Tag: National flag

  • کراچی: سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی(17 اگست 2025): پولیس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بغدادی پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی سے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے کے دوران ملزم نعمان کو گرفتار  کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نے 13 اگست کو ویڈیو بناتے ہوئے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی تھی، ملزم باجوڑ کا رہائشی ہے اور لیاری میں مقیم تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے 13 اگست کو سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کی ویڈیو وائرل کی تھی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ لی مارکیٹ کا رہائشی اور بنیان کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کرے گا۔

  • پاکستانی خاتون صحافی یونان میں گرفتار، گفتگو منظرعام پر

    پاکستانی خاتون صحافی یونان میں گرفتار، گفتگو منظرعام پر

    ایتھنز : پاکستانی صحافی مونا خان کو یونان میں حراست میں لے لیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کا قومی پرچم لہرانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مونا خان ہائیکنگ کیلیے گریس گئیں تھیں، جنہیں جھنڈا لہرانے پر حراست میں لیا گیا۔

    موناخان کے کوچ محمد یوسف نے اے آر وائی نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موناخان کو یونان پولیس نے حراست میں لے لیا، پولیس نے ان کا فون بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

    کوچ یوسف کا کہنا ہے کہ مونا خان سے میرا آخری رابطہ ایک گھنٹہ قبل ہوا تھا، مونا اپنے بیٹے کو ایتھنز میں چھوڑ کرگئی تھیں۔

    مونا خان سرکاری ٹی وی میں اینکر پرسن ہیں، وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہوئیں تھیں، ان کی مبینہ آڈیو گفتگو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    آڈیو ٹیپ میں ان کا کہنا ہے کہ یونان میں تمام ہائیکرز ایک ساتھ جمع ہوئے تھے، جب میں نے پاکستانی پرچم نکالا تو پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا۔

    مونا خان نے بتایا کہ مجھ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ پاکستان کا پرچم لہرائیں گی، جس پر میں جواب دیا کہ جی ہاں میں پاکستان کاپرچم لہراؤں گی جس کے بعد یونان پولیس نے مجھ سے بدسلوکی کی۔

    کوچ یوسف نے بتایا کہ موناخان کے پاس پاکستانی پرچم کے ساتھ ایک کلمہ طیبہ لکھا پرچم بھی تھا. انہوں نے مونا خان کی رہائی کے لیے پاکستانی حکومت سے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

     

  • قومی پرچم کی اہمیت اور اس کا تقدس

    قومی پرچم کی اہمیت اور اس کا تقدس

    جشن آزادی کے موقع پر پورا پاکستان جھنڈوں، جھنڈیوں اور سبز اور سفید روشنیوں سے سجادیا جاتا ہے اور یہ منظر نہ صرف انتہائی حسین اور دلکش معلوم ہوتا ہے بلکہ پاکستانی قوم کے اپنے ملک سے سچے جذبے کی بھی عکاسی بھی کرتا ہے۔

    پرچم،جھنڈا یا عَلَم کسی بھی ملک و قوم کا امتیازی نشان اور اس کے عزت و وقار کی علامت ہوتا ہے۔ پاکستان کا قومی پرچم بھی پاکستانی قوم کا فخر ہے۔ پاکستانی عوام ہر سال یوم آزادی 14اگست اور اہم قومی دنوں پر قومی پرچم خرید کر بڑے ذوق و شوق سے اپنے گھروں پر لہراتے ہیں۔

    اس موقع پر بعض کاروباری افراد قومی جھنڈوں کی تیاری میں اس کے تقدس اور اس کی اہمیت کا بھی خیال نہیں کرتے، وہ قومی پرچم کو بھی پرکشش بنانے کے لیے سبز رنگ سے ملتے جلتے رنگوں اور اُس پر مختلف قومی یادگاروں کی تصاویر چھاپ کر قومی پرچم کی اصل شکل ہی بگاڑ دیتے ہیں۔

    ہمارا قومی پرچم ہماری آزادی اور قومی وقار کی علامت بھی ہے اور ضامن بھی۔ یہ قومی پرچم جب پہلی دفعہ دستور ساز اسمبلی میں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے لہرایا تو یہ اس امر کا اعلان تھا کہ اب پاکستان کے عوام اب کسی غیر ملک کے غلام نہیں رہے۔

    قومی پرچم کی تاریخ

    پاکستان کے قومی پرچم ( نام پرچمِ ستارہ و ہلال )کی منظوری 11اگست1947ء کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی میں دی گئی تھی۔ اس قومی پرچم کا تناسب3:2(چوڑائی سے ڈیڑھ گنا زیادہ لمبائی) نمونہ تیز سبز رنگ زمین پر سفید چاند (ہلالی شکل کا) اور ستارہ(پانچ کونوں والا) بائیں جانب ایک عمودی سفید پٹی۔ اس کے علاوہ باریک اونی دوہرے کپڑے کے دونوں طرف سفید تِلّے سے کڑھائی کیا ہوا چاند ستارہ۔

    پاکستان کے قومی پرچم کا ڈیزائن امیر الدین قدوائی نے قائد اعظم کی ہدایت پر مرتب کیا تھا۔ یہ گہرے سبز اور سفید رنگ پر مشتمل ہے جس میں تین حصے سبز اور ایک حصہ سفید رنگ کا ہے۔

    پرچم کا سبز رنگ مسلمانوں اور سفید رنگ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ سبز حصے کے بالکل درمیان میں چاند(ہلال) اور پانچ کونوں والا ستارہ ہے۔

    سفید رنگ کے چاند کا مطلب ترقی اور پانچ کونوں والے ستارے کا مطلب روشنی اور علم کو ظاہر کرتا ہے اور پانچ ارکان اسلام کلمہ، نماز،روزہ، حج اور زکوۃ کی طرف اشارہ بھی ہے۔

    قانونی طور پر پاکستان کے قومی پرچم پر نہ تو کوئی عبارت لکھی جاسکتی ہے اور نہ ہی کوئی تصویر بنائی جاسکتی ہے۔ پہلا قومی پرچم ٹیلر ماسٹر افضال حسین نے اپنے ہاتھوں سے سی کر تیار کیا۔

    قومی پرچم لہرانے کی افتتاحی تقریب میں قائد اعظم ؒ کے ایما پر کراچی میں علامہ شبیر احمد عثمانیؒ اور ڈھاکہ میں مولانا ظفر احمد عثمانی ؒنے قومی پرچم لہرایا۔

    فلیگ پروٹوکولز کے تحت عمارتوں، گاڑیوں اور دفتروں میں میزوں پر لگائے جانے والے پرچم کی پیمائش بھی مقرر ہے۔ قومی تقاریب میں لہرائے جانے والے پرچم کے چار سائز مقرر کیے گئے ہیں مثال کے طور پر اگر پرچم کی لمبائی 9فٹ ہوگی تو چوڑائی6.14فٹ رکھی جائے گی۔

    قومی پرچم لہرانے کے آداب

    بوسیدہ، خراب اور غلط بنا ہوا پرچم نہیں لہرانا چاہیے۔ کوئی بھی دوسرا پرچم قومی پرچم سے اونچا نہیں لہرایا جاتا سوائے اقوام متحدہ کے پرچم کے لیکن صرف اقوام متحدہ کی عمارت پر۔
    دیگر ممالک کے پرچموں کے ساتھ اگر اسے لہرایا جائے تو ہمیشہ اسے برابر کی بلندی پر لہرایا جاتا ہے۔
    صوبائی فوجی یا کسی بھی دوسرے پرچم کے ساتھ لہرانے پر قومی پرچم ہمیشہ اونچا رکھا جاتا ہے۔
    تین پرچموں میں قومی پرچم درمیان میں ہونا چاہیے۔
    دو پرچموں میں قومی پرچم داہنی جانب (دیکھنے والے کے بائیں جانب) ہونا چاہیے۔
    قومی پرچم سینے پر دائیں جانب جیب سے اوپر لگایا جائے۔
    ٭قومی پرچم کسی بھی گاڑی کے پچھلے حصے پر نہ لہرایا جائے بلکہ پرچم گاڑی کے اگلے حصے پر اندر بیٹھے ہوئے شخص کے دائیں جانب لگا ہونا چاہیے۔
    قومی پرچم دیوار پر اس طرح لگائیں کہ پرچم کا سفید حصہ دیکھنے والے کے بائیں جانب رہے۔
    اسٹیج پر قومی پرچم مقرر کی دا ہنی جانب ہونا چاہیے۔
    قومی پرچم سڑک پر لٹکائیں تو اس کا سفید حصہ اوپر کی جانب ہونا چاہیے۔ قومی پرچم زمین سے نہیں لگنا چاہیے۔
    قومی پرچم کو زمین یا کسی کے پیروں کو ہرگز نہیں چھونے دینا چاہیے۔
    اندھیرا ہونے کے بعد قومی پرچم لہرایا نہیں جاتا۔
    قومی پرچم سحر کے وقت لہرانا چاہئیے اور شام کو اتار لینا چاہیے۔ صرف ایک جگہ پاکستان کی پارلیمنٹ پر پرچم رات کو نہیں اُتارا جاتا اور اسے پوری رات مصنوعی روشنی کے ذریعے روشن رکھا جاتا ہے۔
    جب جنگی صورتحال ہو یا ڈر ہو کہ دشمن حملہ کرکے شدید نقصان پہنچائے گا تو ایسی صورت میں الٹا پرچم لہرا کر ہنگامی بنیادوں پر مدد طلب کی جاتی ہے۔

  • بھارتی انتہاپسندوں نے زبردستی دہلی جامعہ مسجد پر ترنگا لہرادیا

    بھارتی انتہاپسندوں نے زبردستی دہلی جامعہ مسجد پر ترنگا لہرادیا

    نئی دہلی : بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی مسلمان مخالف غنڈہ گردی بڑھتی جارہی ہے، انتہا پسند کارکنوں نے دہلی کی جامع مسجد میں زبردستی بھارتی جھنڈا لہرادیا اور مسلمان مخالف نعرے بھی لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار میں بی جے پی کے مسلمان دشمن غنڈے بے قابو ہوگئے، بھارت کے یوم آزادی کے دن دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں بی جے پی کے غنڈوں نے زبردستی بھارتی جھنڈا لہرا دیا۔

    بی جے پی کے کارکنوں نے مسجد میں جھنڈا لہرانے سے روکنے والوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے۔

    بی جے پی کے مقامی لیڈرکا کہنا تھا کہ ہمیں کہیں بھی جھنڈا لہرانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انتہا پسند ہندو سوشل میڈیا پرجھنڈا لہرانے کی ویڈیوز شئیر کرکے مسلمانوں کے خلاف اشتعال پھیلاتے رہے۔


    مزید پڑھیں : بھارت کو یومِ آزادی پر ہزیمت کا سامنا۔۔ ویڈیو دیکھیں


    ایک جانب ایسی زبردستی ہے تو دوسری جانب یہ حال ہے کہ بھارت کے یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اپنا قومی جھنڈا ہی نہیں سنبھال سکی۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے جھنڈا لہرانے کی کوشش کی تو ترنگا فضاء میں جانے کے بجائے زمین پر آگرا تھا۔

  • واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب، شہریوں کا زبردست جوش وخروش

    واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب، شہریوں کا زبردست جوش وخروش

    لاہور: واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کی صداؤں کے درمیان پرچم اتارنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پرچم کشائی کی تقریب میں روایتی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب روایتی جوش وخروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فضا نعرہ تکبیراللہ اکبراور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    ننھے سپاہی نے سب کا لہو گرما دیا، ہزاروں پاکستانی بچے، نوجوان بوڑھے اور خواتین جوق در جوق اس تقریب کو دیکھنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچے۔

    پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کے بوٹوں کی گھن گھرج اور وطن کی حفاظت کے جذبے سے مامور پریڈ پاکستانیوں کا لہو خوب گرماتی رہی، واہگہ پر موجود کیا بچے، بزرگ، خواتین سب ہی بہت پُرجوش اور بھرپور انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

    اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد، نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی. قبل ازیں ملی نغموں اور قومی ترانوں پر لوگ والہانہ انداز میں رقص کرتے رہے اور بھنگڑا ڈالتے رہے۔

    تقریب میں‌ بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کاجو ش و جذبہ دیدنی تھا، منچلوں کے بھنگڑوں اور نعرے بازی نے ماحول کو گرمائے رکھا، فلک شگاف نعروں کی گونج، جوش وجذبے سے جگمگاتے چہروں اورلہراتے پرچموں کے ساتھ واہگہ بارڈر پر ہونے والی تقریب نے 1965 کی تاریخی فتح کی یادیں تازہ کردیں۔

  • پی آئی اے جہاز کی دم پر قومی پرچم ہٹا کر مارخور کا اسٹیکر، پچاس ہزار ڈالر کے اخراجات

    پی آئی اے جہاز کی دم پر قومی پرچم ہٹا کر مارخور کا اسٹیکر، پچاس ہزار ڈالر کے اخراجات

    کراچی : مسلم لیگ ن کی حکومت کا جاتے جاتے ایک اور کارنامہ سامنے آگیا، پی آئی اے کے طیارے کی دُم سے قومی پرچم ہٹا کر مارخور کا ایک اسٹیکر لگا دیا گیا، کلر اسکیم پر فی جہاز پچاس ہزار ڈالر کے اخراجات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے مالی خسارے اور مختلف اداروں کے واجبات سے دوچار قومی ایئرلائن نے جہازوں کی دم پر سے قومی پرچم کا نشان ہٹا کر پچاس ہزار ڈالر مالیت کا مارخور کا اسٹیکر پیسٹ کردیا۔

    صرف ایک جہاز کی دُم پر مارخور پینٹ کرنے سے پی آئی اے کے ایک طیارے پر پچاس ہزار ڈالر کے اخراجات آئے ہیں جبکہ ڈیزائنر کو ڈیزائن بنانے کی مد میں پی آئی اے نے تین کروڑ پچاس لاکھ روپے بھی ادا کئے ہیں۔

    بیرون ملک سے آئی ہوئی ٹیم پی آئی اے کے طیاروں کی دم پر مارخور کا اسٹیکر پیسٹ کر رہی ہے، اس غیر ملکی ٹیم کو بھی پی آئی اے لاکھوں روپے کی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی۔

    صرف چار طیاروں کی دُم پر مارخور اور طیاروں پر کلر اسکیم تبدیل کرنے پر  ادارے کو مجموعی طور پر دو لاکھ ڈالر کے اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے، طیارے پر نئی کلر اسکیم سے جہاز پر اردو میں پی آئی اے کا اسٹیکر پیسٹ کیا گیا ہے لیکن اس میں پ کے نقطے غائب ہیں۔

    انجن کے پاس جگہ نہ ہونے کی وجہ سے پ کے نقطے نہیں لگائے جاسکے۔ اس کے علاوہ قومی پرچم کو جہاز کی دم سے ہٹا کر طیارے کے اگلے حصے پر پرچم کو چھوٹا کرکے پیسٹ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ادارہ پی آئی اے تین سو ارب روپے سے زائد خسارے سے دوچار ہے اور اس پر مختلف اداروں کے واجبات بھی ہیں،  پی آئی اے کے طیاروں پر قومی پرچم دنیا کے کسی حصے میں جاتا تھا تو پاکستانیوں کیلئے فخر کی علامت ہوتا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کو قومی پرچم کو بطورسیاسی جھنڈا استعمال کرنے سے روک دیا ہے. کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پراستعمال نہیں کیا جاسکتا ہے، قومی پرچم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، لہذا قومی پرچم کوجلسوں میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے.

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے علحیدگی کے بعد گذشتہ سال سابق مئیر کراچی مصطفی کمال نے 3 مارچ کی یادگاہ پریس کانفرنس کے بعد 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت "پاک سرزمین پارٹی قومی” کا اعلان کیا تھا، پی ایس پی قومی پرچم کو سیاسی جھنڈے کے طور پر استعمال کرتی ہے.

    خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے نام اور قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف صوبیدار (ر) ساجد کیانی نے درخواست دائر کی تھی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں ہے اور ہماری پارٹی کا پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال سابق مئیر کراچی نے جب اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کیا توالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے درخواست نامکمل قراردیتے ہوئے مصطفیٰ کمال سے اثاثہ جات سمیت مزید تفصیلات طلب کی تھیں‌.