اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کے شہر خان یونس میں نصر اسپتال پر شیلنگ کے باعث ایک مریض شہید جبکہ 6 زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج غزہ کے شہر خان یونس میں نصر اسپتال کے آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ کو اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے نصر اسپتال کے احاطے میں فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا، طبی عملے کی جانب سے شیلنگ سے تباہ ہونے والے اسپتال کے حصّوں سے مریضوں کو نکالا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی تلاش میں اسپتال میں یہ محدود کارروائی کی تھی۔
دوسری جانب جنوبی لبنان پر کئے گئے فضائی حملوں کے نتیجے میں 10شہری جاں بحق ہوگئے، یہ حملہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران کئے گئے حملوں میں زیادہ خطرناک تھا۔
رپورٹ کے مطابق لبنان کے اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان کے ایک گاؤں اور شہر نبطیہ پر حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی بمباری کے باعث عمارت کا کچھ حصہ گرنے سے بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے7 افراد شہید ہوگئے۔
لبنان میں 10 افراد کی شہادت، حزب اللہ کا اسرائیل کو واضح پیغام ۔۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابتدائی طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاع ملنے والا لڑکا ملبے کے اندر سے زندہ نکال لیا گیا ہے جب کہ گاؤں پر ہونے والے اسرائیلی حملے کے باعث دو بچوں سمیت ایک خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔