Tag: National Minorities Day

  • ” آئین اقلیتوں کو مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے”

    ” آئین اقلیتوں کو مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے”

    اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت مذہب ،نسل، زبان اورعلاقائی بنیاد پر کسی شہری سے امتیازی سلوک کی اجازت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ کلمات اسلام آباد میں اقلیتوں کے قومی دن سے متعلق ایک تقریب سے خطاب میں ادا کئے، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے، اسی بنا پر پاکستان میں اقلیتوں کےحقوق کو تحفظ حاصل ہے۔

    عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کے تحت پاکستان کےتمام شہریوں کےیکساں حقوق ہیں، قومی اسمبلی، سینیٹ میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مختص ہے، سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کےکوٹےکا مقصد انہیں ترقی فراہم کرنا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان مندر واقعے پر کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادات گاہوں کا نقصان برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے رحیم یار خان مندر حملے پر ازخود نوٹس بھی لیا تھا، سپریم کورٹ نےمندرحملےکےملزمان فوری گرفتارکرنےاور شرپسندی پراکسانےوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہونے والے ازخود نوٹس پر مندربحالی کے اخراجات بھی ملزمان سے ہرصورت وصول کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ دندناتےپھرتےملزمان ہندوکمیونٹی کیلئےمسائل پیداکرسکتے، یقینی بنایاجائےآئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو رحیم یار خان کے علاقے بھونگ شریف میں ایک مندر پر مشتعل افراد کے حملے اور شدید توڑ پھوڑ کی تھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں سخت کشیدہ صورت حال پیدا ہوگئی تھی۔

  • آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے، یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن سنہ 2009 سے ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں تمام تر تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برداشت، سماجی برابری اور بھائی چارہ اپنانے پر زور دیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھے۔

    انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں موجود تمام کمیونٹیز کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا جبکہ انہیں مساوی سہولیات و مواقع میسر ہوں گی تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن قائد اعظم کے ان افکار کی یاد دلاتا ہے کہ جب 11 اگست سنہ 1947 کو اپنی تاریخ ساز تقریر میں انہوں نے کہا کہ آپ آزاد ہیں، اپنے مندر، اپنی مساجد یا جہاں آپ عبادت کرنا چاہیں وہاں جانے کے لیے۔ آپ کا مذہب کوئی بھی ہو یا آپ کسی بھی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں، ریاست پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

  • اقلیتوں کی پاکستان سےمحبت مثالی اور شک شبہ سے پاک ہے، عمران خان

    اقلیتوں کی پاکستان سےمحبت مثالی اور شک شبہ سے پاک ہے، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ 11 اگست اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تجدیدعہد کا دن ہے، ان کی پاکستان سےمحبت مثالی اور شک شبے سے پاک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا گیارہ اگست پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی فلاح وبہبودکےحوالے سے تجدید عہد کا دن ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی پاکستان سےمحبت مثالی اور شک شبہ سے پاک ہے، قومی زندگی میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قائد اعظم نے اقلیتوں سے متعلق پاکستان کی پالیسی کی بنیاد رکھی، تحریک انصاف اقلیتوں سے متعلق قائد اعظم کا وژن نافذ کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتوں کی بہبود کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کا عزم کر رکھا ہے، مذہبی آزادی سے ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی تک ہر وعدہ نبھائیں گے۔

    خیال رہے ملک بھر میں آج  اقلیتوں کادن منایاجارہاہے، جس کامقصد قیام پاکستان اورقومی تعمیر میں اقلیتوں کے کردار اور اُن کی قربانیوں کواجاگر کرناہے۔

    یہ دن ہمیں قائداعظم محمدعلی جناح کی اس سوچ اور  نظریے کی یاددلاتا ہے جنہوں نے گیارہ اگست1947 کوقانون ساز اسمبلی سے  خطاب میں اعلان کیاتھا کہ اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہبی عقائد پرعملدرآمد کی مکمل اجازت ہوگی۔

  • اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک روادار معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے جہاں ہر شخص کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک روادار اور متحمل مزاج معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور ہر پاکستانی مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وعدہ کو نبھانے کی کوشش کی جائے گی جس میں انہوں نے اقلیتوں کے لیے یکساں حقوق اور مواقعوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    انہوں نے تمام شعبہ زندگی خصوصاً صحت کے شعبے میں اقلیتی افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور تمام افراد کے مذہب، ذات اور عقائد سے بالاتر ہو کر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ان کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں آبادی کے لحاظ سے نشستوں کا مختص کرنا شامل ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کی تاریخ

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، ’آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں‘۔

    قائد اعظم نے کہا تھا، ’آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔

    بانی پاکستان کی اس تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔

    عمران خان کا پیغام

    اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب ادھورا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ آج بھی اقلیتیں تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی روز اول سے ہمارے منشور کا لازمی جزو ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود پر بطور خاص محنت کی ہے۔