Tag: Nasir Butt

  • جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا پہلے سےکوئی منصوبہ نہیں تھا: ناصر بٹ کا انٹرویو میں اہم انکشاف

    جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا پہلے سےکوئی منصوبہ نہیں تھا: ناصر بٹ کا انٹرویو میں اہم انکشاف

    مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا پہلے سےکوئی منصوبہ نہیں تھا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹ کی کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سربراہ سینیٹر ناصر بٹ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا پہلے سے کوئی منصوبہ نہیں تھا، ایسا منصوبہ ہوتا تو نواز شریف کو سزا ہونے سے پہلے ہی ویڈیو بنالیتا۔

    ناصر بٹ نے کہا کی ویڈیو کے وقت ارشد ملک سزا دے چکے تھے اور انہیں افسوس تھا غلط سزا دی ہے لیکن جب سزا ہوگئی تو مشترکہ دوستوں نے بتایا ارشد ملک کہتا ہے بہت ظلم کردیا ہے، ارشد ملک کو جاکر ملا تو انہوں نے کہا نوازشریف سے بڑی زیادتی کردی، ارشد ملک نے مجھے کہا وہ نوازشریف سے ملنا چاہتے ہیں، میں نے کہا اب کیا فائدہ تو ارشد ملک نے کہا بتانا ہے کن لوگوں نے ایسا کیا۔

     ناصر بٹ نے انٹرویو میں بتایا کہ میاں صاحب نے مجھے کہا وہ ارشد ملک سے ملنا نہیں چاہتے، نواز شریف نے کہا کہ میں نے اللہ پر چھوڑ دیا ہے لیکن جب دو تین بار کہا تو پھر ارشد ملک کو ملانے نوازشریف کی لاہور رہائشگاہ لےگیا، ارشد ملک نے کہا میاں صاحب میں نے آپ کو سزا نہیں دینی تھی۔

    "ارشد ملک نے ثاقب نثار، فیض حمید کا نام لیا اور بتایا ثاقب نثار سے ملاقات بھی کرائی گئی تھی، اس سازش میں بانی پی ٹی آئی، قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید سب اکٹھے تھے، ارشد ملک نے بتایا ثاقب نثار نے کہا حلف دو پیسے تو نہیں لیے، ملک حالت جنگ میں ہے نواز شریف کو سزا دو، جج ارشد ملک نے ان سب کو بتایا کہ کیس میں کچھ نہیں میں کیا سزا دوں”

    سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ ویڈیو کو جعلی کہنے والوں نے فرانزک کرایا اور سب کچھ پتہ چل گیا، ارشد ملک کی نوکری چلی گئی لیکن میاں صاحب کی سزا ختم نہیں کی گئی، ارشد ملک کو دوبارہ ملنے گیا تو اسسٹنٹ ساتھ لیا گیا موبائل ریکارڈنگ پر لگادیا، سامنے بیٹھے اسسٹنٹ نے ساتھ ویڈیو بھی بنالی پھر جج ارشد ملک صاحب بولتے گئے، جب ویڈیو بن گئی تو میاں صاحب جیل میں تھے تو میں نے ریکارڈنگ مریم نواز کو دے دیں۔

     ناصر بٹ نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں تو لندن چلا گیا، میری فیملی کے ساتھ بہت کچھ ہوا لیکن حق سچ سامنے آگیا، بانی پی ٹی آئی نہیں چاہتا تھا اپوزیشن کا کوئی بندہ باہر رہے، سب کو جیل بھیجنا چاہتا تھا، ارشد ملک کی سعودی عرب میں حسن یا حسین نواز  سےکوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حل یہی ہے اپوزیشن کو حکومت سے ہی بیٹھ کر بات کرنا پڑےگی، اپوزیشن کو اگر الیکشن پر تحفظات ہیں تو حکومت ہی سے بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔

  • ایڈووکیٹ انوارالحق کے قتل میں ناصر بٹ براہ راست ملوث ہے، بیٹے کا الزام

    ایڈووکیٹ انوارالحق کے قتل میں ناصر بٹ براہ راست ملوث ہے، بیٹے کا الزام

    لاہور : سینئر وکیل ایڈووکیٹ انوارالحق کے بیٹے جمال ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے والد کے قتل میں ناصر بٹ براہ راست ملوث ہے، اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے اثر ورسوخ سے ملزم کو تحفظ فراہم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جج ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی کردار جرائم پیشہ ناصربٹ کے ایک اور جرم سے پردہ اٹھ گیا۔

    ایڈووکیٹ انوارالحق کے بیٹے جمال ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے والد کے قتل میں ناصر بٹ ملوث ہے اور نواز شریف نے اپنے اثر ورسوخ سے ملزم کو تحفظ فراہم کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ناصربٹ کے خلاف مقدمہ چلنے ہی نہیں دیا۔ اس شخص نے میرے والد سمیت تین افراد کا قتل کیا تھا۔ جمال ملک کے مطابق والد کو قتل سے پہلے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

    مزید پڑھیں: جج ارشد ملک کو دھمکیاں دینے والا کون تھا؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا

    والد کی لاش پر گاڑی کے ٹائروں کے نشان تھے۔ ملزم ناصربٹ پاکستان میں ایسے گھومتا ہے جیسے وہ کوئی لیڈر ہو۔

  • ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہرسے ن لیگی رہنما ناصربٹ گرفتار

    ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہرسے ن لیگی رہنما ناصربٹ گرفتار

    لندن : سابق وزیراعظم نوازشریف کے قریبی ساتھی اور مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ کو لندن پولیس نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہرپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف احتجاج کیا۔

    تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج ابھی جاری ہی تھا کہ اسی دوران مسلم لیگ ن برطانیہ کے نائب صدر ناصربٹ کی قیادت میں ن لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اوران سے موبائل فون چھین لیے۔

    واقعے کے فوراََ بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور نوازشریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ کو پی ٹی آئی کے کارکنان سے جھگڑنے کے جرم میں گرفتار کرکے چیئرنگ کراس پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

    لندن پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں پرتشدد کرنے میں ملوث ایک اور ن لیگی رہنما کو حراست میں لیا گیا اور بعدازں اسے وارننگ دے کر چھوڑدیا گیا۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ

    خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سائی تھی۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر80 لاکھ پاؤنڈز جبکہ مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔