Tag: national health program

  • صحت پروگرام ان لوگوں کیلئے ہے جو علاج کی استطاعت نہیں رکھتے، وزیراعظم

    صحت پروگرام ان لوگوں کیلئے ہے جو علاج کی استطاعت نہیں رکھتے، وزیراعظم

    رحیم یار خان : وزیراعظم نواز شریف نے غریب ومستحق افراد کیلئے علاج کی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ان لوگوں کیلئے ہے جو علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔

    رحیم یار خان میں قومی صحت پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کے کئی شہروں میں صحت پروگرام شروع کئے ہیں، یہ پروگرام ان لو گوں کیلئے ہے جو علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ایسے پروگرام ہماری ترجیحات ہونی چاہیے، رحیم یار خان کے ڈھائی لاکھ لوگ اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں، مستحق مریض کے علاج پر حکومت3لاکھ روپے اداکریگی۔

    خطاب کے دوران وزیراعظم بیماروں کے علاج کے ذکر پر آبدیدہ ہوگئے، انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ علاج کیلئے اپنی جائیدادیں بیچ دیتے ہیں اور ایسے لوگ بھی ہیں جن کے پاس اسپتال پہنچنے کیلئے پیسے نہیں ہوتے، کسی مریض کو مزید رقم کی ضرورت ہو تو بیت المال سے 3 لاکھ ادا کئے جائیں گے۔

    حکمرانوں کو ایسے پروگرامز پر توجہ دینی چاہیئے

    نواز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں 50نئے اسپتال قائم کئے جائیں گے ، صحت پروگرام جیسے منصوبوں کی قوم کو اشد ضرورت ہیں، صحت پروگرام میں تمام بیماریوں کو کور کیا جاتا ہے، حکمران آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، کسی نے صدا یہاں نہیں رہنا، حکمرانوں کو ایسے پروگرامز پر توجہ دینی چاہیئے۔

    انھوں نے کہا کہ غریب لوگ قرضہ لیتے ہیں تو قرضہ اتارنے کی سکت نہیں رکھتے، یہ پروگرام انکے لئے ہیں، جو اپنا علاج کرانے کی طاقت نہیں رکھتے۔

     سن 2018میں بجلی کا بحران ختم اور بجلی سستی ہوگی

    وزیر اعظم نے کہا کہ صحت ایسا معاملہ ہے جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہم جب حکومت میں آئے تو ملک میں بجلی کا بحران تھا، ہماری حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں بجلی کا بحران ختم اور بجلی سستی ہوگی جبکہ 2019 میں رحیم یار خان کا موٹر وے مکمل ہوجائے گا۔

  • نیشنل ہیلتھ پروگرام کو قبائلی علاقوں تک وسعت دی جارہی ہے، خرم دستگیر

    نیشنل ہیلتھ پروگرام کو قبائلی علاقوں تک وسعت دی جارہی ہے، خرم دستگیر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کو ملک کے دور دراز علاقوں تک وسعت دی جارہی ہے۔

    اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو سکردو ، کیچ اور لورالائی میں پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تیاری کیلئے ہدایت کردی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ہیلتھ پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے اور رحیم یار خان میں لوگوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہے ۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ پروگرام کو قبائلی علاقوں تک وسعت دینے کیلئے انتظامی رکاوٹیں دور کی جائیں ، جن دور دراز علاقوں میں اچھے ہسپتال میسر نہیں ہیں وہاں ملٹری ہسپتالوں کو پینل میں شامل کرنے کیلئے حکام سے مذاکرات کئے جائیں تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو صحت کی اچھی سہولیات میسر ہوں۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد، کوئٹہ اور مظفرآباد میں 3,724افراد کو چھوٹی بڑی طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن پر 6کروڑ 48لاکھ روپے کے کلیم بنے ہیں،ہیلتھ پروگرام کے تحت اسلام آباد میں سات، مظفرآباد میں سات اور کوئٹہ میں پانچ ہسپتالوں کے ذریعے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن میں اضافہ متوقع ہے۔

    اس وقت سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے تحت اس پروگرام میں 13,93,078افراد کو رجسٹر کیا گیا ہے ، جنھیں جلد ہی طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

    اجلاس کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی چیئرپرسن نرگس گلو نے بریفنگ دی۔

     

  • اب کسی غریب کوعلاج کے لئے گھر کی چیزیں بیچنا نہیں پڑیں گی، وزیرِاعظم

    اب کسی غریب کوعلاج کے لئے گھر کی چیزیں بیچنا نہیں پڑیں گی، وزیرِاعظم

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کردیا، انکا کہنا تھا کہ اب کسی غریب کوعلاج کے لئے گھر کی چیزیں بیچنا نہیں پڑیں گی، مستحق خاندانوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    وزیراعظم نواز شریف نے سال کے اختتام پر اسلام آباد میں قومی صحت پروگرام کی بنیاد رکھ کرانقلاب کی نئی راہیں پیدا کردی، وزیرِاعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب غریبوں کے علاج کا ذمہ حکومت کا ہوگا، مستحق مریضوں کو تین لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ مقررہ رقم ختم ہونے کے بعد بھی علاج کا خرچ برداشت کیا جائے گا۔

    پروگرام کے تحت سات خطرناک بیماریوں کا مفت علاج ہوگا، پہلے مرحلے میں 23 اضلاع میں صحت پروگرام شروع کیا جارہا ہے، قومی صحت پروگرام کے تحت غریب افراد کو نجی و سرکاری دونوں اسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ایک کارڈ پورےخاندان کے علاج میں کام آئے گا۔

    قومی صحت مرکز کی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، سائرہ افضل تارڑ،بلیغ الرحمان،خرم دستگیر، انوشے رحمان اور مریم نواز بھی موجود تھے۔