Tag: Narrow Escape

  • جلتی ہوئی عمارت کی پانچویں منزل سے لڑکوں نے اپنی جان کیسے بچائی؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو

    جلتی ہوئی عمارت کی پانچویں منزل سے لڑکوں نے اپنی جان کیسے بچائی؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو

    امریکی شہر نیویارک میں آتشزدگی کا شکار عمارت سے 2 نوجوان لڑکوں نے پائپ کے ذریعے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں، دونوں لڑکے معمولی طور پر زخمی بھی ہوئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں واقع اس عمارت میں الیکٹرک بائیک کی بیٹریز کی وجہ سے آگ بھڑکی۔

    نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آتشزدگی سے 1 شخص ہلاک جبکہ 1 خاتون زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جلتی ہوئی منزل پر 2 لڑکے بھی پھنس گئے جو اپنی جان بچاتے ہوئے زخمی ہوئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکا پانچویں منزل کی کھڑکی سے لٹک رہا ہے، مذکورہ فلور پر گہرا سیاہ دھواں پھیلا ہوا ہے۔

    لڑکا برابر میں موجود پائپ تک پہنچ جاتا ہے اور اسی دوران دوسرا لڑکا کھڑکی تک آتا ہے۔ اسی دوران کھڑکی میں آگ بھڑکتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

    دونوں لڑکے پائپ کے ذریعے پھسلتے ہوئے نیچے تک آتے ہیں جہاں ریسکیو عملہ فوری طور پر انہیں اپنی نگرانی میں لے لیتا ہے۔

    پائپ سے نیچے اترنے کی وجہ دونوں لڑکے معمولی طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    برازیل میں ایک سرپھرے اور بے صبرے بائیکر نے اپنی بائیک سڑک پر راستہ روکے کھڑے دو ہیوی ٹرکوں کے درمیان سے گزارنی چاہی لیکن جیسے ہی وہ دونوں ٹرکوں کے بیچ میں پہنچا ٹرک حرکت کرنے لگے۔

    برازیل میں پیش آنے والا یہ واقعہ بائیکر کے ہیلمٹ کیمرے میں ریکارڈ ہوا، وہ اس کیمرے کو اپنی ولاگنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا کیونکہ اس دوران وہ کمنٹری کرتا بھی سنائی دے رہا ہے۔

    سڑک پر کافی سارے ٹرک موجود ہیں جو آہستہ روی سے حرکت کر رہے ہیں اور بائیکر ان کے درمیان سے جگہ بناتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔

    ایک موقع پر دو ٹرک ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں اور ان کے درمیان معمولی سا فاصلہ ہے، بائیکر کچھ دیر رکنے کے بعد ان کے درمیان سے بائیک گزارنے کا فیصلہ کرتا ہے اور تیزی سے بائیک کو ٹرکوں کے درمیان لے جاتا ہے۔

    جیسے ہی وہ بالکل بیچ میں پہنچتا ہے ایک ٹرک ذرا سی حرکت کرتا ہے جس سے بائیک کا ایک پہیہ ٹرک کے بھاری بھرکم پہیے کے نیچے آجاتا ہے۔

    ٹرک ڈرائیور ریئر مر رمیں بائیک سوار کو دیکھ لیتا ہے اور وہ فوراً ٹرک روک لیتا ہے، اس کے بعد وہ ٹرک کو ریورس کرتا ہے تاکہ بائیک کا پہیہ آزاد ہوسکے جس سے موٹر سائیکل کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔

    اس دوران بائیکر نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے افسوس کرتا سنائی دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے بائیکر کے بے صبرے پن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قسمت اچھی تھی کہ اس کی جان بچ گئی ورنہ وہ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو سکتا تھا۔