Tag: national action plan

  • نیشنل ایکشن پلان کوہرصورت پوراکیاجائےگا، ممنون حسین

    نیشنل ایکشن پلان کوہرصورت پوراکیاجائےگا، ممنون حسین

    کراچی : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسلح افواج اورحکومت نیشنل ایکشن پلان پرعمل پیراہیں،کسی کو کوئی شبہ نہیں ہوناچاہئے، نیشنل ایکشن پلان کوہرصورت پوراکیاجائےگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی این ایس اکیڈمی میں یوم دفاع کی گولڈن جوبلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں کراچی میں پاکستان نیوی کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔

    چار جہتی دفاعی صلاحیتوں کے مظاہرے میں پاکستان نیوی کے بحری جہازوں ، ایئرکرافٹ اور آبدوزوں نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر ممنون حسین خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

    اس موقع پر خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ پاک بحریہ نے 1965کی جنگ میں خود سے تین گنا بڑے دشمن کو شکست دی ،پاک بحریہ کے جوان مبارک باد کے مستحق ہیں، پاک بحریہ کی صلاحیتوں کامظاہرہ قوم کیلئےاعتماد کا مظہرہے،گوادربندرگاہ سےپاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیاہے۔

    صدر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہمسایہ ممالک سےبرابری کی سطح پرتعلقات چاہتے ہیں۔ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور کام میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی.

    ممنون حسین نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی تکمیل پرجلد ہی پاکستان ایک پرامن ملک بن جائےگا، صدر ممنون نے کہا کہ ملک سےدہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا، اب دہشت گردی،بدعنوانی،کرپشن کوبرداشت نہیں کیاجائےگا۔

  • جے یو آئی (ف) کے رہنماء مفتی کفایت اللہ اشتعال انگیز تقریرکے الزام میں گرفتار

    جے یو آئی (ف) کے رہنماء مفتی کفایت اللہ اشتعال انگیز تقریرکے الزام میں گرفتار

    چنیوٹ: انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے جمعیت العلمائے اسلام ف کے رہنماء اور سابق ایم پی اے مفتی کفایت اللہ کو اشتعال انگیز تقریرکے الزام میں گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے مفتی کفایت اللہ کو آج بروز جمعرات چنیوٹ سے اشتعال انگیزی پھیلانے کےجرم میں گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ پر شرانگیز تقریر کرنے کا الزام ہے مفتی کفایت اللہ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے مولانا محمدالیاس چنیوٹی کی دعوت پر چنیوٹ مسجد صدیق اکبر میں آئے تھے جہاں داخل ہونے سے قبل ہی سی ٹی ڈی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا

    ذرائع کے مطابق ان کے خلاف انسداد ہشت گردی ایکٹ الیون ای کے تحت کے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    مفتی کفایت اللہ صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھتے ہیں اورجے یو آئی ف کی جانب سے کے پی کے اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں جہاں وہ قائد حزب اختلاف کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

    کالعدم تحریک طالبان نے حکومت سے مزاکرات کے لئے اپنی جانب سے مفتی کفایت اللہ کو نامزد کیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے مفتی کفایت اللہ نے طالبان کی پیشکش مسترد کردی تھی۔

  • ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کچل دیا جائے گا: چوہدری نثار

    ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کچل دیا جائے گا: چوہدری نثار

    اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کےسلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک میں قیامِ امن کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔

    اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف اور اہم ملکی شخصیات شریک تھیں۔

    اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے علاوہ کچھ اہم ایشوز ہیں جن پر صوبوں اور وفاق کو ایک پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔

    این جی اوز

    غیر ملکی این جی اوز کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ عرصے سے این جی اوز کو مادر پدر آزادی ملی ہوئی ہے اور بہت سی ایسی این جی اوز ہیں جنہوں نے پاکستان میں کام کرنے کی درخواست تک نہیں دی اور انہیں ویزے ملے ہوئے ہیں اوران کے دفاتر یہاں قائم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز کو قانون کے دائرہ کار میں لانا مکمل طور پر وفاق کی ذمہ داری ہے اور اس پر ڈھائی ماہ سے کام کررہے تھے اور اب ایک جامع پالیسی تیار ہے۔

    مقامی این جی اوز کے بارے میں گفتگوکرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبائی دائرہ کار میں آتی ہیں اور کسی کو نہیں معلوم کہ کس این جی او کو کتنی فنڈنگ ہورہی ہے اور ان کے اغراض و مقاصد کیا ہیں۔

    این جی اوز کو قانون کے دائرہ کار میں لانے کے لئے نادرا کے تعاون سے ڈیٹا بینک تشکیل دیا جائے گا اور ایک قانون کے تحت ملکی اور غیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن ہوگی تاکہ ایک سسٹم کے تحت این جی اوز کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔

    اسلحہ لائسنس کا اجراء

    چوہدری نثار نے اسلحہ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے کہا کہ ماضی میں بے حساب لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ نادرا کے تعاون سے کمپیوٹرائز لائسنس کا اجرا کررہے ہیں اور باقی صوبوں سے بھی کہا گیا ہے کہ اسی سسٹم کے تحت کمپیوٹرائز لائسنن جاری کرنے کا عمل شروع کریں۔

    سیکیورٹی کمپینیز

    وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کام کرنے والی زیادہ ترسیکیورٹی کمپینیز نام کی ہیں ان کے اہلکاروں کو ہتھیار چلانے کی باضابطہ تربیت حاصل نہیں اورہتھیار ہیں تو چلتے نہیں ہیں۔دوسری جانب اہلکاروں کو ہیلتھ انشورنس اورلائف انشورنس بھی میسر نہیں ہے۔ سیکیورٹی کمپینیزکو ان کے چارٹر کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں قیام امن میں اپنا کردا ادا کرسکیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ گاڑیوں کی جعلی بلٹ پروفنگ اپنے آپ سے دشمنی ہے ایسی تمام کمپینیز جو کہ جعلی بلٹ پروفنگ کررہے ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئیے کیونکہ ان کی تیار کردہ گاڑیاں معیار کے مطابق نہیں ہوتیں۔

    افغان مہاجرین

    افغان مہاجرین کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق مہاجرین کو کیمپوں تک محدود رہنا چاہئے نہ تو وہ یہاں کاروبار کرسکتے ہیں اور نہ پراپرٹی خرید سکتے ہیں لیکن یہ سب ہورہا ہے اور انہیں جعلی شناختی دستاویز بھی جاری کی گئی ہیں جن پر کام ہورہا ہے اور بہت سے ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناختی دستاویز مستند نہیں تھیں۔

    مدارس کی رجسٹریشن

    مدارس کی رجسٹریشن اور نصاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے نصاب کی اصلاح کرکے وہاں پاکستان کا نصاب رائج کی جائے گا۔

    رجسٹریشن کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام سے مشاورت کرکے ایک جامع اور آسان رجسٹریشن فارم تشکیل دیا جارہاہے۔

    فنڈنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مدارس کی تمام فنڈنگ بینکوں کے ذریعے ہوگی اور ان کا باقاعدہ آڈٹ کیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ نفرت آمیز تقاریر میں ملوث مدرسوں میں کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ثبوت کی بنا پر کاروائی ہوگی۔

    قومی ایکشن پلان

    قومی ایکشن پلان جو کہ آج کے اجلاس کا خاص ایجنڈا تھا جس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو بزورِ قوت کچل دیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذہب کے نام پرفساد پھیلانے والوں کوعلماء کے تعاون سے ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد قریب ہے اور کسی کو بھی اشتعال انگیز تقاریرکرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 08 مہینوں میں عوام ، میڈیا اوراداروں کے تعاون سے سیکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 15 نکات پرکام ہورہا ہے، مل جل کر سب ہی کام کررہے ہیں جبھی اب ہفتوں امن رہتا ہے اور بہت بڑے بڑے افراد ہتھیار ڈالنے پرآمادہ ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافیوں پرحملے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے اکا دکا واقعات سے آپریشن پر سوالیہ نشان نہیں اٹھنا چاہئے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 مہینوں میں 5 ہزارآپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادوں پر کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہرجگہ ناکے نہیں لگا سکتے اوراپنے بازار اور اسکول بند نہیں کرسکتے لیکن وہ دن نزدیک ہے جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

  • وزیراعظم ،آرمی چیف کا ایکشن پلان پرعملدرآمد تیزکرنے پراتفاق

    وزیراعظم ،آرمی چیف کا ایکشن پلان پرعملدرآمد تیزکرنے پراتفاق

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف راحیل شریف نے ملاقات کی، جس میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرِاعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی، ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان میں پرعمل درآمد کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی میں آپریشن جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ہے، آپریشن کو بلاامتیاز اور سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر اسے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

    وزیراعظم اور آرمی چیف نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دہشت گرد عناصرکے سہولت کاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ملاقات کے دوران دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ اورملک کی اندرونی اور سرحدی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • قومی ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ

    قومی ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرِصدارت اجلاس میں قومی ایکشن پلان کااگلا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِاعظم کو آپریشن ضربِ عضب اور قومی ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی، ملکی داخلی و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق غور کیا گیا۔

    اجلاس میں قومی ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور قومی سلامتی کے مشیرسرتاج عزیز کے دورۂ بھارت سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت وزیرداخلہ چوہدری نثار،اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور دیگرارکان بھی موجود تھے

  • وزیرِداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد خودکش حملے میں شہید

    وزیرِداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد خودکش حملے میں شہید

    اٹک: پنجاب کے وزیرِداخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خود کش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وزیرداخلہ اور ایک ڈی ایس پی سمیت 19افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز اتوار وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر)شجاع خانزادہ اٹک کے علاقے شادی خان میں اپنے ڈیرے پر افراد موجود تھے جہاں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑالیا۔

    صوبائی وزیرداخلہ بہنوئی کےانتقال پر تعزیت کیلئےآئےلوگوں سےملاقات کررہےتھے کہ خودکش دھماکہ ہوگیا، دھماکااتناطاقتورتھاکہ کنکریٹ سےبنی ڈیرےکی پچاس بائی پچاس فٹ کی چھت لمحہ بھرمیں زمین بوس ہوگئی۔

    شجاع خانزادہ ساتھیوں اورسائلین سمیت ملبےتلےدب گئے، عینی شاہدین کےمطابق خودکش بمبارنےصوبائی وزیرداخلہ سےہاتھ ملانےکےبعد دھماکا کیا۔

    حملےمیں شجاع خانزادہ،ڈی ایس پی شوکت شاہ حضروسمیت متعدد افراد شہید ہوگئے۔ ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق شجاع خانزادہ پر حملہ کرنے والے بظاہر دوخودکش حملہ آورتھے۔

    دونوں حملہ آوروں نے پلر کے پاس کھڑے ہو کر خود کو دھماکےسےاڑایا، جس کے باعث چھت بیٹھ گئی۔

    ملبے تلے دب جانے کے سبب19  افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے واضح رہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال 15 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے۔

    پاک فوج کی جدید آلات سے لیس خصوصی ٹیم نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر بڑے پیمانے پر امدادی کاروائیاں شروع کیں جس کے نتیجے میں حادثے کے لگ بھگ 4 گھنٹے بعد وزیرِ داخلہ پنجاب اور ڈی ایس پی کی نعشیں ملبے سے نکالی گیئں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اشفاق نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے اس بات کی تصدیق کہ وزیرِ داخلہ پنجاب اس دنیا میں نہیں رہے۔

    پنجاب کے سابق وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے اے آ ر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حساس اداروں کی جانب سے اطلاعات تھیں کہ ان کے حلقے میں ان کے لئے خطرات ہیں، وہ خود بھی اپنے حلقے میں جانا مناسب نہیں سمجھتے تھے۔

    وزیرداخلہ پنجاب ہفتے اور اتوار کے روز اپنے ڈیرے پر کھلی کچہری کیا کرتے ہیں، دھماکے کے نتیجے میں ڈیرہ زمیں بوس ہوگیا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے شجاع خانزادہ بحیثیت وزیرِداخلہ انتہائی متحرک تھے اور اسی سبب انہیں جان کے خطرات بھی لاحق تھے۔


    شجاع خانزادہ کی زندگی پر ایک نظر


    پنجاب کے شہید وزیرداخلہ کرنل (ریٹائرڈ)شجاع خانزادہ 28 اگست 1943 کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے درمیانی ضلع اٹک کے علاقے شادی خان حضرو میں پیدا ہوئے۔

    اُنہوں نے 1966 میں اسلامیہ کالج پشاور سے گرایجویشن کی ڈگری حاصل کی۔

    شجاع خانزادہ نے 1967 میں پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا، وہ 1971 کی جنگ میں بھی شریک تھے۔

    سن 1988 میں انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ بصالت سے نوازا گیا۔

    انہوں نے 1992 سے 1994 تک امریکہ میں پاکستان کے ملٹری اتاشی کے حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔

    سن 2002 میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔ ابتدائی طور پروزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔

    وہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 16 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

    گزشتہ سال اگست میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد انہیں پنجاب کی وزارتِ داخلہ سونپی گئی، اس عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عمل در آمد کے لئے انہوں نے انتہائی جاںفشانی سے کام کیا بالخصوص جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے ختم کروائے۔

    دھماکے کے نتیجے میں شجاع خانزادہ دیگر کئی افراد کے ہمراہ ملبے میں دب گئے اور لگ بھگ 4 گھنٹے کی جاں توڑ جدوجہد کے بعد ان کی نعش ملبے سے نکال لی گئی۔

  • پنجاب میں 3 مجرمان کو پھانسی دے دی گئی

    پنجاب میں 3 مجرمان کو پھانسی دے دی گئی

    راولپنڈی: سرگودھا کی ڈسٹرکٹ اورراولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قتل کے تین مجرموں کو تختہ دارپرلٹکا دیا گیاجبکہ جہلم کے ڈسٹرکٹ جیل میں دو مجرموں کی پھانسی مؤخرکردی گئی۔

    سرگودھا کی ڈسٹرکٹ جیل میں طارق نامی مجرم کو تختۂ دارپرلٹکایا گیا۔ مجرم نےسن 2000 میں تلخ کلامی پرایک شخص کو قتل کیا تھا۔

    آج علیٰ الصباح راولپنڈی کےاڈیالہ جیل میں بھی سزائے موت کے دو قیدیوں کو پھانسی کی سزا دیدی گئی۔ مجرم جہانداد خان نے2002 میں ایک شخص کو قتل کیاتھا جبکہ ارشد نامی شخص نے بھی 2001 میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

    دوسری جانب جہلم کے ڈسٹرکٹ جیل میں دو مجرموں کی پھانسی مؤخرکردیا گیا۔

    رمضان المبارک میں پھانسی کی سزا پر بند ش کے بعدملک بھرکی جیلوں میں پھانسیوں کا سلسلہ جاری ہے اورآج کی پھانسیوں سمیت کل 12 افراد کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔

  • نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، عاصم سلیم باجوہ

    نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، عاصم سلیم باجوہ

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہےکہ سیاسی چیلنجوں کی وجہ سےقومی ایکشن پلان پرعملدرآمد میں وقت لگےگا۔ تاہم  نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

    دہشت گردوں کی مالی اعانت روکنے میں کامیابی ملی۔ روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ فاٹا میں کامیاب کارروائیاں اور دہشت گردوں کی فنڈنگ بند ہونا نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے ثبوت ہیں۔

    تاہم انہوں نے انکشاف کیا کہ سیاسی چیلنجزکےباعث ایکشن پلان کےکچھ حصوں پرعملدرآمد میں وقت لگےگا۔ انہوں نےکہاکہ شدت پسندی سے نجات کے لئے شروع کئے گئے پائلٹ پروگرام کا دائرہ قومی سطح تک بڑھادیا گیا ہے۔

    میجر جنرل عاصم باجوہ نے پاکستانی وفد کے دورہ ماسکو کومثبت قرار دیتےہوئےکہاکہ پاکستان روس سے عسکری ساز وسامان خریدنےکےایک معاہدے کوحتمی شکل دینا چاہتا ہے۔

  • پاکستان نے ابھی تک فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، وزیردفاع خواجہ آصف

    پاکستان نے ابھی تک فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، وزیردفاع خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اورسالمیت کی حمایت جاری رکھےگا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں اینکر پرسن کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی تک فوج بھیجنےکافیصلہ نہیں کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نےابھی تک ہم سےفوج بھیجنےکامطالبہ نہیں کیا،ضرب عضب آپریشن میں پونےدولاکھ فوج مصروف ہے، تاہم پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اورسالمیت کی حمایت جاری رکھےگا۔

    وزیر دفاع نے بتایا کہ ایرانی حکومت نےہمارےسفیرکوبلاکر پیغام دیا جو ہمیں موصول ہوا اور اخبارات میں بھی شائع ہوا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ یمن میں کشیدگی نہ بڑھے۔

    واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور سرتاج عزیز پر مشتمل دو رکنی وفد کل سعودی عرب کا دورہ کریں گے، پاکستانی وفد سعودی حکام سے مشرق وسطی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرے گا، سعودی عرب کی کابینہ کے آج ہو نے والے اجلاس کے باعث پاکستانی وفد آج سعودی عرب روانہ نہ ہو سکا۔

    دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔

  • پاکستان کا سعودیہ عرب کی خودمختاری کی حمایت کا فیصلہ

    پاکستان کا سعودیہ عرب کی خودمختاری کی حمایت کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس میں مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، چیف آف ائر اسٹاف ائرچیف مارشل سہیل امان ، وائس ایڈمل ہشام بن صدیق، سیکریٹری خارجہ سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور جغرافیائی وحدت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں ایک بامقصد کردار ادا کرنے کے ساتھ بحران کی جلد حل اور مسلم امہ میں امن و اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔اس مقصد کے لیے وزیراعظم برادر اسلامی ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    اجلاس میں پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری سے بحران کے سیاسی حل کے لیے تعمیری کردار کرنے کی اپیل کی۔