان لے لی‘‘

    نئی دہلی : مودی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف نکالی جانے والی کسان ٹریکٹر ریلی کے شرکا پر بھارتی پولیس نے دھاوا بول دیا، لاٹھی چارج اور  آنسو گیس کا شیل لگنے سے ایک کسان ہلاک ہوگیا۔

    کسان ٹریکٹر ریلی کے شرکا جب آئی ٹی او پہنچے تو اس دوران پولیس نے مزاحمت کی، پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ جھڑپ کے دوران اتراکھنڈ کا رہائشی ایک کسان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرے کے دوران مرنے والے کسان کا نام نونیت تھا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ نونیت کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی ہے۔

    سنگھو بارڈر سے نکلنے والی کسانوں کی ریلی اور پولیس کے درمیان مکربا چوک پر تصاد ہوا۔ کسانوں کا ٹریکٹر مارچ مکربا چوک سے کنجھاولا جانے والا تھا لیکن عین موقع پر کسانوں نے اپنا روٹ بدل دیا۔ اس دوران کسانوں اور پولیس کے درمیان پھر زور دار تصادم ہوا، جس میں کئی کسانوں کے ساتھ دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ نئی دہلی کی سرحد پر کئی ماہ سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان آج بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی داخل ہونے کے لئے تمام رکاوٹوں کو توڑ ڈالا۔

    پولیس نے کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روکنے کی بہت کوششیں کیں جو بے سود ثابت ہوئیں، دارالحکومت میں داخلے کے موقع پر غازی پور بارڈر پر پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی داغے تاہم پولیس کسانوں کی ہمت توڑنے میں ناکام رہی۔

    مزید پڑھیں : سکھ کسانوں نے نئی دہلی ،لال قلعہ پر مذہبی جھنڈا لہرادیا

    کسانوں نے اپنے ہاتھوں میں اپنی تنظیم کے جھنڈے تھامے ہوئے تھے، ان میں سے ایک کسان نے آگے بڑھتے ہوئے لال قلعہ پر لگے کھمبے پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔

  • بھارت میں کرونا وائرس مودی کے گھمنڈ کی وجہ سے پھیلا، راہول گاندھی

    بھارت میں کرونا وائرس مودی کے گھمنڈ کی وجہ سے پھیلا، راہول گاندھی

    نئی دہلی : بھارت میں حزب اختلاف کے کئی رہنماؤں کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران کے تناظر میں پھیلی بدنظمی کے حوالے سے مودی حکومت پر شدید نکتہ چینی کا سلسلہ جاری ہے۔

    کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق صدر راہول گاندھی نے کوویڈ 19 وبا کے سلسلے میں وزیراعظم نریندر مودی پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غرور کی وجہ سے یہ وبا ملک بھر میں پھیل گئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا، راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد اس ہفتے 50 لاکھ اور فعال کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ جائے گی۔

    ان کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے بغیر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، یہ سب ایک شخص کے غرور کی وجہ سے ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس ملک بھر میں پھیل گیا۔

    انہوں نے وزیراعظم مودی پر کوویڈ 19 کو سنجیدگی سے نہ لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے کہا خود کفیل بنیئے یعنی اپنی جان خود ہی بچا لیجئے کیونکہ وزیراعظم مور کے ساتھ مصروف ہیں۔

    دراصل راہول گاندھی ان کا اشارہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے پچھلے دنوں شیئر کئے گئے ان کی اس ویڈیو کی طرف تھا جس میں وزیراعظم مور کو دانہ کھلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے ایک نظم لکھ کر یہ ویڈیو شیئر کی تھی۔

  • مودی نے اپنے لئے تباہی اور بربادی کا گڑھا خود کھودا، عثمان بزدار

    مودی نے اپنے لئے تباہی اور بربادی کا گڑھا خود کھودا، عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اپنے لئے تباہی اور بربادی کا گڑھا خود کھودا ہے، بھارتی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، پاکستان اور کشمیر پلے دن سے نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھے ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دعویدار بھارت نے جمہوری اقدار کا خون کیا، کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، مودی سرکار نے کشمیریوں کے حقوق سلب کرکے آزادی کا حق چھینا۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ مودی سرکار نے اپنے لئے تباہی اور بربادی کا گڑھا خود کھودا ہے، بھارتی حکمرانوں کو نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ وادی میں پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منایا گیا تھا، اس موقع پر سرینگر میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے تھے، آج بھارت کے یوم آزادی پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ منائیں گے۔

    یوم سیاہ پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی، قابض انتظامیہ نے مظاہرے روکنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔

    ادھر کشمیر کونسل یورپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، یورپی ہیڈکوارٹرز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

  • مسلمانوں پر مظالم : مودی حکومت بے نقاب، حقائق منظرعام پر آگئے

    مسلمانوں پر مظالم : مودی حکومت بے نقاب، حقائق منظرعام پر آگئے

    نئی دہلی : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے مودی حکومت کا چہرہ بے نقاب کردیا، ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت میں مسلمان خطرات کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے مسلمانوں پر کیے جانے مظالم سے متعلق ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال2014سےاب تک بی جے پی حکومت میں مسلمان مختلف خطرات کا شکار ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی پالیسی خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف ہے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، کشمیریوں کے احتجاج کو دبانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوجی تعینات کئے گئے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کو گرفتار کر کے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز تقریریں کرنے والے بی جے پی کے کسی رہنما کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ اس کے برعکس مودی حکومت کی پالیسی اور اس کے اقدامات پر تنقید کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

    ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات میں3روز میں52افراد مارے گئے اس دوران 200 افراد زخمی ہوئے، پر تشدد ہنگاموں کے دوران اپنے گھروں سے محفوظ مقام پر منتقل ہونے والے مسلمان خاندانوں کو ہندو ہجوم نے اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں خواتین نے مسلمانوں کیخلاف شہریت کے امتیازی قانون کیخلاف احتجاج کیا، بی جے پی رہنماؤں نے اسے بغاوت اور بھارت دشمن اور پاکستان کی حمایت قرار دیا، بی جے پی رہنماؤں نے مظاہرین کے لئے غداروں کو گولی مارو کے نعرے لگائے۔