Tag: NASA Astronaut

  • ناسا کے خلا بازوں کی سمندر میں کامیابی کے ساتھ تاریخی لینڈنگ

    ناسا کے خلا بازوں کی سمندر میں کامیابی کے ساتھ تاریخی لینڈنگ

    میکسیکو : دو امریکی خلا باز ڈگ ہرلے اور بوب بینکن کامیابی کے ساتھ زمین پر پہنچ گئے ہیں جب ان کا ڈریگن کیپسول انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے جدا ہو کر زمین کی طرف روانہ ہوا اور عالمی وقت (جی ایم ٹی) کے مطابق شام تقریباً سات بجے امریکی شہر فلوریڈا کے نزدیک خلیجِ میکسیکو میں اتر گیا۔

    ناسا اور اسپیس ایکس کا ڈریگن کریو اینڈیور نے اتوار کی شام خلیج میکسیکو میں لینڈ کر کے نئی تاریخ رقم کردی، یہ 45 سال میں پہلا موقع ہے جب کوئی امریکی خلائی عملے نے پانی میں لینڈ کیا ہو۔

    اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈریگن کریو اینڈیور کی محفوظ واپسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ! ناسا کے خلاباز دو ماہ کے مشن کے بعد زمین پر واپس آئے ہیں۔

    ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برڈین اسٹائن نے ٹویٹ کیا کہ اس دوران موسم شاندار تھا۔ یہ واقعی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس سے پہلے وہ زمین کی فضا میں داخل ہونے کے ساتھ ہی پیراشوٹ استعمال کرنے میں کامیاب رہا تھا۔

    خلاباز ڈگ ہرلے نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت عزت کی بات ہے کہ انہیں اس مشن پر جانے کا موقع ملا، ڈگ ہرلے کے پیغام پر اسپیس ایکس کے کنٹرول ٹاور نے انھیں خوش آمدید کہا اور پیغام دیا کہ ‘سپیس ایکس اڑانے کا بہت شکریہ۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے دو ماہ قبل اس راکٹ کے خلا میں بھیجے جانے کی تقریب میں شرکت کی تھی، نے بھی اپنی ٹویٹ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

  • خلا باز کے لباس سے ننھا سا آئینہ خلا میں گر پڑا

    خلا باز کے لباس سے ننھا سا آئینہ خلا میں گر پڑا

    امریکی خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ ایک خلا باز نے خلا میں کام کے دوران غلطی سے ایک چھوٹا سا آئینہ گرا دیا جو خلا کی وسعتوں میں گم ہوچکا ہے۔

    ناسا کا کہنا ہے کہ خلا باز کمانڈر کرس بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے خلائی چہل قدمی (اسپیس واک) کے لیے باہر جارہے تھے، انہیں اسٹیشن کی بیٹریز پر کام کرنا تھا جب ان کے لباس سے آئینہ گر پڑا۔

    ناسا کے مطابق یہ آئینہ خلا بازوں کے لباس میں نصب ہوتا ہے اور کمانڈر کرس جب خلائی اسٹیشن سے باہر نکلے تو کسی طرح یہ ان کے لباس سے علیحدہ ہوگیا۔

    مذکورہ آئینہ ایک فٹ فی سیکنڈ کے حساب سے خلا میں تیرتا ہوا کمانڈر کی پہنچ سے دور ہوگیا، اب یہ آئینہ خلا میں زمین کے مدار میں بڑی تعداد میں تیرتے خلائی ملبے کا حصہ ہے تاہم اس سے خلائی مشن، خلائی اسٹیشن یا خلا بازوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

    ہالی ووڈ فلم گریویٹی کا منظر، جس میں خلا باز (جارج کلونی) مذکورہ آئینے میں اپنے پیچھے موجود خلا باز کو دیکھتا ہے

    ناسا کا کہنا ہے کہ یہ آئینہ خلا بازوں کے خلائی لباس میں ہر آستین پر نصب ہوتا ہے تاکہ کام کے دوران خلا باز اس کی مدد سے آس پاس بھی نظر رکھ سکیں۔ یہ آئینہ 3 بائی 5 انچ کا ہوتا ہے اور اس کا وزن منسلک کیے جانے والے بینڈ سمیت بمشکل ایک پاؤنڈ کا دسواں حصہ ہوتا ہے۔

    ناسا کے مطابق خلا باز کمانڈر کرس اپنے ایک اور ساتھی باب بینکن کے ساتھ خلائی اسٹیشن کی پرانی نکل ہائیڈروجن بیٹریوں کو تبدیل کرنے کا کام کر رہے ہیں۔

    بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں نئی لیتھیئم آئن بیٹریز نصب کی جارہی ہیں جو اب اس وقت تک کے لیے کافی ہوں گی جب تک خلائی اسٹیشن فعال رہے گا۔ سنہ 2017 سے شروع کیے جانے والے اس مشن میں اب تک 18 بیٹریز اسٹیشن میں نصب کی جاچکی ہیں جبکہ خلا باز کرس اور باب مزید 6 بیٹریز نصب کریں گے۔

    یہ کام رواں برس جولائی تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد کمانڈر کرس اگست میں زمین پر واپس لوٹ آئیں گے۔