Tag: Nasir Hussain Shah

  • ایم ایم اے کے قیام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    ایم ایم اے کے قیام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے قیام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ماضی میں پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے پی میں گورنر، سی ایم ہاؤس کو لائبریری میں تبدیل نہیں کیا گیا، عمران خان کی صرف باتیں ہی ہیں۔

    وزیر اطلاعات سندھ نے عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے کہا کہ کوئی بھی کسی بھی تنظیم میں آجاسکتا ہے، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کام کرنے والے کو راتوں رات ہٹا دیا گیا، نیب کے معاملات سب کے سامنے ہیں، امن و امان بہتر ہونے سے سرمایہ کار کراچی آرہے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈالر اچانک 115 روپے پر جاپہنچا، وزارت خزانہ کی پالیسی بھی ٹھیک نہیں ہے، وفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی بھی ناکام ہے۔

    کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل تھری کے فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بس سروس کا آغاز پی ایس ایل شٹل سروس سے ہوگا، پی ایس ایل فائنل میں قواعد کو مدنظر رکھا جائے گا۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس فائنل والے دن شہریوں کو صبر، برداشت اور حسن سلوک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، دنیا بھر کو کراچی اور پاکستان کا مثبت چہرہ دکھائیں گے، اسٹیڈیم کی رونقیں بحال ہوگی، سپورٹ اور تعاون کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مرید پیروں سے شادی کر رہے ہیں، واقعی تبدیلی آگئی ہے، ناصرحسین شاہ

    مرید پیروں سے شادی کر رہے ہیں، واقعی تبدیلی آگئی ہے، ناصرحسین شاہ

    کراچی : سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے ہم مبارکباد دیتے ہیں ، مریدپیروں سےشادی کررہےہیں واقعی تبدیلی آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے، ہم مبارکباد دیتے ہیں، مریدپیروں سےشادی کررہےہیں واقعی تبدیلی آگئی ہے، خیبرپختونخوامیں عمران خان تبدیلی نہ لاسکے شادی ان کی تبدیلی ہے۔

    آئی جی سندھ کے معاملے پر وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ آئی جی سند کیلئےوفاق کو22گریڈکےتین نام بھیجےہیں، آئی جی سندھ کیلئے بھیجے گئے ناموں میں ترجیح عبد المجید دستی ہے۔

    سید ناصر حسین شاہ نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد وفاق کی نااہلی ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ پاناما کے بعد وفاقی حکومت ٹکراؤ کی صورتحال چاہتی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان میں کہا تھا  کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی تاہم ابھی شادی نہیں کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • شرجیل میمن کو بغیروارنٹ گرفتار کیا گیا، ناصر حسین شاہ

    شرجیل میمن کو بغیروارنٹ گرفتار کیا گیا، ناصر حسین شاہ

    کراچی : سندھ کے وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کسی کے پاس شرجیل میمن کی گرفتاری کے وارنٹ نہیں تھے، دکھ ہوتا ہے کہ صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہی ایسا رویہ کیوں رکھا جاتا ہے؟ چیئرمین نیب اس دہرے معیارکا نوٹس لیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے کیپٹن (ر) صفدر کو کسی نے نہیں روکا، سابق وزیر اعظم کے داماد کو بڑے شاہانہ انداز سے پروٹوکول دیا گیا۔

    شرجیل میمن کوعدالت سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان پر ابھی صرف الزامات ہیں، ثابت کچھ نہیں ہوا، انہوں نے سوال کیا کہ کیا شرجیل میمن کو گرفتار کرنے والوں کے پاس کیا گرفتاری کے وارنٹ تھے؟

    ناصرشاہ کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویزاشرف کا نام آج بھی ای سی ایل میں ہے، عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کس طرح کارویہ رکھا جارہا ہے،شرجیل میمن کے عدالت میں چھ گھنٹےتک رکنے پرمن گھڑت باتیں کی گئیں، ملک میں احتساب کا دہرا معیار ہے۔


    مزید پڑھیں: کرپشن کیس، شرجیل میمن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ


    وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب سے ہم پرامید ہیں، جسٹس (ر) جاوید اقبال سے مطالبہ ہے کہ اس دہرے معیارکا نوٹس لے کر نیب سندھ کی جانب سے کی گئی شرجیل میمن کےخلاف کارروائی پرایکشن لیں، انہوں نے کہا کہ دیگرصوبوں میں بھی اربوں روپے کے اشتہارات ہیں۔

  • لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی، ناصر حسین شاہ

    لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے نصیب میں قلندر کے مزار کی زیارت نہیں تھی، لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی، عمران خان گناہوں کی توبہ کریں تو حاضری کی اجازت خود مل جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی کو رد کرنے والے کو قلندر نے رد کردیا، عمران خان قلندر کی دھرتی سے بے مراد لوٹے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مسلح نجی محافظ کو مزار کے اندر جانے کی اجازت نہیں، عمران خان نجی گارڈز کے ساتھ مزار میں جانا چاہتے تھے۔

    عمران خان کی جانب سے پیپلزپارٹی پر تنقید بلا جواز ہے، سہیل انور سیال

    صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے پیپلزپارٹی پر تنقید بلاجواز ہے، مسلح گارڈز کے ساتھ مزار کے اندر جانے کی اجازت نہیں۔
    انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اورعارف علوی بغیر گارڈز کے درگاہ میں داخل ہوئے، سیہون دھماکے کے بعد مزار کی سیکورٹی انتہائی سخت ہے۔

    عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا، ڈی سی جامشورو

    ڈی سی جامشورو فرید مصطفی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو مسلح گارڈ لے کر جانے سے روکا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ودیگر رہنماؤں نے درگاہ پر حاضری دی، عمران خان نے ایشو بنایا اور واپس چلے گئے۔

    یہ پڑھیں: درگاہ لعل شہبازپرحاضری سے روکنا زرداری کی بوکھلاہٹ کو ظاہرکرتی ہے، عمران خان


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: سرکلر ریلوے منصوبہ 25 دسمبر کو شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: سرکلر ریلوے منصوبہ 25 دسمبر کو شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: وزیر اطلاعات لیبر اور ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا افتتاح ہوگا، یلو لائن پر بھی جلد کام شروع کریں گے، نارتھ کراچی میں سوشل سیکیورٹی اسپتال بناکر دیں گے۔

    یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے صنعت کاروں سے ملاقات میں کہی۔

    یلو لائن پر جلد کام شروع ہوگا

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی لیکن اس کے ساتھ منافقت ہوئی، یلو لائن پر جلد کام شروع ہوگا،25 دسمبر قائد اعظم کی سالگرہ کے دن کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا افتتاح ہوگا۔

     

    ناصر حسین شاہ نے کہاکہ تین سال سے سوشل سیکیورٹی سے ادائیگیاں رکی ہوئی تھیں تاہم ادائگیاں شروع کر دی گئی ہیں، مزدروں کو انتقال پر 5 لاکھ روپے تک اور بچوں کی شادی کے لیے ایک لاکھ روپے دیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی انڈسڑیل ایریا میں سوشل سیکیورٹی اسپتال بناکر دیں گے۔

    ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد نہیں ہوسکتا

    صوبائی وزیر نے سیاسی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے کوشش ایم کیو ایم پی ٹی آئی کا حق ہے تاہم کوششوں کے باوجود دونوں جماعتیں ایک نہیں ہوں گی۔

  • تمام صنعتی اداروں‌ کو فائر بریگیڈ سسٹم دینے کے لیے تیار ہیں، ناصر شاہ

    تمام صنعتی اداروں‌ کو فائر بریگیڈ سسٹم دینے کے لیے تیار ہیں، ناصر شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور لیبر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں منصوبے تیار ہوجاتے ہیں مگر ہمیں فنڈ نہیں ملتے، میٹرو بس پر بھاری زرتلافی دی جاتی ہے جو سندھ حکومت برداشت نہیں کرسکتی،ایسی کمپنیاں ہمارے پاس بھی آئی تھیں اور کک بیکس دینے کو بھی تیار تھیں مگر ہم نہیں مانے۔

    کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ اور لیبر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ گرتی ہوئی برآمدات اور صنعت کاروں کے مسائل کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے گا، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ سندھ میں کرپشن نہیں ہے تاہم جس نے عوام کا پیسہ کھایا ہے اسے بھگتنا ہوگا۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کی رجسٹریشن نہیں کرائی گئی، شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سٹی بس سروس شروع کی جارہی ہے، کورنگی سے یلو لائن منصوبے کے تعطل میں سندھ حکومت کی کوئی غلطی نہیں، اس منصوبے کے لیے ہمیں قرض نہیں مل سکا۔

    ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ کراچی کے تمام صنعتی علاقوں کو فائر بریگیڈ کا سسٹم دینے کو تیار ہیں، پالیسی بنائی جائے گی لیکن فائر سسٹم صنعتی انجمنوں کو ہی چلانا ہوگا۔

    کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ فائربریگیڈ، ٹریفک جام اور انفرا اسٹرکچر کی بدحالی بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ سے کورنگی میں مزدوروں کی رہائشی اسکیم کا اعلان کیا جائے۔

  • ناصرحسین شاہ کی تاجربرادری کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت

    ناصرحسین شاہ کی تاجربرادری کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت

    کراچی : صوبائی وزیر محنت اور ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے تاجر برادری کو پیشکش کی ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ذریعہ سیاسی دھارے میں شامل ہوں، ہماری جماعت کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی کراچی میں منعقدہ تقریب میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر قائد میں نئے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جلد ہی کراچی میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی، سندھ حکومت نے پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے کئی منصوبے شروع کررکھے ہیں۔

    سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے میں سندھ نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے اور وفاق کو اپنا کام کرنا ہے لیکن لگتا یہی ہے کہ اس کام میں کئی سال لگیں گے۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بیرون ممالک انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کریں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت برآمدی مصنوعات پر عائد ایک فیصد ٹیکس ختم کرے۔

  • خواجہ آصف اپنے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں، ناصر حسین شاہ

    خواجہ آصف اپنے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر مذہبی امور سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیہون درگاہ کی بجلی کے بل وقت پر ادا کیے گئے تاہم درگاہ کو اضافی بل بھیجے جاتے رہے، خواجہ آصف اپنے محکمے کے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں۔

    یہ بات انہوں نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی بجلی منقطع ہونے پر وزارت پانی وبجلی کے وضاحتی بیان کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، سیہون درگاہ کی بجلی کے بل وقت پر ادا کیے گئے لیکن درگاہ شریف کو اضافی بجلی بل بھیجے جاتے رہے، خواجہ آصف اپنے محکمے کے افسران کے جھوٹ کا نوٹس لیں۔

    یہ پڑھیں: سانحہ سہون کے ذمہ دار ہم نہیں، سیکیورٹی نامکمل تھی، وزارت پانی و بجلی

    انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی جو بولتے رہتے ہیں اس ڈگر پر افسران کو بھی لگا دیا ہے اب وہ بھی دوسروں پر الزام تراشیاں کررہے ہیں، ہم سیہون درگاہ دھماکے میں سیکیورٹی معاملات میں کوتاہی تسلیم کرتے ہیں، ایکشن لیتے ہوئے درگاہ پر تعینات اوقاف کا عملہ اور ایس پی تبدیل کردیا ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا،چوہدری نثار اول روز سے ہی قومی ایکشن پلان کے خلاف تھے، وزیراعظم نواز شریف کو تجویز دیتے ہیں کہ وہ نثار کو داخلہ کے بجائے وزارت خارجہ امور دے دیں، ان سے داخلہ کا کام نہیں ہوتا شاید وزارت خارجہ سنبھال سکیں

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی کنگز کھیلے گی تو لاہور ضرور جاؤں گا۔

  • وزیر ٹرانسپورٹ کا بیرون شہر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن

    وزیر ٹرانسپورٹ کا بیرون شہر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن

    کراچی: پیلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اے آر وائی نیوز پر شہر سے باہر جانے والے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کو ٹرانسپوٹرز کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اندرون سندھ اور ملک کے مختلف علاقوں میں جانے والے پردیسیوں سے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے اے آر وائی نیوز پر خبر نشر کی گئی تھی۔جس کے بعد پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کو عوام سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات صادر فرمائے۔

    چیئرمین کی ہدایت پر ناصر حسین شاہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس نفری کے ہمراہ صدر بس اسٹاپ پہنچے اور ٹرانسپورٹرز سے زائد کرایہ وصول کی وجوہات طلب کیں۔ صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا کہ وہ عوام کے ساتھ کی جانے والی زیادتی بند کریں ورنہ اُن کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے محکمے کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی کی اور شدید احتجاج کیا۔

    ٹرانسپورٹرز کی جانب سے محمکے کے عملے کے ساتھ بدتمیزی اور بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے ایس ایچ او پریڈی کو نفری سمیت طلب کیا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات بھی جاری کیے۔ گاڑیوں کے مالکان نے صوبائی وزیر کو کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاجاً گاڑیاں بند کرنے کی دھمکی بھی دی۔بعد ازاں ناصر حسین شاہ نے دھمکیاں دینے والے ٹرانسپوٹرز کو گاڑیاں بند رکھنے کا مشورہ دیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ ’’چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خاص ہدایت پر یہاں پہنچا ہوں کیونکہ پارٹی چیئرمین نے خاص طور پر عوام کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں‘‘۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’عوام کے ساتھ زیادتی کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اگر ٹرانسپورٹرز اپنا کام بند کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں مگر عوام کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا‘‘۔