Tag: National flag of Pakistan

  • قومی پرچم کے ساتھ سیاسی جماعت کا جھنڈا لہرانے پر پابندی

    قومی پرچم کے ساتھ سیاسی جماعت کا جھنڈا لہرانے پر پابندی

    پنجاب کے بعد اب اسلام آباد میں بھی قومی پرچم کے ساتھ کسی بھی سیاسی جماعت کا جھنڈا لہرانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کے جھنڈے کے ہمراہ سیاسی جھنڈا لہرانے پر پابندی کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ سیل پوائنٹ پر کسی بھی سیاسی جماعت کا جھنڈا فروخت کرنے پر بھی پابندی کردی گئی ہے۔

    اسلام آباد پولیس کو پابندی پر عمل درآمد کے لئے احکامات جاری کردیئے گئے اور پولیس کو شہر میں باجے کی فروخت بھی رکوانے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اعلیٰ پولیس افسران نے اسلام آباد پولیس کے تمام افسروں کو اپنے اپنے علاقے چیک کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کردی ہیں،

    واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 13اور14اگست کو صرف اور صرف قومی پرچم لگانے اور لہرانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس دوران کسی بھی سیاسی جماعت کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • سبز ہلالی پرچم سب سے پہلے کس ملک میں لہرایا گیا؟

    سبز ہلالی پرچم سب سے پہلے کس ملک میں لہرایا گیا؟

    کسی بھی ملک کیلئے اس کا قومی ترانہ، پرچم یا قومی نشان خصوصی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، پاکستان کی تحریک آزادی کے آخری مرحلے میں جب پاکستان کا قیام طے ہو چکا تھا، گو آزادی کا باضابطہ اعلان ابھی باقی تھا، برصغیر کی مسلم قیادت نے نوخیز ریاست کے قومی پرچم کے لیے مشاورت شروع کر دی تھی۔

    پاکستان کا قومی پرچم سب سے پہلے فرانس کی سرزمین پر 11 اگست 1947 کو لہرایا گیا تھا یعنی یہ واقعہ پاکستان کے قیام سے تین دن پہلے پیش آیا تھا۔

    اس حوالے سے معروف محقق عقیل عباس جعفری کے مطابق متحدہ ہندوستان کے بوائے اسکاوُٹ کا دستہ عالمی اسکاوُٹ جمبوری میں شرکت کے لیے فرانس میں موجود تھا۔

    ایونٹ سے متعلق بین الاقوامی اخبارات میں یومِ پاکستان کی خبریں شائع ہونے لگیں تو دستے میں موجود مسلمان اسکاؤٹس نے فیصلہ کیا کہ چاہے جو بھی ہو چودہ اگست کو ہمارا الگ ملک بن ہی جائے گا تو اس دن ہم کسی بھی صورت انڈیا کے جھنڈے کو سلامی نہیں دیں گے بلکہ اس دن ہم اپنے الگ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے سبز ہلالی پرچم کے نیچے الگ کھڑے ہوں گے۔

    اخبار میں شائع شدہ تفصیلات کے مطابق انہوں نے وہاں دستیاب ذرائع سے پاکستان کا پرچم تیار کیا اور یوں پہلی بار پاکستان کی باضابطہ کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی پرچم برصغیر سے دور فرانس میں لہرایا گیا تھا۔

    پاکستان کے قومی پرچم کا سرکاری نام ’پرچم ِ ستارہ و ہلال‘ہے اوراس کا ڈیزائن امیر الدین قدوائی نے قائد اعظم کی ہدایت پر مرتب کیا تھا اورپاکستان کا پہلا پرچم ماسٹر الطاف حسین اورافضال حسین نے سیا تھا۔