Tag: national highways

  • موبائل سگنلز …… صارفین کے لیے بڑی خوشخبری!

    موبائل سگنلز …… صارفین کے لیے بڑی خوشخبری!

    اسلام آباد: نگراں حکومت نے قومی شاہراہوں پر نیشنل رومنگ سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل صارفین کے لیے خوش خبری ہے کہ اب قومی شاہراہوں پر موبائل سگنلز کا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا، نگراں حکومت جلد ہی قومی شاہراہوں پر نیشنل رومنگ سروس شروع کر دے گی۔ نگراں وزیر آئی ٹی کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان انفرا اسٹرکچر شئیرنگ کی پالیسی وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دی جائے گی۔

    نگراں وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام بڑی شاہراہوں پر صارفین کو موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے نیشنل رومنگ انفرا اسٹرکچر مرتب کر لیا گیا ہے اور دو ماہ میں نیشنل ہائی ویز پر نیشنل رومنگ شروع ہو جائے گی، جس سے صارفین ہائی ویز پر مختلف موبائل نیٹ ورکس استعمال کر سکیں گے۔

    میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر آئی ٹی نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بڑے منصوبے شروع کرنے جا رہی ہے، عالمی کمپنیوں کی شراکت سے اسٹارٹس اپس کے لیے فنڈز کی تشکیل، آئی ٹی فری لانسرز کو بلاسود قرضوں کی اسکیم اور پانچ ہزار ای روزگار سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا آئی ٹی انڈسٹری میں بیرون ملک سے ڈالرز لانا اور ٹینکیکل لوگوں کی کمی دو بڑے مسائل ہیں، حکومت جامعات میں آئی ٹی اپرنٹس شپس کو ضروری قرار دینے جا رہی ہے، جب کہ آئی ٹی گریجویٹس کے لیے سینٹرلائزڈ ٹیسٹ کا آغاز بھی کرنے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی کمپنیوں اور نجی شعبے کی شراکت داری سے آئی ٹی اسٹارٹس اپس کے لیے فنڈز تشکیل دینے جا رہے ہیں، حکومت اس فنڈ کے لیے 3 ارب روپے مختص کرے گی۔

    نگراں وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ ملک میں ڈالرز کی آمد میں آسانی پیدا کر نے کے لیے پے پال سے بات چیت چل رہی ہے، پے پال کی ملک میں آمد کے حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک رکاوٹ ہے، فیٹف اور عالمی ادروں کے قوانین بھی رکاوٹ ہیں، سابقہ ادوار میں پے پال کو کبھی بزنس کیس بنا کر نہیں دیا گیا۔

  • پنجاب کی قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج برقرار

    پنجاب کی قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج برقرار

    لاہور : پنجاب میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی، انتظامیہ نے دھند کے باعث موٹرویز بند کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج آج بھی برقرار ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان، لودھراں،مسافر خانہ ، بہاولپور،احمد پور شرقیہ خانیوال میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے، جبکہ ملتان خانیوال موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہے۔

    ترجمان موٹر ویز کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، حد نگاہ 0 سے 50 میٹر تک، گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق شہری سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں، موبائل ایپ ’ہم سفر‘ اور ریڈیو پر سفر سے پہلے اور دوران سفر معلومات کر سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    یاد رہے کہ گذشتہ برس 30 دسمبر کو لودھراں میں دھند کے باعث حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو سب انسپکٹر سعید خان سڑک سے ہٹا رہا تھا کہ دھند میں آنے والی تیزرفتار بس نے اسے کچل دیا تھا، جس کے باعث موٹروے پولیس کا سب انسپکٹر فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگیا تھا۔