Tag: Nasir Hussain Shah

  • سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، ناصر شاہ

    سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، ناصر شاہ

    کراچی : وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اور قومی اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما منہ چھپانے کے بجائے پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔

    ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے بعد قوم سے معافی مانگے، ملکی اداروں کے بعد پی ٹی آئی قیادت اعلیٰ عدالتوں پر حملہ آور ہورہی ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما بوکھلا کر ملکی اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں، پی ٹی آئی سمجھتی ہے سوائے ان کے باقی تمام پاکستانی ملک دشمن ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اگر صحیح معنوں میں دیکھا جائے تو پی ٹی آئی ہی ملک دشمن جماعت ہے جو پاکستان میں انتشار کی سیاست کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ کی حیثیت سے کامیاب نہیں، میں کہتا ہوں کہ بلاول بھٹو نے ملک کی خارجہ پالیسی کو ایک نیا اور مؤثر موڑ دیا ہے۔

    ناصر شاہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے تمام ممالک سے تعلقات بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، پی ٹی آئی پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ہار رہی ہے تو چور مچائے شور والا کام کر رہی ہے۔

  • سندھ میں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ناصر حسین شاہ

    سندھ میں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ناصر حسین شاہ

    کراچی : سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سنگینی اختیار کرگئی، صوبائی حکومت نے سخت فیصلوں کا عندیہ دے دیا، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسی نیشن کرائیں۔

    اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کورونا کیسزکی شرح 26 فی صد سے بڑھ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتالوں پر دباؤ میں ہر گزرتے دن اضافہ ہو رہا ہے، شہری احتیاط کریں، خود محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں، شام کے وقت غیر ضروری باہر نہ جائیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، سختیاں کرنا غیر مقبول فیصلہ ہے ، لیکن شہریوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، تاجر تنظیمیں، سول سوسائٹی اور اسٹیک ہولڈرز ایس او پیز پر عمل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کورونا پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں، کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کیس بڑھ رہے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسی نیشن لازمی کرائیں، اسپتالوں میں زیادہ تر کیس ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے آرہے ہیں۔

  • وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی والدہ انتقال کرگئیں

    وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی والدہ انتقال کرگئیں

    کراچی: پیپلزپارٹی رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی والدہ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی والدہ دار فانی سے کوچ کرگئیں، وہ کراچی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    ناصر حسین شاہ کی والدہ کی میت مقامی اسپتال سے سکھر کے لیے روانہ کردی گئی، نماز جنازہ کل صبح 11 بجے کربلا میدان روہڑی میں ادا کی جائے گی۔

    ناصر حسین کی والدہ کے انتقال پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پیپلزپارٹی قیادت ناصر حسین شاہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

  • صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ عملہ مستقل طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، ضلعی چیئرمینز سے مستقل طور پر رابطہ ہے۔ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، اندرونی گلیوں کی صفائی پر ڈی ایم سیز کا عملہ تعینات ہے۔ میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال ہیں۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ نالوں کی مجموعی صورتحال پہلے سے بہتر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ 3 روز سے مون سون کا چوتھا اسپیل جاری ہے جس نے شہر میں جل تھل ایک کردیا ہے، 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 5 بچوں‌ سمیت 18 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

  • عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ابھی کرونا وائرس ختم نہیں ہوا، ٹیسٹ کچھ کم ہوئے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کرونا وائرس بالکل ختم ہوجائے، عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا، علما کا اہم کردار ہے، علما کرام سے کہیں گے کہ لوگوں کو سمجھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تو ابھی آیا ہے، پولیو تو سالوں سے ہے، پولیو ویکسین پلانے کے لیے بھی حکومت کو مہم شروع کرنی پڑتی ہے۔ پولیو ورکرز گلی محلوں میں جاتے ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔

    ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی ہر شعبے میں سامنے آچکی ہے، ڈالر آسمان پر پہنچ گیا ہے، روزمرہ کی چیزیں بھی مہنگی ہیں۔ معاشی ٹیمیں حکومت نے خود بدلی ہیں، بار بار ایف بی آر چیئرمین، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزرا بدلتے رہتے ہیں، پوچھیں کیا کارکردگی ہے تو یہ پچھلی حکومتوں پر چلے جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کمی نہیں کی جاسکتی، اس میں اضافہ کیا جاتا ہےِ، سندھ کا حصہ ضرور ملنا چاہئیے، یہ آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ سندھ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کا کام کے ایم سی اور ڈی ایم سی کرتے ہیں، کروڑوں روپے ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے ہیں لیکن یہ اپنا کام چھوڑ کر تنقید کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بارش میں کہیں مشکلات آئی ہیں تو وہ بس ڈھائی گھنٹے کے لیے تھیں، جن کے گھروں میں پانی گیا ان سے ہم معذرت خواہ ہیں۔ جہاں مشکلات آئی ہیں وہ گرین لائن کی تعمیرکی وجہ سے آئی ہیں۔

  • عید پر بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    عید پر بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید پر متعلقہ بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے کے لیے متعلقہ عملہ مسلسل گشت پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید پر عوام کے لیے متعلقہ اداروں نے مربوط اقدامات کیے ہیں، تمام بلدیاتی و ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، عوام کو ریلیف دینا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے کے لیے متعلقہ عملہ مسلسل گشت پر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں میں رابطے پر اہم کردار ادا کرے گی، کسی بھی مشکل صورتحال میں عوام متعلقہ ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم سے رجوع کریں۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو ریلیف کی خصوصی ہدایات دی ہیں، چیئرمین اور وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر عمل کے لیے بلدیاتی افسران متحرک ہوں گے۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے  میں  بھارت کا ہاتھ ہے، ناصر حسین شاہ

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارت کا ہاتھ ہے، ناصر حسین شاہ

    کراچی : وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ دہشت گردی را فنڈڈ ہے بھارت کا ہاتھ ہے، وہ نہیں چاہتا یہاں امن ہو۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے اپنی جانیں دے کر کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔

    وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی تھریڈ رہتی ھے لیکن پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی اپنی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، بروقت اورموثر کارروائی سے دہشت گردوں کو ماراگیا، مختلف تنظیموں نے واقعہ کی زمہ داری قبول کی یے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے آر آر ایف کے اہلکار بھی یہاں تعینات تھے ہماری فوج رینجرز پولیس کا آپس میں بہترین کورآڈینیشن ہے ، ہمارے جانب سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی کارروائی سے دہشت گرد مارے گئے اور ہمارے کاروباری لوگوں کو خراج تحسین ہے کہ کاروباری جاری رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن رینجرز پولیس کی قربانیوں سے قائم ہوا ہے ، یہ دہشت گردی را فنڈڈ ہے بھارت کا ہاتھ ہے، وہ نہیں چاہتا یہاں امن ہو لیکن ملکی سلامتی پرہم سب ایک ھیں اور اپنے وزیراعظم اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ، دہشت گردوں کی ایسی کی تیسی کردیں گے۔

    وزیراطلاعات سندھ نے مزید کہا دہشت گرد اسٹاک مارکیٹ پر حملہ کرکے معیشت دشمنی کی بڑی خبربنوانا چاہتے تھے ، بھارت نہیں چاہتاکہ پاکستان میں بہتری آئے غیرملکی سرمایہ کار اور کمپنیاں متحرک ہوں۔

  • ہم نے لاک ڈاؤن کے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، ناصر حسین شاہ

    ہم نے لاک ڈاؤن کے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، ناصر حسین شاہ

    کراچی : وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں، عوام کی خدمت میں مصروف ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں، اسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولیات بھی بڑھا رہے ہیں۔
    وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، عوام افواہوں سے اجتناب کریں اورحکومتی اعلانات پر عمل کریں، سماجی فاصلوں کی روایت اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ صرف مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے، کورونا کے ساتھ رہنے کی عادت اپنانا ہوگی، حکومت سندھ کی کاوشوں کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاق اور حکومت سندھ کے مابین لاک ڈاؤن میں نرمی یا اس میں توسیع کے معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    اس سے قبل حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سندھ کو متنبہ کیا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں لاک ڈاؤن میں مزید اضافے کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔

  • وفاق نے سندھ کو سپلائی کیے گئے طبی سامان کی تفصیلات بیان کردیں

    وفاق نے سندھ کو سپلائی کیے گئے طبی سامان کی تفصیلات بیان کردیں

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے وفاقی حکومت کی جانب سے عدم تعاون کا الزام مسترد کر تے ہوئے وفاقی حکومت اور این ڈی  ایم اے کی جانب سے سندھ کو سپلائی کئے گے طبی سامان کی فہرست کی تفصیلات بیان کردیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ سندھ کے صوبائی وزرا جھوٹ بولنے سے پہلے حقائق کا مطالعہ کرلیا کریں،5لاکھ سے زائد فیس ماسک,3 لاکھ سرجیکل ماسک,30 ہزار این95 ماسک سندھ کو فراہم کئے گئے۔

    ناصر حسین شاہ کی پریس کانفرنس پر اپنے در عمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز گل نے وفاقی حکومت کی جانب سے عدم تعاون کا الزام مسترد کر دیا اور وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کی جانب سے سندھ کو سپلائی کئے گے طبی سامان کی فہرست کی تفصیلات بیان کردیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزرا مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں, وفاقی حکومت نے ضرورت کا مطلوبہ طبی سامان بروقت سندھ حکومت کو پہنچایا،77ہزار سے زائد ٹیسٹنگ کٹس وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو دی گئیں، 5لاکھ سے زائد فیس ماسک,3 لاکھ سرجیکل ماسک,30 ہزار این 95 ماسک فراہم کئے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ حفاظتی لباس, تھرمل گنز، پی سی آر مشینیں بھی وفاق کی جانب سے دی گئیں، ہینڈ سینیٹائیزرز, باڈی بیگز, سیفٹی باکسز, دستانے اور خصوصی گلاسز فراہم کئے گئے۔ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا تھا کہ صوبائی وزرا جھوٹ بولنے سے پہلے حقائق کو مطالعہ کرلیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گندم سے متعلق پلی بارگین کے10ارب وصول کرلیے گئے، وزیراعظم بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ صوبے اقدامات کرنے میں آزاد ہیں، ہم بھی کئی بار کہہ چکےہیں اٹھارویں ترمیم کےبعدصوبوں کےپاس اختیارہے، سندھ میں اب تک ساڑھے22لاکھ خاندانوں میں رقم تقسیم ہوچکی ہے، وفاق اب تک سندھ میں27ارب روپے تقسیم کرچکا ہے۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جو چاہے کرلے ان کے ہاتھ میں عوام کاپیسہ نہیں دینگے، وفاق براہ راست عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرے گا، سندھ حکومت کو نہیں دے گا۔

    این ڈی ایم اے سے ایک وینٹی لیٹر تک نہیں ملا، ناصر حسین شاہ 

    قبل ازیں سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ میں کاروباری افراد کو اکساتی ہے کہ دکانیں کھولیں جبکہ پشاور میں دکانیں کھلیں تو ان دکاندروں پر گولیاں برسائی جاتی ہیں۔

     حکومت سندھ نے ملک بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کا ذمہ دار وفاق کو قرار دے دیا، پی پی رہنما سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصرحسین شاہ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے وائرس پھیلنے کے مقامات بنادیے ہیں، سندھ میں کاروباری افراد کو اکسایا جاتا ہے کہ دکانیں کھولیںاور پشاور میں جب لوگ دکانیں کھولتے ہیں تو ان پر گولیاں برساتے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی ڈیڈلائن وفاق نے دی تھی، ڈرانے کا الزام ہم پرلگایا جاتا ہے اگر لاک ڈاؤن اشرافیہ نے لگایا ہے تو فضائی آپریشن اور ٹرین سروس کس نے بند کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوششوں کو اٹھارہویں ترمیم، این ایف سی اور نیب کیسز سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ کورونا پر وفاق نے سندھ سے تعاون نہیں کیا۔ این ڈی ایم اے سے ایک وینٹی لیٹر تک نہیں ملا صرف سولہ ہزار ماسک اور نوے ہزار حفاظتی کٹس ملی ہیں، نوے فیصد کٹس ہم نے خود درآمد کیے۔

  • وزیراعظم  کو سپورٹ کرینگے، ریلیف کے کاموں کو کو متنازعہ نہ بنایا جائے، ناصرحسین شاہ

    وزیراعظم کو سپورٹ کرینگے، ریلیف کے کاموں کو کو متنازعہ نہ بنایا جائے، ناصرحسین شاہ

    کراچی : وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملک کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں توہم مکمل سپورٹ کریں گے، میری گزارش ہے کہ معاملے کو متنازعہ نہ بنایا جائے،سب مل کر کام کررہے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہمیں ریلیف اقدامات کا معاملہ سیاست سے مبرا رکھنا ہے، ریلیف فورس میں سب لوگ شامل ہوسکتے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خیر کا کام کرتاہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا، وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ ریلیف کے کاموں میں سب حصہ لے سکتے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کےنام سے لگتاہے کہ یہ پی ٹی آئی کی کوئی ذیلی تنظیم ہے، وزیراعظم بہتری کیلئے کام کررہے ہیں توہم مکمل سپورٹ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری پرمن وعن عمل کیا جائے گا، تعمیرات کےشبعے کو اجازت کا معاملہ 2روز قبل کابینہ سے منظور ہوا ہے، ایس او پیز پرعملدرآمد کےساتھ تعمیراتی شعبے کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ میری تمام لوگوں سے مؤدبانہ گزار ش ہے کہ معاملے کومتنازعہ نہ بنایا جائے، ہم سب مل کرعوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کررہے ہیں۔