Tag: nasreen jalil

  • گورنر سندھ کا قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا

    گورنر سندھ کا قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا

    کراچی: سندھ کا نیا گورنر کون ہوگا؟ قرعہ نسرین جلیل کے نام نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ کےلئے نامزدکردیاگیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔

    نسرین جلیل صدر عارف علوی سے منظوری کے بعد گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گیی اس کے ساتھ ہی وہ دوسری خاتون گورنر کا اعزاز بھی اپنے نام کرینگی اس سے قبل رعنا لیاقت علی خان 1973 میں سندھ کی گورنر بنی تھیں۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کے لئے پانچ نام وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجے تھے، گورنر سندھ کے لئے بھیجے گئے ناموں میں نسرین جلیل کے علاوہ، عامرخان، عامر چشتی، وسیم اختر اور کشور زہرہ کے نام شامل تھے۔

    نسرین جلیل لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کے والد ظفر الحسن برطانوی دور میں لاہور کے ڈپٹی کمشنر رہے اور بعد ازاں کئی اہم عُہدوں پر فرائض انجام دیئے۔

    نامزد خاتون گورنر دو دفعہ سینیٹ کی رُکن منتخب ہوئیں اور کئی کمیٹیوں کی چیئرپرسن بھی رہیں۔ وہ ایم کیو ایم کی ڈپٹی کنوینر رہنے کے علاوہ ایک متحرک کارکن کا کردار بھی بخوبی نبھاتی رہیں۔ انہیں کچھ عرصے کیلئے جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی۔

  • پارلیمان اپنے اختیارات کھو رہا ہے، فرحت اللہ بابر

    پارلیمان اپنے اختیارات کھو رہا ہے، فرحت اللہ بابر

    اسلام آباد: سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پارلیمان اپنے اختیارات کھو رہا ہے، ریاست کے اندر ریاست بننے پر تشویش ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں اپنے الوداعی خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں پارلیمان کو خطرہ ہے، پارلیمان کے اختیارات پر شب خون مارا گیا۔

    فیض آباد دھرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا ہوا تو حکومت کو سرنگوں ہونا پڑا، احتساب صرف حکومت کا ہوتا ہے، خطے میں خطرات منڈلا رہے ہیں، پاکستان کا تحفظ پارلیمان کا کام ہے۔

    فرحت اللہ بابر نے کہا کہ 18ویں ترمیم رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو صورتحال خراب ہوگی، ایسا ہوا تو پنڈورا بکس کھلے گا جسے کوئی نہ سنبھال سکے گا۔

    دریں اثناء سینیٹ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ پہلی بار سینیٹ اجلاس میں آئی تو بہت پریشان تھی، اس ایوان نے مجھے بہت عزت دی۔

    چئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے نسرین جلیل نے کہا کہ آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا مجھے بات کرتے ہوئے رونا آرہا ہے، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے نسرین جلیل کو جذباتی دیکھ کر تسلی دی اور کہا کہ آپ کی ایوان بالا میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار  کنوینر مقرر

    ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر اہم اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر منتخب کیا جبکہ رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین کو شامل کیا گیا ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کے بعد ہم نے لندن قیادت سے مکمل علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تمام فیصلے پاکستان میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علیحدہ ہونے کے بعد سے اب تک کئی اہم اجلاس منعقد کیے گئے ہیں جن میں بہت اہم فیصلے ہوئے تاہم آج ہونے والے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کنوینر کے منصب پر فائز کردیا ہے۔

    انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین فیصل سبزواری اور خوش بخت شجاعت اور عبدالوسیم کو شامل کیا گیا ہے تاہم رابطہ کمیٹی کے دو اراکین اشرف نور اور اکرم راجپوت کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت اور بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  لاتعلقی کرنے والے معافی مانگ کر قائد تحریک سے ملیں، ندیم نصرت

     ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کنوینر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے مجھے اس کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ تین اراکین کیف الوریٰ، نسرین جلیل اور خالد مقبول صدیقی کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائض کردیا گیا ہے تاہم عامر خان بدستو سنیئر ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ حیدر عباس رضوی کے پاس پہلے ہی رابطہ کمیٹی کا عہدہ ہے  اس لیے وہ اپنے منصب پر ویسے ہی فرائض انجام دیتے رہیں گے، اُن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام اراکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کراچی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آپریشن ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبہ پر شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے شہر کے حالات اور امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئے اور حالات میں واضح تبدیلی نظر آئی‘‘۔

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ’’کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی، بلدیہ، کورنگی، اورنگی، قصبہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے چائنا کٹنگ کا کام شروع کردیا ہے جس پر عوام کو شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے سندھ حکومت، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس سے چائنا کٹنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے حوالے سے سب کو آگاہ کیا جائے اور مختلف علاقوں میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو سزا دی جائے۔

  • کراچی:پی ایس127 کاضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام

    کراچی:پی ایس127 کاضمنی انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن اورسنیٹرنسرین جلیل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو ستائیس ملیر کے الیکشن میں دھاندلی کےالزامات عائد کر دیئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نجمی عالم نے دھاندلی کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر میں ضمنی انتخابات کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔

    سینیٹر نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اسکا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگ گھبرائے نہیں، دودھ کا دودوھ پانی کا پانی ہوجائے گا ، حقیقی کے کارکنان علاقے میں شر پھیلارہے ہیں ایک دہشت کی فضا قائم کی گئی ہے، کارکنان کو مارا پیٹا گیا اور یہاں موجود کیمپس اکھاڑدیے گئے، عوام سےدرخواست کرتی ہوں کہ وہ ووٹ دینے ضرور آئیں۔

    انکا کہنا تھا کہ لوگوں کو کیمپ میں ہونا چاہیے لیکن وہ فٹ پاتھ پر ہیں، ہمارے لوگ فٹ پاتھ پر بیٹھ کر پرچیاں بنانے پر مجبور ہیں، رینجرز کی موجودگی میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔


    مزید پڑھیں : پی ایس 127کراچی پرضمنی الیکشن، متحدہ اور حقیقی میں تصادم، صورتحال کشیدہ


    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہار کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ متحدہ کو اپنے اعمال کی وجہ سے شکست نظر آرہی ہے، ایم کیوایم کو جس الیکشن کی عادت ہے آج وہ نہیں ہورہا۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان نے بھی پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی الیکشن میں حقیقی کی غنڈہ گردی، فائرنگ، پولنگ کیمپس اکھاڑنے، کارکنان اور ووٹروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔

  • نسرین جلیل کے سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

    نسرین جلیل کے سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

    کراچی : نیوکراچی میں دو سٹی وارڈنز اور بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ٹارگٹ کلر کی انٹروگیشن رپورٹ اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے شاہراہ نورجہاں میں ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کے سیکیورٹی گارڈ، دو سٹی وارڈنز اور ایک بچی کے قتل میں ملوّث ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے۔

    انٹروگیشن رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، رپورٹ کے مطابق ملزمان نے چائنہ کٹنگ کے تنازعہ پراہلکاروں کو قتل کیا تھا۔

    گرفتارٹارگٹ کلرز نے اس سے قبل زمینوں پرقبضے اور تین اسٹیٹ ایجنٹس کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے انکشاف کیا واردات کے بعد پینتیس ہزار روپے ملے اور قتل سے پہلے سترہ ہزار پانچ سو روپے کے موبائل فون بھی دلائے گئے تھے۔

    ایس ایس پی نوید خواجہ کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے،ملزمان کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپےمارےجارہے ہیں۔

     

  • این اے 246: غیرملکی مبصرین بلائے جائیں، نسرین جلیل

    این اے 246: غیرملکی مبصرین بلائے جائیں، نسرین جلیل

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے مطالبہ کیا ہےکہ الیکش کمیشن این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کیلئےغیر ملکی مبصرین بلائے جائیں۔

    ایک بیان میں نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اس سے قبل بھی این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں انتخابی عمل کو شفاف اورغیر جانبدار بنانے کیلئے غیر ملکی مبصرین کو مانیٹرنگ کی دعوت دینے کا مطالبہ کر چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کوتیار ہیں۔

    علاوہ ازیں کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ حلقہ این اے دو سو چھالیس میں انتظامات پر امیدواروں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ کوششوں کا مقصد الیکشن کامیاب بنانا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی غلام قادرتھیبو نے بھی ضلع وسطی کادورہ کیا اوراین اے دو سوچھیالیس میں انتخابی انتظامات کاجائزہ لیا۔ میڈٰیا سےگفتگو میں ان کا کہنا تھا ضمنی الیکشن کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • ٹیکس چوری اور مالی بے ضانطگیاں منی لانڈرنگ میں شامل

    ٹیکس چوری اور مالی بے ضانطگیاں منی لانڈرنگ میں شامل

    اسلام آباد: وزارت خزانہ نے مالی بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ کے زمرے میں شامل کرنے کا پلان تیار کر لیا ہے۔

    اسلام آباد میں سینیٹر نسرین جلیل کی زیر صدرات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے جلاس میں سیکریٹری خزانہ وقار مسعود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی بے ضابظگیوں اور ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ بل میں شامل کیا گیا ہے۔

     انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک بھی یہی چاہتا ہے کہ ٹیکس چوری اور اسمگلنگ بھی منی لانڈرنگ میں شامل کی جائے۔

     سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ اب تک اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت اب تک دو سو ستر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور دو سو کاوانٹس کو منجمد کیا گیا ہے۔

  • بلاول زرداری تہذیب و ادب کی تعلیمات حاصل کریں،  نسرین جلیل

    بلاول زرداری تہذیب و ادب کی تعلیمات حاصل کریں، نسرین جلیل

    کراچی : متحد ہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا قائدِ تحریک الطاف حسین کے متعلق دھمکی آمیز بیان سیاسی اصول و ضوابط کی نفی اور کسی طور قابل برداشت نہیں ہے ۔

    حق پرست سینیٹر نے بلاول زرداری کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری سیاست میں سیاسی گفتگو کے آداب سے نابلد ہیں انہیں چاہئے کہ وہ کروڑوں لوگوں کے ہر دل عزیز لیڈر کے متعلق بیانات دینے سے قبل تہذیب و ادب کی تعلیمات حاصل کریں۔

    نسرین جلیل نے بلاول زرداری سے کہا کہ وہ سیاسی بالغ نظری کا مظاہر کریں اور الطاف حسین کے متعلق کسی بھی قسم کی خراب زبان استعمال کرنے سے قبل قومی سیاسی تاریخ کا بغور مطالعہ کریں۔

    کیونکہ ایسے کئی سیاستدان اپنی خواہشات لے کر لندن گئے مگر ناکامی کا منہ لے کر واپس ہوئے کیوں کہ جناب الطاف حسین سچے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان شرم ناک ہے جس پر انہیں الطاف حسین اور ان کے کروڑوں چاہنے والوں سے معافی کا خواستگار ہونا چاہئے ۔

    سینیٹر نسرین جلیل نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کہ جس میں انہوں نے الطاف حسین کا جینا حرام کرنے کی دھمکی دی ہے ۔

    وہ اس کی فوری وضاحت کریں ورنہ الطاف حسین کے چاہنے والے بلاول بھٹوزرداری کے خلاف آئین و قانون کے مطابق عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔