Tag: Narendra Modi

  • الیکشن نزدیک آتے ہی نریندر مودی نے فلموں کو اپنا ہتھیار بنا لیا

    الیکشن نزدیک آتے ہی نریندر مودی نے فلموں کو اپنا ہتھیار بنا لیا

    ممبئی: بھارت کے وزیر  اعظم کا نیا منصوبہ آشکار ہوگیا، اب نریندر مودی فلم کے پردے پر دکھائی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے انتہا پسند اقدامات اور متنازع بیانات کے لیے معروف نریندر مودی کی کہانی جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

    ایک چائے والے سے وزیر اعظم کے عہدے تک پہنچنے والے بی جے پی کے رہنما پر بنے والی فلم کا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔

    فلم کا نام ’’پی ایم نریندر مودی‘‘ ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کا کردار وویو اوبرائے ادا کر رہے ہیں۔

    فلم کا فرسٹ لک پوسٹر 23 زبانوں میں جاری کیا گیا. پوسٹر کی رونمائی مہاراشٹر  کے چیف منسٹر نے کی، فلم کے ہدایت کار امنگ کمار ہیں، جب کہ پروڈیوسر سوریش اوبرائے ہیں.


    مزید پڑھیں: مودی سرکار انتخابات میں مسلمان مخالف جذبات کو ہوا دے گی، بی جے پی رہنما نے بھانڈا پھوڑ دیا


    ناقدین کی جانب سے اس فلم کو الیکشن مہم کا حصہ قرار دیا جارہا ہے. تجزیہ کاروں‌ کا خیال ہے کہ ملک میں مودی سرکار ہونے کے باعث فلم کو بڑے پیمانے پر ریلیز کیا جائے گا اور اسے حکومت کی مکمل سپورٹ ملے گی.

    واضح رہے کہ گذشتہ دونوں انوپم کھیر کی فلم ’’دی ایکسڈنٹل پرائم منسٹر ‘‘کا ٹریلر  ریلیز کیا گیا تھا، جس میں‌ من موہن سنگھ کے زمانے میں کانگریس کی اندرونی سیاست کو منظر کیا گیا ہے.

  • بھارتی عوام  فسادات کے لیے تیار ہو جائیں، پروفیسراشوک

    بھارتی عوام فسادات کے لیے تیار ہو جائیں، پروفیسراشوک

    نئی دہلی : بھارت کے معروف تجزیہ کار  اشوک  سوائن نے ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کے بعد بھارتی عوام کےلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی اور کہا بی جے پی سے ہوشیار رہیں اور فسادات کے لیے تیار ہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کے بعد بھارت میں فسادات کا خدشہ بڑھ گیا، بھارت کے معروف تجزیہ کار پروفیسر اشوک نے کہا مودی جی آئندہ چند ماہ میں بہت ہنسیں گے اور بہت روئیں گے، نریندر مودی کا آئندہ پانچ ماہ میں ہنسنا اور رونا عوام کے سامنے ہوگا۔

    [bs-quote quote=”مودی جی آئندہ چند ماہ میں بہت ہنسیں گے اور بہت روئیں گے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    پروفیسر اشوک سوائن نے خبردار کیا کہ بھارتی عوام بی جے پی سے ہوشیار رہیں اور بھارتی عوام فسادات کے لیے تیار ہو جائیں، اگلے سال انتخابات سے پہلے پاکستان سے سرحدی کشیدگی بڑھائی جائے گی۔

    خیال رہے اشوک سوائن پیس اینڈ کنفلکٹس ریسرچ کے پروفیسر ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت کی 5ریاستوں میں انتخابات، مودی سرکار کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

    یاد رہے بھارت کی پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    خیال رہے بی جے پی گذشتہ 15 برس سے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اقتدار میں ہے جبکہ راجستھان میں وہ پانچ برس پہلے اقتدار میں آئی تھی، وہاں گذشتہ 25 برس سے کوئی بھی جماعت مسلسل دو بار جیت نہیں حاصل کر سکی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی مدت پوری ہونے والی ہے، ریاستوں کے انتخابی نتائج پارلیمانی انتخابات میں اثرانداز ہوں سکتے ہیں ، راہول گاندھی کی نوجوان قیادت میں کانگریس ایک مرتبہ پھر بھارت پر راج کر سکتی ہے۔

  • کرتارپوربارڈر پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پل کا کام کرے گا، بھارتی وزیراعظم

    کرتارپوربارڈر پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پل کا کام کرے گا، بھارتی وزیراعظم

    نئی دہلی : بھارت امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنے پرمجبور ہوگیا، بھارتی وزیراعظم نے کا کہنا ہے کہ کرتارپوربارڈر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پل کا کام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اقدام نے بھارت کو بھی کرتارپوربارڈرکھولنے پر مجبورکردیا، نئی دہلی میں تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرتارپوربارڈر  سے متعلق کہا کہ کرتارپورپاکستان اور بھارت کے عوام کو جوڑے گا اور عوامی رابطے بہتر مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔

    مودی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر تعلقات میں بہتری اور تنازعات کا حل وقت پر ہی نکلے گا۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان اٹھائیس نومبر کو کرتارپوربارڈر کا افتتاح کریں گے اور نوجوت سدھووزیراعظم کی دعوت پرکرتارپوربورڈ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    یاد رہے بھارت کے دفترخارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر گرونانک کے جنم دن پر کرتارپور کوریڈور کھولنے پر شکریہ ادا کیا تھا جبکہ بھارت کی کابینہ نے کرتارپور بارڈر تک کوریڈورکی تعمیر کی منظوری بھی دی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان28نومبرکوکرتارپورسرحدکھولنےکاافتتاح کریں گے

    جس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے، بھارتی کابینہ نے کرتارپوربارڈر پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، یہ درست سمت میں قدم ہے، توقع ہے ایسے اقدامات سے سرحد کی دونوں جانب متوازن آوازوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت کو باباگرونانک کے 550 جنم دن پر کرتارپور کھولنے کا مطلع کرچکے ہیں

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سدھو نے آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے کرتارپوربورڈرکھولنے کی درخواست کی تھی۔

    جس پر  انٹرویو میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان جلد سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔

    خیال رہے دربار کرتارپور ضلع نارووال میں ہے جبکہ اس کے دوسری جانب سرحد پار بھارتی تحصیل بٹالہ میں ڈیرہ بابا گرونانک ہے، پاکستان نہ پہنچنے والے سکھ یاتری دوربین سے دربار کرتا سنگھ کا نظارہ کرتے ہیں۔

  • بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے

    نئی دہلی : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کروڑ پتی نکلے، ان کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے ہے، مودی کے پاس پچاس ہزارسے بھی کم نقد رقم موجود ہے جبکہ ان کے پاس گاڑی بھی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے اثاثوں کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں ، جس کے مطابق مارچ 2018 تک نریندرمودی کےاثاثوں کی مالیت 2کروڑ28لاکھ روپے ہے اور ان کے پاس 50ہزار سے کم نقدی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق موجود نقدی گزشتہ سال کے مقابلے میں 67فیصدکمی ہوئی، گزشتہ سال نریندرمودی کے پاس ڈیڑھ لاکھ موجود تھے اور رقم رواں سال31 مارچ تک کم ہوکر 48944رہ گئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق مودی کے پاس اسٹیٹ بینک آف انڈیا گاندھی نگر میں 11 لاکھ سے زائد رقم بینک میں جمع ہے، اس کے علاوہ گاندھی نگر میں 3 ہزار 500 اسکوئر فٹ پر تعمیر ایک گھر بھی بھارتی وزیراعظم کی ملکیت ہے، جس کی مالیت تقریباََ ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔

    اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم نے سونے کی خریداری نہیں کی، مودی کے پاس سونے کی 4 انگوٹھیاں ہیں، جن کا وزن تقریباََ 45 گرام ہے اور ان کی مالیت ایک لاکھ 38 ہزار 60 روپے ہیں۔

    مودی نے کسی بینک سے قرض نہیں لیا اورنہ ہی وہ کسی گاڑی کے مالک ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کا بھارتی ہم منصب کوخط‘ بھارتی میڈیا کا دعویٰ

    وزیراعظم عمران خان کا بھارتی ہم منصب کوخط‘ بھارتی میڈیا کا دعویٰ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پرزور دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودری کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تنازع کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خط میں وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات پربھی زور دیا۔

    پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں رواں ماہ شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد تقریر میں کہا تھا کہ تعلقات معمول پرلانے کے لیے اگر بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان 2 قدم بڑھائے گا۔

    نریندر مودی کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارک باد

    بعدازاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پرمبارکباد پیش کی تھی۔

    بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پرتیار ہیں تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

    عمران خان نے مبارکباد پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہیے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کے لیے حکومتوں کو مشترکہ تدابیرکرنا ہوں گی۔

    واضح رہے کہ بھارت نے دسمبر 2015ء میں پٹھان کوٹ واقعے کو بنیاد بنا کردوطرفہ مذاکرات معطل کیے تھے۔

  • مودی کا نواز شریف کو تعزیتی خط، کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار

    مودی کا نواز شریف کو تعزیتی خط، کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار

    نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی نے نواز شریف کو خط لکھتے ہوئے اپنے گہرے غم کا اظہار کیا، انھوں نے لکھا ’مجھے بیگم صاحبہ کے انتقال پر بے حد دکھ ہوا ہے۔‘

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے خط میں مزید لکھا ’میں عظیم ربّ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ بیگم صاحبہ کو ابدی سکون عطا کرے، اور آپ کو اور دیگر سوگواران کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ بخشے۔‘

    بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ملاقات کی خوش گوار یادوں کو ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے۔

    دریں اثنا بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شریف خاندان سے گہرے غم اور دکھ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔

    سشما سوراج نے لکھا کہ ’مجھے محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سن کر بے حد صدمہ ہوا، میں سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتی ہوں، اوپر والا ان کی روح کو سکون و قرار عطا کرے۔‘


    مزید پڑھیں:  شریف خاندان کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع


    واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحب زادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر 3 دن کے لیے رہا کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی ہیں، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بھابھی کی میت لینے کے لیے لندن روانہ ہوچکے ہیں، وہ میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

  • بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    نئی دہلی : بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی نے قومی صحت پالیسی اور خلائی مشن سمیت کئی نئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت کا بیٹا یا بیٹی ترنگا لے کر خلا میں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا پانچواں اور آخری خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں بھارت کے مخلتف حصّوں میں آنے والے سیلاب میں درجنوں افراد کی ہلاکت پر شدید افسوس ہے۔

    نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے سنہ 2022 کے خلائی مشن سمیت کئی نئی پالیسیوں کا اعلان کیا۔

    بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب 370 سالہ تاریخ کے حامل لال قلعے میں ہوئی جہاں نریندر مودی نے خطاب کیا۔

    نریندر مودی کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ قومی صحت پالیسی کا مقصد 10 کروڑ بھارتی شہریوں کو صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، جس پر 25 ستمبر سے عمل درآمد شروع ہوگا اور مذکورہ پالیسی کے تحت فی خاندان  5 لاکھ روپے سالانہ خرچ ہوں گے۔

    نریندر مودی نے بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت دنیا کا چوتھا ملک ہوگا جو انسان کو خلا میں بھیجے گا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاحال آرمی، نیوی اور ایئر فورس میں خواتین کو شارٹ سروس کمیشن دیا جاتا ہے لیکن آئندہ ملک کی مسلح افواج (آرمی، نیوی، فضائیہ) میں خواتین کو بھی مستقل کمیشن دی جائے گا۔

    خطاب کے بعد نریندر مودی نے وہاں موجود بچوں سے بھی ملاقات کی۔

    یوم آزادی کے موقع پر بھارت بھر میں یوم آزادی کی تقاریب منعقد کی گئیں اور ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

    دوسری جانب بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر کشمیر  پر بھارت کے غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں۔

  • مسئلہ کشمیر: نریندر مودی، عمران خان کی پیش کش قبول کریں، محبوبہ مفتی

    مسئلہ کشمیر: نریندر مودی، عمران خان کی پیش کش قبول کریں، محبوبہ مفتی

    کشمیر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کی پیش کش قبول کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ مقبوضہ کشمیر نے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے سلسلے میں نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے رہنما عمران خان کی پیش کش قبول کرلیں۔

    محبوبہ مفتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’عمران خان کی مسئلہ کشمیر کے حل اور دونوں ممالک کی دوستی کے لیے پیش کش قبول کر کے اس کا مثبت جواب دیا جائے۔‘

    خیال رہے کہ جموں اینڈ کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے عمران خان کو انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر سوشل رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے مبارک باد بھی دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد 26 جولائی کو قوم سے غیر سرکاری خطاب میں بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پُر امن مذاکرات کی پیش کی تھی۔

    عمران خان کا خطاب، متوقع پالیسیوں پر اظہار خیال، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کی پیش کش

    عمران خان نے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان غربت کے خاتمے کے لیے کام کریں، اس سلسلے میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    کیا عمران خان خارجہ پالیسی میں ’تبدیلی‘ لاسکیں گے

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا ’میں وہ پاکستانی ہوں جو یقین رکھتا ہے کہ برّ صغیر میں معیشت کی بہتری کے لیے پاک بھارت تجارتی تعلقات ضروری ہیں، یہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مودی کی حکومت میں مسلمانوں پرظلم ڈھائےجا رہے ہیں‘ ارون دھتی رائے

    مودی کی حکومت میں مسلمانوں پرظلم ڈھائےجا رہے ہیں‘ ارون دھتی رائے

    لندن : معروف بھارتی مصنفہ اور انسانی حقوق کی علم بردارارون دھتی رائے کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کوگلیوں اورسڑکوں پرہجوم نشانہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی عالمی شہرت یافتہ ادیبہ، فلم ساز اور کالم نگار ارون دھتی رائے نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ نریندرمودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی بدترین ہیں۔

    ارون دھتی رائے نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت میں مسلمانوں پرظلم ڈھائے جارہے ہیں، مسلمانوں کوگلیوں اور سڑکوں پرہجوم نشانہ بنا رہے ہیں۔

    معروف بھارتی مصنفہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کواقتصادی سرگرمیوں سے باہررکھا جا رہا ہے، گوشت اور چمڑے کی دکانوں پرحملے کیے جارہے ہیں۔

    ارون دھتی رائے نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ کشمیری لڑکی سے زیادتی کے مجرمان کو بچانے کی کوشش ہورہی ہے۔

    ہندو انتہاپسندوں سے مسلمان لڑکے کی جان بچانے والے سکھ پولیس آفیسر کی ویڈیو وائرل

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست اترکھنڈ میں ہندو انتہاپسندوں کے ہاتھوں مسلمان لڑکے کو قتل کرنے کی کوشش سکھ پولیس آفیسر نے ناکام بنا دی تھی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    بعدازاں مسلمان نوجوان کو مشتعل ہندوؤں کے تشدد سے بچانے والے سکھ پولیس افسر کو دھمکیاں ملنے لگیں تھی جس پر متعلقہ حکام نے گگن دیپ سنگھ کو رخصت پر بھیج دیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر: آٹھ سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل،

    یاد رہے کہ رواں سال 13 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں آٹھ سالہ بچی آصفہ بانو کو بھارتی پولیس کے چار افسروں نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں مذاکرات کے لئے انٹیلیجنس بیورو کے سابق چیف نمائندہ مقرر

    مقبوضہ کشمیرمیں مذاکرات کے لئے انٹیلیجنس بیورو کے سابق چیف نمائندہ مقرر

    سری نگر : بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش مقبوضہ کشمیرمیں مختلف گروپوں سے مذاکرات کے لئے انٹیلیجنس بیورو کے سابق چیف دنیشور شرما کو نمائندہ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے، بھارت نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا ایک اور حربہ اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں مختلف گروپوں سے مذاکرات کے لئے انٹیلیجنس بیورو کے سابق چیف دنیشور شرما کو سرکار کا نمائندہ مقرر کردیا گیا ہے۔

    بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے کشمیر پر جامع مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں انٹیلی جنس بیورو کے سابق ڈائریکٹر دنیشور شرما کو نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

    راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا دنیشور شرما مقبوضہ کشمیر میں منتخب حکومت، سیاسی پارٹیوں سمیت مختلف تنظیموں سے بات چیت کریں گے اور ریاست میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے ریاستی عوام کی جائز خواہشات کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

    بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے روایتی کشمیر دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا حریت رہنماؤں سے بات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سابق انٹیلیجنس چیف کریں گے۔

    مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلی نے بھارت کی خوشامد میں مذاکرات کے فیصلے کا فوری خیرمقدم کرڈالا۔


    مزید پڑھیں :   مسئلہ کشمیر،گالی یا گولی سے نہیں ، کشمیریوں کو گلے لگانے سے حل ہوگا،  مودی


    دوسری جانب مودی سرکار کی جانب سے مقرر مذاکرات کار دنیشور شرما 8 سے 10 روز میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے، دنیشور شرما کا کہنا ہے کہ وادی کا دورہ کرنے کرکے صورتحال کا جائزہ لیکر ایک منصوبہ تیار کیا جائے گا، جس پر عمل کرتے ہوئے امن کے قیام اور مستقل حل کی کوشش کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں مذاکرات کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان سمیت خطے کا اہم دورہ کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتراف کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر گالی یا گولی سے حل نہیں ہوگا،  مذہب یا عقیدے کے نام پر تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ’آزادی سے قبل نعرہ تھا، بھارت چھوڑ دو، آج ہم نعرہ لگاتے ہیں، بھارت جوڑو۔‘

    واضح رہے کہ گذشتہ سال 8 جولائی کو حریت پسند برہان وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں پر امن احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس کے بعد سے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بے لگام ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔

    بھارتی بربریت کے نتیجے میں درجنوں کشمیری شہید اور ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔