Tag: national stadium

  • کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لئے پرجوش

    کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لئے پرجوش

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کے آٹھ میچز کراچی میں ہونا خوش آئند ہے، ہوم کراوڈ کے سامنے ٹیم کھیلے گی تو جوش عروج پرہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز سمیت دیگر پی ایس ایل فرنچائزز سے کھیلنے والے کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنی ٹیم کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں۔

    کراچی روانگی سے قبل اے آر وائی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ سوشل میڈیا پر ہم نے شائقین کا جوش دیکھا اس لیے اب ہم بھی پرجوش ہیں۔

    لیونگ اسٹون اور ایرن سمرز کہتے ہیں پاکستانی شائقین کرکٹ کے دیوانے ہیں انکے سامنے کھیلنا اچھا تجربہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں روی بوپارہ، بین ڈنک، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، کولن منرو، سکندر رضا اور ایرون سمرز شامل ہیں جو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز میں اپنا کھیل پیش کریں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر غیر ملکی کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پیغامات بھی ارسال کیے۔

    روی بوپارا نے بتایا کہ میں چار سال پاکستان آرہا ہوں اور کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے ہوں گا۔

    کولن انگرام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ابوظہبی سے کراچی روانگی کی تصویر شیئر کی۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل راؤنڈ کے لیے ٹیموں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع

    یاد رہے کہ کراچی کنگز پلے آف مرحلے کا پہلا میچ 10 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی، شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

  • پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    کراچی: شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن فور کے میچز کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فور کے شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔

    کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا تعین جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کے انتظامات اور شٹل سروس پوائنٹس کا تعین کیا گیا ہے۔

    اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کی سہولت گلشن اقبال مین واقع حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور اتوار بازار بالمقابل بیت المکرم مسجد  کے قریب ہوگی۔

    ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ پارکنگ

    ضلع وسطی اور غربی کے وہ رہائشی جو اسٹیڈیم جانا چاہتے ہیں انہیں براستہ نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پھر یونیورسٹی روڈ پر مقرر کیے گئے مقامات پر گاڑی یا موٹر سائیکل پارک کرنے کی سہولت دی جائے گی جبکہ ایکسپو سینٹر سے بذریعہ شٹل سروس شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ پارکنگ

    ضلع ملیر اور شرقی کے رہائشی صفورا گوٹھ سے نیپا چورنگی پہنچیں گے جس کے بعد اُن کی گاڑیوں کو سہراب گوٹھ ، گلشن چورنگی کی طرف موڑا جائے گا جہاں پر پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی جس کے بعد انہیں بذریعہ شٹل ایکسپو سینٹر لایا جائے گا اور پھر یہاں سے دوسری بس میں اسٹیڈیم پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 : چوتھا مرحلہ مکمل، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان اڑان بھرنے کو تیار

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ملیر کے رہائشی غریب نواز فٹبال گراؤنڈ نزد ملینئیم مال کے قریب اپنی گاڑی پارک کرسکیں گے جس کے بعد انہیں بحریہ یونیورسٹی سے بذریعہ شٹل اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ جنوب ، سٹی، کورنگی

    کورنگی، ڈٰیفنس اور شہر سے آنے والے رہائشی براستہ شاہراہ فیصل اور پھر شارع قائدین سے اللہ والی چورنگی کے بعد سوسائٹی سگنل سے پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی سے یونیورسٹی روڈ ہوتے ہوئے ایکسپو سینٹر کے گیٹ نمبر 1 پر گاڑی کھڑی کر کے تلاشی دے کر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

    شاہراہ فیصل، ڈرگ روڈ، راشد مہناس روڈ اور نیپا سے یونیرسٹی روڈ سے آنے والے تمام افراد بھی اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 پر کھڑی کرسکیں گے۔

    متبادل راستے

    شاہراہ فیصل سے کارساز جانے والے براستہ سرشاہ سلیمان روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔

    کارساز، ڈرگ روڈ، شاہرہ فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیئم مال سے نیپا اور ائیرپورٹ سے آنے والے حضرات بھی ڈرگ روڈ سے راشد منہاس نیپا والا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔

     راشد منہاس روڈ سے ڈالمیا جانے والی سڑک پر گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح  نیپا ، عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم ، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

    یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن اسٹیڈیم روڈ کے موڑ سے عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، متبادل روٹ کے تحت جیل چورنگی سے شہید ملت یا پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے آغا خان ہسپتال اور لیاقت نیشنل ہسپتال آنے والے حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آئیں  وہاں موجود ٹریفک پولیس کا عملہ مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے موجود ہوگا۔

    یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔ ضلع وسطی،شرقی،ملیر،ضلع جنوبی اور ضلع غربی کے رہائشی لیاری ایکسپریس وے کے دونوں جانب استعمال کرسکتے ہیں۔

    اسی طرح ٹریفک پولیس نے بھاری ٹریفک کے حوالے سے بھی انتظامات کیے جن کے مطابق سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پیپلزسیکریٹریٹ چورنگی سے یونیورسٹٰ روڈ پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بالکل بند ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4، کراچی میچز کا سیکیورٹی پلان مرتب، شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری

    کراچی ٹریفک پولیس نے عوام سے گزارش ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں اور بالخصوص اپنی گاڑیوں /موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں بلکہ دئیے گئے پارکنگ مقامات پر ہی پارک کریں ۔

    یاد دہانی

    اسٹیڈیم جانے والے شائقین کو ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ بھی رکھنا ہوگا بصورت دیگر انہیں شٹل سروس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں مددگار نمبر 1915 اور واٹس ایپ نمبر 03059266907  پر رابطہ کر کے اپ ڈیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ان میچز میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں سمیت نامور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

  • پی ایس ایل 4، کراچی میچز کا سیکیورٹی پلان مرتب، شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری

    پی ایس ایل 4، کراچی میچز کا سیکیورٹی پلان مرتب، شائقین کے لیے ہدایت نامہ جاری

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا، اسٹیڈیم کے دورازے میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل بند ہوجائیں گے، شہری ٹکٹ کے ساتھ شناختی کارڈ بھی لائیں۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رینجرز حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر شہر قائد کے مکینوں کو مبارک باد پیش کی۔اُن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز کا انعقاد سندھ پولیس، رینجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کراچی میں  مختلف آپریشنز چل رہے ہیں، پی ایس ایل کے حوالے سے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا مگر یہ ابھی حتمی نہیں ہے ضرورت پڑنے پر اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے لاہورمیں شیڈول تمام میچزکراچی منتقل

    اُن کا کہنا تھا کہ 50 کے قریب ایس پیز، 800 خواتین اور 13 ہزار  پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف تعینات ہوں گے،اطراف میں سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی اپ گریڈ ہوگئے اور اس حوالے سے مانیٹرنگ روم بھی بنا دیا گیاہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو محفوظ بنانے کےلیےہم نےریہرسل بھی کی جبکہ محکمہ صحت،کےالیکٹرک سمیت تمام اداروں سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔

    اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے ایڈیشنل آئی جی کا پیغام

    ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ مخصوص پوائنٹس سے شہریوں کو اسٹیڈیم لانے کے لیے شٹل سروس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سفر کرنے کے لیے ٹکٹ اور شناختی کارڈ لازم ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 4: کراچی شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، ہیلتھ ایکشن پلان بھی تیار

    اسی سے متعلق: پی ایس ایل 4: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں عروج پر، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال

    اُن کا کہنا تھا کہ میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل میچ کے دروازے بند کردیے جائیں گے، شہری زحمت سے بچنے کے لیے دی جانے والی ہدایات پر ضرور عمل کریں اور اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

  • پی ایس ایل 4: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں عروج پر، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال

    پی ایس ایل 4: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں عروج پر، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فور کے میچوں کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شیڈول پی ایس ایل فور کے میچز کے لیے شاندار انتظامات کیے جارہے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں کیمرے لگا دیے گئے، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سب کچھ مانیٹر ہوگا۔

    اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ پارکنگ اور اسٹینڈ میں بھی کیمرے نصب کردیے گئے، آئی سی سی کے سیکیورٹی ماہرای این ڈیوڈ نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، ایونٹ کے لیے پرجوش براڈ کاسٹرز بھی کراچی پہنچ گئے۔

    پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز لاہور سے کراچی منتقل کردئیے گئے ہیں، 9 ماچ کو کراچی میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ہوگا۔

    خیال رہے کہ کراچی پولیس بھی میچز کے سلسلے میں سیکورٹی پلان بنا چکی ہے، اے آئی جی امیر شیخ نے کہا کہ کراچی پولیس کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کی کراچی آمد سے متعلق شیڈول جاری

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھرسے آنے والےعوام کے لئے مناسب انتظامات کریں گے۔

    دس مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، 11 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 2 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جبکہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔

    پی ایس ایل سیزن فور کا کوالیفائر 13 مارچ کو کراچی میں ہوگا، 14 مارچ کو پہلا ایلیمنیٹر، 15 مارچ کو دوسرا ایلیمنیٹر کھیلا جائے گا، فائنل میچ 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی تیاریاں عروج پر ہیں ، اسی سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم جو کہ گزشتہ سال بحالی کے مرحلے سےگزرا تھا اب اسکے دوسرے فیز میں انکلوژر کی چھت لگانے کے لیے غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔

    بتایا جارہاہے کہ ملائیشیا کی ملٹی میڈیا انجینئرنگ نامی کمپنی کے انجینئرز اس کام کو دو مرحلوں میں طے کریں گے، پہلے مرحلے میں جاوید میانداد انکلوژر سے لے کر نسیم الغنی انکلوژر تک کی چھت نصب کی جائے گی۔

    نصب کی جانے والی چھت کی تھری ڈی ڈرائینگ

    دوسرے مرحلے میں حنیف محمد انکلوژر سے لے کر اقبال قاسم انکلوژر تک کی چھت کی تنصیب کی جائے گی۔

    غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم چار لاکھ اسکوائر میٹر ٹیفلون فیبرک کی چھت کی تنصیب کا کام ایک سے دو روز میں شروع کرے گی ، غیرملکی انجینئرنگ ٹیم کو میڈیا کوریج سے دور رکھا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پانچ میچز سات سے سترہ مارچ تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے، شہر قائد اس میگا ایونٹ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔

    گزشتہ سال پی ایس ایل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں کئی طویل مدتی منصوبے مکمل کیے گئے تھے، جن میں انکلوژرزکی تزئین و آرائش، لفٹ کی تنصیب، سیوریج سسٹم کی بحالی، نشستوں کی مرمت اور تبدیلی شامل ہیں۔

  • کراچی:شائقین کا انتظار ختم، آج رات 8بجے عالمی کرکٹ کا میلہ سجے گا

    کراچی:شائقین کا انتظار ختم، آج رات 8بجے عالمی کرکٹ کا میلہ سجے گا

    کراچی:   نیشنل اسٹیڈیم میں آج رات 8 بجے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین روزہ ٹی 20 سیریز کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں نو سال بعد آج رات عالمی کرکٹ کا میلہ سجے گا، جس میں دنیائے کرکٹ کی نامور ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں سے ٹکرائے گی، پی ایس ایل تھری کے فائنل میچ کے بعد کالی آندھی نے کراچی کا رُخ کرلیا ہے۔

    مارچ 2018 کا مہینہ کراچی والوں کے لیے کرکٹ کی خوشیاں کے لے کر آیا ہے، آج رات 8 بجے سے کالی آندھی اور شاہینوں کے درمیان تین روزہ ٹی 20 کرکٹ میچ کے مقابلوں کا آغاز ہوگا۔

    ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلون سیمیولز، سیمیول بدری اور دنیش رام سمیت کئی اسٹارز ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے والے کچھ ویسٹ انڈین کھلاڑی پھر سے شائقین کا جوش بڑھائیں گے۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں عالمی مقابلے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، تاہم پہلے میچ کا وقت بھی تبدیل کرکے رات آٹھ بجے کردیا گیا ہے، کرکٹ کے متوالے سات بجے تک اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کا خاص انتظام کیا گیا ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے اسٹیڈیم کی تلاشی لینے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سن 2011 سے 2017 تک ویسٹ انڈیز اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے درمیان کُل گیارہ میچ کھیلے گئے ہیں، جس میں شاہینوں نے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی تھی جبکہ صرف  تین میچوں میں ہی کالی آندھی نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف سب سے بڑی اننگ 166 رنز کی کھیلی تھی جبکہ پاکستان نے کالی آندھی کے خلاف سب سے بڑا اسکور 160 رنز کا بنایا تھا۔

    کیریبینز پاکستان کے خلاف کم ترین اسکور ایک سو تین رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی، قومی کرکٹ ٹیم کا کم ترین اسکور صرف 82 رنز رہا تھا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی طرح پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز بھی کامیاب ثابت ہوگی، سرفراز احمد

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کالی آندھی کے خلاف سب سے بڑی کامیابی 9 وکٹوں سے حاصل کی تھی تو دوسری جانب ویسٹ انڈینز نے چوراسی رنز کے بڑے مارجن سے فتح  سمیٹی تھی۔

    پاکستان کے لیے سب سے بڑی 53رنز کی انفرادی اننگز سیلفی کنگ احمد شہزاد نے کھیلی تھی تو دوسری جانب  ویسٹ انڈین کھلاڑی ایون لوئیس نے شاہنوں کے خلاف انفرادی طور پر اکیانوے رنز اسکور کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک ویسٹ انڈیز سیریز، میچ کے تمام ٹکٹس آن لائن فروخت

    پاک ویسٹ انڈیز سیریز، میچ کے تمام ٹکٹس آن لائن فروخت

    کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام  آن لائن ٹکٹس فروخت ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی سیزیر دیکھنے کے لیے اتنے پرجوش ہوئے کہ تمام ٹکٹس آن لائن خرید لیے اب کوئی ٹکٹس فروخت کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

    اسٹیڈیم میں کورئیر سینٹرز کے ٹکٹس خوش نصیب افراد نے فوری خرید لیے جبکہ جنرل انکلوژر کی ٹکس کی قیمیت پانچ سو سے ہزار کے درمیان رہی تاہم اس کے بھی تمام ٹکٹس جلد فروخت ہوگئے۔

    کرکٹ کا جنون اس قدر بڑھا کے شائقین نے دو ہزار سے پانچ ہزار والے ٹکٹس بھی بک کرا لیے تاہم اب شہریوں کو بھرپور مقابلے کا انتظار ہے جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

    پاک ویسٹ انڈیز سیریز، سیکیورٹی کے لیے پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ناصر حسین شاہ

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سیریز کے حوالے سے شہر کا سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت شائقین کے لیے 7 مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، یونیورسٹی روڈ، ڈالمیا روڈ اور کشمیر روڈ پر تین تین پارکنگ لاٹس ہوں گے جبکہ یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید، اردو یونیورسٹی اور اتوار بازار گراؤنڈ شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ آج صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز کے تین میچز ہورہے ہیں، پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ہمیں میڈیا کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

    پاک ویسٹ انڈیز سیریز ، ٹریفک پلان جاری

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل کو کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 3 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان کی ٹیم نے پریکٹس سیشن کا آغاز کردیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج رات کراچی پہنچے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے آدھے میچ پاکستان میں ہوں گے،نجم سیٹھی

    آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے آدھے میچ پاکستان میں ہوں گے،نجم سیٹھی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی  نے   آئندہ سال پی ایس ایل کے آدھے میچ پاکستان میں کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے  25مارچ  کو ہونے والے پی ایس ایل 3 کے فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پرچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کراچی میں فائنل کروانے کا وعدہ کیا تھا جواس سال پورا کررہے ہیں، پاکستان سپر لیگ سیزن 3 کے فائنل کے انعقاد سے کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ بحال ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے آدھے میچ پاکستان میں ہی کھیلے جائیں،  یکم اپریل سے کراچی میں ویسٹ انڈیز سے ہونے والی سیریز بھی عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خوش آئند ہے۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ تین چار غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے رابطے کررہی ہیں لیکن رواں سال کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا ممکن نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے جتنے بھی میچز ہوں گے وہ ملک سے باہر شیڈول ہیں، مکمل سیریز کھیلنے فی الحال کوئی ٹیم نہیں آسکتی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پی ایس ایل: فائنل کے لیے ٹریفک پلان جاری

    پی ایس ایل: فائنل کے لیے ٹریفک پلان جاری

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں معنقدہ پی ایس ایل تھری کے فائنل کے پیش نظر انتظامیہ نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر مخصوص شاہراہوں کو عام ٹریفک کیلیے بند کیا جائے گا۔

    عمران یعقوب کا کہنا تھا کہ بند کیے جانے والے روٹس پر شٹل سروس چلائی جائیں گی، شٹل بسوں کے لیے تین گراؤنڈز مختص کئے گئے ہیں، وفاقی اردو یونی ورسٹی گراؤنڈ، حکیم سعید گراؤنڈ اور بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار گراؤنڈ سے شٹل بس سروس چلے گی۔

    پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل

    انہوں نے کہا کہ ڈالمیا روڈ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا اور حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کی طرف آنے والا پل بھی عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ علاوہ ازیں نیو ٹاؤن سے بھی عام ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا لیکن اسٹیڈیم روڈ پر واقعہ نجی اسپتالوں کے لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، مریض اور ایمبولینسوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک عمران تعقوب نے کہا کہ پہلا ڈائی ورژن کارساز روڈ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے جو یونی روسٹی روڈ سے دائیں جانب ہوتا ہوا اسٹیڈیم کی طرف جاتا ہے، یہ روڈ عام ٹریفک کے لیے بند کر رہے گا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ راشد منہاس روڈ سے مڑ کر گلشن اقبال اور لیاقت آباد 10 نمبر کی طرف جائیں۔

    پی ایس ایل فائنل، کراچی کوسجا کرکھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کریں گے، وسیم اختر

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شارع فیصل پر دو طرفہ ٹریفک چلیں گی، شاہراہ قائدین، راشد منہاس روڈ بھی مکمل طور کھلا رہے گا اور شاہراہ پاکستان پر ٹریفک مکمل طور پر بحال رہے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا: نجم سیٹھی

    پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا: نجم سیٹھی

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر مطمئن ہیں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند ہیں، کسی قسم کی کوئی دشواری کا سامنا نہیں، انتظامات سے بھی مطمئن ہوں، فائنل کے ٹکٹس 15 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔

    پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کوکراچی میں ہوگا، نجم سیٹھی

    اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی دبئی سے نیشل اسٹیڈیم کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پی ایس ایل کے فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس پراطمینان کا اظہار کیا، پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہیں انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل تھری کا رنگارنگ ایونٹ دبئی میں جاری ہے جس کا فائنل کراچی میں کرانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کئے جس کے بعد حتمی فیصلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کرانے کا سامنے آیا، لیگ کے سنسنی خیز مقابلوں میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی شریک ہیں۔

    پی ایس ایل 2018: پہلا مرحلہ مکمل، کراچی کنگز سرفہرست

    یاد رہے کہ پی ایس ایل تھری میں‌ چھ ٹیمیں‌ مدمقابل ہیں، ٹرافی کے لیے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ جاری ہے، یہ ٹورنامنٹ 24 دنوں پر محیط ہے، جس کے دوران 34 سنسنی خیز مقابلے ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں