کراچی : نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل جعل سازوں نے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی، پولیس نے 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔
گرفتارشدگان میں جعلی ٹکٹیں خریدنے اور بیچنے والے شامل ہیں، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کے روز شیڈول تھا جس کی وجہ سے ٹکٹس کی طلب میں زیادہ اضافہ ہوگیا تھا۔
نوسر بازوں سے جعلی ٹکٹ لینے والے شائقین جب اسٹیڈیم کے گیٹ پر پہنچے تو انتظامیہ نے چیکنگ کے بعد انہیں داخلے سے روک دیا اس موقع پر موجود اہلکاروں نے انہیں اپنی حراست میں لے لیا۔
عزیز بھٹی پولیس کے مطابق جن 10لوگوں نے جعلی ٹکٹس خریدے انہیں بھی پکڑ کر تھانے لے جایا گیا تھا تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد جعلی ٹکٹس خریدنے والے شہریوں کو چھوڑ دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سدیس رضا نامی شخص کے پاس سے19جعلی ٹکٹس برآمد ہوئے ہیں ، یہی ملزم جعلی ٹکٹس فروخت کررہا تھا پولیس نے کو باقاعدہ گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
کراچی: ڈراپ ان پچز کا آئیڈیا ترک کرنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں نئی پچز پر کام شروع کردیا گیاہے، پچز کی تیاری کے لئے ‘مٹی’ بھی منگوالی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوص برائے کھیل شعیب جٹ کے مطابق پی سی بی نے نئی پچز پر کام شروع کردیا ہے، نئی وکٹوں کیلئے گجرانوالہ اور نندی پور سے مٹی منگوالی گئی ہے اسکے علاوہ آسٹریلیا سے بھی مٹی منگوائی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں کراچی پہنچ جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں مجموعی پر دس سے بارہ پچز بنائی جائیں گی، پی سی بی حکام کے مطابق نئی پچز بیٹسمینوں اور بولرز دونوں کے لیے سازگار ہوں گی اور اس پر اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔
پی سی بی حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی پچز نئے ڈومیسٹک سیزن سے پہلے تیار کرلی جائیں گی، پچز کی تیاری کے باعث ویمن ٹیم کا تربتی کیمپ بھی حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران پچز پر دنیا بھر میں تنقید ہوئی، بیٹسمینوں نے وکٹ پر رنز کے انبار لگائے جبکہ بولرز کے لئے وکٹیں لینا درد سر بن گیا تھا، آئی سی سی کی جانب سے راولپنڈی کی پچ کو ناقص بھی قرار دیا گیا تھا۔
کینگروز ٹیم نے کراچی ٹیسٹ میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی ہے۔
آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے روز کا آغاز ہوا تو 505 رنز پر آسٹریلیا کی نویں وکٹ گرگئی، مچل اسٹارک اپنے گذشتہ روز کے اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے پویلین لوٹ گئے۔
بعد ازاں کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے مچل سوئپسن نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، ٹیل اینڈر نے پاکستانی بولنگ اٹیک پر کرارا حملے کئے اور تیز رفتاری سے اسکور کرنے لگے۔
کپتان پیٹ کمنز نے 34 رنز کی تیز اننگز کھیلی جس میں 3 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، بعد ازاں 555 رنز پر کینگروز قائد نے اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ایلکس کیری نمایاں رہے مگر7رنزکی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ93 بنا کر بابر اعظم کی گیند پر بولڈہوئے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے 2، 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ شاہین آفریدی ، نعمان علی،حسن علی اور کپتان بابر اعظم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
کراچی: ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنالیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فواد عالم نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، آل راؤنڈر فہیم اشرف 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اظہر علی نے 51 رنز کی ذمہ دار اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 33 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا، کیشو مہارا، نگیدی اور نورٹ جی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم ہوم گراؤنڈ پر اپناپہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہےہیں، جہاں انہوں نے پروٹیز کے خلاف اپنے کیریئر میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی 220 رنز کی برتری کا خاتمہ کیا، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 220 رنزبنائے تھے۔
جنوبی افریقہ کے بولرز دو سیشن کے درمیان صرف دو وکٹ حاصل کرپائے،مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی 51 رنز بناکر کیشو مہاراج کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان کو لنگی نگادی نے چلتا کیا۔
کھیل کے دوسرے روز آخری سیشن میں فواد عالم نے ہوم گراؤنڈ میں پہلی بار سینچری بنانے کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچایا، وہی آل راؤنڈ فہیم اشرف نے فواد عالم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی۔
فواد عالم اور اظہر علی پانچویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 94 رنز کا اضافہ کیا، دونوں بلے بازوں نے کھیل کے پہلے سیشن میں بہترین حکمت عملی کے تحت جنوبی افریقی بولرز کو کوئی وکٹ نہ لینے دی، پاکستان نے آج کھیل کے پہلے سیشن میں 71 رنز بنائے تھے۔
گذشتہ روز جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو 33 رنز پر قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، پاکستان کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر عمران بٹ 9 رنز بنا کر فاسٹ بولر ربادا کا شکار بنے جبکہ عابد علی کو بھی 4 رنز پر ربادا نے بولڈ کیا، کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا کر مہارا راج کو وکٹ دے بیٹھے، نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر سب سے زیادہ رنز بناکر نمایاں رہے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 35 فاف ڈوپلیسی 23،ربادا 21، ایڈن میکرم 13، ریسی وینڈرڈوسن 17، کپتان کوئنٹن ڈی کوک 15، تمبا باؤما 17، کیوش مہاراج صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر جوڑی نے جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ نے 3 جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
کراچی : دورہ انگلینڈ سے قبل ملک کے چار مختلف سینٹرز میں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لے لیے گئے، قومی ٹیم کا اسکواڈ 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں قائم چار مختلف سینٹرز میں لیے گئے۔
کووڈ 19 ٹیسٹنگ راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی میں کی گئی تاخیر سے انگلینڈ روانگی کے سبب شعیب ملک کا کورونا ٹیسٹ بعد میں کیا جائے گا۔ پی سی بی کھلاڑیوں کے کووڈ19 ٹیسٹ کے نتائج کا باضابطہ اعلان بعد میں کرے گا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں7کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کے کورونا ٹیسٹ صبح9بجے سےشروع ہوئے، جہاں سرفرازاحمد، فواد عالم،سہیل خان، اسدشفیق، شان مسعود، محمد حسنین ،کاشف بھٹی کے ٹیسٹ لیے گئے۔
اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل کھلاڑیوں کا درجہ حرارت بھی چیک کیا گیا، شان مسعود، فوادعالم اور سرفراز احمد کرونا ٹیسٹ کیلئے خون کے نمونے دے کر داپنے گھروں کو روانہ ہوگئے، اس کے علاوہ بیٹنگ کنسلٹنٹ یونس خان کا ٹیسٹ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں لیا گیا،
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ28جون کو انگلینڈ روانہ ہوگا، پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں3ٹیسٹ اور3ٹی20میچز کھیلے گی، ٹیسٹ سیریز5اگست جبکہ ٹی20میچز28اگست سے شیڈول ہیں۔
یاد رہے کہ دو دن قبل چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا
نہیں ہوگا، اس سلسلے میں پی سی بی اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ ایس او پیز تیار کر رہے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔
کراچی : پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کی دھماکے دارافتتاحی تقریب آج شام کراچی میں ہوگی، نیشنل اسٹیڈیم میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، تقریب میں سروں کے سلطان راحت فتح علی خان ، سجادعلی، علی عظمت اورعاصم اظہر اپنی آوازکاجادوجگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا رنگا رنگ آغاز آج شام کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں نامور گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے۔
تقریب میں ابرار الحق، راحت فتح علی خان، آئمہ بیگ، علی عظمت، سجاد علی اور عاصم اظہر پرفارم کریں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں آج دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو بار کی فاتح اسلام آباد یونائٹیڈ آمنے سامنے ہوں گے، میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان ہیں۔
خیال رہے ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں، پی ایس ایل 5 میں 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے، دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
پی ایس ایل کی ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہورقلندرز، ملطان سلطانز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔
گزشتہ روز پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی گئی تھی ، جس میں چيئرمين پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ يہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ايونٹ ہے۔ آئندہ سال پشاور ميں بھی ميچز کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔
لیگ کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حقدار ٹھہرے گی اور ایونٹ کی رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔
کراچی : پی ایس ایل فائیو کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سیزن فائیو کا میلہ سجانے کے لیے تکونہ پارک اور اسٹیڈیم روڈ کی تزئین و آرائش شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائیو کا رنگا رنگ میلہ سجنے میں کچھ ہی روز باقی ہیں، میلہ 20 فروری کوسجے گا۔ کراچی کے شائقین چوکوں اور چھکوں کی برسات دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
اس سلسلے میں کراچی میں رنگارنگ لائٹس اور بیوٹیفکیشن کا کام شروع کردیا گیا، بلدیہ شرقی کی جانب سے بھی پی ایس ایل5کے انتظامات جاری ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین بلدیہ شرقی نے اسٹیڈیم روڈ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا، اسٹیڈیم روڈ کے مرکزی پوائنٹ کو خوبصورت بنانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ڈیزائن و مختلف رنگ والی لائٹس لگادی گئی ہیں،نیشنل اسٹیڈیم کو عالمی سطح پر تیار کیا گیا ہے، گراؤنڈ میں جو گھاس لگائی گئی ہے اسے دو رنگوں میں رکھا گیا ہے ایک پٹی کو ہلکا جبکہ دوسری پٹی گہرے سبز رنگ کی ہے۔
اس کے علاوہ ایونٹ میں شریک ٹیموں اور شائقین کرکٹ کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ہزاروں پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں گے۔
کراچی: بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد نے دورہ کراچی مکمل کرلیا اور نیشنل اسٹیڈیم میں کیے جانے والے انتظامات کا اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی وفد سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے، وفد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہوم منسٹری میں ملاقات کی اور نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے تصاویر بنائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ بنگلہ دیش انڈر 16 اور ویمنز ٹیم کی پاکستان آمد یقینی ہوگئی ہے، واضح رہے کہ آئندہ سال جنوری میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ہے۔
بنگلہ دیش سیکیورٹی وفد کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد لاہور روانہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے کراچی میں ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی تھی اور لاہورمیں تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی تھی۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان سمیت کھلاڑیوں نے بھی پاکستان میں سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آکر میچز کھیلنا چاہئیں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ضرور ہوگا۔
یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی موجود تھے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ پی ایس ایل فور کا فائنل میچ دیکھنے ضرور آؤں گا، میں بہت خوش ہوں اور بڑے شوق سے پی ایس ایل میچز دیکھنے آیا ہوں، غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ یہاں آئے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا مجھے بہت شوق ہے، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ پی ایس ایل اگلے سال پاکستان میں ہوگا، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب اچھے حالات ہوں گے اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان بھی ضرور آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ ہماری دعوت پر یہاں آئے، کسی کھلاڑی نے اس سال پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میںصدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پاکستان دہشت گردی کے حالات سے گزر چکا ہے، پڑوسی ملک کو بھی کہتا ہوں کہ نفرت بڑھانا آسان اسے کم کرنا مشکل ہے۔
کراچی: غیر ملکی کھلاڑی روی بوپارا نے کہا ہے کہ چار سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بار فینز کے سامنے پرفارم کروں گا جو میرے لیے فخر کی بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز اوراسلام آبادیونائیٹڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی جس میں دونوں ٹیموں کے تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
پریکٹس سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روی بوپارا کا کہنا تھا کہ 4سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کررہا ہوں، پہلی بارکراچی میں فینز کےسامنےکھیلنا میرے لیے بہت فخرکی بات ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم پروفیشنل کرکٹر ضرور ہیں مگر مجھ سمیت تمام کھلاڑیوں کے لیے یہ لمحات یادگارہوں گے، ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی اب ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا سامناکرنےکے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ تمام فرنچائزز کے ملکی و غیرملکی کھلاڑی بھی کراچی پہنچ گئے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری کردیا جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ رکھیں۔
پارکنگ کے مقامات
پارکنگ مقامات پر 4 مقامات یونیورسٹی روڈ پر ہیں جن میں وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، حکیم سعید پارک سے متصل گراؤنڈ، بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار والا گراؤنڈ اور ایکسپو سینٹر کا میدان شامل ہے جبکہ پانچواں مقام ڈالمیا پیٹرول پمپ کے نزدیک غریب نواز فٹبال گراؤنڈ ہے۔
شائقین کس طرح اسٹیڈیم پہنچیں گے؟
پولیس کی جانب سے پارکنگ کے لیے پانچ مقامات مختص کیے گئے، اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو مرحلہ وار تلاشی کروا کے بذریعہ شٹل سروس اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، گراؤنڈ کے دروازے صبح 12 بجے سے کھولے جائیں گے جبکہ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل اسٹیڈیم انہیں بند کردیا جائے گا۔
شائقین کو اپنے ہمراہ موبائل فون لے جانے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ وہ پانی کی بوتل بھی اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتے جبکہ خواتین بھی اپنے ہینڈ بیگس ساتھ نہیں لے جا سکیں گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فور کے شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی مکمل بند ہوگی۔