Tag: naseem shah

  • شارجہ میں دوسرا تاریخی چھکا، میانداد کے بعد اب نسیم شاہ

    شارجہ میں دوسرا تاریخی چھکا، میانداد کے بعد اب نسیم شاہ

    شارجہ : ایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد قومی ٹیم نے جیت لیا، میچ کی خاص بات نسیم شاہ کا فلک شگاف چھکا تھی۔

    اس میچ میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد بھارت کا ایونٹ میں ایک فیصد واپسی کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا، بھارتی شائقین بھی افغان ٹیم سے بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے تھے جس میں انہیں مایوسی ملی۔

    اس اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 130 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔

    پاکستان کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور اسے چھ گیندوں پر 11 رنز درکار تھے۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ دو بولرز کریز پر موجود تھے اور شکست پاکستانی فینز کو آنکھوں کے سامنے نظر آ رہی تھی۔

    لیکن پھر نسیم شاہ نے فضل حق فاروق کو آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو فلک شگاف چھکے مار کر پاکستان کو جیت دلا دی۔

    اس جیت پر اگر کہا جائے کہ نسیم شاہ نے ہار کے جبڑوں سے جیت چھین لی تو بے جا نہ ہوگا، میچ کے اختتام پر نوجوان فاسٹ بولر بہت خوش نظر آئے اور روی شاستری کو یہ بھی کہا کہ ان کی آج کی بیٹنگ کے بعد سب یہ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں۔

    سوشل میڈیا پر بھی صارفین نسیم شاہ ہی کہ قصیدے پڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
    پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایک ٹویٹ میں نسیم شاہ کو شاباش دیتے ہوئے لکھا کہ ویل ڈن نسیم شاہ۔ سیلاب کے باعث ہماری پریشانیوں کے باوجود گرین شرٹس ہمارے چہروں پر مسکراہٹ لے آئے ہیں۔

    انس ملک نے لکھا کہ شارجہ کو کبھی میانداد کے چھکے کی وجہ سے جانا جاتا تھا لیکن اس صدی میں اسے نسیم شاہ کے چھکے کے سبب جانا جائے گا۔

    عباد احمد نامی صارف نے لکھا یہ نسیم شاہ کی دنیا ہے اور ہم اس میں رہ رہے ہیں۔

    کسی نے سابق صدر آصف زرداری کی میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ایسا بولر ہی نہیں رکھتے جو ہٹنگ نہ کر سکے۔

    واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ پاکستان ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے جہاں 11 ستمبر کو اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

  • کاش ماں ہوتی !! پی ایس ایل سے نکلنے والے نسیم شاہ کا جذباتی پیغام

    کاش ماں ہوتی !! پی ایس ایل سے نکلنے والے نسیم شاہ کا جذباتی پیغام

    پشاور : پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)6 سے باہر ہونے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو والدہ کی یاد ستانے لگی، ان کا کہنا ہے کہ کاش ماں ہوتی، میں اپنے غم اسے بتاتا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دل برداشتہ ہوگئے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی والدہ کی یاد میں ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

    ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کاش ماں ہوتی، میں اپنے غم اسے بتاتا، وہ کہتی تو کیوں پریشان ہوتا ہے، میں ہوں ناں۔

    نسیم شاہ نے مزید کہا کہ میں نے بہت محنت کی اور پی ایس ایل کے لئے پرجوش تھا میں گروپ کے تمام میسجز دیکھ کر ہدایات پوری کرتا ہوں۔ پتہ نہیں کہ اس میسج کو کیسے مس کر گیا۔

    میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں کرکٹ میری زندگی ہے اور میں بیان نہیں کر سکتا کہ کیسا محسوس کر رہا ہوں۔ اللہ مجھے مضبوط بنائے گا اور میں واپس آؤں گا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر پی ایس ایل سے باہر ہوگئے

    واضح رہے کہ  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر کو پاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔

    ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے نسیم شاہ اب 26 مئی کو ابو ظہبی روانہ نہیں ہو سکیں گے لٰہذا وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

  • ویرات کوہلی کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں، نسیم شاہ

    ویرات کوہلی کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں، نسیم شاہ

    لاہور : پاکستان ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا سامنا کرنے کے لیے بے تاب ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کوہلی کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں۔

    یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ بہت خاص نوعیت کا ہوتا ہے اور مجھے معلوم ہے کہ ان میچوں سے کھلاڑی ہیرو یا ولن بن سکتا ہے۔

    اب چونکہ یہ مقابلے بہت کم ہوتے ہیں اس لئے یہ اور بھی خاص ہوتے ہیں۔ جب بھی موقع ملا میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے لئے تیار رہوں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے، سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے ویرات کوہلی کا احترام کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن یہیں آپ کو اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہوتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہندستان کے خلاف اچھی بولنگ کر پاؤں گا، جب بھی موقع ملے گا میں اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گا۔

    واضح رہے کہ17سالہ پاکستانی بولر نسیم شاہ نے پچھلے سال انٹرنیشنل میں قدم رکھا تھا۔ نسیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں سب کو اپنی رفتار اور بال سوئنگ کی مہارتوں کا دیوانہ بنالیا۔

    نسیم چند ماہ قبل راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کرکٹ میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کرنے والے کم عمر ترین بولر ہیں۔

  • نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں‌ ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر بولر بن گئے

    نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں‌ ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر بولر بن گئے

    راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہیٹ ٹرک کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے شاندار ہیٹ ٹرک کرلی۔

    نسیم شاہ نے نظم الحسین، تیجل الاسلام اور محمود اللہ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    فاسٹ بولر نسیم شاہ ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، ہیٹ ٹرک کے وقت ان کی عمر 16 برس 359 دن ہے۔ اس سے قبل 2002 میں فاسٹ بولر محمد سمیع نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔

    نسیم شاہ نے پہلے 41ویں اوور کی چوتھی گیند پر بنگلہ دیش کے سیٹ بلے باز نجم الحسن کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا، اگلی گیند پر انہوں ںے زبردست یارکر کراکر تیج الالسلام کو بھی پویلین کی راہ دکھائی اور پھر اوور کی پانچویں گیند پر محمود اللہ کو پہلی ہی گیند پرآؤٹ کردیا۔

    اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کم عمر ترین ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ بنگلہ دیش کے الوک کپالی کے پاس تھا جن کی عمر ہیٹ ٹرک کے وقت 19 برس اور 240 دن تھی۔

  • فاسٹ بولرنسیم شاہ کو ٹیم سے باہر کردیا گیا

    فاسٹ بولرنسیم شاہ کو ٹیم سے باہر کردیا گیا

    کراچی: قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انڈر 19 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انڈر 19 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا، نسیم شاہ انڈر 19 کے دوسرے تربیتی کیمپ کا بھی حصہ نہیں ہوں گے۔

    نسیم شاہ کی جگہ محمد وسیم کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر انڈر 19کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

    پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے نسیم شاہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ جنوری میں ہونے والی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے، بولنگ کوچ وقار یونس نسیم شاہ کو ٹریننگ کیمپ میں فاسٹ بولنگ کے گر سکھائیں گے۔

    مزید پڑھیں: انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: نسیم شاہ کی شمولیت پرسینئیر اور جونئیر منیجمنٹ میں کھینچا تانی

    واضح رہے کہ نسیم شاہ کو لے کر پی سی بی ٹیم مینجمنٹ اور انڈر 19 کوچ اعجاز احمد کے درمیان کھینچا تانی چل رہی تھی، اعجاز احمد کی خواہش تھی کہ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کے ہمراہ جائیں۔

    اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کے ریلیز نہ ہونے کی صورت میں ایک دو فاسٹ باﺅلرز کے بارے میں سوچا ہوا ہے جو گزشتہ25 روز سے میرے ساتھ ہیں اور ٹریننگ کر رہے ہیں لیکن اگر نسیم شاہ کو ریلیز کر دیا جاتا ہے تو بہت اچھا ہو گا کیونکہ قومی ٹیم کے پاس ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلنے کیلئے بہت سے فاسٹ باﺅلرز موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ باصلاحیت بولر نسیم شاہ نے 16 سال اور 279 دن کی عمر میں ڈیبیو کرکے آسٹریلیا کے آئن کریگ کا ریکارڈ توڑا تھا ، نسیم شاہ سے قبل آئن کریگ نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔

  • انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: نسیم شاہ کی شمولیت پرسینئیر اور جونئیر منیجمنٹ میں کھینچا تانی

    انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: نسیم شاہ کی شمولیت پرسینئیر اور جونئیر منیجمنٹ میں کھینچا تانی

    لاہور : فاسٹ بولرنسیم شاہ کی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شمولیت سوالیہ نشان بن گئی، ہیڈ کوچ اعجازاحمد نے نسیم شاہ کی ضرورت قرار دے دیا جبکہ سینئر ٹیم منیجمنٹ انہیں ریلیز کرنے کے لئے تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولرنسیم شاہ کی انڈرنائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ اور قومی ٹیم میں شمولیت کے لئے سینئیر اور جونئیر ٹیم منیجمنٹ میں کھینچا تانی شروع ہوگئی۔

    نسیم شاہ کی آئندہ ماہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈرنائنٹین ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ میگا ایونٹ کیلئے نسیم شاہ کا نام اسکواڈ میں شامل ہے لیکن سینئر ٹیم منیجمنٹ انہیں ریلیز کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

    اس حوالے سے جونئیر ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجازاحمد نے انڈر19ورلڈکپ کیلئےنسیم شاہ کو مانگ لیا، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو نسیم شاہ کی ضرورت ہے.

    اس کیلئے انہوں نے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق سے درخواست کی ہے کہ نسیم شاہ کو ریلیز کر دیا جائےبنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریزمیں نسیم شاہ کی شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر سیریز تاخیر کا شکار ہے تو نسیم کو انڈرنائنٹین کیلئے دستیاب ہونا چاہیے۔

    مزید پڑھیں : فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کے ریلیز نہ ہونے کی صورت میں ایک دو فاسٹ باﺅلرز کے بارے میں سوچا ہوا ہے جو گزشتہ25 روز سے میرے ساتھ ہیں اور ٹریننگ کر رہے ہیں لیکن اگر نسیم شاہ کو ریلیز کر دیا جاتا ہے تو بہت اچھا ہو گا کیونکہ قومی ٹیم کے پاس ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلنے کیلئے بہت سے فاسٹ باﺅلرز موجود ہیں۔

  • فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عالمی ریکارڈ بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نےعالمی ریکارڈ بنادیا۔

    فاسٹ بولر نسیم شاہ 16 سال کی عمر میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

    نسیم شاہ پریس کانفرنس کے لیے پہنچے تو والدہ کے حوالے سے ذکرکرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے ٹور آسٹریلیا کے دوران فاسٹ بولر نسیم شاہ کی والدہ انتقال کرگئی تھیں لیکن انہوں نے اہل خانہ کے مشورے پر سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار پرفارمنس پر نسیم شاہ کا نام آنر بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی کا نام بھی بورڈ میں درج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 263 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سےکامیابی حاصل کرلی ہے، قومی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبرپر آگئی ہے۔

  • کوچز بہتر سمجھتے ہیں اسپنر کی ضرورت تھی یا نہیں، نسیم شاہ

    کوچز بہتر سمجھتے ہیں اسپنر کی ضرورت تھی یا نہیں، نسیم شاہ

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ اسپنر کی ضرورت تھی یا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کےنوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، کوشش ہوگی کل سری لنکا کو جلد سے جلد آؤٹ کریں۔

    نسیم شاہ نے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے پہلا سیشن اچھا کھیلا، پہلے جیسے بولنگ کرنی چاہئے تھی ویسے نہیں کی۔

    نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ کل کوشش کریں گے جلد از جلد وکٹیں حاصل کریں، فاسٹ بولرز کے لیے پچ مددگار تھی، کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ اسپنر کو کھلایا جانا چاہئے تھا یا نہیں۔

    مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم چار فاسٹ بولر کے ساتھ میدان میں اتری ہے، حارث سہیل اور شان مسعود پارٹ ٹائم اسپنر کے طور پر بولنگ کررہے ہیں۔

    سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے ہیں۔

    سری لنکن کپتان کرونارتنے نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیردیا

    نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیردیا

    برسبین: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نے آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی 150 کی اسپیڈ‌ سے کی جانے والی گیند پر سنگل لے کر ان کی ہیٹ ٹرک کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    آسٹریلوی فاسٹ بولر نے یاسر شاہ کو 26 اور شاہین شاہ آفریدی کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ کیا تھا، 16 سالہ نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ مچل اسٹارک کا سامنا کرنے کے لیے آئے تو وہ ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن نسیم شاہ نے پراعتماد انداز میں ان کی گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیل کر اپنا پہلا ٹیسٹ رن لیا اور اسٹارک کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

    نسیم شاہ نے مچل اسٹارک کی گیند پر خوبصورت چوکا بھی رسید کیا لیکن اس کے بعد وہ اسٹارک کے ہی اوور میں 7 رنز بنا کر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے۔

    آسٹریلوی فاسٹ بولر اسٹارک نے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 18.2 اوورز میں 52 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    مزید پڑھیں: برسبین ٹیسٹ، محمد رضوان امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار

    اس سے قبل نسیم شاہ کو بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ دی تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو دئیے، وقار یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نسیم شاہ کے نام پیغام میں کہا کہ ’ایک شیر دل لڑکا ہے۔‘

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، گرین شرٹس 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی۔

  • فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا میں تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم

    فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا میں تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم

    برسبین: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل ہی منفرد اعزاز اپنے نام کرلیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق 16 سالہ نسیم شاہ کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کھیلے تو وہ آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہد ہاشمی کے مطابق نسیم شاہ ہمت، حوصلہ اور جنون سے سرشار ہیں، ان کی بولنگ اسپیڈ 140 سے زیادہ ہے، لائن اور لینتھ بھی بہترین ہے۔

    نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر شین بونڈ جیسے ایکشن سے بولنگ کرنے والے نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین بولرز ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: نسیم شاہ کا بولنگ ایکشن، خطرے کی گھنٹی بج گئی

    نسیم شاہ نے آسٹریلیا اے کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں، ٹیسٹ کے نمبر ایک بیٹسمین اسٹیو اسمتھ بھی نسیم کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔

    آسٹریلیا کے خلاف 21 نومبر بروز جمعرات سے شروع ہونے والے برسبین ٹیسٹ کے لیے نسیم شاہ پرفارم کرکے پاکستان کو میچ جتوانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سابق فاسٹ بولر تنویر احمد کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ بولنگ کراتے وقت اپنی دونوں ٹانگیں قینچی کی طرح باندھ لیتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ہپ اور بیک پرابلم کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کوچز کو چاہئے کہ ان کی بولنگ ایکشن پر توجہ دیں۔